Tag: آشرم

  • آشرم میں دو بہنوں کی خودکشی، واٹس ایپ نوٹ سامنے آگیا

    آشرم میں دو بہنوں کی خودکشی، واٹس ایپ نوٹ سامنے آگیا

    آگرہ: اترپردیش کے آگرہ میں واقع برہما کماری آشرم میں دو سگی بہنوں نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، خودکشی کرنے قبل دونوں بہنوں نے آشرم کے واٹس ایپ پر ایک خودکشی نوٹ بھی بھیج دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں بہنوں نے اپنی خودکشی کا ذمہ دار آشرم کے چار ملازمین کو ٹھہرایا ہے۔

    مذکورہ واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر کن حالات میں ان بہنوں کو خودکشی جیسا انتہائی قدم اٹھانا پڑا۔

    دونوں بہنیں آگرہ کے جاگنیر میں واقع برہما کماری آشرم میں رہائش پذیر تھیں، دونوں نے خودکشی کرنے سے پہلے آشرم کے واٹس ایپ پر ایک خودکشی نوٹ بھیجا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق خودکشی نوٹ میں دونوں بہنوں نے موت کے لیے آشرم کے چار ملازمین کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ان کی موت کے بعد آشرم کو غریب بچوں کی تعلیم کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

    بتایا گیا کہ دونوں بہنوں نے آٹھ سال قبل برہما کماری میں دیکشا (سنیاس) لی تھی۔ تب سے وہ آشرم میں زندگی بسر کر رہی تھی۔

    آگرہ پولیس کی جانب سے مذکورہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، لڑکیوں نے خودکشی نوٹ میں جن ملازمین کے نام لئے ہیں ان پر کیا الزامات عائد کئے ہیں، اس حوالے سے تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔

  • آشرم میں کھڑی کار سے لاپتا نابالغ بچی کی لاش برآمد

    آشرم میں کھڑی کار سے لاپتا نابالغ بچی کی لاش برآمد

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اُتر پردیش کے ایک آشرم میں کھڑی کار سے لاپتا نابالغ بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے ایک مشہور مذہبی رہنما آسارام باپو کے آشرم میں کھڑی کار سے 3 دنوں سے لاپتا ایک 13 سالہ بچی کی لاش برآمد ہو گئی ہے۔

    آسارام اس وقت جیل میں قید ہیں، تاہم ان کے آشرم میں موجود ایک آلٹو کار سے نابالغ بچی کی لاش برآمدگی نے کئی طرح کے سوال کھڑے کر دیے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق بچی 5 اپریل سے لاپتا تھی، آشرم میں کھڑی کار سے بہت بدبو آ رہی تھی جس کے بعد آشرم کے چوکیدار نے کار کو کھول کر دیکھا تو اس میں بچی کی لاش پڑی ہوئی تھی۔

    اس خبر نے آس پاس کے علاقوں میں سنسنی پھیلا دی ہے اور خبر ملتے ہی موقع پر پولیس بھی پہنچ گئی، پولیس اور فرانزک ٹیم نے آشرم اور گاڑی کی جانچ شروع کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ آسا رام کے آشرم سے لاش ملنے کا یہ پہلا کیس نہیں ہے، اس سے پہلے بھی کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں، 2008 میں گجرات میں آسا رام کے آشرم ’گروکل‘ میں حیرت انگیز طور پر 2 طالبات غائب ہو گئی تھیں، بعد میں ان طلبہ کی لاشیں سابرمتی ندی کے ساحل پر مل گئی تھیں۔

    گجرات کے بعد مدھیہ پردیش کے چھندواڑا ضلع میں موجود گروکل آشرم میں بھی ایک بچے کی موت کا معاملہ سامنے آیا تھا، آشرم کے بیت الخلا میں بچے کی لاش ملی تھی جس کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ اس کی موت باتھ روم میں گرنے سے ہوئی۔

    خیال رہے کہ جنسی زیادتی کیس میں مذہبی رہنما آسا رام کو جودھپور کی عدالت نے اپریل 2018 میں مجرم قراردیتے ہوئے تاحیات قید کی سزا سنا دی تھی۔