Tag: آسٹریلیا

  • آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلیے قومی ٹیم کا اعلان، 2 کھلاڑی ڈیبیو کریں گے

    آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلیے قومی ٹیم کا اعلان، 2 کھلاڑی ڈیبیو کریں گے

    پرتھ: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا، آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عامر جمال اور خرم شہزاد قومی ٹیسٹ ٹیم میں ڈیبیو کریں گے۔

    اس کے علاوہ قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، آغا سلمان، فہیم اشرف، شاہین آفریدی کھیلیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 14دسمبر سے پرتھ کے واکا اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔

  • ویڈیو: آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کی پریکٹس

    ویڈیو: آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کی پریکٹس

    تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا پہنچ چکی ہے قومی ٹیم نے کینبرا میں بھرپور پریکٹس کی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلیا پہنچ چکی ہے سیریز کا باقاعدہ آغاز 14 دسمبر کو پرتھ ٹیسٹ سے ہوگا تاہم اس سے قبل قومی ٹیم 6 دسمبر سے کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔

    پریکٹس میچ کی تیاری کے لیے قومی ٹیم نے گزشتہ روز کینبرا میں کرکٹ گراؤنڈ کا رخ کیا۔

    کھلاڑیوں نے کوچز اور ٹرینرز کی نگرانی میں فزیکل ٹریننگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کی جس کی ویڈیو پی سی بی نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔

     

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کپتان شان مسعود، بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی سمیت اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں نے رننگ کے بعد فیلڈنگ بالخصوص کیچ پکڑنے کی بھرپور پریکٹس کی۔

    آسٹریلیا میں بھی بابر اعظم کے دیوانے، ویڈیو دیکھیں

    ٹریننگ کے دوران ہی بارش اور ژالہ باری شروع ہوئی تو ٹیم کو بیٹنگ اور بولنگ کی پریکٹس انڈور کرنا پڑی۔

  • بھارت بہترین گیم پلان بنانے والی ٹیم کے سامنے ڈھیر ہوگیا، عرفان پٹھان

    بھارت بہترین گیم پلان بنانے والی ٹیم کے سامنے ڈھیر ہوگیا، عرفان پٹھان

    سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان سمجھتے ہیں کہ بھارت کو ورلڈکپ فائنل میں بہتر منصوبہ بندی کرنے والی ٹیم کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

    آئی سی سی عالمی کپ کے فائنل میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد شائقین کرکٹ کے سامنے بھارت کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا نے عبرتناک شکست دی تھی۔ اس ہار کے بعد سابق کرکٹر محمد کیف نے آسٹریلین ٹیم کے حوالے سے عجیب و غریب بیان دیا تھا۔

    کیف کا کہنا تھا کہ میں آسٹریلیا کو چیمپئن نہیں مانتا بھارتی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی وہی چیمپئنز ہیں۔ اب کمنٹیٹر عرفان پٹھان نے آسٹریلیا کی شاندار منصوبہ بندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایک بہترین گیم پلان بنانے والی ٹیم کے سامنے ڈھیر ہوگیا۔

    انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں بہتر منصوبہ بندی کرنے والی ٹیم نے بھارت کو شکست دی، آسٹریلیا کی ٹیم نے بہتر منصوبہ بندی کی ہوئی تھی۔ انھوں نے ٹاس کے آغاز سے ہی پلیننگ کی ہوئی تھی۔

    عرفان پٹھان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ جو منصوبہ بندی کینگروز نے کی کوئی اور ٹیم اس قسم کی منصوبہ بندی کے قریب بھی آسکتی ہے۔

    سابق کرکٹر نے کہا کہ بھارتی ٹیم جڈیجا، سوریہ کمار اور کے ایل راہل آؤٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد پیچھے چلی گئی۔ اس دوران ٹریوس ہیڈ جیسے پلیئرز نے بھی دو اوورز کرائے اور اہم وکٹیں حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ بھارت کو ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ میزبان نے تیسری بار ٹائٹل حاصل کرنے کا موقع گنوایا ہے۔

  • آسٹریلیا کی لگاتار دو شکستوں کے بعد شعیب اختر نے کیا پیش گوئی کی تھی؟

    آسٹریلیا کی لگاتار دو شکستوں کے بعد شعیب اختر نے کیا پیش گوئی کی تھی؟

    دنیائے کرکٹ کے تیز ترین بولرز میں سے ایک شعیب اختر نے آسٹریلوی ٹیم کی لگاتار دو شکستوں کے بعد پیش گوئی کی تھی جو اب بالکل درست ثابت ہوگئی ہے۔

    ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو اس کے ہوم کراؤڈ کے سامنے عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کینگروز کو بھارت کے ہاتھوں ایونٹ کے پہلے میچ میں بری طرح ہزیمت اٹھانا پڑی تھی۔

    بعدازں جنوبی افریقہ نے بھی آسٹریلیا کو تقریبا ون سائیڈڈ مقابلے منیں شکست دی تھی جس کے بعد ان پر تنقید شروع ہوگئی تھی۔ تاہم پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے ان کے حق میں پیشگوئی کی تھی جو صحیح ثابت ہوگئی۔

    راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق پیسر نے 12 اکتوبر کو آسٹریلیا کی ٹیم سے متعلق اپنے پیغام میں یہ دعویٰ کیا تھا مسلسل ہار کے بعد آسٹریلیا اپنا غصہ ساری ٹیموں پر نکال دے گا۔

    ورلڈکپ گروپ اسٹیج کے دوران جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے میچ سے قبل شعیب اختر کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ اگر آسٹریلو ٹیم آج کا میچ بھی ہار گئی تو یہ باقی کے پورے ٹورنامنٹ کے دوران سب پر اپنا غصہ نکالے گی۔

    اب کینگروز نے آئی سی سی ایونٹ کے فائنل میں بھارت کو جس طرح چت کیا ہے اس سے شعیب اختر کی بات دست ثابت ہوگئی ہے، جس کا اظہار انھوں نے کئی ہفتوں قبل اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کیا تھا۔

    واضح رہے کہ احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارتی ٹیم 240 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ جواب میں آسٹریلیا نے 241 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 43ویں اوورز میں پورا کر کے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

  • 10 ملین سے زائد آبادی موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس سے محروم

    10 ملین سے زائد آبادی موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس سے محروم

    10 ملین سے زائد آسٹریلین شہری اس وقت موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سروس سے محروم ہو گئے جب ملک کی دوسری بڑی نیٹ ورک آپریٹر کمپنی کی سروسز کو بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی دوسری بڑی نیٹ ورک آپریٹر سروس کمپنی OPTUS کی سروسز کو مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے بندش کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ٹرین سروس کا آن لائن پیمنٹ آپریشن سسٹم بھی شدید متاثر ہوا۔

    آسٹریلوی حکومت کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نیٹ ورک آپریٹر سروس کمپنی کی خرابی کے باعث موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔

    نیٹ ورک آپریٹر سروس کمپنی کی سی ای او نے ایک انٹرویو کے دوران سائبر حملے کی سختی سے تردید کی تاہم انہوں نے سروسز کی معطلی کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا۔

    سی ای او کا مزید کہنا تھا کہ یہ بہت ہی غیر معمولی واقعہ ہے، ہماری ٹیم اس پر کام کر رہی ہے، بہت جلد اسے حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی معطلی کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے کہا OPTUS کے سافٹ ویئر سسٹم میں مسئلہ ہوا، ہمارا سسٹم بہت مضبوط ہے۔

  • ’اسٹینڈرڈ ہیومن رائٹس یا 2 پوائنٹس‘ نوین الحق کی آسٹریلیا پر طنز

    ’اسٹینڈرڈ ہیومن رائٹس یا 2 پوائنٹس‘ نوین الحق کی آسٹریلیا پر طنز

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے لیے بھارت میں موجود افغانستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نوین الحق نے آسٹریلیا کی ٹیم پر طنز کیا ہے۔

    افغانستان ٹیم کے فاسٹ بولر نوین الحق نے آسٹریلیا کے خلاف 7 نومبر کو شیڈول میچ سے قبل سوشل میڈیا پر طنزیہ پوسٹ شیئر کی ہے۔

    آسٹریلیا نے اسی  سال افغانستان کے ساتھ ہیومن رائٹس کی خلاف ورزی کا کہہ کر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شیڈول 3 میچوں پر مشتمل افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

    آسٹریلوی بورڈ نے موقف اپنایا تھا کہ افغانستان کے خلاف میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی ملازمت اور تعلیم پر پابندی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

    تاہم اب سوشل میڈیا پوسٹ میں نوین الحق نے طنزیہ پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں لکھا کہ آسٹریلیا نے باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کیا اب ورلڈ کپ میں کرکٹ آسٹریلیا کا اسٹینڈ دیکھنا دلچسپ ہو گا۔

    انہوں نے آسٹریلوی ٹیم پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ اسٹینڈرڈ ہیومن رائٹس یا 2 پوائنٹس، خیال رہے کہ آسٹریلیا کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے اگلے میچز اہم ہیں۔

  • زہریلے مشروم سے ہلاکتیں، کھلانے والی خاتون 3 ماہ بعد گرفتار

    زہریلے مشروم سے ہلاکتیں، کھلانے والی خاتون 3 ماہ بعد گرفتار

    میلبورن: آسٹریلیا میں زہریلے مشرومز کی وجہ سے ہلاک ہونے والے تین افراد کے قتل کے الزام میں پولیس نے مشرومز کھلانے والی خاتون کو تین ماہ بعد گرفتار کر لیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں پولیس نے ایک خاتون 49 سالہ ایرن پیٹرسن کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر مشتبہ طور پر گوشت کے سالن میں زہریلے مشروم کھلا کر تین افراد کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    اسکائی نیوز کے مطابق ایرن پیٹرسن نے ہفتہ 29 جولائی کو جنوب مشرقی آسٹریلیا کے ایک چھوٹے سے دیہی قصبے لیونگاتھا میں اپنے گھر پر کھانا پکایا، کھانا کھانے والوں میں خاتون کے سابق ساس سسر ڈان اور گیل پیٹرسن بھی شامل تھے جن کی عمریں ستر ستر سال ہیں، پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ کھانے میں زہریلی کھمبی شامل تھی جسے ڈیتھ کیپس کہا جاتا ہے، اور جو زہریلے مشروم سے متعلق 90 فی صد اموات کے لیے ذمہ دار ہے۔

    مسز پیٹرسن کی بہن 66 سالہ ہیدر ولکنسن اور ان کے شوہر 68 سالہ ریورنڈ ایان ولکنسن بھی کھانے میں شریک تھے، آدھی رات کو چاروں کی طبیعت خراب ہو گئی، گیل پیٹرسن اور ہیدر ولکنسن تقریباً ایک ہفتہ بعد جمعہ 4 اگست کو انتقال کر گئیں۔ جب کہ ڈان پیٹرسن اگلے دن انتقال کر گئے، تاہم ریورنڈ ولکنسن کو بچا لیا گیا جنھیں تاحال اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق ایرن پیٹرسن کو پولیس نے مشروم سینٹر سے گرفتار کیا اور ان کے گھر کی تلاشی سراغ رساں کتوں کی مدد سے لی جائے گی، گرفتار ہونے والی ایرن پیٹرسن مسلسل یہی کہتی رہیں کہ انھوں نے کچھ نہیں کیا، اگست میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ مشرومز ایک اسٹور سے لائی تھیں اور ان کا زہریلا ہو جانا محض حادثہ تھا۔

    انھوں نے ایک بیان میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں ایک بار پھر یہ کہتی ہوں کہ جن لوگوں سے میں محبت کرتی ہوں ان کو نقصان پہنچانے کی میرے پاس کوئی وجہ نہیں۔‘

    وکٹوریہ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ 2 نومبر کو ایک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان پر تین افراد کے قتل کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

  • ورلڈکپ: آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی

    ورلڈکپ: آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی

    ورلڈ کپ کے 27ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی۔

    دھرم شالہ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 389 رنز کے تعاقب مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 383 رنز بناسکی۔

    نیوزی لینڈ نے شاندار مقابلہ کیا میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا، نیوزی لینڈ ورلڈ کپ کا سب سے بڑے اسکور کے تعاقب میں صرف 6 رنز پیچھے رہا، مچل اسٹارک نے آخری اوور میں 19 رنز کا دفاع کیا۔

    راچن رویندرا نے 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈیرل مچل 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جمی نیشم کی 58 رنز کی طوفانی اننگز بھی کیویز کو شکست سے نہ بچاسکی۔

    آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 49.2 اوور میں 388 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 389 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    آسٹریلیا کے اوپنر نے  نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار آغاز کیا،  اوپنر ٹریوس ہیڈ نے شاندار سنچری بنائی اور 109 رنز  پر آؤٹ ہوگئے جبکہ ڈیوڈ وارنر 81، مکیسویل 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    اس کے علاقہ جوش انگلس38، پیٹ کمنز 37، مچل مارش نے 36 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کے گلین فلپس اور ٹرینٹ بولٹ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل سینٹنر نے 2، میٹ ہنری اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ لی۔

    اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ تیسرے جب کہ آسٹریلیا چوتھے نمبر پر ہے، آسٹریلیا کو یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔

  • آسٹریلیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 3 بچوں سمیت 4 ہلاک، سنسنی خیز آڈیو سامنے آ گئی

    آسٹریلیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 3 بچوں سمیت 4 ہلاک، سنسنی خیز آڈیو سامنے آ گئی

    کینبرا: آسٹریلیا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے، طیارہ تباہ ہونے سے قبل پائلٹ سے ہونے والی گفتگو کی ایک سنسنی خیز آڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی شہر کینبرا سے اڑان بھرتے ہی ایک چھوٹا طیارہ ساؤتھ ویلز جاتے ہوئے ایک جھیل کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار دادا اپنے تین پوتے پوتیوں سمیت ہلاک ہو گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کینبرا سے اڑان بھرتے ہی طیارے میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کے سبب حادثہ رونما ہوا، یہ واقعہ جمعہ کی سہ پہر 3 بجے کے قریب پیش آیا، جب دیہی فائر سروس کے افسران نے جائے وقوع پہنچ کر آگ پر قابو پایا تو چار سیٹوں والا طیارہ سیرس پوری طرح تباہ ہو چکا تھا۔

    مقامی پولیس نے جاری بیان میں کہا کہ طیارہ کینبرا کے ہوائی اڈے سے تقریباً ڈھائی بجے اڑا تھا اور اس میں چار افراد سوار تھے، حادثے کے بعد کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ 65 سالہ شخص ایک تجربہ کار پائلٹ تھا، جو اپنے 11 سالہ پوتے اور اپنی نو اور چھ سال کی دو پوتیوں کے ساتھ چار سیٹوں والے سیرس ایس آر 22 پر سوار تھا۔

    ایک سنسنی خیز آڈیو نے اُس لمحے کو اپنی گرفت میں لیا جب ہوائی ٹریفک کنٹرولرز نے پائلٹ تک پہنچنے کی کوشش کی، تاہم دوسری طرف ریڈیو پر خاموشی چھا گئی تھی۔ یہ آڈیو ڈیلی میل نے حاصل کی ہے۔ اڑان بھرنے کے لیے جیسے ہی کلیئر کا اشارہ دیا گیا، پائلٹ نے ’’کاپی‘‘ کہا اور ٹیک آف کیا۔

    اڑان بھرنے کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے پائلٹ سے کہا ’’نیویگیشن دوبارہ شروع کریں اور کولین تک براہ راست پرواز کریں۔‘‘ پائلٹ نے جواب دیا ’’ڈائریکٹ، کولن، مائیک سیرا فاکسٹروٹ۔‘‘ تاہم یہ پیغام آخری ثابت ہوا، کینبرا ٹریفک کنٹرولر کی جانب سے بار بار پوچھا جاتا رہا کہ جواب دیں لیکن ’مائیک سیرا فاکسٹروٹ‘ نامی طیارے سے کوئی جواب نہیں ملا۔

  • خاتون کے دماغ میں سانپوں میں پایا جانے والا کیڑا دیکھ کر سرجن حیران

    خاتون کے دماغ میں سانپوں میں پایا جانے والا کیڑا دیکھ کر سرجن حیران

    کینبرا: آسٹریلیا میں رہنے والی ایک 64 سالہ انگریز خاتون کے دماغ سے نیورو سرجن نے ایک زندہ 8 سینٹی میٹر (3 انچ) طفیلی کیڑا نکالا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں ایک نیوروسرجن ایک خاتون کے دماغ میں ایک ایسا کیڑا دیکھ کر حیران رہ گئی جو عام طور پر سانپوں میں پایا جاتا ہے۔

    یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس بتایا جا رہا ہے، اس سے قبل کبھی کسی انسان کے دماغ سے پائتھن سانپ میں پایا جانے والا کیڑا نہیں دیکھا گیا۔ نیورو سرجن ڈاکٹر ہری پریا باندی نے اپنی مریضہ کے دماغ سے برین سرجری کے دوران آٹھ سینٹی میٹر لمبا پیراسائٹ راؤنڈ ورم نکالا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ آپریشن گزشتہ برس کینبرا کے ایک اسپتال میں انجام دیا گیا تھا، سرجری کے دوران مریض کے خراب فرنٹل لوب سے ایک دھاگا نما چیز نکالی گئی تو سرجن ڈاکٹر ہری پریا باندی کے مطابق اسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے کیوں کہ انھیں اس کی بالکل بھی توقع نہیں تھی۔

    64 سالہ خاتون کو کئی مہینوں سے پیٹ میں درد، کھانسی اور رات کو پسینہ آنے جیسی علامات کا سامنا تھا، اس کے بعد اس کی یادداشت بھی کمزور ہونے لگی اور افسردگی کا شکار رہنے لگی۔ جب ایم آئی آر اسکین کیا گیا تو دماغ کے آگے والے حصے میں ایک غیر معمولی زخم نظر آیا، جس کا بعد میں پتا چلا کہ یہ دراصل راؤنڈ ورم تھا جسے اوفیڈاسکیریز رابرٹسی کہا جاتا ہے اور جس کے بارے میں محققین کا کہنا ہے کہ یہ کینگروز اور سانپوں کی ایک قسم پائتھن میں پایا جاتا ہے، دماغ سے برآمد ہونے والے کیڑے کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹنگ کے ذریعے کی گئی۔

    ڈاکٹرز کا خیال ہے کہ مریضہ چوں کہ ایک جھیل کے قریب رہتی ہے، جہاں پائتھن سانپ پائے جاتے ہیں، وہاں گھاس اکٹھے کرتے ہوئے اس نے کوئی تنکا چبایا ہوگا جس سے وہ متاثر ہوئی۔ ڈاکٹرز کے مطابق کسی سانپ نے طفیلی کیڑے کو اپنے فضلے میں خارج کیا ہوگا جو گھاس میں رہ گیا اور مریضہ نے جب اُسے کھایا تو یہ راؤنڈ ورم اس کے جسم کے اندر چلا گیا۔

    خاتون کو جنوری 2021 کے آخر میں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جب اسکین میں نامعلوم غیر معمولی زخم دکھائی دیا، تو جون 2022 میں ڈاکٹر باندی نے بائیوپسی کے لیے اس کا ٹکڑا نکالا جس سے کیڑے کا انکشاف ہوا۔