Tag: آسان کاروبار بل 2025

  • کاروباری افراد کے لئے بڑی خبر آگئی

    کاروباری افراد کے لئے بڑی خبر آگئی

    پشاور: آسان کاروبار بل 2025 اسمبلی میں پیش کردیا گیا ، جس کے تحت ہر کاروباری شخص کو ڈیجیٹل آئی ڈی دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں کو "آسان کاروبار بل 2025” پیش کر دیا گیا، جس کا مقصد صوبے میں کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

    مجوزہ بل کے تحت کاروباری افراد کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ رجسٹریشن، لائسنسنگ، پرمٹس اور ریگولرائزیشن کے لیے آسان کاروبار پورٹل قائم کیا جائے گا۔

    بل کے تحت صوبے کے تمام چھوٹے اور بڑے کاروبار اس پورٹل پر رجسٹرڈ ہوں گے اور ہر کاروباری شخص کو ڈیجیٹل آئی ڈی دی جائے گی۔

    اس کے ساتھ رجسٹریشن، پرمٹس اور لائسنس سمیت تمام امور ای پیمنٹ سسٹم کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔

    قانون کے تحت ایز آف ڈوئنگ بزنس ڈائریکٹوریٹ (EDBD) قائم کیا جائے گا، جو تمام سروسز کی ڈویلپمنٹ، اپ گریڈیشن اور مینٹیننس کی ذمہ دار ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ کے پی ریگولیٹری رجسٹری کا قیام بھی اسی ڈائریکٹوریٹ کے تحت عمل میں لایا جائے گا۔

    بل کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ایز آف ڈوئنگ بزنس اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔

    ایوان میں اپوزیشن کے اصرار پر اسپیکر نے بل کی منظوری کو کل تک مؤخر کر دیا۔

    علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی میں موٹر وہیکلز آرڈیننس ترمیمی بل 2025 پیش کیا گیا، بل وزیر ایکسائز خلیق الزمان نے پیش کیا۔