Tag: آسٹریلوی شہری

  • آسٹریلیا کا 250 فوجیوں کے ساتھ 3 طیارے افغانستان بھیجنے کا اعلان

    آسٹریلیا کا 250 فوجیوں کے ساتھ 3 طیارے افغانستان بھیجنے کا اعلان

    کینبرا: آسٹریلیا نے اپنے شہریوں کو افغانستان سے نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے 250 فوجیوں کے ساتھ 3 طیارے افغانستان بھیجنے کا اعلان کیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ایئر ٹو ایئر فیولنگ کے حامل جہاز آسٹریلوی شہریوں کو افغانستان سے لائیں گے۔

    اس سے قبل سعودی عرب نے اپنے سفارتی مشن کو افغان صورت حال کے باعث واپس بلا لیا ہے، سعودی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام سفارتی عملے کو نکال لیا گیا ہے اور سب محفوظ ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان نے کابل پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے، طالبان نے افغان حکام اور فوجیوں کے لیے عام معافی کا اعلان بھی کیا، طالبان نے کہا کہ کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی، نہ ہی کابل میں اسپتالوں اور ایمرجنسی سروسز کو روکا جائے گا۔

    افغان صدر اشرف غنی دارالحکومت پر طالبان کے قبضے سے قبل ہی فرار ہو گئے تھے، جن کے بارے میں ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ وہ کہاں ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ وہ مغربی ممالک میں پناہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    آج پیر کو طالبان ترجمان نے افغانستان میں جنگ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ غیر ملکی طاقتیں افغانستان میں ناکام تجربہ نہیں دہرائیں گی۔

    طالبان سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے آج عالمی برادری کو پیغام دیا کہ ہم ان کے تحفظات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں، ہم نے اپنے ملک اور لوگوں کی آزادی کا مقصد حاصل کر لیا، عرب میڈیا کو انٹرویو میں محمد نعیم نے واضح کیا کہ کسی سفارت خانے یا ہیڈ کوارٹر کو نشانہ نہیں بنائیں گے، شہریوں اور سفارتی مشنز کو تحفظ فراہم کریں گے، اور خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ شریعت کے مطابق کیا جائے گا۔

  • سانحہ نیوزی لینڈ: آسٹریلوی شہری کا مسلمانوں سے منفرد انداز میں اظہار یکجہتی، ویڈیو وائرل

    سانحہ نیوزی لینڈ: آسٹریلوی شہری کا مسلمانوں سے منفرد انداز میں اظہار یکجہتی، ویڈیو وائرل

    سڈنی: آسٹریلوی شہری نے کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ میں شہید اور زخمی ہونے والوں سے منفرد انداز میں اظہار یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جہاں مختلف ممالک میں سانحہ نیوزی لینڈ کی یاد میں شمعیں روشن کی جارہی ہیں اور شہید ہونے والے مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے وہیں ایک آسٹریلوی شہری نے بھی منفرد انداز میں مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

    آسٹریلوی شہری لیچ ڈرومونڈ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سورج غروب ہوتے وقت واضح طور پر اذان کی آواز سنی جاسکتی ہے۔

    لیچ ڈرومونڈ نے اپنے ویڈیو پیغام میں لکھا کہ میں دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ ہوں اور اپنے گھر میں غروب آفتاب کے وقت آذان کی ریکارڈنگ چلا رہا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میں کوئی مسلمان یا مذہبی شخص نہیں ہوں اور امید کرتا ہوں کہ میرے عمل کو برا نہیں سمجھا جائے گا، یہ میرا شہید ہونے والے نمازیوں سے اظہار یکجہتی ہے۔

    آسٹریلوی شہری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کرنے پر سراہا جارہا ہے، اسے اب تک 61000 افراد دیکھ چکے ہیں جبکہ 25 ہزار افراد نے ویڈیو کو ری ٹویٹ کیا اور 27000 افراد نے اس پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

    ایک صارف نے کہا کہ لیچ ڈرومونڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کا یہ عمل بہت ہی شاندار ہے جبکہ آسٹریلوی نے بھی ویڈیو پسند کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کے شہری شہیدوں کی یاد میں پھول رکھ رہے ہیں، پیغامات لکھ رہے ہیں، شہیدوں کی یاد میں موم بتیاں اور دیے جلا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں آسٹریلوی شہری کی دو مساجد میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 50 شہری شہید ہوگئے تھے جن میں 9 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    گزشتہ روز ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔