Tag: آسٹریلیا

  • ورلڈ کپ میں کپتان کون ہوگا، مکی آرتھر نے بتادیا

    ورلڈ کپ میں کپتان کون ہوگا، مکی آرتھر نے بتادیا

    لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑی فٹ اور ورلڈ کپ کے لیے تیار ہیں،ون ڈے سیریز سے کئی مثبت چیزیں سامنے آئیں، عابد علی کی کارکردگی نے بہت متاثر کیا، ورلڈ کپ اسکواڈ سے متعلق ہم بہت کلیئر ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے ہمارے پاس ہرکھلاڑی کا انفرادی منصوبہ تیار ہے،انگلینڈ میں بھرپور تیاری کریں گے، تمام اہم کھلاڑیوں کو فٹنس کے معیار پر پورا اترنا ہوگا، فٹنس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا ۔

    انہوں نے کہا کہ آسٹریلیاسے سیریزمیں5-0 سے شکست مایوس کن ہےلیکن دورے میں پانچ سنچریاں بنیں، آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا تاکہ ٹیلنٹ کو دیکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز سے کئی مثبت چیزیں سامنے آئیں، عابد علی کی کارکردگی نے بہت متاثر کیا،

    قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل 11 میچز ملیں گے، انگلینڈ میں بھرپور تیاری کریں گے، تمام اہم کھلاڑیوں کو فٹنس کے معیار پر پورا اترنا ہوگا، فٹنس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، وہ ہمیشہ پہلی ترجیح ہے۔مکی آرتھر نے کہا کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی پیش کریں، ہمیں اس پر کام کرنا ہے، آئندہ 2 روز میں سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھیں گے اور کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ 14 اپریل کو ہوگا۔

    مکی آرتھر نے کہا کہ سرفراز احمد فرسٹ چوائس وکٹ کیپر ہیں اور وہ پاکستان ٹیم کے کپتان ہیں ،جب کہ محمد عامر بڑے میچ کا بولر ہے، اس کی فارم اچھی نہیں تھی،محمد عامر کی قومی اسکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ انضمام الحق کے ساتھ نشست میں ہوگا۔مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل سے متعلق ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کا رویہ دورے میں اچھا رہا اس نے متاثر کرنے کے لیے بہت محنت کی تاہم ان کا واقعہ بھی مجھے میڈیا منیجر نے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی ہمارے ساتھ کافی عرصے سے ہیں ان کے رویے میں فرق واضح ہے، بدقسمتی سے عمر اکمل دورے میں بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔

    آسٹریلیا کے خلاف سیریز کےلئے شامل کیے جانے والے نئے کرکٹرز کو ماضی میں اس طرح کی ٹریننگ کے مواقعے نہیں ملے اس لیے معیار کا فرق بھی نظر آیا، ورلڈ کپ کے امیدواروں کی فٹنس کو لاہور میں جانچا جائے گا،جلد ہی معاون کو چز کے ساتھ ملاقات میں کھلاڑیوں کے مسائل اور ان میں بہتری لانے کے امکانات پر بات کروں گا۔

  • درد مند کسان پیاسے جانوروں کو بچانے کے لیے کوشاں

    درد مند کسان پیاسے جانوروں کو بچانے کے لیے کوشاں

    آسٹریلیا میں پایا جانے والا گلہری کا ہم شکل جانور کوالا موسمیاتی تغیرات اور سخت گرمی کے باعث پیاس کے ہاتھوں بے حال ہے، ایسے میں ایک کسان ان معصوم جانوروں کی پیاس بجھانے کے لیے کوشاں ہے۔

    کوالا کو بھالو کی نسل سے سمجھا جاتا ہے لیکن یہ ایک کیسہ دار (جھولی والا) جانور ہے اور کینگرو کی طرح اس کے پیٹ پر بھی ایک جھولی موجود ہوتی ہے جہاں اس کے نومولود بچے پرورش پاتے ہیں۔

    کوالا کی بنیادی خوراک یوکلپٹس (درخت) کے پتے ہیں جو ان کے جسم کو نہ صرف توانا رکھتا ہے بلکہ ان کے جسم کو درکار پانی کی بے تحاشہ ضرورت کو بھی پورا کرتا ہے۔ تاہم موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج کے باعث یوکلپٹس کی پیداوار میں کمی آرہی ہے۔

    یوکلپٹس کے تازہ پتوں میں پرانے پتوں کی نسبت زیادہ نمی ہوتی ہے لہٰذا کوالا بہت شوق سے یوکلپٹس کے تازہ پتے کھاتے ہیں۔

    تاہم اس درخت کی پیداوار میں کمی سے ایک تو تازہ پتوں کی بھی کمی واقع ہورہی ہے، دوسری جانب کلائمٹ چینج کے اثرات کے باعث نئے یوکلپٹس کے پتے پہلے کی طرح ترو تازہ اور نمی سے بھرپور نہیں ہوتے جو کوالا کی پیاس بجھانے سے قاصر رہتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق یہ کوالا کے لیے ایک سنگین صورتحال ہے جس کی وجہ سے یہ جانور پیاس کی شدت سے مر رہے ہیں۔ ان کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں اب 1 لاکھ سے بھی کم کوالا رہ گئے ہیں۔

    دوسری جانب موسم گرما کی شدت میں اضافہ اور ہیٹ ویوز بھی ان معصوم جانوروں کے لیے مزید زحمت ثابت ہوتا ہے اور اس موسم میں ان کی اموات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

    ایک کسان روبرٹ نے ان جانوروں کے لیے پانی کے ذخائر بنانے شروع کردیے ہیں۔ اس کسان نے یونیورسٹی آف سڈنی کے اشتراک سے اسٹیل کے بڑے برتن میں پانی رکھنا شروع کیا ہے جس میں پانی کی فراہمی ایک الیکٹرک موٹر کے ذریعے رواں رہتی ہے۔

    وہ بتاتے ہیں کہ بعض اوقات کوالا اتنے پیاسے ہوتے ہیں کہ گھنٹوں تک پانی پیتے رہتے ہیں۔ پانی کے یہ ذخائر درختوں کے قریب نصب کیے جارہے ہیں۔

    دوسری جانب کوالا کے لیے پانی رکھنے کے حوالے سے آگاہی مہمات بھی چلائی جارہی ہیں۔ لوگوں کو بتایا جارہا ہے، کہ ’اگر ان معصوم جانوروں کو پانی نہ ملا تو یہ پلک جھپکتے میں غائب (معدوم) ہوجائیں گے‘۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کوالا کو لاحق ان خطرات کے باعث یہ معصوم جانور سنہ 2050 تک معدوم ہوسکتا ہے۔

  • ون ڈے سیریز، آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    ون ڈے سیریز، آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    دبئی: آسٹریلیا نے پاکستان کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کردیا، حارث سہیل کی 130 رنز کی اننگز بھی پاکستان کو پانچویں ون ڈے میچ میں شکست سے نہ بچاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچویں ون ڈے میچ میں بھی 20 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا، 328 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز ہی بناسکی، جیسن بینڈروف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان کی پہلی وکٹ ایک رن پر گری جب چوتھے ون ڈے میچ میں سینچری بنانے والے عابد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، شان مسعود نے 54 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی انہیں زمپا نے آؤٹ کیا۔

    حارث سہیل نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد رضوان 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عمر اکمل 43 رنز بنا کر لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، سعد علی 4 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

    قائم مقام کپتان عماد وسیم نے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یاسر شاہ 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

    آسٹریلیا کے جیسن بینڈروف نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیون، رچرڈسن، ایڈم زمپا اور میکسویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے پانچویں ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 328 رنز کا ہدف دیا، گلین میکسویل نے برق رفتار نصف سنچری اسکور کی۔

    آسٹریلوی اوپنرز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا، کینگروز کی پہلی وکٹ 134 رنز پر گری جب ایرون فنچ 53 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عثمان خواجہ نے 98 رنز بنائے۔

    شان مارش 61 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر عابد علی کو کیچ دے بیٹھے، آل راؤنڈر اسٹونس 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گلین میکسویل نے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ جنید خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر کینگروز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے محمد حسنین کی جگہ محمد عباس کو شامل کیا گیا ہے۔

    آسٹریلوی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر کالٹر نیل کی جگہ جیسن بینڈروف کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا ون ڈے سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے، کینگروز کو سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل ہے۔

  • پاک آسٹریلیا سیریز، پاکستان کی مشکلات میں‌ اضافہ، آئی سی سی نے جرمانہ عائد کر دیا

    پاک آسٹریلیا سیریز، پاکستان کی مشکلات میں‌ اضافہ، آئی سی سی نے جرمانہ عائد کر دیا

    دبئی: آسٹریلیا کے ہاتھوں لگاتار چار میچز ہارنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں‌مزید اضافہ ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دبئی میں کھیلے جانے والے پاکستان آسٹریلیا سیریز کے چوتھے ون ڈے میں‌ پاکستان نے فتح‌ پلیٹ میں رکھ کر آسٹریلیا کو پیش کر دی تھی.

    عابد علی اور محمد رضوان کی سنچریوں کے باوجود آسٹریلیا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی، عمر اکمل 7 اور عماد وسیم 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، کینگروز کو سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    البتہ پریشانیوں کی کہانی یہیں تمام نہیں ہوتی، اب سلو اوورریٹ پر بھی قومی کرکٹ ٹیم پر جرمانہ عائد ہوگیا ہے.

    آئی سی سی کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم کو سلواوورریٹ پرجرمانہ کیا گیا، کھلاڑیوں کومیچ فیس کا10 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے.

    چوتھا ون ڈے، عابد علی اور رضوان کی سنچریاں رائیگاں، آسٹریلیا کی 6 رنز سے کامیابی

    پاکستان کرکٹ ٹیم نےمقررہ وقت میں ایک اوورکم کیا تھا، جس کی وجہ سے یہ جرمانہ کیا گیا. کپتان عمادوسیم کو سلو اوور ریٹ پرمیچ فیس کا20 فی صد جرمانہ ہوگیا.

    خیال رہے کہ سیریز میں کپتان سرفراز احمد کو آرام دیا گیا اور شعیب ملک کو کپتانی سونپی گئی، البتہ تین میچز کے بعد وہ ان فٹ ہوگئے، جس کے بعد عماد وسیم نے کپتانی کی. ٹیم ذرائع کے شعیب ملک کی آخری میچ میں شرکت بھی مشکوک ہے.

  • عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات قابل فخر ہیں: آسٹریلین ہائی کمشنر

    عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات قابل فخر ہیں: آسٹریلین ہائی کمشنر

    کراچی: آسٹریلین ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات قابل فخر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے تحت بریک فاسٹ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے مس مارگیٹ ایڈمسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پی ایس ایل زبردست کامیاب ایونٹ بن گیا ہے، امید ہے نا صرف آسٹریلیا بلکہ دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔

    آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے تعلقات قیام پاکستان کے فورا بعد سے ہی قائم ہو گئے تھے، اسٹاف کالج کوئٹہ سے ہمارے تعلقات قیام پاکستان سے پہلے 1910 سے ہیں، ایک پاکستانی نژاد خاتون بھی آسٹریلین پارلیمنٹ کی رکن ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم کاروبار، تعلیم، صحت، زراعت، ڈیری، پانی کے استعمال میں کفایت شعاری، دفاع، انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے، پاکستانی کھلاڑی نے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کو دوبارہ ٹاپ پر لانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔

    مس فارن مارگیٹ ایڈمسن نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ بہت زبردست اور کامیاب ایونٹ بن گیا ہے جس میں عالمی کھلاڑی بھی شامل تھے، پی ایس ایل عالمی کرکٹ کو پاکستان واپس لانے میں اہم کردار ادا کرے گی، ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان سے بھی دنیا کو پاکستان کے بارے میں مثبت پیغام ملا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے اب نا صرف آسٹریلیا بلکہ دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔

    اس موقع پر کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے چیئرمین اکرام سہگل نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال بہت بہتر ہوئی ہے، بھارت واحد ملک ہے جو افغانستان سمیت پورے خطے میں امن نہیں چاہتا، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے ضرورت ہے۔

  • چوتھا ون ڈے، عابد علی اور رضوان کی سنچریاں رائیگاں، آسٹریلیا کی 6 رنز سے کامیابی

    چوتھا ون ڈے، عابد علی اور رضوان کی سنچریاں رائیگاں، آسٹریلیا کی 6 رنز سے کامیابی

    دبئی: چوتھے ون ڈے میچ میں عابد علی اور محمد رضوان کی سنچریوں کے باوجود آسٹریلیا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی، عمر اکمل 7 اور عماد وسیم 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، کینگروز کو سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم 278 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بناسکی، محمد رضوان اور عابد علی کی سنچریاں بھی گرین شرٹس کو شکست سے نہ بچاسکیں۔

    عابد علی نے ڈیبیو میچ میں شاندار 112 رنز کی اننگز کھیلی، وہ ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے تیسرے پاکستانی بن گئے، ان سے پہلے سلیم الٰہی اور امام الحق ڈیبیو میچ میں سنچری اسکور کرچکے ہیں۔

    پاکستان کی پہلی وکٹ صفر پر گری جب شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، حارث سہیل 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔

    عمر اکمل 7 رنز بنا کر بولڈ ہوئے، سعد علی نے 7 رنز بنائے، کپتان عماد وسیم ایک رن بنا کر رچرڈسن کی گیند پر مارش کو کیچ دے بیٹھے۔

    آسٹریلیا کے کالٹر نیل نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، رچرڈسن، نیتھن لیون اور زمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 278 رنز کا ہدف دیا، عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 56 رنز پر گری، ایرون فنچ 39 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، عثمان خواجہ 62 رنز بنا کر یاسر شاہ کا نشانہ بنے، شان مارش 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    ہینڈکومب 7 اور اسٹونس 2 رنز بناسکے، ابتدائی پانچ وکٹیں 140 رنز پر گرنے کے بعد گلین میکسویل اور ایلکس کیری نے شاندار پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    میکسویل نے شاندار 98 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ایلکس کیری 55 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، پاکستان کے عماد وسیم، محمد حسنین اور یاسر شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ دبئی میں کھیلا جارہا ہے۔ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    کپتان شعیب ملک انجری کے سبب چوتھے ون ڈے سے باہر ہوچکے ہیں، ان کی جگہ عماد وسیم ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ شعیب ملک کی جگہ سعد علی ڈیبیو کریں گے جبکہ امام الحق کی جگہ اوپنر عابد علی بھی ڈیبیو کریں گے۔

    مہمان ٹیم آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف سیریز میں 0-3 کی برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے دو روز قبل پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں 80 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز اپنے نام کی تھی۔

    مزید پڑھیں: کینگروز نے شاہینوں‌ کو 80 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

    مہمان ٹیم کے کپتان نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جس میں 5 چوکے اور چھکا بھی شامل تھا، میکسویل نے بھی 55 گیندوں پر 71 رنز بنا کر آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    پاکستان کی جانب سے امام الحق 46، عماد وسیم 43، عمر اکمل 36 اور شعیب ملک 32 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

    اس سے قبل پاکستان ٹیم کا باؤلنگ اٹیک ابتدائی دونوں ون ڈے میچز میں بھی بری طرح ناکام رہا تھا، کینگروز نے دونوں میچ 8، 8 وکٹوں سے اپنے نام کیے تھے۔

  • تیسرا ون ڈے، کینگروز نے شاہینوں‌ کو 80 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

    تیسرا ون ڈے، کینگروز نے شاہینوں‌ کو 80 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

    ابوظبی: آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں 80 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، کپتان ایرون فنچ نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، امام الحق 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے شاہینوں کو 80 رنز سے شکست دے دی، 267 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، عماد وسیم نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، عمر اکمل اور شعیب ملک بالترتیب 36 اور 32 رنز بناسکے۔

    آسٹریلیا کے لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    قبل ازیں ابوظبی میں کھیلے جانے ولاے تیسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے اور گرین شرٹس کوجیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا، ایرون فنچ 90 اور گلین میکسویل نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔

    آسٹریلیا کی پہلی وکت صفر پر گری جب عثمان خواجہ بغیر کوئی رن بنائے شنواری کی گیند پر بولڈ ہوگئے، 20 رنز پر کینگروز کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا 14 رنز بنا کر شان مارش بھی پویلین لوٹ گئے۔

    ایرون فنچ اور ہینڈز کومب نے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا، فنچ 90 اور ہینڈکومب 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسٹونس کو 10 رنز پر عماد وسیم نے پویلین روانہ کیا۔

    گلین میکسویل نے شنواری کی گیند پر امام الحق کی جانب سے کیچ ڈراب ہونے کے بعد 71 رنز کی اننگز کھیلی، کیری 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری، عماد وسیم، یاسر شاہ، حارث سہیل اور جنید خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، محمد حسنین کافی مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے 5 اوورز میں 50 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

    قبل ازیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز ابو ظہبی میں کھیلی جارہی ہے، تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ٹاس جیتتا تو میں بھی بیٹنگ کرتا، پاکستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عثمان شنواری اور جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محمد حسنین ٹیلنٹڈ بالر ہیں، امید ہے حسنین فٹ رہے گا اور اچھی کارکردگی دکھائے گا۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں پیٹ کمنز اور جیسن بھنڈروف کو شامل کیا گیا ہے۔

    پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان ٹیم کا باؤلنگ اٹیک ابتدائی دونوں ون ڈے میچز میں بری طرح ناکام رہا، کینگروز نے دونوں میچ 8، 8 وکٹوں سے اپنے نام کیے۔

  • پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا

    پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا

    ابوظہبی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ کل شیخ زید کرکٹ اسٹیدیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔

    مہمان ٹیم آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

    پاکستان ٹیم کا باؤلنگ اٹیک ابتدائی دو ون ڈے میچوں میں بری طرح ناکام رہا، کینگروز نے دونوں میچ 8،8 وکٹوں سے اپنے نام کیے۔

    آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں محمد عباس اور یاسر شاہ کو ڈراپ کرکے جنید خان اور عثمان شنواری کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔

    آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ پاکستان سے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

    اس سے قبل دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر جھائے رچرڈسن زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوگئے تھے، ان کی ورلڈکپ میں بھی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

    فہیم اشرف آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بقیہ تین میچز سے باہر

    یاد رہے کہ 24 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے فہیم اشرف کو آسٹریلیا کے خلاف بقیہ تین ون ڈے میچز میں آرام کرانے کا فیصلہ کیا تھا، فیصلہ ورلڈ کپ سے قبل اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کے لیے کیا گیا۔

  • شارجہ ون ڈے، ایرون فنچ کی شاندار سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

    شارجہ ون ڈے، ایرون فنچ کی شاندار سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

    شارجہ: آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں کپتان ایرون فنچ کی شاندار سنچری کی بدولت 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، فنچ شاندار کارکردگی پر مرد بحران قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 281 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان کرلیا، ایرون فنچ 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پانچ میچوں سیریز میں آسٹریلیا کو 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 63 رنز پر گری جب عثمان خواجہ 24 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد فنچ اور شان مارش کے درمیان 172 رنز کی شراکت قائم ہوئی، فنچ 116 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    شان مارش نے ناقابل شکست 91 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کے محمد عباس اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

     شارجہ میں کھیلے جانے والے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دے دیا، عمر اکمل نے 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

    شعیب ملک نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری جب امام الحق کرس لیون کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ڈیبیو کرنے والے شان مسعود نے 40 رنز بنائے۔

    عمر اکمل 50 گیندوں پر 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے تین بلند و بالا چھکے لگائے، قائم مقام کپتان شعیب ملک 11 رنز بنا کر میکسویل کی گیند پر بولڈ ہوئے، فہیم اشرف 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    حارث سہیل نے کیریئر کی پہلی شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ناقابل شکست 101 رنز بنائے، عماد وسیم نے جارحانہ 28 رنز کی اننگز کھیلی۔

    آسٹریلیا نے کولٹر نیل نے دو وکٹیں حاصل کیں، اسپنرز میکسویل اور کرس لیون کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور شان مسعود پاکستان کی طرف سے ڈیبیو کیا۔ پاکستان کی ٹیم کپتان شعیب ملک، امام الحق، شان مسعود، عمراکمل، حارث سہیل، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد عامر، فہیم اشرف، محمد عباس اور یاسر شاہ پر مشتمل ہے۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان ایرون فنچ، شان مارش، عثمان خواجہ، پیٹر ہینڈ سکومب، کین رچرڈسن، گلین میکسویل، جیسن بہرنڈوف، ایڈم زمپا اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا موقع ملے گا، کینگروز کے بعد انگلش ٹیم کے خلاف سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔

    پاکستان ٹیم نے شارجہ کے میدان میں گزشتہ روز بھرپور پریکٹس بھی کی تھی، قومی ٹیم کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ سرفراز احمد کو آرام کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل شعیب ملک کی قیادت میں 38 ایک روزہ میچز کھیلے گئے جس میں سے 25 میں وہ فتحیاب ہوئے جبکہ 13 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس حساب سے ان کی فتح کا تناسب عمدہ ہے۔

  • کرائسٹ چرچ سانحہ، پاکستانیوں کے ساتھ تعاون پر زلفی بخاری کا آسٹریلوی ہائی کمشنر کا شکریہ

    کرائسٹ چرچ سانحہ، پاکستانیوں کے ساتھ تعاون پر زلفی بخاری کا آسٹریلوی ہائی کمشنر کا شکریہ

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق ذوالفقار بخاری سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی، انھوں نے نیوزی لینڈ حملوں میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ رابطے میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

    آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے زلفی بخاری کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان سے 15 لوگوں کو نیوزی لینڈ بھجوایا گیا ہے۔

    زلفی بخاری نے کہا کہ شہیدوں کے اہلِ خانہ کے لیے ٹرانزٹ ویزا دینے پر آسٹریلیا کے شکر گزار ہیں، نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملے افسوس ناک ہیں، دکھ کی گھڑی میں پاکستان نیوزی لینڈ کے ساتھ کھڑا ہے۔

    معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ حملہ آور درندہ صفت انسان تھا، تاہم ہمیں نفرت انگیز رویوں کو شکست دینی ہے، وزیر اعظم نیوزی لینڈ کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان کا نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر جمعے کے دن 15 مارچ کو حملہ کرنے والا دہشت گرد آسٹریلوی شہری تھا۔

    نسلی نفرت پر مبنی دہشت گردی کے اس افسوس ناک واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت 50 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

    آج وزیرِ اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب جیسنڈرا ایرڈرن کو ٹیلی فون کر کے مسلمانوں کے لیے ان کا رد عمل قابل تعریف ٹھہرایا۔