Tag: آسٹریلیا

  • گاڑی کی ٹوٹی لائٹ میں سے جھانکتا ہوا ہاتھ کس کا تھا؟

    گاڑی کی ٹوٹی لائٹ میں سے جھانکتا ہوا ہاتھ کس کا تھا؟

    آسٹریلیا میں ایک ٹرک ڈرائیور نے اپنے آگے جاتی گاڑی کی ٹوٹی ہوئی ریئر لائٹ کے خلا سے ایک ہاتھ جھانکتا ہوا دیکھا جس کے بعد اس نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے کارروائی کر کے ڈگی میں چھپائی گئی لڑکی کو بازیاب کرلیا۔

    یہ واقعہ آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں پیش آیا، ٹرک ڈرائیور کے آگے ایک سفید گاڑی جارہی تھی جس کی پچھلی لائٹس ٹوٹی ہوئی تھیں، اچانک ٹوٹی ہوئی لائٹ کے خلا میں سے ایک انسانی ہاتھ باہر نکلا اور کسی کومتوجہ کرنے کے انداز میں لہرایا جانے لگا۔

    ٹرک ڈرائیور نے صورتحال تشویشناک محسوس کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی اور اگلے چند منٹوں میں پٹرولنگ پولیس نے مذکورہ گاڑی کو روک لیا۔

    پولیس نے گاڑی کی ڈگی کھولی تو اندر سے ایک 24 سالہ لڑکی برآمد ہوئی، اس کے چہرے اور بازوؤں پر چاقو کے وار کے نشانات تھے۔

    پیرا میڈکس اسٹاف نے موقع پر ہی لڑکی کو طبی امداد دی جس کے بعد اسے قریبی اسپتال روانہ کردیا گیا، وہاں اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔

    پولیس نے گاڑی میں موجود 2 خواتین کو گرفتار کرلیا جن کی عمریں 24 اور 18 سال تھیں، تینوں خواتین کے درمیان کیا رشتہ ہے، اور واقعے کی وجوہات کیا تھیں، اس بارے میں پولیس نے کوئی معلومات نہیں دیں۔

    پولیس نے ٹرک ڈرائیور کا بے حد شکریہ ادا کیا اور اس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹرک ڈرائیور کی وجہ سے ایک ناخوشگوار واقعہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

  • کمرے میں داخل ہونے پر خاتون خوفناک منظر دیکھ کر خوفزدہ

    کمرے میں داخل ہونے پر خاتون خوفناک منظر دیکھ کر خوفزدہ

    آسٹریلیا کو مختلف حشرات اور جنگلی حیات کا گھر سمجھا جاتا ہے، یہ حشرات اور جانور اکثر اوقات گھروں میں بھی داخل ہوجاتے ہیںِ، ایسا ہی واقعہ ایک خاتون کے ساتھ پیش آیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک خاتون نے کچھ خوفناک تصاویر پوسٹ کیں، انہوں نے لکھا کہ یہ تصاویر ان کی دوست کے گھر کی ہیں جو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں رہتی ہے۔

    تصویر میں درجنوں مکڑیوں کو دیکھا جاسکتا ہے جو دیوار اور چھت پر رینگ رہی ہیں، یہ مکڑیوں کی ایک قسم ہنٹس مین اسپائیڈر تھی۔

    خاتون کے مطابق ان کی دوست نے انہیں یہ تصاویر بھیجیں اور کہا کہ صبح جب وہ اپنی بیٹی کے کمرے میں داخل ہوئیں تو یہ خوفناک منظر دیکھ کر ان کی چیخیں نکل گئیں۔

    مذکورہ مکڑیاں لمبی ٹانگوں والی اور جسامت میں بڑی ہوتی ہیں، اپنی جسامت کی وجہ سے خوفناک لگنے کے باوجود یہ انسانوں کے لیے بہت کم خطرناک ہوتی ہیں۔

  • پٹاخے جلانے والے شخص کے ساتھ خوفناک حادثہ

    پٹاخے جلانے والے شخص کے ساتھ خوفناک حادثہ

    کینبرا: آسٹریلیا میں ایک شخص کرسمس کی خوشی میں پٹاخے جلاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا، اس کا چہرہ پٹاخوں کی زد میں آگیا۔

    آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کیمرے میں ریکارڈ ہوجانے والے اس واقعے میں دو افراد سڑک کے بیچوں بیچ پٹاخے جلاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    اس دوران پیچھے سے ایک راہ گیر چلاتا ہے کہ اپنا چہرہ پیچھے کرلو۔ تب تک مذکورہ شخص پٹاخوں کو آگ دکھا چکا ہوتا ہے۔

    پٹاخے جلانے والا خطرناک حد تک نیچے جھکا ہوا ہوتا ہے جس کے باعث پٹاخے جلتے ہی اس کا چہرہ بھی چنگاریوں کی زد میں آجاتا ہے، قریب کھڑا دوسرا شخص بھی زخمی ہوتا ہے۔

    دونوں افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں چہرہ جلانے والا شخص روبصحت ہے۔

    طبی عملے کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ان افراد کے لیے ایک بروقت انتباہ ہے جو نئے سال کی خوشی میں پٹاخے جلانا چاہتے ہیں۔

    یاد رہے کہ ملک میں غیر قانونی طور پر گھر کے قریب آتش بازی کرنے پر 27 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد ہے۔

  • کیچ چھوٹنے کے باوجود آؤٹ، دلچسپ واقعہ

    کیچ چھوٹنے کے باوجود آؤٹ، دلچسپ واقعہ

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی جانب سے میچ میں کیچ چھوٹنے کے باوجود آسٹریلوی کھلاڑی آؤٹ ہوگیا، کوہلی نے نہایت آسان کیچ چھوڑا اس کے باوجود مخلاف کھلاڑی کو آٓٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

    آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں ویراٹ کوہلی نے میتھیو ویڈ کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔

    میتھیو ویڈ 32 گیندوں پر 58 رنز بنا چکے تھے اور بھارت کے لیے انتہائی خطرناک دکھائی دے رہے تھے۔

    آسٹریلوی اننگز کے ساتویں اوور میں واشنگٹن سندر کی گیند پر میتیو ویڈ نے ہلکا شاٹ کھیلا جہاں گیند سیدھی ویراٹ کوہلی کے ہاتھوں میں چلی گئی، لیکن کوہلی گیند کو نہ سنبھال سکے اور وہ ان کے ہاتھوں سے نکل کر نیچے گر گئی اور آسان کیچ چھوٹ گیا۔

    گیند زمین پر گرنے کے بعد میتھیو ویڈ سنگل رن لینا چاہتے تھے، تاہم وکٹ کے بیچ میں ساتھی کھلاڑی کو بروقت رن کا اشارہ نہ دینے کا فائدہ کوہلی نے اٹھایا اور گیند فوراً اٹھا کر انہیں رن آؤٹ کردیا۔

  • دروازے کے ہینڈل کے نیچے ایسا کیا تھا جس کے بعد خاتون اپنی گاڑی سے خوف کھانے لگیں؟

    دروازے کے ہینڈل کے نیچے ایسا کیا تھا جس کے بعد خاتون اپنی گاڑی سے خوف کھانے لگیں؟

    آسٹریلیا میں ایک خاتون اپنی گاڑی میں ایک بڑی مکڑی کو موجود دیکھ کر اس قدر خوفزدہ ہوئیں کہ گاڑی سے ہی خوف کھانے لگیں۔

    یہ واقعہ آسٹریلیا میں پیش آیا جہاں کی رہائشی کرسٹین جونز نے ایک بڑی جسامت کی بالوں والی مکڑی کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کی۔

    انہوں نے لکھا کہ یہ مکڑی ان کی گاڑی کے دروازے کے ہینڈل کے نیچے تھی، پہلے وہ اسے معمولی سا کیڑا سمجھیں۔

    جونز نے لکھا کہ جب انہیں احساس ہوا کہ یہ اس قدر بڑی مکڑی ہے تو وہ خوف اور کراہیت کے مارے ایک ہفتے تک اپنی گاڑی نہیں چلا سکیں۔

    ان کی اس پوسٹ پر درجنوں لوگوں نے مختلف تاثرات کا اظہار کیا، ایک صارف نے لکھا کہ اب یہ گاڑی آپ کی نہیں، اب اس گاڑی کا مالک کوئی اور ہے۔

    آسٹریلیا میں ہی اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ بھی پیش آیا جس میں ایک پلمبر نے کان میں لگائے ہیڈ فون پر ایک بڑی مکڑی دیکھی۔

    پلمبر کا کہنا تھا کہ وہ کام کے دوران آواز روکنے والا ہیڈ فون پہنے ہوا تھا تاہم اس کے باوجود اس کے کان میں جھنجھناہٹ ہوتی رہی، جب اس نے ہیڈ فون اتار کے دیکھا تو اس پر ایک بڑی مکڑی کو چپکا ہوا پایا۔

    پلمبر کا کہنا ہے کہ مکڑی سے نجات پانے کے بعد وہ بڑی مشکل سے ان ہیڈ فونز کو استعمال کر سکا۔

  • گاڑی کے ڈرائیور سے بحث و تکرار نے نوجوان کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا

    گاڑی کے ڈرائیور سے بحث و تکرار نے نوجوان کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا

    آسٹریلیا میں ایک نوجوان، کار ڈرائیور سے بحث کے بعد اس کے غصے اور انتقام کا نشانہ بن کر اسپتال پہنچ گیا جہاں وہ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔

    یہ واقعہ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں پیش آیا جو سڑک پر لگے لگے سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان ایک گاڑی سے باہر نکلا، گاڑی میں موجود شخص اور اس کے درمیان بحث و تکرار ہوئی تھی۔

    نوجوان کے گاڑی سے اترنے کے دوران ہی ڈرائیور نے گاڑی چلا دی اور نوجوان گاڑی کے دروازے سے لٹک گیا، چند میٹر تک اسی طرح گھسٹنے کے بعد وہ زمین پر گر گیا۔

    اس کے بعد ڈرائیور نے گاڑی ریورس کی اور زمین پر گرے لڑکے پر چڑھا دی جس کے خون بہہ رہا تھا، بعد ازاں ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    مقامی افراد نے پیرا میڈیکس کو کال کی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر نوجوان کو اسپتال پہنچایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان اور ڈرائیور ایک دوسرے کے شناسا تھے اور ان کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کر کے لوگوں سے ڈرائیور کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • ڈرائیور کی چند لمحوں کی غفلت، چور مرسڈیز گاڑی لے اڑے

    ڈرائیور کی چند لمحوں کی غفلت، چور مرسڈیز گاڑی لے اڑے

    کینبرا: آسٹریلیا میں قیمتی مرسڈیز کار کا مالک چابی گاڑی میں چھوڑ کر چند لمحے کے لیے نیچے اترا اور اسی دوران 2 موٹر سائیکل سوار اس کی گاڑی لے کر رفو چکر ہوگئے۔

    یہ واقعہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردی گئی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پیٹرول اسٹیشن پر مرسڈیز کا 18 سالہ مالک چابی گاڑی میں چھوڑ کر پیٹرول ڈالنے کے لیے نیچے اترا، اسی لمحے ہیلمٹ پہنا ایک شخص اس کے قریب آیا اور اسے چاقو سے دھمکانے لگا۔

    اس کے بعد وہ گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر بیٹھ گیا جبکہ اس نے گاڑی کے مالک کو پیچھے رہنے کا حکم دیا۔

    مالک اپنی مہنگی گاڑی کو ہاتھ سے جاتا دیکھ کر ایک بار پھر دروازہ کھولنے کی کوشش کرتا ہے تبھی ایک اور ہیلمٹ پہنا ہوا شخص قریب آتا ہے اور اسے دھکا دیتا ہے۔

    اسی اثنا میں گاڑی میں بیٹھا چور گاڑی لے کر تیز رفتاری سے روانہ ہوجاتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی مالیت 1 لاکھ 10 ہزار ڈالر ہے، مقامی پولیس نے فوٹیج کے ذریعے لوگوں سے ملزمان کو ڈھونڈنے اور ان کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • بین الاقوامی ایئر لائن کا کرونا ویکسی نیشن سے متعلق بڑا اعلان

    بین الاقوامی ایئر لائن کا کرونا ویکسی نیشن سے متعلق بڑا اعلان

    سڈنی: آسٹریلیا کی کنٹاس ایئرویز نے اعلان کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی سفر کے لیے کرونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ایئر لائن کنٹاس کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی ایئر لائن کا منصوبہ ہے کہ تمام انٹرنیشنل مسافروں کو پروازوں میں سوار ہونے سے قبل کو وِڈ 19 کے خلاف ویکسی نیشن لازمی قرار دیا جائے۔

    کنٹاس ایئرویز کے سربراہ نے یہ پیش گوئی بھی کی کہ جلد ہی دنیا بھر کی دیگر ایئر لائنز بھی ایسی ہی پالیسیاں اپنا لیں گی۔

    ایک ٹی وی انٹرویو میں کنٹاس کے ایل جوائس کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر فضائی سفر کے لیے کرونا وائرس ویکسی نیشن کی ضرورت نہیں پڑے گی، البتہ آسٹریلیا میں داخل ہونے یا باہر جانے والی بین الاقوامی پروازوں کے لیے یہ شرط ہوگی۔

    آکسفورڈ کورونا ویکسین کی آزمائش کامیاب، بڑی خبر آگئی

    آسٹریلوی ایئر لائن کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب پیر کو ایک اور کمپنی نے مؤثر کرونا ویکسین کے تیار ہونے کا اعلان کیا۔

    آسٹرا زینیکا نے کہا تھا کہ برطانیہ اور برازیل میں اس کی کو وِڈ 19 ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ یہ کرونا وائرس کی بیماری کو روکنے میں نہایت مؤثر ثابت ہوئی ہے اور ٹرائلز میں شامل رضاکاروں کو نہ تو اسپتال داخل ہونا پڑا نہ ہی انھیں وائرس سے شدید بیماری لاحق ہوئی۔

  • آسٹریلیا میں طیارہ حادثے کا شکار، بھارتی کرکٹ ٹیم بال بال بچی

    آسٹریلیا میں طیارہ حادثے کا شکار، بھارتی کرکٹ ٹیم بال بال بچی

    کینبرا: آسٹریلیا میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کے قریب ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں جس ہوٹل میں بھارتی کرکٹ ٹیم قرنطینہ کے دن گزار رہی ہے، اس سے صرف 30 کلو میٹر دور ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

    بھارتی ٹیم اس وقت سڈنی اولمپک پارک ہوٹل میں موجود ہے، چار روز قبل پیش آنے والے واقعے کے وقت چند کھلاڑی ایک شیڈ میں موجود تھے۔

    وہاں موجود کرومر کرکٹ کلب کے سینئر وائس پریزیڈنٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے طیارے کو تیزی سے قریب آتے دیکھا تو وہ زور سے چلائے بھاگو، بھاگو اور خود بھی بھاگ کھڑے ہوئے۔ انہیں خدشہ تھا کہ طیارہ شیڈ کی چھت سے ٹکرا جائے گا۔

    یہ طیارہ سڈنی فلائنگ اکیڈمی سے اڑا تھا جسے ایک نوجوان پائلٹ اڑا رہا تھا، طیارے میں کو پائلٹ بھی موجود تھا۔

    بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ طیارہ نوجوان پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا جس کے بعد اس نے کریش لینڈنگ کی، حادثے میں دونوں کی جان بچ گئی تاہم دونوں بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔

    اسپتال لے جاتے ہوئے ایک کا چہرہ خون سے تر تھا جبکہ دوسرے کی ٹانگ ٹوٹ چکی تھی۔ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    حادثے میں بھارتی ٹیم بال بال بچی ہے، بھارتی ٹیم 2 ماہ سے زائد کے طویل دورے پر آسٹریلیا پہنچی ہے اور اس وقت قرنطینہ میں ہے۔

    اس دورے میں دونوں ٹیمز 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 4 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔ دورے کا آغاز 27 نومبر کو پہلے ون ڈے سے ہوگا۔

  • ’ویرات کوہلی سے نفرت کرتا ہوں‘

    ’ویرات کوہلی سے نفرت کرتا ہوں‘

    آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ان کے لیے دیگر کھلاڑیوں کی طرح ہی ہیں اور وہ ان سے کسی قسم کا کوئی خاص دباؤ محسوس نہیں کرتے۔

    اپنے ایک انٹرویو میں ٹم پین کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی شہری ویراٹ کوہلی سے نفرت کرنا پسند کرتے ہیں لیکن ایک کرکٹ شائق کی حیثیت سے ان کی بیٹنگ دیکھنا بھی پسند کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ویراٹ میرے لیے دوسرے کھلاڑیوں کی طرح ہیں اور مجھے ان سے کوئی پریشانی نہیں ہے، میں انہیں ٹاس کے وقت دیکھتا ہوں اور ان کے خلاف کھیلتا ہوں۔

    ٹم پین کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا، ویراٹ یقینی طور پر ایک زبردست حریف ہے، ہمارے درمیان کئی بار لفظی جنگ بھی ہو چکی ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی ٹیم 2 ماہ سے زائد کے طویل دورے پر آسٹریلیا پہنچ چکی ہے اور اس وقت قرنطینہ میں ہے۔ اس دورے میں دونوں ٹیمز 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 4 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے یہاں بچے کی پیدائش کی وجہ سے فی الحال بھارت میں ہی ہیں اور وہ پہلے ٹیسٹ کے بعد آسٹریلیا میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔