Tag: آسٹریلیا

  • آسٹریلیا نے بھارت کو زبردست دھچکا دے دیا

    آسٹریلیا نے بھارت کو زبردست دھچکا دے دیا

    سڈنی: آسٹریلوی جامعات نے بھارتیوں کے لئے تعلیم کے دروازے بند کردئیے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی یونیورسٹیوں نے بھارت کی چھ ریاستوں کے طلبا کو ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے، جن ریاستوں کے لئے پابندی عائد کی گئی ہے ان میں اتراکھنڈ، اتر پردیش، گجرات، ہریانہ، پنجاب اور جموں کشمیر شامل ہیں۔

    یوینیورسٹی حکام نے تصدیق کی کہ حکومت ہدایت کے بعد بھارت کی ان چھ ریاستوں کے لئے ویزہ فراہمی کو عارضی طور پر بند کررہے ہیں۔

    آسٹریلیا کی وزارت داخلہ نے انکشاف کیا کہ ان ریاستوں کے طلبا کی جانب سے دی گئی زیادہ تر درخواستیں حقائق کے منافی اور جعلی ہیں، جس کے پیش نظر یونیورسٹیوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یہ پابندی کم از کم دو ماہ تک جاری رکھی جائے۔

    اس سلسلے میں فیڈریشن یونیورسٹی اور ویسٹرن سڈنی یونیورسٹیوں نے ایجوکیشن ایجنٹس کو تازہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مذکورہ پانچ ریاستوں کے طلبا کی ویزا درخواستیں قبول نہ کریں۔

    فیڈریشن یونیورسٹی نے انکشاف کیا کہ وہ اس معاملے پر شخصی طور پر پہلے ہی میل بھیج چکے ہیں۔

    ادھر ‘دی سڈنی ہیرالڈ’ نے انکشاف کیا کہ آسٹریلیا کی یونیورسٹیاں ویزے کی اجرا کے عمل کو مزید سخت بنانا چاہتی ہیں کیونکہ مشہور یونیورسٹیاں جیسےکہ وکٹوریہ یونیورسٹی، ایڈتھ کوون یونیورسٹی، وولونگونگ یونیورسٹی، ٹورینس یونیورسٹی درخواستوں کی جانچ کے لیے اپنے ساتھ منسلک کچھ ایجنٹوں کو ملازمت دیتی ہیں۔

    طلبا کو ویزے ان سے موصول ہونے والی میل کی بنیاد پر دیئے جاتے تھے اب یونیورسٹیوں نے ایجنٹوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مستقبل میں اس عمل کو مزید سختی سے کریں۔

  • پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    اسلام آباد: پاکستان اور آسٹریلیا کے وفود کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سائنس و ٹیکنالوجی، کلائمٹ چینج، سیکیورٹی اور تجارت سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے وفود نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کلائمٹ چینج اور سیکیورٹی سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

    دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے توانائی کے حوالے سے ایس سی او کانفرنس میں اظہار خیال کیا۔

    دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والی ایس ای او ہائی لیول میٹنگز میں شرکت کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

  • لڑکی کو دوستوں کے سامنے قاتل شارک کھا گئی، دل دہلا دینے والا واقعہ

    لڑکی کو دوستوں کے سامنے قاتل شارک کھا گئی، دل دہلا دینے والا واقعہ

    پرتھ: مغربی آسٹریلیا میں ایک دریا میں تیراکی کے دوران شارک کے حملے میں ایک 16 سالہ لڑکی ہلاک ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے جنوب میں واقع دریائے سوان میں شینٹن کالج کی 16 سالہ طالبہ اسٹیلا بیری شارک مچھلی کے حملے سے ہلاک ہو گئی۔

    یہ واقعہ نارتھ فریمینٹل کے نواح میں ہفتے کو پیش آیا، اسٹیلا بیری کو جب دریا سے نکالا گیا تو وہ زندہ نہیں تھی، حکام کے اندازے کے مطابق لڑکی کو بُل شارک نے نشانہ بنایا۔

    ڈیلی میل کے مطابق لڑکی ہفتے کی سہ پہر کو نارتھ فریمینٹل میں دریائے سوان میں اپنے دوستوں کے ساتھ رسی کے جھولے سے آرام کر رہی تھی، جب اس نے ڈولفنوں کی ایک ٹولی دیکھی اور ان کے پیچھے پانی میں چھلانگ لگا دی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کچھ ہی دیر بعد اس کے دوستوں اور دیگر افراد نے دیکھا کہ ایک شارک نے لڑکی کی ٹانگ دانتوں میں دبا لی ہے، کنارے پر کھڑے لوگوں نے اگرچہ بہادری کا مظاہرہ کیا اور لڑکی کو کنارے پر کھینچ لائے لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکی۔

    پولیس نے واقعے کو دل دہلا دینے والا حادثہ قرار دیا، اسٹیلا کے دل شکستہ والدین نے کہا کہ وہ باقاعدگی سے دوستوں کے ساتھ دریا پر دن گزارتی تھی، ہم اپنی خوب صورت بیٹی کے کھو جانے سے گہرے صدمے میں ہیں۔

    ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دریا کے اس حصے میں شارک کی معمول سے ہٹ کر انواع موجود ہو سکتی ہیں، اس لیے احتیاط برتیں۔

  • دیوہیکل مینڈک کی دریافت نے ماہرین کو حیران کر دیا

    کوئنزلینڈ: آسٹریلیا کے ایک برساتی جنگل میں ایک دیوہیکل مینڈک کی دریافت نے ماہرین کو حیران کر دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کی شمالی ریاست کوئنزلینڈ کے ایک برساتی جنگل میں رینجرز اہل کاروں کو ایک دیوہیکل ’کین ٹوڈ‘ ملا ہے، جسے انھوں نے گوڈزیلا کی مناسبت سے ’ٹوڈ زیلا‘ کا نام دے دیا ہے۔

    یہ دیوہیکل مینڈک کانوے نیشنل پارک میں میں 12 جنوری کو نگاہوں میں آیا تھا، رینجر اہل کار کائلی گرے کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے مینڈک کو دیکھ کر انھیں بہت حیرت ہوئی۔

    دریافت شدہ مینڈک کا وزن 2.7 کلو گرام تھا، واضح رہے کہ سب سے بڑے مینڈک کا گنیز ورلڈ ریکارڈ (1991) سویڈن کے ایک پالتو مینڈک کے پاس ہے، جو 2.65 کلو گرام کا تھا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دریافت ہونے والا مینڈک ایک نوزائیدہ انسانی بچے کے وزن جتنا ہے۔ کوئنز لینڈ کے محکمہ ماحولیات و سائنس نے جمعہ کو کہا کہ ممکنہ طور پر اس مینڈک کا وزن ایک نیا عالمی ریکارڈ ہو سکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق پکڑے گئے ٹوڈزیلا کے ساتھ یہ مسئلہ ہے کہ یہ عام کین ٹوڈز سے بہت خوراک کھاتا ہے، اور انھیں کانوے نیشنل پارک سے ہٹانے کی بڑی وجہ اس کے ماحول پر مضر اثرات ہیں۔

    رینجرز کائلی گرے نے بتایا کہ کین ٹوڈ کی مادہ 35 ہزار انڈے دیتی ہے، جو پورے عمل کے ہر مرحلے پر دوسرے جانوروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں، اور یہ 15 سال تک زندہ رہ سکتے ہیں۔

    تاہم، اے بی سی نے جمعہ کو رپورٹ کیا کہ پکڑے گئے دیوہیکل مینڈک کو ماحول بچانے کے لیے موت کے حوالے کر دیا گیا۔

  • خوفناک فضائی حادثہ ، 2 ہیلی کاپٹر دورانِ پرواز ٹکرا گئے، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

    سڈنی : دو ہیلی کاپٹر دورانِ پرواز ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور تیرہ شدید زخمی ہوئے تاہم حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں خوفناک فضائی حادثہ رونما ہوا ، جس میں دو ہیلی کاپٹر دورانِ پرواز ٹکرا گئے۔

    حادثے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور تیرہ شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    https://youtu.be/Ott28SkDq0I

    انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے کہ ہیلی کاپٹر ہوا میں کیسے ٹکرائے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر ساحل سے چند فٹ کے فاصلے پر ریت پر پڑا ہے جب کہ اس کے راؤٹرز فاصلے پر پڑے ہیں اور دوسرا ہیلی کاپٹر جائے حادثہ پر کافی حد تک ٹھیک نظر آیا، جو مشہور سی ورلڈ میرین تھیم پارک کے قریب ہے۔

    اے ٹی ایس بی کے چیف کمشنر اینگس مچل نے عینی شاہدین سے کہا ہے جنہوں نے تصادم یا ہیلی کاپٹروں کو پرواز میں دیکھا تھا کہ وہ تفتیش کاروں سے رابطہ کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی رپورٹ اگلے چھ سے آٹھ ہفتوں میں منظر عام پر لائی جائے گی اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حتمی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

    کوئنز لینڈ کی وزیر اعظم ایناستاسیا پالاسزک نے اس واقعے کو ایک "ناقابل تصور سانحہ” قرار دیا اور کہا کہ "ان کی گہری ہمدردیاں اس خوفناک حادثے سے متاثرہ ہر خاندان اور ہر ایک کے ساتھ ہیں”۔

  • ہاردک پانڈیا کو بھارت کی وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان

    ہاردک پانڈیا کو بھارت کی وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان

    بھارت کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو روہت شرما کی جگہ بھارت کی وائٹ بال یعنی ایک ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیموں کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بی بی آئی سی نے ہاردک پانڈیا سے بھارتی ٹیم کا کپتان بنائے جانے کے حوالے سے بات چیت بھی کرلی گئی ہے، جبکہ پانڈیا نے بورڈ سے جواب دینے کے لیے کچھ وقت مانگا ہے۔

    2021 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد ویرات کوہلی کی جگہ روہت شرما کو بھارتی ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا تاہم آسٹریلیا میں ہونے والے حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں یکطرفہ شکست کے بعد روہت شرما کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

    ہاردک پانڈیا کو 2022 میں آئی پی ایل کے بعد آئر لینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے پہلی بار بھارتی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جس میں بھارتی ٹیم نے دو صفر نے کامیابی حاصل کی تھی۔

     اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں بھی کپتانی کے فرائض انجام دیے تھے۔

    حال ہی میں نیوزی کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیزیز میں بھی بھارتی ٹیم نے ہاردک پانڈیا کی قیادت میں ایک صفر سے کامیابی سمیٹی تھی۔

  • ’ابھی خریدو، ادائیگی بعد میں کرو‘ کی حیرت انگیز سروس متعارف

    ’ابھی خریدو، ادائیگی بعد میں کرو‘ کی حیرت انگیز سروس متعارف

    کینبرا: مہنگائی کا حل نکالنے کے لیے آسٹریلیا میں حیرت انگیز سروس متعارف کرائی گئی ہے جس نے بغیر سود قرض کی شکل ہی بدل کر رکھ دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں ’بائی ناؤ پے لیٹر‘ (بی این پی ایل) یعنی ابھی خریدو، بعد میں ادائیگی کرو سروس نے قرض کی شکل میں ڈرامائی تبدیلی کر دی ہے جس کی طرف لوگوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

    اس سروس میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ لوگوں کو سامان کی خریداری کرنے پر بعد میں کوئی سود نہیں دینا ہوتا۔

    مالی سال 2021-22 میں ریزرو بینک آف آسٹریلیا کے اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا میں سرگرم ’بی این پی ایل‘ کھاتوں کی تعداد 50 لاکھ سے بڑھ کر 70 لاکھ ہو گئی ہے۔

    اس سروس کے ذریعے صارفین نے 16 ارب آسٹریلوی ڈالر خرچ کیے جو گزشتہ سالوں کے مقابلے میں تقریباً 37 فی صد زیادہ ہے۔

    یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ’بائی ناؤ پے لیٹر‘ سروس سے فائدہ اٹھانے والوں کی زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے، جنھیں اس سروس نے اپنی طرف متوجہ کیا ہے، کیوں کہ آسٹریلیا کے 90 فی صد نوجوان معاشی بحران کی زد میں ہیں۔

    آسٹریلین یوتھ بیرومیٹر کے اگست کے سروے کے مطابق 18 سے 24 سال کی عمر کے نوجوانوں میں گزشتہ 12 ماہ میں 27 فی صد نے بی این پی ایل کی سروس استعمال کی۔

  • آسٹریلیا کے لیے دل دہلا دینے والا دن، پولیس افسران سمیت 6 افراد ہلاک

    آسٹریلیا کے لیے دل دہلا دینے والا دن، پولیس افسران سمیت 6 افراد ہلاک

    برسبین: آسٹریلیا کے لیے پیر کا دن ایک دل دہلا دینے والا دن ثابت ہوا جب برسبین کے ایک مضاتی علاقے میں حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے 2 پولیس افسران سمیت 6 افراد کو ہلاک کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں فائرنگ سے دو پولیس اہل کاروں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے، یہ واقعہ برسبین سے 270 کلو میٹر دور ویامبیلا میں ایک پراپرٹی پر پیش آیا۔

    ہلاک ہونے والے پولیس اہل کاروں کی عمریں 30 سال سے کم ہیں، دو پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوط رہے، فائرنگ سے مرنے والوں میں ایک اٹھاون سالہ شہری بھی شامل ہے۔

    بی بی سی کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد انھوں نے برسبین، کوئنز لینڈ کے مغرب میں واقع ویامبیلا میں حملہ آوروں کو تلاش کیا، تو ایک طویل محاصرے کے بعد 3 مشتبہ افراد کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا، جن میں سے ایک خاتون بھی شامل تھی۔

    وہ پراپرٹی جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا

    آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی نے فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے آسٹریلیا کے لیے ’دل دہلا دینے والا دن‘ قرار دیا، انھوں نے کہا پولیس اہل کاروں کا قتل دل دہلا دینے والا سانحہ ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کرنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔

    حکام کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز پولیس کی درخواست پر کوئنزلینڈ کے چار پولیس افسران پیر کی دوپہر کو پراپرٹی پر گئے، اس دوران گھات لگائے حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ کی اور 26 سالہ کانسٹیبل میتھیو آرنلڈ اور 29 سالہ ریچل میکرو گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے۔ دونوں اہل کاروں نے حال ہی میں پولیس فورس کو جوائن کیا تھا۔

    کوئنز لینڈ پولیس یونین کے صدر ایان لیورز نے میڈیا کو بتایا کہ یہ تو چھوٹا سا ٹاؤن ہے، جہاں اس طرح کی بات نہیں ہوتی، اس لیے لوگ صدمے میں ہیں۔

  • اوبر پر 14 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد

    اوبر پر 14 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد

    کینبرا: آسٹریلیا کی ایک عدالت نے رائڈ شیئرنگ ایپ اوبر پر زیادہ کرایہ لینے پر ایک کروڑ چالیس لاکھ ڈالر کا جرمانہ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک آسٹریلوی عدالت نے بدھ کے روز امریکی رائڈ شیئرنگ ایپ ’اوبر ٹیکنالوجیز‘ پر صارفین سے مقررہ کرایہ سے زیادہ وصول کرنے، اور عدم ادائیگی پر کینسیلیشن فیس لینے کی دھمکی کے جرم میں 21 ملین آسٹریلوی ڈالر (14 ملین امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کر دیا۔

    آسٹریلوی عدالت کا کہنا تھا کہ اوبر ٹیکنالوجیز نے کرایہ کے معاملے میں صارفین کو گمراہ کر کے صارف قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

    عدالت کے مطابق اوبر نے 2017 سے 2021 کے درمیان بعض صارفین کی جانب سے سفر کو منسوخ کرنے پر ان سے چارج وصول کرنے کی دھمکی دی تھی، اورغلط سافٹ ویئر کا استعمال کر کے اگست 2020 تک زیادہ کرایے وصول کیے تھے۔

    اوبر کے خلاف یہ کیس آسٹریلوی مسابقتی اور صارفین کمیشن (اے سی سی سی) نے دائر کیا تھا، جس نے عائد شدہ جرمانے سے زیادہ کی درخواست کی تھی۔

    اوبر نے اپنی ویب سائٹ پر آسٹریلوی عوام سے اپنی غلطی کے لیے معافی بھی مانگی۔

    جج مائیکل ہف او برائن کے تحریر کیے گئے حکم نامے کے مطابق اوبر ٹیکسی کا سافٹ ویئر حقیقی کرایہ سے 89 فی صد زیادہ ظاہر کرتا تھا، لیکن اوبر کی ٹیکسی خدمات حاصل کرنے والے مجموعی صارفین میں سے ایک فی صد سے بھی کم (0.5) نے اس کا استعمال کیا، جس پر عدالت نے کمپنی پر کم جرمانہ کیا، حالاں کہ اوبر کمپنی 17.39 ملین امریکی ڈالر ادا کرنے کے لیے راضی ہو گئی تھی۔

    جج نے ریمارکس میں یہ بھی کہا تھا کہ ’’اپنے اسمارٹ فون ایپ پر غلط اطلاعات فراہم کر کے اوبر نے غالباً یہ خیال کیا تھا کہ وہ سفر منسوخ کرنے کے حوالے سے صارفین کی ایک بڑی تعداد کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پرمجبور کر دے گی، اس لیے مستقبل میں وہ رائڈ کو منسوخ کرنے سے گریز کریں گے۔‘‘

  • کیویز یا شاہین؟ کون ہوگا فائنل کا پہلا دعوے دار؟ فیصلہ آج ہوگا

    کیویز یا شاہین؟ کون ہوگا فائنل کا پہلا دعوے دار؟ فیصلہ آج ہوگا

    سڈنی: آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

    آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اب تین میچز کے فاصلے پر ہے اور چار ٹیمیں اس کے حصول کے لیے میدان میں ہیں، ٹورنامنٹ کا پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور نیوزی لینڈ مد مقابل ہوں گے۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ماضی کے ریکارڈ یہ بتاتے ہیں کہ آئی سی سی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کیویز پاکستانی شاہینوں کو بلند پرواز سے نہیں روک سکے ہیں شاہینوں نے جھپٹا مار کر ان کا شکار کیا ہے۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب تک پاکستان اور نیوزی لینڈ 6 مرتبہ آمنے سامنے آئیں ہیں، جس میں 4 میچ پاکستان جبکہ 2 میچ نیوزی لینڈ نے جیتا ہے۔

    رواں ورلڈ کپ میں سڈنی کا میدان پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں کے لیے ہی مہربان رہا ہے، یہاں نیوزی لینڈ نے میزبان آسٹریلیا کو ہرایا وہیں پاکستان نے گروپ ٹو کی مضبوط ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

    سڈنی میں پہلے بیٹنگ کرنا اب تک بظاہر آئیڈیل نظر آتا ہے، ایونٹ میں اس میدان پر اب تک 6 میچز ہوئے ہیں جن میں سے پانچ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے جیتے ہیں۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ بار 160 سے زیادہ کا اسکور بنا ٹیموں نے دو مرتبہ 200 کا ہندسہ بھی عبور کیا جب کہ دوسری بار میں بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں مشکلات کا شکار رہیں اور ایک بار بھی اسکور 150 کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکا۔

    ان اعداد وشمار کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں ٹاس بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔

    ایونٹ کا دوسرا میچ بھارت اور انگلینڈ کے مابین کل ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔