Tag: آسٹریلیا

  • آسٹریلیا میں کرونا وائرس ویکسین کی جانچ کا عمل شروع ہو گیا

    آسٹریلیا میں کرونا وائرس ویکسین کی جانچ کا عمل شروع ہو گیا

    میلبورن: آسٹریلیا نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایک مؤثر ویکسین کی کلینکل ٹیسٹنگ سے قبل کا مرحلہ شروع کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی قومی سائنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس نے کووِڈ نائنٹین کے لیے مؤثر ویکسین کی جانچ کا پہلا مرحلہ شروع کر دیا ہے، اور اس طرح آسٹریلیا بھی کرونا کی وبا کو روکنے کی عالمی دوڑ میں شامل ہو گیا۔

    کامن ویلتھ سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن (CSIRO) کے مطابق 2 مؤثر ویکسینز کی یہ پری کلینکل ٹیسٹنگ فیرٹس (بڑی قسم کا ایک نیولا) پر کی جا رہی ہے، اس جانچ کے پہلے مرحلے میں تین ماہ لگیں گے، ریسرچ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر راب گرینفل کا کہنا تھا کہ نتائج نکلنے کے بعد بھی کوئی بھی ویکسین اگلے سال کے اخیر سے پہلے عوام کے لیے دستیاب نہیں ہو سکے گی۔

    امریکا میں کرونا وائرس کی ایک اور ویکسین تیار

    انھوں نے اسکائپ پر دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہم بدستور 18 ماہ کے عرصے کے لیے پرامید ہیں کہ اس عرصے میں ویکسین عام صارفین کے لیے فراہم کر سکیں، ہمیں بہت سارے تکنیکی چیلنجز کا سامنا ہے، ہمارے سائنس دان قابل ذکر رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں، اس بات سے اندازہ لگائیں کہ وہ پری کلینکل ٹیسٹنگ کے مرحلے تک 8 ہفتوں میں پہنچے ہیں، جس تک پہنچنے کے لیے عموماً 2 سال لگتے ہیں۔

    روسی سائنس دانوں نے بھی کروناوائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کردیا

    راب گرینفل کا کہنا تھا کہ انسانوں پر ایک یا دونوں ویکسینز کی جانچ کا آغاز رواں ماہ کے آخر میں یا اگلے ماہ کے شروع میں ہونے کی توقع ہے۔ ریسرچ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ جو جانچ کی جا رہی ہے اس میں ویکسین کے استعمال کا طریقہ کار بھی شامل ہے، یہ دیکھا جائے گا کہ بازو کے مسل میں اور ناک میں اسپرے کے طور پر اس کی افادیت کتنی ہوگی۔

  • بچوں کی صفائی کے تولیے بھی دکانوں سے ختم، ماں نے نئی ترکیب نکال لی

    بچوں کی صفائی کے تولیے بھی دکانوں سے ختم، ماں نے نئی ترکیب نکال لی

    میلبورن: کرونا وائرس کے خوف سے بچوں کی صفائی کے چھوٹے تولیے بھی دکانوں سے غائب ہو گئے، جس پر آسٹریلوی ماں نے نئی ترکیب نکال لی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک آسٹریلوی ماں نے بچوں کی صفائی کے چھوٹے تولیے دکانوں میں ختم ہونے پر ویسے ہی تولیے خود ہی بنانا شروع کر دیا، بچوں کی صفائی کے تولیے کرونا وائرس کی دہشت پھیلتے ہی دکانوں سے ختم ہو گئے تھے۔

    ماں نے جب دیکھا کہ وبائی صورت حال میں چھوٹے تولیے ختم ہو گئے اور تلاش کرنے پر بھی نہیں مل رہے، تو انھوں نے خود ویسے تولیے بنانے کا فیصلہ کیا، اور ان کا یہ آئیڈیا دیگر خواتین کو بھی ‘پائیدار’ لگا، کیوں اس طریقے سے پیسے بھی بچائے جا سکتے تھے۔

    شیرخوار کو کرونا وائرس سے بچانے کیلئے باپ کا کارنامہ

    بچوں کی ماں نے اپنا آئیڈیا فیس بک پر دیگر خواتین کے ساتھ شیئر کیا اور بنائے ہوئے تولیے بھی دکھائے، ان کا کہنا تھا کہ اس سے دیگر ماؤں کو بھی مشکل وقت میں ضرورت پوری کرنے کا راستہ ملے گا۔ اس سلسلے میں انھوں نے بتایا کہ سب سے پہلے انھوں نے مقامی اسٹور سے بڑے سائز کا تولیہ صرف تین پاؤنڈ میں خریدا، اور پھر اسے 32 چوکور ٹکڑوں میں کاٹا اور اسے ‘بے بی وائپس’ کی شکل دے دی۔

    مذکورہ ماں کا کہنا تھا کہ وہ اس بے بی وائپس سے نیپی تبدیل کرتے وقت صفائی کا کام لیتی ہیں اور پھر اسے دھو کر پھر استعمال کر لیتی ہیں، اور اس کے بنانے میں صرف 20 منٹ لگتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بے وائپس کی تلاش میں پھرنے کی تکلیف سے بھی جان چھوٹ گئی ہے۔

  • کرونا وائرس کا توڑ، آسٹریلیا میں ڈاکٹرز پر ٹی بی ویکسین کی آزمائش

    کرونا وائرس کا توڑ، آسٹریلیا میں ڈاکٹرز پر ٹی بی ویکسین کی آزمائش

    میلبورن: کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے آسٹریلیا میں ڈاکٹروں اور نرسز پر ایک صدی پرانے ٹی بی ویکسین کی آزمائش کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پوری دنیا میں ہیلتھ ورکرز اس وقت کرونا وائرس کے خلاف ہراول دستے کا کردار نبھا رہے ہیں، تاہم مریضوں کے علاج سے ایک قدم آگے بڑھ کر ڈاکٹروں اور نرسز نے خود کو تپ دق (tuberculosis) کی پرانی ویکسین کی آزمائش کے لیے بھی پیش کر دیا ہے۔

    اس سلسلے میں میلبورن کے مردوخ چلڈرنز ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے محققین نے کہا ہے کہ آسٹریلیا بھر کے اسپتالوں میں 4 ہزار ہیلتھ ورکرز بی سی جی ویکسین کی آزمائش میں حصہ لیں گے، یہ جاننے کے لیے کہ کیا یہ COVID-19 کی علامات کو کم کر سکتی ہے یا نہیں۔

    10 منٹ اور صرف 1 ڈالر میں کرونا کا ٹیسٹ ممکن ہونا شروع

    ریسرچ کے سربراہ نائجل کرٹس نے بتایا کہ اس آزمائش کا دورانیہ 6 ماہ مقرر کیا گیا ہے، اس دوران ورکرز کی نصف تعداد کو ویکسین نہیں دی جائے گی، محققین کو اس سے یہ امید ہے کہ ہو سکتا ہے تین ماہ کے اندر ویکسین کی تاثیر کی کچھ علامات حاصل ہوں۔

    پرفیسر کرٹس کا کہنا تھا کہ ٹیوبرکولوسس (ٹی بی) سے لڑنے کے ساتھ یہ ویکسین جسم کے اندر قوت مدافعت کو بھی بڑھاتی ہے، جس سے کرونا وائرس کی علامات کم ہو سکتی ہیں، ٹی بی ویکسین کو اس طرح پہلی بار استعمال کیا جا رہا ہے، اس ویکسین میں امیون سسٹم کو انفیکشن کے خلاف زیادہ طاقت کے ساتھ رد عمل دکھانے کی ‘تربیت’ دینے کی صلاحیت موجود ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ طبی عملے کو کرونا وائرس لاحق ہونے کا خطرہ خاص طور پر لگا ہوتا ہے، اور دنیا بھر میں اس سے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے دیگر ارکان اموات کا شکار ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ نیدرلینڈز، جرمنی اور برطانیہ میں بھی اس سے مماثل آزمائش کی جا رہی ہے تاہم آسٹریلیا میں یہ بڑے پیمانے پر ہو رہی ہے۔

  • کرونا وائرس کا علاج: ایک اور دوا کے بارے میں ماہرین کا دعویٰ سامنے آگیا

    کرونا وائرس کا علاج: ایک اور دوا کے بارے میں ماہرین کا دعویٰ سامنے آگیا

    ملیریا کی دوا کلورو کوئن کے کرونا وائرس کے خلاف مؤثر ہونے کے دعوؤں کے بعد، آسٹریلوی ماہرین نے ایک اور دوا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جوڑوں کے درد کی دوا ہائیڈرو آکسی کلورو کوئن کرونا وائرس کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

    آسٹریلوی شہر میلبرن کے ماہرین طب کا کہنا ہے کہ قوت مدافعت کو متاثر کرنے والی بیماری لیوپس، اور جوڑوں کے درد آرتھرائٹس (گٹھیا) میں استعمال کی جانے والی دوا ہائیڈرو آکسی کلورو کوئن ممکنہ طور پر کرونا وائرس کے خلاف مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔

    ان کے مطابق لیبارٹری میں کیے جانے والے تجربات کے دوران اس دوا نے موذی وائرس کا مکمل خاتمہ کردیا۔

    اب وہ اس کی انسانی آزمائش پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، دوا کی آزمائش 22 سو 50 افراد پر کی جائے گی جن میں ڈاکٹر اور نرسز بھی شامل ہیں۔

    والٹر الیزا ہال انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر ڈاؤگ ہلٹن کا کہنا ہے کہ اس دوا کے نتائج 3 سے 4 ماہ میں سامنے آجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ دوا اس وائرس کا علاج کر سکتی ہے تاہم یہ بطور ویکسین، یعنی وائرس کے حملہ آور ہونے سے قبل حفاظت کے لیے استعمال نہیں کی جاسکے گی۔

    ڈاکٹر ہلٹن کے مطابق اس دوا کے بہترین اثرات اس وقت سامنے آئیں گے جب مریض اسے روزانہ استعمال کرے گا۔

    خیال رہے کہ ملیریا کی دوا کلورو کوئن کے حوالے سے ایک امریکی سرمایہ کار جیمز ٹوڈرو نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ دوا کرونا وائرس کا اہم علاج ثابت ہو رہی ہے تاہم گزشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ کلورو کوئن کے بارے میں ایسا کوئی ثبوت نہیں جو کرونا کے علاج سے متعلق ہو۔

    کلورو کوئن 85 سال پرانی دوا ہے جسے جنگ عظیم دوم کے وقت استعمال کیا گیا تھا، یہ سنکونا درخت کی چھال سے تیار کی جاتی ہے اور نہایت کم قیمت دوا ہے۔

  • کرونا وائرس کی رفتار، فارمولا ون ریس منسوخ، ایک ارب ڈالر کا نقصان

    کرونا وائرس کی رفتار، فارمولا ون ریس منسوخ، ایک ارب ڈالر کا نقصان

    میلبورن: نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس نے آسٹریلیا کی معیشت کو ایک اور دھچکا پہنچا دیا، ویک اینڈ پر ہونے والی فارمولا ون کار ریس منسوخ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اس ویک اینڈ پر میلبورن میں شروع ہونے والی آسٹریلوی گرانڈ پرکس منسوخ کر دی گئی ہے، کار ریس منسوخ ہونے سے تقریباً ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

    گزشتہ روز کار ریس کی ٹیم میک لارن نے ایک ممبر میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایونٹ سے دست برداری کا اعلان کر دیا تھا۔ فارمولا ون ریس کے اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میک لارن ریسنگ ٹیم کے ایک ممبر میں COVID-19 پازیٹو آنے اور ٹیم کی دست برداری کے بعد ایک میٹنگ میں ایونٹ کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    دریں اثنا، ٹیم کے باقی تمام ارکان کو ہوٹل میں چودہ دنوں کے لیے قرنطینہ میں رکھ لیا گیا ہے۔ فارمولا ون ریس کی منسوخی کے اس فیصلے نے اگلے ویک اینڈ پر بحرین گرانڈ پرکس کے انعقاد کو بھی مشکوک بنا دیا ہے جو بغیر تماشائیوں کے منعقد ہوگی۔

    ادھر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ون ڈے میں بھی تماشائیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 160 ہو چکی ہے اور اب تک اس سے 3 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بھارت کو خاک چٹا دی

    ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بھارت کو خاک چٹا دی

    ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2020 میں آسٹریلیا نے بھارت کو 85 رنز سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

    خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں میچ کے آغاز پر آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور جارحانہ کھیل دکھایا، بھارتی ٹیم آغاز سے ہی کمزور نظر آئی اور ہدف کا تعاقب کرنے میں آل آؤٹ ہو گئی۔

    آسٹریلیا کی دونوں اوپنرز ہیلی اور مونی نے بالترتیب 75 اور 78 رنز بنائے۔ ہیلی نے 5 چھکے لگائے جبکہ مونی ناٹ آوٹ رہیں۔

    آسٹریلیا نے بھارت کو 185 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 99 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

    بھارتی کھلاڑی شیفالی ورما پہلے ہی اوور میں صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں اور جومیما روڈریگز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئیں۔

    اسمرتی مندھانا بھی صرف 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں جبکہ ہرمن پریت کور بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکیں۔

    چار بار کی عالمی چیمپیئن آسٹریلوی ٹیم نے پانچویں بار ورلڈ کپ جیت کر ایک اور فتح حاصل کی جبکہ بھارتی ٹیم ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے سے محروم رہ گئی۔ میچ کی بہترین کھلاڑی الیسا ہیلی کو قرار دیا گیا۔

    خیال رہے کہ آسٹریلین ٹیم 6 بار فائنل میں پہنچ چکی ہے اور یہ اس کی پانچویں فتح ہے۔

  • خاتون چار سالہ بیٹی کے پری اسکول کا شیڈول دیکھ کر چکرا گئی

    خاتون چار سالہ بیٹی کے پری اسکول کا شیڈول دیکھ کر چکرا گئی

    آسٹریلیا میں ایک خاتون اپنی 4 سالہ بچی کے پری اسکول کا شیڈول دیکھ کر چکرا گئیں، ننھی بچی کے کورس میں دنیا جہاں کے مشکل مضامین پڑھائے جارہے تھے جو اتنی عمر کے بچے کی ذہنی استعداد سے کہیں آگے کی شے تھے۔

    سوشل میڈیا پر اپنی بچی کے اسکول کا شیڈول پوسٹ کرتے ہوئے ماں نے لکھا کہ آج صبح میں نے اپنی بچی کی استانی سے اس کی کارکردگی کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے نفی میں سر ہلاتے ہوئے کہا کہ آپ کی بچی کی کارکردگی بہت مایوس کن ہے اور اسے چیزوں کو سیکھنے میں مشکل کا سامنا ہے۔

    ماں نے کہا کہ میں نے ان سے پوچھا کہ کن مضامین میں؟ تو انہوں نے کہا کہ تمام مضامین میں۔ ماں کے مطابق بعد ازاں جب انہوں نے اپنی بچی کا شیڈول دیکھا تو وہ حیران رہ گئیں۔

    سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے اس شیڈول میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روزانہ صبح 7 سے شام ساڑھے 6 بجے تک 4 سال تک کی عمر کے بچوں کو ریاضی، انجینیئرنگ، تاریخ، کری ایٹو آرٹس، سائنس اور ٹیکنالوجی کے اسباق پڑھائے جارہے تھے۔

    درمیان میں چائے، کھانے اور آرام کا بھی وقفہ تھا۔ اتنے ننھے بچوں کے شیڈول میں نیوز، لیٹرز اور بکلیٹ کا پیریڈ بھی تھا جبکہ بعد ازاں بحث و مباحثے کے لیے بھی وقت مختص کیا گیا تھا۔

    ماں نے لکھا کہ کیا آسٹریلیا کے تمام پری اسکولز میں ایسا ہی پڑھایا جارہا ہے یا یہ صرف مجھے مضحکہ خیز لگ رہا ہے؟ اس میں کوئی حیرانی کی بات نہیں کہ میری بچی کی کارکردگی مایوس کن ہے۔

    ان کی پوسٹ پر اسی اسکول کے دیگر والدین نے بھی کمنٹس کیے۔ ایک والدہ نے کہا کہ اسے دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے یہ میرے بڑے بچے کے ہائی اسکول کا شیڈول ہے۔

    ایک اور والد نے لکھا کہ اتنے ننھے بچوں کو اس قدر مشکل مضامین پڑھانے کے بجائے انہیں گھلنا ملنا، بات کرنا اور کھیلوں کے ذریعے سیکھنے کی عادت سکھانی چاہیئے تاکہ وہ اپنے اسکول کے ابتدائی سالوں سے لطف اندوز ہوسکیں۔

     

  • آسٹریلیا میں خوف کا سماں ، آسمان سے سفید پتھروں کی برسات

    آسٹریلیا میں خوف کا سماں ، آسمان سے سفید پتھروں کی برسات

    کینبرا : آسٹریلیا میں طوفانی بارشوں کیساتھ آسمان سے گیند جتنے بڑے اولے گرے، بال کے سائز کے اولوں سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ پارلیمنٹ کی بلڈنگ بھی متاثر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں آگ کے بعد طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ، آسٹریلوی دارالحکومت کے کینبرا میں طوفانی بارش کے ساتھ آسمان سے گیند جتنے بڑے اولے پڑے، جن سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ پارلیمنٹ کی بلڈنگ بھی متاثر ہوئیں۔

    کئی مقامات پر معمولات زندگی میں مصروف شہریوں نے خوفزدہ ہو کر گاڑیوں سے نکل کر شیڈز کے نیچے پناہ لی۔

    آسٹریلوی خبر رساں اداروں کی جاری کردہ ویڈیوز اور تصاویر میں دکھایا گیا کہ گیند جتنے اولے آسٹریلوی پارلیمنٹ کی عمارت کو ڈھانپے ہوئے ہیں اور گھروں و گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں جبکہ لوگوں کو بھاری اولوں سے بچنے کے لیے بھاگتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کینبرا میں خوف پھیلانے کے بعد طوفانی بارش اور بھاری اولے دیگر شہروں کا رخ کر رہے ہیں اور ملک کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے تیز ہوا کے ساتھ سمندری طوفان سے متاثر ہو سکتے ہیں، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے لاکھوں ایکڑ کو جلا کر راکھ کر دیا ہے۔ آگ سے ریسکیو کارکنوں سمیت 25 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جبکہ ایک اندازے کے مطابق کروڑوں جنگلی جانور بھی ہلاک ہوئے۔

  • آسٹریلیا کی بھارت کیخلاف ریکارڈ فتح

    آسٹریلیا کی بھارت کیخلاف ریکارڈ فتح

    ممبئی: آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میں بھارت کو ریکارڈ شکست دے کر بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملا دیا۔

    ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم قہر بن کر ٹوٹ پڑی، شاندار کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم کو چاروں شانے چت کر دیا، مضبوط بھارتی بیٹنگ لائن آسٹریلوی بولنگ اٹیک کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 255 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    اوپنر شیکھر دھون 74 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ راہول 47، پانٹ 28 اور جڈیجا 25 رنز بنا سکے، کپتان ویرات کوہلی صرف 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

    آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے سب سے زیادہ 3 ، پیٹ کمنز اور ریچرڈسن نے 2،2 جب کہ زمپا اور آگر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا، دونوں بیٹسمین نے جم کر بیٹنگ کی اور نصف سنچریاں مکمل کرنے کے بعد حارحانہ انداز اپناتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب دلکش اسٹروکس کھیل کر بولرز پر اپنی دھاک بٹھا دی۔

    ڈیوڈ وارنر اور کپتان فنچ نے تیز رفتاری سے اسکور میں اضافہ کیا اور بلا خوف و خطر کھل کر کھیلتے رہے، دونوں بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کیں اور مطلوبہ ہدف صرف 38 ویں اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

    ڈیوڈ وارنر نے 128 اور فنچ نے 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، تاریخ میں پہلی بار آسٹریلیا نے بھارت کو 10 وکٹوں سے ہرایا ہے جب کہ دونوں بلے بازوں کے درمیان ہونے والی 258 رنز کی شراکت داری بھارت کے خلاف کسی بھی وکٹ پر ہونے والی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔

  • 10 ہزار اونٹوں کو گولیاں مارنے کا حکم

    10 ہزار اونٹوں کو گولیاں مارنے کا حکم

    سڈنی: جنوبی آسٹریلیا میں پانی کی شدید قلت کے باعث 10 ہزار اونٹوں کو گولیاں مارنے کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قحط سے دوچار جنوبی آسٹریلیا میں 10 ہزار سے زائد اونٹوں کو ماہر شوٹرز کے ذریعے گولیاں مارنے کا حکم دے دیا گیا۔

    مقامی شہریوں کی جانب سے شکایت کی گئی ہے کہ اونٹوں کی بڑی تعداد پانی کی تلاش میں ان کی آبادی میں داخل ہو کر نہ صرف تباہی مچاتی ہے بلکہ دستیاب پانی بھی پی جاتی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمیں سخت گرمی کے ماحول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ اونٹ آتے ہیں اور نہ صرف گھروں میں گھستے ہیں بلکہ ایئر کنڈیشنرز کے ذریعے پانی حاصل کرنے کی کوشش کر تے ہیں۔

    مقامی شہریوں کے مطابق آبادی میں داخل ہونے والے اونٹوں کی جانب سے یہاں رہنے والے لوگوں کی جانوں کو بھی خطرہ ہے۔

    واضح رہے کہ اونٹوں کو 19ویں صدی کے دوران ہندوستان اور افغانستان سے آسٹریلیا لایا گیا تھا اور انہیں نقل وحمل اور تعمیر کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔