Tag: آسٹریلیا

  • قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچ گئی

    قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچ گئی

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانگی کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی، آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوینٹی میچز کے لیے ٹیم میں 16 کھلاڑی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانگی کے لیے لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئی، قومی ٹیم آسٹریلیا سے 3 ٹی ٹوینٹی اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

    میزبان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 3 نومبر، دوسرا 5 اور تیسرا 8 نومبر کو کھیلا جائے گا، قومی ٹیم ٹی ٹوینٹی سیریز سے قبل 31 اکتوبرکو وارم اپ میچ کھیلے گی۔

    آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوینٹی میچز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں 16 کھلاڑی شامل ہیں، بابر اعظم قومی ٹی ٹوینٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں بابراعظم، آصف علی، فخرزمان، حارث سہیل، محمد حسنین، افتخاراحمد،عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمدعامر، محمدعرفان، محمدرضوان، موسی خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران سرفراز احمد کی کمی محسوس ہوگی، ان کی بڑی خدمات ہیں، ان کے دور میں ٹیم نمبر ون بنی۔

    بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کریں گے جبکہ امام الحق بیک اپ اوپنر ہیں۔

  • آسٹریلیا کی مشرق وسطی کے ممالک کو بھیڑوں کی برآمد پر عائد پابندی ختم

    آسٹریلیا کی مشرق وسطی کے ممالک کو بھیڑوں کی برآمد پر عائد پابندی ختم

    کینبرا : آسٹریلیا نے مشرق وسطی کے ممالک کو بھیڑوں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کردی ، حکام کا کہنا ہے کہ ساٹھ ہزار بھیڑیں مشرق وسطی کے مختلف ملکوں کے لیے آج روانہ کر دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی حکومت نے مشرق وسطی کے ممالک کو بھیڑوں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے، حکام نے بتایا کہ ساٹھ ہزار بھیڑیں مشرق وسطی کے مختلف ملکوں کے لیے منگل چوبیس ستمبر کو روانہ کر دی جائیں گی۔ بھیڑوں سے لدے بحری جہاز کی پہلی منزل کویت ہے۔

    اس مرتبہ مال بردار جہازوں پر مویشیوں کی دیکھ بھال کے مشاہدے کے لئے آزاد آبزرور بھی ساتھ ہوں گے، جن کو حکومت کی جانب سے قصور واروں کو جرمانے کرنے اور جیل بھجوانے تک کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔

    یہ پابندی گزشتہ برس اس وقت عائد کی گئی تھی جب ایک بحری جہاز پر لدی بھیڑیں گرمی کی وجہ سے ہلاک ہو گئی تھی۔

    اس واقعے کی خبریں سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی حکومت نے بھیڑوں کی افزائش کے معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی تھی اور نظرثانی کے عمل کی تکمیل تک بھیڑوں کی برآمد پر عارضی پابندی بھی عائد کر دی تھی۔

    بعد ازاں آسڑیلین حکومت نے بھیڑوں کے برآمد کے تمام نظام میں اصلاحات اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لئے جون تا ستمبر 2019 کے دوران اِن کی برآمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    خیال رہے زندہ بھیڑوں، بکریوں اور مویشیوں کی برآمد سے آسڑیلوی معشیت میں ہر سال 1.35 بلین ڈالر جمع ہوتے ہیں۔

  • ایشیز سیریز، چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 185 رنز سے شکست دے دی

    ایشیز سیریز، چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 185 رنز سے شکست دے دی

    مانچسٹر: آسٹریلیا نے مانچسٹر ٹیسٹ میں تاریخ رقم کردی، اسٹیو اسمتھ کی میچ وننگ ڈبل سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 185 رنز سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 185 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی، اسٹیو اسمتھ کو شاندار ڈبل سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    مانچسٹر میں اسٹیو اسمتھ کی تاریخی ڈبل سنچری نے آسٹریلیا کی جیت کی بنیاد رکھی، پیٹ کمنز نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کو تین سو ایک رنز تک محدود رکھا۔

    اس سے قبل کینگروز نے 196 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسمتھ نے 82 رنز کی اننگز کھیل ہدف کو 383 رنز تک پہنچایا، ہدف کے تعاقب میں پیٹ کمنز کی خطرناک بولنگ کے آگے انگلش ٹیم بے بس نظر آئی۔

    انگلینڈ کے تیسرے ٹیسٹ کے ہیرو بین اسٹوکس نہیں چلے تو کوئی بھی نہ چلا، انگلش کپتان جو روٹ نے سیریز میں 3 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوکر منفی ریکارڈ قائم کرلیا۔

    واضح رہے کہ اسٹیو اسمتھ نے چوتھے ٹیسٹ میں 216 اور 82 رنز کی اننگز کھیلی، اسمتھ سیریز میں تین سنچریاں اسکور کرچکے ہیں، وہ ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

    چوتھے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے ساتھ کینگروز کو ناقابل شکست 2-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے اب انگلینڈ کو اگر آخری ٹیسٹ میچ میں شکست سے بچنا ہے تو سیریز برابر کرنا ہوگی۔

  • چھٹیاں گزارنے کے لیے آپ کس ملک کا انتخاب کرنا چاہیں‌ گے؟

    چھٹیاں گزارنے کے لیے آپ کس ملک کا انتخاب کرنا چاہیں‌ گے؟

    چھٹیاں گزارنے کے لیے زیادہ تر ملکوں کے شہری اہل خانہ کے ہمراہ دوسرے ممالک میں جانا پسند کرتے ہیں تاکہ اس لمحے کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے یادگار بنایا جائے اور اس طرح بچے بھی خوش ہوجاتے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چھٹیاں گزارنے کے لیے بہترین ممالک کی فہرست میں یورپی ملک اسپین پہلے نمبر پر آگیا ہے، اسپین سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، تفریح کے لیے اسپین وہ ملک جہاں امن و امان دیگر ممالک سے بہتر ہے۔

    ٹاپ ٹین ممالک کی فہرست میں یورپی ملک فرانس، اٹلی اور امریکا بھی شامل ہیں۔

    ٹریول اور ٹورازم کے لیے ورلڈ اکنامک فورم نے 140 خوبصورت جگہوں کی درجہ بندی مرتب کی گئی جس میں اسپین پہلے نمبر آیا ہے۔

    ورلڈ اکنامک فورم کے مطابق دنیا بھر کے تمام ملک میں فلائٹ کی موجودگی، روپے کی قدر، اور سفری حفاظت کو مدنظر رکھا گیا ہے، اسپین نے مسلسل تیسری بار پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

    ورلڈ اکنامک فورم کے انڈیکس کے مطابق جن شعبوں کو اجاگر کیا گیا ہے ان ممالک کا قدرتی اور ثقافتی وسائل بھی دیکھا گیا ہے۔

    فہرست میں اسپین پہلے، فرانس دوسرے، جرمنی تیسرے، جاپان چوتھے، امریکا پانچویں، برطانیہ چھٹے، آسٹریلیا ساتویں، اٹلی آٹھویں، کینیڈا نویں اور سوئٹزرلینڈ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

    دوسری جانب ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے امن و امان کے لحاظ سے خراب ممالک کی فہرست بھی شائع کی گئی ہے جن میں یمن خانہ جنگی کی وجہ سے پہلے نمبر پر موجود ہے۔

    واضح رہے کہ یمن میں سعودی اتحادی فورسز اور حوثی باغیوں کی جنگ جاری ہے جس کے نتیجے میں متعدد حوثی باغی ہلاک ہوچکے ہیں اور باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر متعدد بار حملے بھی کیے جاچکے ہیں جنہیں عرب اتحاد کی جانب سے ناکام بنادیا جاتا ہے۔

  • خلیج میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے مشن میں آسٹریلیا کی شمولیت

    خلیج میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے مشن میں آسٹریلیا کی شمولیت

    سڈنی : آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکوٹ موریسن نے کہاہے کہ ان کا ملک خلیج میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے لیے امریکا کے زیر قیادت سمندری فورس میں شامل ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق موریسن نے بدھ کے روز بتایا کہ آسٹریلیا اس فورس میں ایک فریگیٹ، ایک پی ایٹ (نگرانی کرنے والے) طیارے اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ شریک ہو گا۔

    امریکا کے وزیر دفاع مارک ایسپر اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے رواں ماہ اپنے سڈنی کے دورے میں مطالبہ کیا تھا کہ آسٹریلیا خلیج میں اُن گشتی سیکورٹی دستوں میں حصہ لے جو آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران کارگو جہازوں کو سیکورٹی فراہم کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے لکا کہنا تھا کہ جون میں خلیج کے علاقے میں کئی کارگو جہازوں کو حملوں کا نشانہ بنائے جانے کے بعد امریکا نے اس بین الاقوامی سمندری فورس کو تشکیل دینے کا آئیڈیا پیش کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ واشنگٹن نے مذکورہ حملوں کا ذمے دار ایران کو ٹھہرایا جب کہ تہران ان کارروائیوں میں ملوث ہونے کی تردید کرتا ہے۔

  • ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

    ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

    برمنگھم: ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی، جیسن رائے نے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کرس ووکس کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ نے کینگروز کی جانب سے دیا جانے والا 224 رنز کا ہدف 32.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے 14 جولائی کو ہوگا۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز جیسن رائے اور جونی بیرسٹو کے درمیان 124 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی، جونی بیرسٹو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جیسن رائے نے 65 گیندوں پر 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 بلند و بالا چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، جیسن رائے کو پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔

    جو روٹ 49 اور انگلش کپتان اوئن مورگن 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    ورلڈ کپ کے کامیاب بولر مچل اسٹارک 8 اوورز میں 64 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے، پیٹ کمنز نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 49 اوورز میں 223 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 224 رنز کا ہدف دیا تھا، کرس ووکس اور عادل راشد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلیا نے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، کینگروز کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گری جب کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ڈیوڈ وارنر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    اسٹیو اسمتھ 85 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے، ہینڈزکومب 4 رنز بنا کر کرس ووکس کا نشانہ بنے، ایلکس کیری 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    مارکس اسٹونس کو عادل راشد نے صفر پر پویلین بھیج دیا، گلین میکسویل 22 رنز بنا کر جوفرا آرچر کا نشانہ بنے، پیٹ کمنز 6 رنز بناسکے۔

    فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 29 رنز بنائے انہیں کرس ووکس نے آؤٹ کیا، بھیندروف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس اور عادل راشد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جوفرا آرچر نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارک ووڈ ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل ورلڈکپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    آسٹریلیا کو ورلڈکپ میں انگلینڈ پر واضح برتری حاصل ہے جہاں انہیں دو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ کو 3 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو سب سے زیادہ 5 ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، اس کے علاوہ سیمی فائنل میں کبھی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور 7 فائنلز میں صرف 2 مرتبہ شکست ہوئی۔

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: سری لنکا اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: سری لنکا اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

    لیڈز: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں سری لنکا اور بھارت جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں آج سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    دوسری جانب میگا ایونٹ کے 45 ویں میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں شام ساڑھے پانچ بجے اولڈ ٹریفورڈ میں مدمقابل ہوں گی۔ آسٹریلیا اور بھارت دونوں ٹیمیں ہی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

    پوائنٹس اسکورننگ ٹیبل پر 8 میچز میں سے 7 میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ بھارت 8 میں سے 6 میچز جیت کر ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں اپنے تمام 9 میچز کھیل چکی ہیں لیکن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیوں کا ایک، ایک میچ باقی ہے جو آج کھیلا جائے گا۔

    بھارت کی ٹیم سری لنکا کو میچ میں ہرا دیتی ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 15 ہوجائے گی اور وہ پہلی پوزیشن پر آجائے گی اس کے بعد سیمی فائنل میچوں کا فیصلہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے نتیجے پر ہوگا۔

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: نیوزی لینڈ اورآسٹریلیا آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: نیوزی لینڈ اورآسٹریلیا آج مدمقابل ہوں گے

    لارڈز: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے اہم میچ میں آج نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    نیوزی لینڈ کے پاس شاندار موقع ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔

    آسٹریلیا کی ٹیم اب تک سات میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 6 میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبرپر ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کو ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک سات میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے ان کو پانچ میچز میں کامیابی ملی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور ایک میچز بارش کی نذر ہوگیا۔ اس طرح نیوزی لینڈ ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ‌ کو 64 رنز سے شکست، کینگروز کی سیمی فائنل میں‌ رسائی

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ‌ کو 64 رنز سے شکست، کینگروز کی سیمی فائنل میں‌ رسائی

    لندن: ورلڈ کپ 2019 کے 32ویں میچ میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے دی، کپتان ایرون فنچ کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دئیے جانے والے 286 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم 9 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بین اسٹوکس کے 89 رنز بھی انگلینڈ کو شکست سے بچاسکے۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گر گئیں، جیمز ونس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ جو روٹ کو مچل اسٹارک نے 8 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

    جونی بریسٹو نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان اوئن مورگن صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بٹلر 25 اور معین علی 6 رنز پر ہمت ہار گئے۔

    بین اسٹوکس کی 89 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، کرس ووکس 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عادل رشید 25 رنزبنا کر ناقابل شکست رہے.

    آسٹریلیا کے بھینڈروف نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل اسٹارک نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکس اسٹونس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف دیا تھا، کرس ووکس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلوی اوپنر نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے شاندار آغاز فراہم کیا، کینگروز کی پہلی وکٹ 123 رنز پر گری جب ڈیوڈ وارنر 53 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔

    عثمان خواجہ 23 رنز بنا کر بین اسٹوکس کا شکار بنے، گلین میکسویل آج پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اسٹیو اسمتھ نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

    مارک اسٹونس 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کینگروز کپتان ایرون نچ نے شاندار سنچری اسکور کی، پیٹ کمنز ایک رن بنا کر ووکس کا شکار بنے۔

    وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری 38 اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جوفرا آرچر، مارک ووڈ، بین اسٹوکس اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 میں آج انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لارڈز کے میدان میں آمنے سامنے ہیں۔ لارڈز میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور میچ بارش کی نذر ہونے کا امکان ہے۔

    اگر میچ بارش کی نذر ہوگیا تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ بارش کے باعث میچ نہ ہونے کی صورت میں انگلینڈ کو اپنے بقیہ دونوں میچز جیتنا ہوں گے ورنہ اس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات معدوم ہوسکتے ہیں۔

    آسٹریلیا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے اور ایک میچ میں شکست کے بعد گینگروز 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ اسکورننگ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہیں۔

    میزبان انگلینڈ نے میگا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور 2 میچز میں شکست کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں آئن مورگن (کپتان)، جونی برسٹو، جیمز ونس، جو روٹ، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، معین علی، کرس ووکس، عادل رشید، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

    آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، گلین میکس ویل، الکس کرے، جیسن بہرنڈورف، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: انگلینڈ اورآسٹریلیا آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: انگلینڈ اورآسٹریلیا آج مدمقابل ہوں گے

    لندن: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج میزبان انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    انگلینڈ اور آسٹریلیا کا میچ بارش کی نظر ہونے کا امکان ہے، اگر میچ بارش کی نظرہوگیا تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ بارش کے باعث میچ نہ ہونے کی صورت میں انگلینڈ کو اپنے بقیہ دو میچز جیتنا ہوں گے، ورنہ سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات معدوم ہوسکتے ہیں۔

    آسٹریلوی ٹیم ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے اور ایک میچ میں شکست کے بعد گینگروز 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ اسکورننگ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

    میزبان انگلینڈ نے میگا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور دو میچز میں شکست کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پرچوتھے نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔