Tag: آسٹریلیا

  • پرتھ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے بھارت کو 146 رنز سے شکست دے دی

    پرتھ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے بھارت کو 146 رنز سے شکست دے دی

    پرتھ: آسٹریلیا نے بھارت کو پرتھ ٹیسٹ میچ میں 146 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی، اسپنر نیتھن لیون کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینگروز نے بھارت کو جیت کے لیے 287 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 140 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کپتان ویرات کوہلی صرف 17 رنز بناسکے۔

    کھیل کے پانچویں اور آخری روز بھارت نے 115 رنز 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو مجموعی اسکور میں صرف 28 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔

    بھارت کے ہانوما ویہاڑی 28 اور رشبا پانت 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اومیش یادیو 2، ایشانت شرما اور جیسپرت بمرا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    مزید پڑھیں: پرتھ ٹیسٹ : بھارت 283 رنز پر آؤٹ، آسٹریلیا کو چار وکٹ پر175 رنز کی برتری

    آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون اور مچل اسٹارک نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنس نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر آف اسپنر نیتھن لیون کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 326 اور دوسری اننگز میں 243 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 283 اور دوسری اننگز میں 140 رنز بناسکی۔

    خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 31 رنز سے شکست دی تھی، چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔

  • آسٹریلیا نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا

    آسٹریلیا نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا

    یروشلم : آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا مقبوضہ بیت المقدس کو صیہونی ریاست اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی حکام کی جانب سے بھی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے کہ تاہم آسٹریلوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سفارت خانہ اس وقت یروشلم منتقل کریں گے جب تک امن معاہدہ نہ ہوجائے۔

    اسکاٹ موریسن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا فلسطیینوں کی اپنی ریاست کی خواہش کو بھی تسلیم کرتا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسٹریلوی وزیر اعظم نے سیاست دانوں اور غیر ملکی اتحادیوں سے مشورے کے بعد یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل پیراگوئے اور گوئٹے مالا نے بھی اپنے سفارت خانے تل ابیب سے یروشلم منتقل کردئیے تھے تاہم پیراگوئے نے حکومت تبدیل ہوتے ہی اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں غیور فلسطینیوں نے ناجائز ریاست اسرائیل کی سرحد پر احتجاج کیا۔

    خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے مظاہرین کو پسپا کرنے کےلیے ایک مرتبہ پھر نہتے فلسطینیوں پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا۔

    فلسطینی خبر ایجنسی کا کہنا ہے ک اسرائیلی افواج نے نہتے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور بے دریغ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 60 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے جس میں متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

    مزید پڑھیں : اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ذہنی معذور فلسطینی شہید

    یاد رہے کہ دو روز قبل سرزمین فلسطین پر طویل عرصے سے قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 18 سالہ محمد حسام نامی ذہنی معذور فلسطینی شہید ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : امریکا نے فلسطینی امور کا دفتر متنازع سفارت خانے میں‌ منتقل کردیا

    واضح  رہے کہ گذشتہ برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بین الاقوامی سطح پر اس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب انہوں نے برسوں سے جاری امریکی پالیسی کو بدل کو مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا جبکہ رواں سال مئی میں امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کردیا تھا۔

  • آسٹریلیا کا 3 ہزار پونڈ وزنی اور 6 فٹ زیادہ اونچا بیل کنیکرز

    آسٹریلیا کا 3 ہزار پونڈ وزنی اور 6 فٹ زیادہ اونچا بیل کنیکرز

    سڈنی : آسٹریلیا میں ایسا بیل بھی موجود ہے جو آسٹریلیا کا سب سے بڑا اور وزنی بیل ہے، جس کی اونچائی 6 فٹ 4 انچ اور وزن تقریباً 3 ہزار پونڈ سے زائد ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی 7 سالہ گائے ہولسٹین فراسٹٰن نامی نسل ہے جس میں عموماً گائے کی اونچائی 4 فٹ 10 انچ کے قریب ہوتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ طویل القامت گائے کے مالک نے اسے کنیکرز کا نام دیا ہے جس کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹز پر وائرل ہوچکی ہے۔

    آسٹریلوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کنیکرز کو اس کے طویل القامت ہونے کے باعث ہی دوبارہ زندگی ملی ہے، گذشتہ ماہ گائے کے مالک نے اس کو نیلام کرنا چاہا تو گوشت فروخت کرنے والوں نے اسے خریدنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ ’یہ بہت بڑی ہے جسے قابو نہیں کرسکتے‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کنیکرز قصائیوں کے انکار کے بعد بیل پرتھ سے 136 کلومیٹر دور شہر میالپ میں رہتی ہے جہاں وہ باڑے کے دیگر مویشیوں کے ساتھ چارہ کھاتی ہے اور کھانے کے دوران اوپر سے جھانکتی ہوئی دیکھائی دیتی ہے۔

  • چارٹرڈ طیارے کا پائلٹ دورانِ پرواز سوگیا

    چارٹرڈ طیارے کا پائلٹ دورانِ پرواز سوگیا

    سڈنی: آسٹریلیا میں مسافر بردار طیارے کے پائلٹ پر دوران پرواز اچانک نیند طاری ہوگئی جس کے باعث طیارہ ہوائی اڈے سے 46 کلومیٹر آگے نکل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں 9 مسافروں کو لے کر نجی ایئرلائن کا چارٹرڈ طیارہ اڑانے والا پائلٹ نیند کے باعث ڈیون پورٹ سے کنگ آئی لینڈ کے ہوائی اڈے سےایک دو نہیں بلکہ 45 کلومیٹر آگے نکل گیا، جس سے کنٹرول ٹاور پر تشویش پیدا ہوگئی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ چارٹرڈ طیارے میں کل 9 مسافر سوار تھے لیکن کاک پیٹ میں پائلٹ اکیلا تھا جس کی وجہ سے اسے نیند آگئی، خیال رہے کہ پائلٹ کی گزشتہ 24 گھنٹے میں یہ ساتویں پرواز تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آسٹریلین حکام کی جانب سے پائلٹ پر نیند طاری ہونے کے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیاگیا ہے، آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو تمام امور کا باغور جائزہ لے رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پائلٹ پر نیند طاری ہونے کا اندازہ جہاز کے 46 کلومیٹر آگے نکلنے سے ہوا، طیارے کو 240 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا۔لیکن طیارے نے 286 کلومیٹر کا سفر کیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں پائلٹ کی صحت اور آرام سے متعلق بہت سخت قوانین ہیں۔ دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا کہ تھکن سے چورپائلٹ دوبارہ پرواز کے لیے بھیج دیا جائے۔ یہ طیارے کے عملے سمیت مسافروں کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔

    آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کا کہنا ہے کہ پائلٹ کی دوران پرواز نیند سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ آئندہ برس جاری کی جائے گی تاہم اے ٹی ایس بی نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ پائلٹ کی نیند سے آنکھ کیسے کھلی اور اس نے پرواز کو باحفاظت کیسے اتارا۔

    یہاں یہ بھی یاد رہے کہ گذشتہ برس میلبرن سے کنگ آئی لینڈ جانے والا ایک چارٹرڈ طیارہ پرواز کے کچھ دیر بعد حادثے کا شکار ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔

  • پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا

    پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا

    دبئی : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا، تین ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں گرین شرٹس کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے شروع ہوگا۔

    کپتان سرفراز احمد کو یقین ہے وہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی جیت کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلیں گے۔ مایہ ناز آل راؤنڈر عماد وسیم آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک بار پھرشاندار کارکردگی دہرانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    دوسرا ٹی ٹوئنٹی، آسٹریلیا کو شکست، سیریز قومی ٹیم کے نام

    پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی تھی۔

    گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر147 بنائے اور جیت کے لیے آسٹریلیا کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 19 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے بارہ میچز میں پاکستان اور سات میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی ہے۔

  • پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

    پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

    ابوظہبی : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے شروع ہوگا۔

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، فخرزمان، بابراعظم، حسین طلعت، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

    پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے آسٹریلیا سے ایک میچ جیتنا ہوگا جبکہ آسٹریلیا کو رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے پاکستان سے سیریز تین صفر سے جیتنی ہوگی۔

    آسٹریلیا پاکستان کے خلاف 1-2 سے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر بھارت کودوسری پوزیشن سے محروم کرسکتا ہے۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 17 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے دس میچز میں پاکستان اور سات میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی ہے۔

    ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دی تھی جس کے بعد پاکستان نے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-1 سے جیت لی تھی۔

  • یقین تھا اللہ ایک دن کامیابی سے نوازے گا‘ محمد عباس

    یقین تھا اللہ ایک دن کامیابی سے نوازے گا‘ محمد عباس

    سیالکوٹ: پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عباس کا کہنا ہے کہ یہ بتانے میں شرم نہیں میں نے ویلڈنگ اور چمڑے کا کام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف تباہ کن باؤلنگ کرنے والے محمد عباس وطن واپس پہنچے تو سیالکوٹ ایئرپورٹ ان کا شاندار استقبال کیا گیا، محمدعباس کے اہل خانہ اورشہریوں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پرموجود تھی۔

    اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر نے کہا کہ یقین تھا اللہ ایک دن کامیابی سے نوازے گا، بہترین کارکردگی کے بعد ذمےداری مزید بڑھ گئی ہے۔

    محمد عباس نے کہا کہ تحصیل سمبڑیال سے پہلا ٹیسٹ پلیئرہوں، اپنےعلاقے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کروں گا۔

    فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ہرمیچ میں شدید محنت کی ضرورت ہوتی ہے، بیٹی کی سالگرہ ہے، سیریزکی کامیابی اس کے نام کی ہے۔

    ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی

    واضح رہے کہ محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ باؤلر بن گئے۔

  • ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی

    ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی

    ابو ظہبی: پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی جس کے بعد پاکستان نے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-1 سے جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 164 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    آسٹریلیا کی جانب سے چوتھے روز ایرون فنچ اور ٹریوس ہیڈ نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، ٹیم کا مجموعی اسکور 71 رنز بنا تو ٹریویس ہیڈ 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    ایرون فنچ 31، شان مارش 5 اور کپتان ٹم پین بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    آسٹریلوی کھلاڑی مچل اسٹارک 27 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد پیٹرسڈل بھی صرف 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔

    پاکستان کی جانب سے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے محمد عباس نے 4 وکٹیں جبکہ یاسر شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    میچ جیتنے کے بعد پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ بھی بنا لیا۔ رنز کے اعتبار سے یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف سب سے بڑی جیت ہے۔

    اس سے قبل پاکستان نے سنہ 2014 میں آسٹریلیا کو 356 رنز سے شکست دی تھی۔

    گزشتہ روز پاکستان نے ابو ظہبی ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے آخری سیشن میں دوسری اننگز 400 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں محمد عباس نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 جبکہ بلال آصف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ 2 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

    میچ کے بعد شاندار بولنگ پر محمد عباس مین آف دی میچ قرار پائے۔ محمد عباس سیریز کے بھی بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    انہوں نے کہا کہ محنت کر رہا ہوں، ون ڈے کے لیے بھی دستیاب ہوں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عباس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔

    انہوں نے کہا کہ نئے لڑکوں کو بھرپور موقع فراہم کیا جا رہا ہے، محمد عباس کی بولنگ سے دونوں ٹیموں میں فرق ثابت ہوا۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ: شاہینوں نے گینگروز کے گرد شکنجہ کس دیا

    ابوظہبی ٹیسٹ: شاہینوں نے گینگروز کے گرد شکنجہ کس دیا

    ابوظہبی: شاہینوں نے گینگروز کے گرد شکنجہ کس دیا، ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹاکرے میں پاکستان نے مخالف ٹیم پر غلبہ پا لیا.

    تیسرے دن پاکستانی بلے باز چھائے رہے. پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 538 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا.

    بابر اعظم نے 99 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔ کپتان سرفراز احمد نے ایک بار پھر ذمے دارانہ بیٹنگ کی اور 81 رنز اسکور کیے.

    فخر زمان 66، اظہر علی 64 اور  اسد شفیق نے 44 رنز  اسکور کیے۔ انگلش بالر نیتھن لائن نے 4 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا.

    پاکستان نے دوسری اننگز 400 رنز 9 وکٹوں پر ڈیکلیئر کر کے آسٹریلیا کو 538 رنز کا ٹارگیٹ دے دیا.

    دن کے اختتام تک آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز بنائے تھے. یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 282 رنز  اسکور کیے تھے، جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 145 رنز ہی بنا سکی۔


    آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان


    یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا تھا.

    پاکستان اپنی شان دار پرفارمینس کے طفیل جیت کے قریب پہنچ گیا تھا، مگر سنیچری اسکور کرنے والے انگلش بلے باز عثمان خواجہ رکاوٹ بن گئے اور میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا.

  • آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان

    آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان

    لاہور: آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، آل راؤنڈر عماد وسیم انجری سے مکمل صحت یابی کے بعد کم بیک کررہے ہیں۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 24 سے 28 اکتوبر تک ابوظہبی اور دبئی میں کھیلی جائے گی۔

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ کی بھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

    سلیکشن کمیٹی کی جانب سے منتخب کردہ ٹیم میں کپتان سرفراز احمد ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، عماد وسیم، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، حسن علی، وقاص مقصود اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

    چیف سلیکٹر انضمام الحق کے مطابق عماد وسیم کی فٹنس اور فارم کو مانیٹر کرنے کے بعد ان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور وقاص مقصود کی سلیکشن ڈومیسٹک سیزن میں پرفارمنس کی وجہ سے ہوئی ہے۔