Tag: آصف زرداری

  • آل پارٹیز کانفرنس: پیپلز پارٹی کے سیاسی رابطے تیز

    آل پارٹیز کانفرنس: پیپلز پارٹی کے سیاسی رابطے تیز

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس کے لیے ملاقاتیں جاری ہیں۔ آصف علی زرداری کی جانب سے کانفرنس میں شرکت کے لیے تمام پارٹی رہنماؤں کو خط بھی بھیج دیا گیا۔

    پیپلز پارٹی نے اے پی سی میں شرکت کے لیے سیاسی رابطے تیز کر دیے۔

    پارٹی رہنما فرحت اللہ بابر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کی ہیں اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے تمام پارٹی رہنماؤں کو خط بھی بھیج دیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں نیپ پر عملدر آمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایجنڈے میں فوجی عدالتوں میں توسیع کا معاملہ بھی شامل ہے۔

    یاد رہے کہ پیپلز پارٹی نے 4 مارچ کو نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ اور فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے۔

  • نیپ پر عملدر آمد نہ ہونے سے صورتحال خراب ہوئی: آصف زرداری

    نیپ پر عملدر آمد نہ ہونے سے صورتحال خراب ہوئی: آصف زرداری

    کراچی: سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ آپریشن رد الفساد میں اہم کامیابیاں ملیں گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کیا جاتا تو امن و امان کی صورتحال اتنی بدتر نہ ہوتی۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس کراچی میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے اپوزیشن لیڈر خورشید سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اس وقت خطرناک شکل اختیار کر چکی ہے۔ آپریشن رد الفساد سے کامیابیاں ملیں گی۔


    Zardari praises Operation Radd-ul-Fasaad, says… by arynews

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا ہوتا تو آج امن و امان کی صورتحال ایسی نہ ہوتی۔ تمام امن پسند شہری دہشت گردی کے خلاف کیے جانے والے آپریشن کی حمایت کریں گے۔

    اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پاناما کیس کے محفوظ فیصلے سمیت دہشت گردی اور آپریشن رد الفساد سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

  • سابق صدر آصف زرداری کی امریکی سینیٹر جان مکین سے ملاقات

    سابق صدر آصف زرداری کی امریکی سینیٹر جان مکین سے ملاقات

    واشنگٹن: سابق صدر آصف علی زرداری نے امریکہ میں سینیٹر جان مکین اور دیگر سینیٹرز سے ملاقات کی۔

    سینیٹر جان مکین خارجہ کمیٹی کے چیئرمین ہیں جنہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ عشائیے میں کئی امریکی سینیٹرز نے بھی شرکت کی۔

    سابق صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ سینیٹر رحمٰن ملک اور سینیٹر شیری رحمٰن موجود تھے۔

    ملاقات میں پاک امریکن تعلقات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔

    واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری آج کل امریکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ نو منتخب صدر ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کریں گے۔

  • آصف زرداری دبئی روانہ، ٹرمپ کی حلف برداری میں شرکت متوقع

    آصف زرداری دبئی روانہ، ٹرمپ کی حلف برداری میں شرکت متوقع

    کراچی : سابق صدر آصف علی زرداری دبئی روانہ ہوگئے ہیں جہاں سے وہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلیے امریکہ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری کراچی کے جناح ایئر پورٹ سے دبئی روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ کچھ روز قیام کریں گے۔

    آصف زرداری نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ تقریب بیس جنوری کو ہو گی۔ اسی روز امریکی صدر عشائیہ دیں گے۔ جس میں آصف زرداری بھی مدعو ہیں۔

    عشائیے پر آصف زرداری کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری کو دعوت نامہ بھیجا۔ آصف زرداری کو سینیٹر جان مکین کی ہدایت پر حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

    آصف علی زرداری سینیٹر جان مکین سمیت ریپبلکن پارٹی کے سیاستدانوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ سابق صدر کی امریکی اسٹبلشمنٹ کے اہم ارکان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

    آصف زرداری دو فروری کو امریکی صدر اور کانگریس کے نیشنل بریک فاسٹ میں شریک ہوں گے۔ شیری رحمان اور رحمان ملک بھی امریکا جا رہے ہیں۔ آصف زرداری تین فروری تک امریکا میں رہیں گے۔

     

  • کھاد سے سبسڈی ختم کرکے حکومت آگ سے کھیل رہی ہے، زرداری

    کھاد سے سبسڈی ختم کرکے حکومت آگ سے کھیل رہی ہے، زرداری

    کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کھاد پر سے سبسڈی ختم کرکے وفاقی حکومت آگ سےکھیل رہی ہے، فیصلہ فوری واپس لے۔

    اپنے بیان میں آصف زرداری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کھاد پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے،وفاقی حکومت آگ سےکھیل رہی ہے، حکومت کے فیصلوں سے دیگر صوبوں میں احساس محرومی پیدا ہوگا۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی جانب سے 9 جنوری کو نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق مالی سال 2016-17 کے لیے کسانوں کو یوریا اور ڈی اے پی اور دیگر کھاد میں دی گئی سبسڈی ختم کردی گئی ہے۔

    سبسڈی کے اس خاتمے کے بعد ڈی اے پی اور یوریا کھاد کی فی بوری قیمت میں 500 تا 1000 ہزار روپے کا اضافہ ہوجائے گا۔

    واضح رہے کہ بیج، ڈیزل اور بجلی پہلی ہی مہنگی ہے جس کی وجہ سے زمینداروں کی پیداواری لاگت پہلے ہی بہت زیادہ ہے اور ان کا برا حال ہے، اب کھاد مہنگی ہونے سے زمینداروں پر مزید بوجھ پڑے گا اور زمیں داروں کی مشکلات میں کمی آنے کے بجائے مزید اضافہ ہوگا۔

  • آصف زرداری کی ڈاکٹر عاصم سے تیسری بار ملاقات

    آصف زرداری کی ڈاکٹر عاصم سے تیسری بار ملاقات

    کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عاصم سے امراض قلب کراچی میں ملاقات کی اور مختلف سیاسی معاملات پر بات چیت کی۔

    اطلاعات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عاصم سے کراچی کے امراض قلب اسپتال میں ملاقات کی جس میں کراچی کی تنظیم سازی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    سابق صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے بعد سابق وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر سے یہ تیسری ملاقات ہے۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین زیر حراست ہیں، طبعیت خراب ہونے کے سبب انہیں امراض قلب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے پارلیمنٹ میں آنے کے اعلان کی خوشی میں جیالوں کی جانب سے آج کراچی میں چراغ جمہوریت کے نام سےتقریب منعقد کی جائے گی جس میں کارکنان چراغ روشن کریں گے۔

  • آصف زرداری کی وطن واپسی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    آصف زرداری کی وطن واپسی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    کراچی: آصف زرداری کی آمد پر کراچی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ 5 ہزار 7 سو اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اولڈ ٹرمینل پر 10 واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کی پاکستان آمد کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ 5 ہزار 7 سو کے قریب اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پولیس سمیت اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔

    آصف زرداری کراچی اولڈ ٹرمینل پر کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ اولڈ ٹرمینل میں داخل ہونے کے لیے 10 واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ جدید کیمروں والی موبائل وین جلسہ گاہ اوراطراف میں گشت کر رہی ہے۔

    ایس ایس پی ملیر سہیل اکبر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے تین سے چار حصار بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اولڈ ٹرمینل کی سیکیورٹی کے لیے 2 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

    ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے دفتر میں سیکیورٹی کا کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے جہاں سے پولیس حکام سیکیورٹی انتظامات پر نظر رکھیں گے۔

    شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی جاری رکھنے کے لیے بھی 2 ہزار ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب کراچی ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان بھی تیار کر لیا ہے۔ ایئرپورٹ جانے والے راستوں کی نشاندہی سمیت شہریوں کو متبادل راستوں سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

  • آصف زرداری کی وطن واپسی، انتظامات مکمل، جیالے پرجوش

    آصف زرداری کی وطن واپسی، انتظامات مکمل، جیالے پرجوش

    کراچی: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری ڈیڑھ سال بعد آج سہ پہر تین بجے دبئی سے کراچی پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ اولڈ ٹرمینل پر کارکنان سے خطاب کر کے اپنا آئندہ کا لائحہ عمل بیان کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی آج سہ پہر وطن واپس آرہے ہیں، پیپلزپارٹی کے جیالوں نے شہر بھر میں خوش آمدید کے بینرز آویزاں کردئیے جبکہ پی پی کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

    پڑھیں: ’’ آصف زرداری کی واپسی پر خوشی ہے، وزیراعظم ‘‘

    سابق صدر کی آمد کی خوشی میں کراچی میں کارکنوں کی آمد کا سلسلہ رات گئے ہی شروع ہوگیا اور کارکنان دھول کی تھاپ پر رقص کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ کئی مقامات پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ بلاول ہاؤس کے نزدیک جیالوں نے آصف زرداری کی عمر درازی کے لیے اونٹ کی قربانی کی اور صدقہ بھی دیا۔

    مزید پڑھیں: ’’ آصف زرداری کی وطن واپسی پر کراچی ٹریفک پولیس کا پلان تیار ‘‘

    دوسری جانب پیپلز پارٹی نے کراچی ائیر پورٹ پر آصف زرداری کی آمد کے موقع پربھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کرنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لیں ہیں، آصف زرداری جلسہ عام سے خطاب کرنےکے بعد وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر بلاول ہاؤس روانہ ہو جائیں گے۔

  • سابق صدر آصف زرداری کے استقبال کی تیاریاں جاری

    سابق صدر آصف زرداری کے استقبال کی تیاریاں جاری

    کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔ کراچی کے گلی کوچے ویلکم زرداری کے بینروں سے سج گئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق 23 دسمبر کی سہ پہر سابق صدر آصف علی زرداری وطن واپس آرہے ہیں جس کے لیے پیپلز پارٹی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ کراچی بھر کو ویلکم زرداری کے بینرز سے سجا دیا گیا۔ شاہراہوں اور چوراہوں پر سہہ رنگی پرچم لہرانے لگے۔

    شہر کے مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ سج گئے۔

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی ایئر پورٹ کا دورہ کیا، جلسہ گاہ کا معائنہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت جاری کی کہ ائیر پورٹ آنے جانے والے مسافروں کو مشکلات نہیں ہونی چاہیئے۔ حکام پارکنگ اور دیگر مناسب انتظامات کریں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کی تبدیلی ہوتی رہتی ہے اگر آئی جی سندھ تبدیل ہوئے تو ان کی جگہ سینئر افسر ہی آئے گا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے 1970 سے سنہ 2008 تک پیپلز پارٹی کو کامیاب کروایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سیاسی اتحاد بنتا ہے تو بن جائے، ہم اپنا کام کرتے رہیں گے۔

  • آصف زرداری 23 دسمبر کو کراچی پہنچیں گے، بلاول بھٹو

    آصف زرداری 23 دسمبر کو کراچی پہنچیں گے، بلاول بھٹو

    کراچی : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرادی 23 دسمبر کو کراچی پہنچ رہے ہیں جس کے بعد پارٹی کی سرگرمیاں مزید عروج پر پہنچیں گی۔

    بلاول بھٹو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے’ کو چیئرمین‘ اور سابق صدر آصف علی زرداری 23 دسمبر کو کراچی پہنچ رہے ہیں اور پارٹی کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

    انہوں نے اپنی جماعت کے چار مطالبات کو دہراتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانیں گے تو حکومت کے خلاف بھرپور احتجاجی مہم چلائیں گے اور آصف زرداری کی موجودگی سے اس احتجاج میں مزید تیزی آئے گی اور پارٹی ایک نئے جوش اور ولولے کے ساتھ میدان میں آئے گی۔

    ایک سوال کےجواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاناما لیکس میں شہید بے نظیر بھٹو سمیت ہماری پارٹی کے کسی رہنما کا نام نہیں ہے جسے شک ہے وہ ویب سائیٹ پر جا کر معلوم کرسکتا ہے، پاناما کی تمام معلومات ان کی ویب سائیٹ پر ہر خاص و عام کے لیے دستیاب ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کو بتائے گی کہ اصل اپوزیشن کیا ہوتی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ اپوزیشن کو کام کرنے نہ دیا جائے لیکن ہم ہر کسی قسم کے دباؤ کا سامنا کرتے ہوئے اپنے چار مطالبات کی منظوری کے لیئے بھرپور احتجاجی مہم چلائیں گے۔