Tag: آسمانی بجلی

  • بونیر میں طوفانی بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سے بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی

    بونیر میں طوفانی بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سے بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی

    بونیر: خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے تاہم زخمیوں کواسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی۔ گیرو بگڑا میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈگر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ گزشتہ رات ہونے والی طوفانی بارش کے باعث پیربابا میں سیلابی ریلے گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگئے، جبکہ قادر نگر اور ٹانثابٹئی سمیت متعدد علاقوں میں پانی کا تیز بہاؤ جاری ہے، پیربابا بازار اور ملحقہ علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ غازی خانہ اور سلطان وس کے مقام سے گزرنے والے ریلے کے بعد سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، تاہم چغرزی بامے روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدورفت متاثر ہوئی۔

    ڈپٹی کمشنر کاشف قیوم نے بتایا کہ ضلع بھر میں مسلسل بارشوں کے بعد ہائی الرٹ جاری ہے، پیربابا کھوڑ میں پانی کی سطح بلند ہو کر مرکزی بازار کے عقب اور سڑک تک پہنچ گئی ہے جبکہ مساجد اور لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے اعلانات جاری ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں جبکہ سرکاری رہائش گاہوں کو ہنگامی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

  • آسمانی بجلی کے بننے کی سائنسی حقیقت جانیے

    آسمانی بجلی کے بننے کی سائنسی حقیقت جانیے

    جب بھی مون سون کا موسم شروع ہوتا ہے تو کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارشیں ہوتی ہیں۔ ان بارشوں کے دوران آپ نے اکثر آسمان میں بجلی چمکتی دیکھی ہوگی، جس کے بعد ایک تیز آواز یعنی کڑک سنائی دیتی ہے۔ ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ جب موسم بہت خطرناک ہوتا ہے تو بجلیاں لگاتار کڑکراتی ہیں اور بہت زیادہ شور ہوتا ہے۔

    ناسا کا ارتھ سائنس ڈویژن، خاص طور پر گلوبل ہائیڈرولوجی اینڈ کلائمیٹ سینٹر (GHCC) اور زمین کا مشاہدہ کرنے والے نظام (EOS) کے مطابق بجلی درحقیقت ایک پیچیدہ مظہر ہے جس میں زمین کی سطح اور ماحول کے درمیان توانائی کا بڑے پیمانے پر تبادلہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں روشنی اور گرج چمک کی آواز آتی ہے جس کا ہم مشاہدہ کرتے ہیں۔

    مون سون کے موسم میں بجلی کے چمکنے اور بننے کا عمل نہ صرف ایک قدرتی مظہر ہے بلکہ اس کے پیچھے ایک سائنس بھی ہے جسے سمجھنا بہت ضروری ہے۔

    بادلوں میں منفی اور مثبت چارج کیسے بنتا ہے؟


    بادل خاص طور پر Cumulonimbus یعنی طوفانی بادل، بجلی پیدا کرنے کی ایک ایسی قدرتی فیکٹری ہوتی ہے جس میں پانی کے قطرے، برف کے ذرات اور برفیلے کرسٹل بلندی پر تیز ہواؤں کے باعث آپس میں ٹکراتے رہتے ہیں۔ ان ٹکراؤ سے الیکٹرانز کا تبادلہ ہوتا ہے، جس سے چارج پیدا ہوتا ہے۔

    کسی دوسری کہکشاں سے ہمارے نظام شمسی میں داخل ہونے والا پراسرار شہابیہ

    ہلکے ذرات (مثلاً برف کے کرسٹل) مثبت چارج کے ساتھ بادلوں کے اوپر جاتے ہیں اور بھاری ذرات (مثلاً پانی کے بڑے قطرے) منفی چارج کے ساتھ نیچے جمع ہوتے ہیں۔ اس طرح بادلوں میں ایک الیکٹرک فیلڈ پیدا ہوتی ہے یعنی اوپر مثبت اور نیچے منفی چارج۔

    برقی میدان کیسے بجلی گراتی ہے؟


    جب بادلوں اور زمین کے درمیان برقی چارج کا فرق (Potential Difference) بہت زیادہ ہو جاتا ہے، تو ایک طاقت ور برقی میدان (Electric Field) پیدا ہوتا ہے۔ جب یہ برقی میدان ہوا کی قدرتی مزاحمت کو توڑ دیتا ہے، تو بادلوں سے زمین کی طرف آنکھ سے نظر نہ آنے والا ایک ایسا راستہ بنتا ہے جسے ’لیڈر اسٹروک‘ (Leader Stroke) کہا جاتا ہے۔ یہ لیڈر اسٹروک آہستہ آہستہ زگ زیگ ابتدائی برقی راستہ بناتا نیچے آتا ہے جو پیچھے آنے والی بجلی کے لیے راستہ فراہم کرتا ہے۔ جیسے ہی یہ لیڈر اسٹروک نیچے پہنچتا ہے، زمین سے ایک واپسی کا چارج (Return Stroke) تیزی سے واپس اسی راستے سے اوپر کی طرف جاتا ہے۔ یہی وہ زگ زیگ روشنی ہوتی ہے جو ہمیں نظر آتی ہے۔ یاد رہے کہ یہ پورا عمل مائیکرو سیکنڈز میں ہوتا ہے۔

    بادلوں کے اندر موجود مثبت اور منفی چارج فوراً آپس میں نہیں ٹکراتے، کیوں کہ ان کے درمیان ہوا کی مزاحمت اور فاصلہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے چارج فوری طور پر خارج نہیں ہو پاتا۔ لیکن جب چارج اتنا طاقت ور ہو جائے کہ وہ ہوا کی مزاحمت کو توڑ دے اور فاصلہ کم ہو جائے، تو مثبت اور منفی چارج آپس میں ٹکرا جاتے ہیں، اور چارج مکمل طور پر خارج ہو جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں بجلی زور دار آواز کے ساتھ چمکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ نے اکثر بادلوں کے اندر بھی بجلی کی چمک دیکھی ہوگی۔

    رفتار اور طاقت


    بادلوں سے زمین کی طرف راستہ بنانے والا لیڈر اسٹروک تقریباً 100 سے 300 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے حرکت کرتا ہے۔ جب کہ ریٹرن اسٹروک کی رفتار روشنی کی رفتار کا تقریباً ایک تہائی حصہ ہوتی ہے، جو تقریباً 100,000 کلومیٹر فی سیکنڈ تک پہنچ سکتی ہے۔ آسمانی بجلی کی ایک چمک میں تقریباً ایک ارب وولٹ تک بجلی ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ روشنی کی رفتار تقریباً 300,000 کلومیٹر فی سیکنڈ ہوتی ہے۔

    بادلوں سے زمین پر آنے والی آسمانی بجلی زیادہ تر بلند عمارتوں یا کھلے میدانوں پر گرتی ہے، کیوں کہ یہاں مثبت چارج نسبتاً زیادہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے بادلوں میں موجود منفی چارج فوراً اس سے ردعمل ظاہر کرتا ہے۔ ایسے میں اگر کسی بلند عمارت یا کھلے میدان میں کوئی انسان یا جان دار موجود ہو تو وہ فوراً متاثر ہو سکتا ہے، کیوں کہ زمین پر موجود ہر چیز (درخت، عمارت، میدان، حتیٰ کہ انسان بھی) کسی نہ کسی حد تک برقی چارج رکھتی ہے یا خارج کر سکتی ہے۔

    انسانی جسم میں پانی موجود ہوتا ہے، جو ایک اچھا موصل (conductor) ہے۔ اسی وجہ سے اگر انسانی جسم کسی برقی ذریعے سے جُڑا ہو تو اس میں سے بجلی آسانی سے گزر جاتی ہے، جس سے جھٹکا لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسان یا دوسرے جان دار برقی جھٹکوں سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ ذیل میں مزید آسانی کے لیے یہ چند نکات درج ہیں:

    1. بجلی کی تشکیل: بادل (کیومولونیمبس) پانی کی بوندوں، برف کے ذرات اور برف کے کرسٹل کے درمیان باہمی تصادم کے ذریعے بجلی پیدا کرتے ہیں۔

    2. الیکٹرک فیلڈ: چارجز کی علیحدگی بادل اور زمین کے درمیان ایک برقی میدان بناتی ہے۔

    3. لیڈر اسٹروک: بادل سے زمین تک ایک راستہ بنتا ہے، جس سے بجلی سفر کرتی ہے۔

    4. ریٹرن اسٹروک: زمین سے تیز خارج ہونے والا مادہ اوپر کی طرف سفر کرتا ہے، جس سے روشنی کی چمکیلی چمک پیدا ہوتی ہے۔

    5. رفتار: لیڈر اسٹروک (100-300 کلومیٹر فی سیکنڈ)، ریٹرن اسٹروک (100,000 کلومیٹر فی سیکنڈ)، روشنی کی رفتار (300,000 کلومیٹر فی سیکنڈ)

  • مانسہرہ :  آسمانی بجلی اور سیلابی ریلے سے ایک ہی خاندان کے  20 افراد جاں بحق

    مانسہرہ : آسمانی بجلی اور سیلابی ریلے سے ایک ہی خاندان کے 20 افراد جاں بحق

    مانسہرہ: آسمانی بجلی اورسیلابی ریلے میں ایک ہی خاندان کے 20 افراد ملبے تلے دب کرجاں بحق ہوگئے ، جس میں سے 17 لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دور افتادہ پہاڑی علاقے ہلکوٹ ڈھیری، حلیم نیل بند میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلے نے قیامت ڈھا دی۔

    واقعے میں ایک ہی خاندان کے 20 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 7 خواتین، 3 بچے اور 10 مرد شامل ہیں۔

    ریسکیو 1122 اور مقامی افراد نے اب تک 17 لاشیں ملبے تلے سے نکال لی ہیں جبکہ 2 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے تاہم مزید لاشوں کی تلاش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف حادثہ کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ نقصانات کا جائزہ لیا۔

    انہوں نے متاثرہ خاندان کے واحد زندہ بچ جانے والے شخص جانس محمد سے ملاقات کی، جس کی بیوی اور پانچ بچے بھی حادثے میں جاں بحق ہوئے۔

    سردار محمد یوسف نے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات انسان کے بس کی بات نہیں ہوتیں، تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20،20 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ انہوں نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور این ڈی ایم اے چیئرمین سے رابطہ کیا ہے اور ریسکیو و ریلیف ٹیموں کو فوری روانہ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رابطہ سڑکوں کی بحالی اور ریلیف آپریشن میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔

    انہوں نے مقامی افراد کے کردار کو سراہا جنہوں نے ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر لاشوں کی تلاش اور متاثرین کی مدد میں بھرپور تعاون کیا۔

  • سعودی عرب: آسمانی بجلی گرنے سے ماں، بیٹی جاں بحق

    سعودی عرب: آسمانی بجلی گرنے سے ماں، بیٹی جاں بحق

    سعودی عرب کے سیاحتی شہر ابھا میں افسوسناک حادثہ رونما ہوا، آسمانی بجلی گرنے سے 2 خواتین جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگئیں، زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاندان کے رشتہ دار کا کہنا ہے کہ ہم 2 خاندان القریات سے سیر و تفریح کی غرض سے ابھا کے ایک تفریحی مقام پر موجود تھے۔

    اسی دوران اچانک آسمانی بجلی گری جس کی زد میں آکر ایک رشتہ دار خاتون اور اس کی 22 سالہ بیٹی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں۔

    الشراری کے مطابق خاندان کی ایک اور بیٹی بھی حادثے کے وقت وہیں موجود تھی جو بجلی گرنے سے زخمی ہوگئی۔ اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواہ ہفتے سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا تھا، جس میں درمیانے سے شدید درجے کی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مکہ شہر، طائف، جازان، عسیر اور الباحہ سمیت دیگر ریجنز میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

    سعودی عرب: بیٹی کے قاتل ماں باپ کو سزائے موت

    محکمہ شہری دفاع نے خبردار کیا تھا کہ مملکت کے کئی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی بارش، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں اور بعض مقامات پر سیلابی صورت حال کا بھی خدشہ ہے، اس لیے عوام سے اپیل ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔

  • باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    باجوڑ(15 اگست 2025): خبر پختونخوا میں باجوڑ کے علاقے سلارزئی کے جبری گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

     تفصیلات کے مطابق باجوڑ کی تحصیل سلار زئی کے گاؤں جبراڑی میں آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، آسمانی بجلی گرنے سے 7 گھر گر گئے جبکہ 18 افراد ملبے تلے دب گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارش اور سیلابی ریلے سے متعدد مکانات بہہ گئے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہوگئے، سیلابی ریلے نے پورے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا اور کئی خاندان بےگھر ہوگئے ہیں  مقامی افراد نے حکومت، عوام اور فلاحی اداروں سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں نہ ہوئیں تو نقصانات مزید بڑھ سکتے ہیں، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان کے مطابق آپریشن کے لیے ٹیموں کو روانہ کردیا گیا تاہم متاثرہ علاقوں تک رسائی کے راستے شدید متاثر ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان نے مزید کہا کہ ریسکیو ٹیمیں خوڑ کے قریب موجود ہیں، صورتحال بہتر ہوتے ہی کارروائی کی جائےگی۔

    اس سے قبل، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اگلے ہفتے شدید اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر خیبر پختونخوا  کے لیے گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے اپر چترال، لوئر چترال، لوئر دیر، سوات اور اپر کوہستان کے رہائشیوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندیوں اور دریاؤں میں سیلاب آسکتا ہے۔

  • بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 25 افراد لقمہ اجل بن گئے

    بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 25 افراد لقمہ اجل بن گئے

    بھارت میں گزشتہ 2 دن کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 20 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھارت کی ریاست اترپردیش میں پیش آئے، جہاں 48 گھنٹوں کے دوران 25 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ہلاکتیں 14 اضلاع سے رپورٹ ہوئی ہیں جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جو گھر سے باہر اپنے کاموں کیلئے نکلے ہوئے تھے۔

    انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی بھارت میں مون سون کا سیزن شروع ہوگیا ہے جس کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

    انتظامیہ نے شہریوں کو بجلی کڑکنے کے دوران کھیتوں میں کام کرنے سے منع کرنے، درختوں اور پانی والی جگہوں سے بھی دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی ریاست بہار اور کئی ضلعوں میں تیز بارش اور بجلی گرنے کے باعث 7 افراد زندگی سے محروم ہوگئے تھے۔ جس میں بیگوسرائے کے 4 اور مدھوبنی کے 3 افراد شامل تھے۔

    ایئر پورٹ پر کھڑے جہاز پر آسمانی بجلی گر پڑی، ویڈیو وائرل

    رپورٹس کے مطابق بیگوسرائے میں موسم بدلنے کے بعد تیز بارش ہوئی۔ اسی دوران آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے متعدد افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔

  • آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک واقعہ

    آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک واقعہ

    بہاولپور میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    اے آر وائی نیوز بہاولپور کے نمائندے چوہدری سلیم کی رپورٹ کے مطابق بہاولپور کے علاقے یزمان میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے نتیجے میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران بجلی درخت پر گری جس کے نیچے چاروں افراد بیٹھے ہوئے تھے۔ واقعے میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں آسمانی بجلی گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج

    یاد رہے کہ گزشتہ سال کراچی کے علاقے نیا ناظم آباد میں گھر پر آسمانی بجلی گری تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بجلی کے میٹر پر گرنے سے زوردار دھماکا ہوا۔

     تیز بارش کے دوران بجلی گرنے سے مکان کی چھت اور دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی   جانی نقصان نہیں ہوا۔

    https://urdu.arynews.tv/lightning-strikes-plane-in-brazil/

  • آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد جان سے گئے

    آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد جان سے گئے

    بھارتی ریاست بہار اور کئی ضلعوں میں تیز بارش اور بجلی گرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، آسمانی بجلی گرنے کے باعث 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جس میں بیگوسرائے کے 4 اور مدھوبنی کے 3 افراد شامل ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بھی ریاست کے 19 ضلعوں میں آندھی – طوفان اور تیز بارش کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے، لوگوں کو موسم کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بیگوسرائے میں دیر رات موسم بدلنے کے بعد تیز بارش ہوئی۔ اسی دوران آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے 2 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    مانو پور گاؤں میں 13 سالہ انشو کماری ہلاک ہوگئی، بلیا تھانہ حلقہ کے بھگت پور میں بجلی گرنے سے بزرگ مزدور بھی ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کی اہلیہ زخمی ہوئی ہے۔ دونوں بھونسا ڈھونے کے لیے بہیار جا رہے تھے۔

    صاحب پور کمال کے سنہا نوٹولیہ کی اندرا دیوی کی بھی موت بجلی گرنے سے ہوئی۔ یہ واقعہ مسودن پور دیارہ سڑک کے موہن پور ڈھاب کے قریب پیش آیا۔ ایک کسان فصل دیکھ کر لوٹ رہا تھا کہ اچانک بجلی گرنے سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    مدھوبنی میں بدھ کی صبح بجلی گرنے سے باپ-بیٹی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے، پہلا واقعہ جھنجھار پور کے پپرولیا میں ہوا۔ بجلی کی زد میں آنے سے کھیت کی طرف گئی ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔

    الپورہ گاؤں میں بجلی گرنے سے باپ بیٹی کی موت ہوگئی۔ 62 سالہ ذاکر 18 سال کی بیٹی عائشہ کو لے کر کھیت میں موجود تھے کہ حادثہ رونما ہوگیا۔

    تائیوان میں زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

    رپورٹس کے مطابق یہاں گزشتہ رات سے ہی تیز بارش ہو رہی ہے۔ اس سے مدھوبنی شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے، اس کے علاوہ دربھنگہ کے بھی کچھ علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔ دربھنگہ کے جالے میں منگل کی رات تیز ہوا کی وجہ سے لوگوں کے کچے گھروں کے چھپڑ بھی اڑ گئے۔

  • ایئر پورٹ پر کھڑے جہاز پر آسمانی بجلی گر پڑی، ویڈیو وائرل

    ایئر پورٹ پر کھڑے جہاز پر آسمانی بجلی گر پڑی، ویڈیو وائرل

    ساؤ پالو: برازیل کے ایک ایئرپورٹ پر کھڑے جہاز پر آسمانی بجلی گر پڑی، یہ منظر کیمرے میں محفوظ ہو گیا ہے۔

    برازیل میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، خراب موسم کے سبب درجنوں پروازیں منسوخ ہو گئیں، کئی علاقوں میں اسکول بھی بند ہو گئے۔

    بارشوں کے دوران گزشتہ روز گوارولہوس کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر کھڑے برٹش ایئرویز کے ایک مسافر طیارے پر آسمانی بجلی گری، جس کے دل دہلا دینے والے مناظر پر مبنی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ بجلی گرنے کے باعث طیارے کو معمولی نقصان پہنچا تھا، تاہم حفاظتی جانچ پڑتال اور مرمت کے بعد اس نے اپنی منزل کی جانب کامیابی سے پرواز اڑان بھری۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوائی جہاز کی دُم پر بجلی گر رہی ہے، آسمانی بجلی تقریباً 7-8 سیکنڈ تک برقرار رہی، اور کئی بار ہوائی جہاز سے ٹکرائی۔

    بندروں نے پڑھائی میں مصروف لڑکی کو چھت سے دھکا دے کر گرا دیا

    اس طیارے نے لندن کے لیے پرواز کرنا تھی، جسے واقعے کے بعد معائنے کے لیے فوری طور پر سروس سے ہٹا دیا گیا تھا، طیارہ مقررہ وقت سے تقریباً 6 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوا۔

    واضح رہے کہ ہوائی جہازوں پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، تاہم کمرشل طیارے بجلی سے بچاؤ کے جدید نظاموں سے لیس ہوتے ہیں، جو مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

  • برطانیہ میں طوفانی بارش کے دوران گھر پر آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک لمحہ، ویڈیو وائرل

    برطانیہ میں طوفانی بارش کے دوران گھر پر آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک لمحہ، ویڈیو وائرل

    برطانیہ میں ’میگا اسٹارم‘ کے دوران گھر پر آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک لمحہ ویڈیو میں قید ہو گیا ہے، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    برطانیہ زبردست طوفان کی زد پر ہے، اور ایک ماہ کی بارش محض چوبیس گھنٹوں کے درمیان برس پڑی ہے، جس سے لندن سمیت کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

    اسی دوران برطانوی شہر ’اسٹوک آن ٹرینٹ‘ میں ایک گھر پر آسمانی بجلی گر گئی، جس سے گھر میں آگ لگ گئی، یہ خوف ناک منظر ایک گھر میں لگے سیکیورٹی کیمرے میں قید ہو گیا۔

    بجلی گرنے کے ساتھ ایک زبردست دھماکا ہوا، اور ویڈیو میں گھر کی چھت سے شعلے نکلتے دیکھے جا سکتے ہیں، 10 سیکنڈ کے کلپ میں پہلے بجلی سے اچانک آسمان روشن ہوتا ہے، اور پھر علاقے میں ایک زوردار پھٹنے والی آواز گونجتی ہے۔

    یہ واقعہ ہفتے کی شام کو پیش آیا، واقعے کے فوراً بعد فائر فائٹرز اور پولیس جائے وقوعہ پہنچی، احتیاط کے طور پر متاثرہ گھر کے آس پاس گھروں کو خالی کیا گیا۔