اسٹار وکٹ کیپر بیٹر الیسا ہیلی کو میگ لیننگ کی ریٹائرمنٹ کے بعد تینوں فارمیٹس میں آسٹریلیا کی ویمنز ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی۔
سابق کپتان میگ لیننگ طویل عرصے سے کپتانی کے فرائض انجام دے رہی تھیں، تاہم اب قیادت کا بار 33 سالہ الیسا کے کندھوں پر ڈالا گیا ہے۔ وہ جون سے انگلینڈ، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کرچکی ہیں مگر اب انھیں کل وقتی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی قیادت کرنے والی تاہلیا میک گراتھ کو ان کے نائب کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، ان کی کپتانی میں ایڈیلیڈ نے دوسری بار بگ بیش ٹائٹل جیتا ہے۔
ہیلی جو کہ آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی اہلیہ بھی ہیں ان کا کہنا تھا کہ میں کپتانی کی ذمہ داری دیے جانے پر فخر محسوس کر رہی ہوں اور اپنی ٹیم کی قیادت کا موقع ملنے پر شکر گزار ہوں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پچھلے کچھ مہینوں میں کھلاڑیوں نے میرے ساتھ تعاون کیا اور ان کی جانب سے میری حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ میں اسی طرح ٹیم کی قیادت کروں گی جیسا میرا انداز ہے۔
واضح رہے کہ لیننگ نے تقریباً ایک دہائی تک کپتانی کی ذمہ داری نبھانے کے بعد گزشتہ ماہ بین الاقوامی کرکٹر سے ریٹائرمنٹ لی تھی، ان کی قیادت میں آسٹریلیا نے چار ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ ٹائٹل، ایک 50 اوور ورلڈ کپ ٹرافی اور دولت مشترکہ کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔