Tag: آصف زرداری

  • آصف زرداری نے سینئر وکیل فاروق نائیک کو مشاورت کیلئے دبئی بلا لیا

    آصف زرداری نے سینئر وکیل فاروق نائیک کو مشاورت کیلئے دبئی بلا لیا

    سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سینئر وکیل فاروق نائیک کو مشاورت کیلئے دبئی بلا لیا۔

    پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق  انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ میں سماعت کے معاملہ پر سابق صدر آصف زرداری نے سینئر وکیل فاروق نائیک کو مشاورت کیلئےدبئی بلالیا ہے۔

     ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری سے ملاقات کیلئے فاروق ایچ نائیک دبئی روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ سابق صدر کو سپریم کورٹ میں سماعت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

    پی پی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آصف زرداری فاروق نائیک کو سماعت سے متعلق اہم ہدایات دیں گے، مشاورت کے بعد فاروق نائیک پیر کی صبح ملک واپس پہنچیں گے۔

    واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری ان دنوں علاج کیلئے دبئی میں موجود ہیں۔

  • جان سے مارنے کی منصوبہ بندی کا الزام : آصف زرداری کا عمران خان کو لیگل نوٹس

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام پر عمران خان کو دس ارب ہرجانے کا لیگل نوٹس بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پرجان سے مارنے کی منصوبہ بندی کے الزام پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجوا دیا گیا۔

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے عمران خان کو الزامات پر دس ارب ہرجانے کا نوٹس بھیجا۔

    لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 14 روز میں غیر مشروط معافی مانگیں، عمران خان کو معافی نہ مانگنے پر10 ارب ہرجانے کا سامنا کرنا ہوگا۔

    لیگل نوٹس میں کہنا ہے کہ عمران خان نے آصف زرداری کے دہشت گردوں سے روابط کا دعویٰ کیا، عمران خان کے الزامات سے آصف زرداری کی ساکھ متاثر ہوئی۔

    نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں دہشت گردی کا سامنا کیا ہے، سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو بھی دہشتگرد حملے میں شہید ہوئیں۔

    نوٹس کے مطابق آصف زرداری نے جھوٹے، بے بنیاد کیسز میں 8سال سے زائدجیل کاٹی، آصف زرداری ملک کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز رہ چکے ہیں اور ان کی ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے طویل خدمات ہیں۔

    عمران خان نےتقریرمیں دہشتگرد تنظیم سے رابطہ ظاہرکرنےکی کوشش کی ، عمران خان نے آصف زرداری پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا۔

  • پی ڈی ایم ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلے پر قائم

    اسلام آباد : پی ڈی ایم ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلے پر قائم ہے، پی پی نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلے سے اختلاف نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی آصف زرداری سے ملاقات ہوئی ، جس میں سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ضمنی انتخابات سمیت صوبائی انتخابات کےانعقادپرمشاورت کی گئی اور پی ڈی ایم کےضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینےکے فیصلے پربھی بات چیت ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلے پر قائم ہے۔

    پی پی نے پی ڈی ایم کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلےسےاختلاف نہیں کیا۔

    اس سے قبل رہنما جے یوآئی (ف)مولاناعبدالغفورحیدری نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم تحریک ہے،انتخابی اتحادنہیں ،ضمنی الیکشن میں بحیثیت پارٹی حصہ لینےیانہ لینےکافیصلہ قائدین کریں گے۔

  • آصف زرداری کو ایک اور بڑا ریلیف مل گیا

    آصف زرداری کو ایک اور بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کو احتساب عدالت سے ایک اور بڑا ریلیف مل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس واپس بھیجنے کا حکم جاری کردیا۔

    احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے احتساب عدالت کے دائرہ اختیار نہ ہونے پر ریفرنس واپس بھیج دیا۔

    زرداری نے پارک لین ریفرنس کو بھی نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت چیلنج کر دیا

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری  نے  پارک لین ریفرنس کو بھی نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت چیلنج کر رکھا تھا۔

    آصف زرداری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ نیب ترمیمی ایکٹ کے بعد پارک لین ریفرنس پر احتساب عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا، اس لیے عدالت پارک لین ریفرنس نیب کو واپس کرے یا بری کر دے۔

    احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر آج فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف دو ریفرنس نیب کو واپس بھیجنے جا چکے ہیں۔

    اس کے علاوہ توشہ خانہ اور آٹھ ارب کی ٹرانزیکشن کے کیس نیب کو واپس ہو چکے ہیں۔

  • زرداری نے پارک لین ریفرنس کو بھی نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت چیلنج کر دیا

    اسلام آباد: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پارک لین ریفرنس کو بھی نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت چیلنج کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت مزید ریلیف کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔

    آصف زرداری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب ترمیمی ایکٹ کے بعد پارک لین ریفرنس پر احتساب عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا، اس لیے عدالت پارک لین ریفرنس نیب کو واپس کرے یا بری کر دے۔

    واضح رہے کہ آصف زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے دو ریفرنس پہلے ہی واپس ہو چکے ہیں، اور انھیں ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس اور 8 ارب کی ٹرانزیکشن کیس میں ریلیف مل چکا ہے۔

    میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری کی ریلیف کی درخواست پر بھی عدالت میں فیصلہ محفوظ کیا جا چکا ہے۔

  • پیپلز پارٹی کا گلگت بلتستان میں امراض قلب کا جدید اسپتال بنانے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں امراض قلب کا جدید اسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی گلگت بلتستان کے پارلیمانی و تنظیمی وفد نے اسلام آباد میں شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے، جس میں نیئر بخاری، صدر پی پی گلگت بلتستان، اراکین جی بی اسمبلی و کونسل شریک ہوئے۔

    ملاقات میں جی بی میں صحت کے مسائل زیر بحث آئے، آصف زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں امراض قلب کا جدید اسپتال بنایا جائے گا۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحت کے بے پناہ مسائل ہیں، کارڈیک اسپتال پی پی قیادت کا گلگت بلتستان عوام کے لیے تحفہ ہوگا۔

    انھوں نے کہا گلگت بلتستان میں دل کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، ہم جی بی کو آئینی حقوق کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔

  • آصف زرداری کو جعلی اکاؤنٹس کے ریفرنس میں بڑا ریلیف مل گیا

    آصف زرداری کو جعلی اکاؤنٹس کے ریفرنس میں بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری کوجعلی اکاؤنٹس کے ریفرنس میں بڑا ریلیف مل گیا ، عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کیخلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔

    فیصلے میں عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیا ، احتساب عدالت کے جج رانا ناصر نے ریفرنس دائرہ اختیارمیں نہ آنے پر واپس بھجوایا۔

    احتساب عدالت نے ریفرنس نیب کو متعلقہ فورم کو بھیجنے کی ہدایت کردی۔

    اس سے قبل احتساب عدالت اسلام آباد میں پارک لین ریفرنس کی سماعت ہوئی تھی، جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی۔

    سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ناٸیک اور نیب پراسیکیوٹر عدالت پیش ہوئے اور آصف زراری سمیت دیگر ملزمان کی جانب سے ایک روزہ حاضری سے استشنی کی درخواستیں پیش کی گئیں۔

    عدالت نے آصف زرداری اور دیگر کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے داٸر درخواستوں پر آٸندہ سماعت پر دلاٸل دینے کا حکم دے دیا اور سماعت مزید کارواٸی کیلٸے 25جنوری تک ملتوی کر دی۔

    خیال رہے نیب نے ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں نوڈیرو ہاؤس کےانچارج ندیم بھٹو کو گرفتار کیا گیا تھا اور ندیم بھٹو سے تفتیش کے بعد آصف زرداری کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

    نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ ندیم بھٹو کے اکاؤنٹ میں اومنی گروپ کے علاوہ گم نام اکاؤنٹس سے پیسے آتے تھے، پیسوں سے نوڈیرو ہاؤس کے ملازمین کی تنخواہیں اور کھانے کے اخراجات چلتے تھے، سفری اخراجات، نوڈیرو ہاؤس میں تقریبات کے انتظامات انہی پیسوں سے ہوتے تھے۔

  • خاتون سیکیورٹی انچارج پر توہین مذہب کا الزام، آصف زرداری نے واقعے کا نوٹس لے لیا

    کراچی ایئرپورٹ پر خاتون سیکیورٹی انچارج پر توہین مذہب کے الزام کا سابق صدر آصف علی زرداری نے نوٹس لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری و پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وفاق، صوبائی حکومت کو خاتون سیکیورٹی افسر کی حفاظت کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کو ایسی سوچ کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، غلط ثابت ہونے پر الزام لگانے والے کو سخت سزا دی جائے۔

    سابق صدر نے کہا کہ خاتون سیکیورٹی انچارج کو فرائض کی ادائیگی سے روکنا اور ان پر توہین مذہب کا الزام شرمناک ہے۔

    مزید پڑھیں: قوانین کی خلاف ورزی : سی اے اے کا ملازم عہدے سے برطرف

    آصف علی زرداری نے کہا کہ اس طرح کا الزام لگانا انتہائی خطرناک عمل ہے، خاتون سیکیورٹی انچارج پر توہین مذہب کے الزام کی تحقیقات کروائی جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر مذہب کی آڑ میں ملک کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔

  • ’آپ بڑے ہیں راستہ نکالیں‘ بلاول ہاؤس اجلاس میں گورنر سندھ کی زرداری سے اپیل

    کراچی: بلاول ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، اجلاس میں حلقہ بندیوں کے معاملے پر پی پی نے قانونی مسئلہ پیش کیا تو گورنر سندھ نے آصف زرداری سے کہا ’آپ بڑے ہیں کوئی راشتہ تلاش کریں۔‘

    تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کے اہم اجلاس کا احوال سامنے آ گیا ہے، بلاول ہاؤس کے اجلاس میں کراچی کے بلدیاتی انتخابات ممکنہ نتائج پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں لیگی وفد نے رائے دی کہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی جیت کا راستہ روکنا چاہیے، وفاقی وزرا نے کہا پی ڈی ایم اتحادی جماعتیں اختلافات ختم کریں ورنہ وفاق پر اثر پڑے گا۔

    ایم کیو ایم کا مؤقف تھا کہ وہ موجودہ حلقہ بندیوں کے ساتھ الیکشن لڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا موجودہ حلقہ بندیوں سے سیاسی مستقبل کو نقصان پہنچے گا۔

    تاہم پی پی قانونی ٹیم کی رائے تھی کہ حلقہ بندیوں کی تبدیلی ممکن نہیں، ان سے چھیڑ چھاڑ پر معاملہ عدالت جائے گا۔ لیکن ایم کیو ایم رہنماؤں نے واضح کیا کہ ان کا مسئلہ قانونی نہیں سیاسی ہے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پی پی شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اپیل کی کہ ’آپ بڑے ہیں ہمارے لیے راستہ تلاش کریں، پارلیمان میں طاقت ہے آپ حلقہ بندیاں نئی کریں۔‘

    آصف زرداری نے جواب میں کہا کہ ایم کیو ایم سے پرانا تعلق ہے، میں چاہتا ہوں ایم کیو ایم مضبوط ہو۔

  • زرداری، نواز اور گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس نیب کو واپس بھجوانے کا فیصلہ جاری

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے آصف زرداری، نواز شریف اور یوسف گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس نیب کو واپس بھجوانے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے سابق صدر زرداری، سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس واپس نیب کو بھجوا دیا۔

    سماعت کے دوران وکلا نے کہا کہ 500 ملین سے کم مالیت کے مقدمات پر احتساب عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا، اور استغاثہ کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس 12 کروڑ روپے کی کرپشن کا ریفرنس ہے۔

    تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب آرڈیننس میں ترمیمی ایکٹ کے تحت سیکشن 5 او شامل کیا گیا تھا، اس ترمیم کے تحت 50 کروڑ یا اس سے زائد کے مقدمات ہی احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔

    عدالت نے کہا کہ سیکشن 5 او کے تحت اس مقدمے میں احتساب عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا، اس لیے توشہ خانہ ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجا جاتا ہے، احتساب عدالت نے کہا کہ نیب یہ ریفرنس متعلقہ فورم کو بھجوائے۔

    واضح رہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں آصف علی زرداری، یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف نامزد تھے، اومنی گروپ کے خواجہ برادران بھی اس ریفرنس میں ملزم نامزد تھے، مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دے رکھا تھا۔