Tag: آصف علی

  • آصف علی قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پر عزم

    آصف علی قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پر عزم

    قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے چیمپئنز کپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں واپسی کا عزم کرلیا۔

    نجی چینل سے بات کرتے ہوئے جارح مزاج بلے باز کا کہنا تھا کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرنے کی مکمل تیاری کے ساتھ یہ سوچ کر آئے ہیں کہ یہاں اچھا پرفارم کریں اور دوبارہ قومی ٹیم میں واپس آئیں۔

    اپنی بیٹنگ پوزیشن سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے زیادہ بہتر محسوس کرتے ہیں۔

    آصف علی نے کہا کہ 2018 میں ڈیبیو سے پہلے چوتھے نمبر پر اچھی کارکردگی دکھا کر آیا تھا، انہوں نے کہا کہ جب نمبر چار سے نمبر چھ پر جاتے ہیں تو کافی کچھ تبدیل کرنا پڑتا ہے۔

    بلے باز نے کہا کہ جب ڈومیسٹک میں اوپر کے نمبر پر کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل میں نیچے کے نمبر پر کھیلتے ہیں تو چیلنجز سامنے آتے ہیں جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہر کھلاڑی کو اپنے مخصوص بیٹنگ نمبر کے مطابق ٹریننگ کرنا ہوتی ہے۔

    افغانستان نے پہلی بار جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

    اُنہوں نے کہا کہ چیمپئنز کپ میں کھلاڑیوں کو اس پوزیشن پر ہی کھلایا جا رہا ہے جہاں انٹرنیشنل میں ان سے کھیلنا ممکن ہوسکتا ہے۔

  • قومی ٹیم کے جارح مزاج کھلاڑی ’ایل پی ایل‘ سے دستبردار

    قومی ٹیم کے جارح مزاج کھلاڑی ’ایل پی ایل‘ سے دستبردار

    کراچی: قومی کرکٹر محمد حفیظ اور کامران اکمل کے بعد آصف علی بھی لنکن پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) سے دستبردار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹسمین آصف علی قائد اعظم ٹرافی کو ترجیح دیتے ہوئے لنکن پریمیئر لیگ سے دستبردار ہوگئے، آصف علی کا جافنا اسٹالینز سے معاہدہ ہوا تھا۔

    آصف علی قائد اعظم ٹرافی میں ناردرن کی نمائندگی کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں زبردست کارکردگی دکھا کر ٹیم میں کم بیک کرنا چاہتے ہیں۔

    جارح مزاج بیٹسمین نے لیگ میں حصہ نہ لینے کے فیصلے سے جافنا اسٹالینز کو آگاہ کردیا،جافنا اسٹالینز میں آصف علی کے علاوہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور فاسٹ بولر عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ لنکن پریمیئر لیگ 26 نومبر سے ہمبنٹوٹا اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی، اس سے قبل کورونا کے باعث ایل پی ایل تین بار ملتوی ہوچکی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں محمد حفیظ لنکن پریمیئر لیگ سے دستبردار ہوگئے تھے، ذرائع کا کہنا تھا کہ حفیظ نے اجازت کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا تو ان سے کہا گیا کہ دورہ نیوزی لینڈ کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکے گا۔

    محمد حفیظ نے جب یہ کہا کہ وہ چند میچز کھیل کر سری لنکا سے قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ میں جوائن کرلیں گے تو ان سے کہا گیا کہ وہ قومی ٹیم یا ایل پی ایل میں سے کسی ایک کا انتخاب کرلیں جس کے بعد حفیظ نے ایل پی ایل منتظمین سے معذرت کرلی تھی۔

  • سہیل تنویر اور آصف علی کو سی پی ایل کھیلنے کی اجازت مل گئی

    سہیل تنویر اور آصف علی کو سی پی ایل کھیلنے کی اجازت مل گئی

    لاہور: پی سی بی نے کرکٹر سہیل تنویر اور آصف علی کو کیریبین پریمیئر لیگ کے لیے این او سی جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ باؤلر سہیل تنویر اور آصف علی کو کیریبین پریمیئر لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی۔

    پی سی بی کی جانب سے سہیل تنویر اور آصف علی کو کیریبین پریمیئر لیگ کے لیے این او سی جاری کر دیے گئے ہیں جس کے بعد دونوں کھلاڑی سی پی ایل میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

    فاسٹ باؤلر سہیل تنویر براستہ انگلینڈ ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہوگئے ہیں اور وہ بارباڈوس میں قرنطینہ اور پریکسٹس کریں گے جبکہ آصف علی کل براستہ امریکا ویسٹ انڈیز جائیں گے۔

    خیال رہے کہ سہیل تنویر پچھلے کچھ سالوں سے سی پی ایل میں کھیل رہے ہیں۔فاسٹ باؤلر کو دنیا بھر میں ٹی ٹوینٹی کا بہترین کھلاڑی مانا جاتا ہے جبکہ آصف علی پہلی بار سی پی ایل میں اپنی شاندار بیٹنگ کے جوہر دکھائیں گے۔

  • کرکٹر آصف علی کی بیٹی کی نماز جنازہ ادا

    کرکٹر آصف علی کی بیٹی کی نماز جنازہ ادا

    فیصل آباد: کرکٹر آصف علی کی بیٹی نور فاطمہ کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی کی 2 سالہ بیٹی نور فاطمہ ادا کردی گئی، آصف علی کی بیٹی کوبہشتی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    نور فاطمہ امریکا میں دوران علاج انتقال کرگئی تھیں، آصف علی گزشتہ رات بیٹی کی میت لے کر پاکستان پہنچے تھے۔ دو سالہ نور فاطمہ کا کینسر چوتھی اسٹیج پر تھا۔

    آصف علی کی بیٹی کے بارے میں خبریں رواں برس پی ایس ایل کے دوران سامنے آئی تھیں جب پی ایس ایل میں آصف علی کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز ایک پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔

    قومی کرکٹرآصف علی کی کمسن بیٹی انتقال کرگئیں

    آصف علی کی بیٹی کے انتقال پر اے آر وائی کے صدراور سی ای او سلمان اقبال نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں آصف علی اورن کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کرکٹر آصف علی کی بیٹی کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے آصف علی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

  • ورلڈ کپ اسکواڈ میں آصف علی اور محمد عامر کو شامل کرنے  کا فیصلہ

    ورلڈ کپ اسکواڈ میں آصف علی اور محمد عامر کو شامل کرنے کا فیصلہ

    لاہور : ورلڈ کپ اسکواڈ میں آصف علی اور محمد عامر کی شمولیت کا فیصلہ کرلیا گیا ، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے، سلیکٹرز نے جارح مزاج بلے باز آصف علی اور تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل فہیم اشرف اور اوپننگ بلے باز عابد علی کی جگہ محمد عامر اور آصف علی 15 رکنی ٹیم ورلڈکپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

    فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 27سال کے آصف علی نے ساﺅتھیمپٹن کے دوسرے ون ڈے میں 36گیندوں پر 51اور برسٹل کے تیسرے ون ڈے میں 43گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر ورلڈ کپ اسکواڈ میں اپنی سیٹ کنفرم کروالی ہے۔

    دوسری جانب اس سال 13اپریل کو اپنی 27ویں سالگرہ منانے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عامر جو چیچک کے باعث ان دنوں قومی ٹیم سے علیحدہ کر دیے گئے ہیں لندن میں زیر علاج ہیں۔

    51ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 32.85 کی اوسط سے 60 وکٹیں لینے والے محمد عامر جو آخری 14بین الاقوامی میچوں میں محض پانچ وکٹیں ہی لے سکے تھے، انگلینڈ کے خلاف آخری دو ون ڈے میچز یا ورلڈ کپ ورام اپ میچز میں کھیلے بنا ہی براہ راست میگا ایونٹ میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ انگلینڈ میں 30مئی سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے شریک ٹیموں نے اپنے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے۔

    البتہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے ایک ہفتے قبل تک ٹیموں کے پاس اختیار ہے کہ وہ اپنی مرضی سے ٹیم میں رد و بدل کرسکتے ہیں جبکہ 23مئی کے بعد ٹورنامنٹ کمیٹی اسکواڈ میں میڈیکل یا کسی اور بنیاد پر اسکواڈ میں تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔

    خیال رہے ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30مئی سے ہوگا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ
    پاکستانی ٹیم اپناپہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔

    پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہوگا، ورلڈکپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

  • کرکٹر آصف علی کی بیٹی کے لیے دعاؤں کی اپیل

    کرکٹر آصف علی کی بیٹی کے لیے دعاؤں کی اپیل

    اسلام آباد: قومی کرکٹر آصف علی کینسر کے مرض میں مبتلا اپنی بیٹی کو علاج کے لیے امریکا لے جارہے ہیں، انہوں نے اپنی بیٹی کی صحت کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مڈل آرڈر بلے باز آصف علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ’میری بیٹی اسٹیج فور کینسر کے خلاف لڑ رہی ہے، ہم اسے علاج کے لیے امریکا لے جارہے ہیں۔

    آصف علی نے ایک گھنٹے کے اندر ویزا جاری کرنے پر اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور لاہور میں امریکی قونصلیٹ کی تعریف کی۔

    انہوں نے مداحوں سے اپنی ننھی پری کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

    آصف علی کے ٹویٹ کے جواب میں فاسٹ بولر محمد عامر نے لکھا کہ فکر نہ کرو بھائی ہماری دعائیں ننھی شہزادی کے ساتھ ہیں۔

    سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ ’اللہ صحت والی زندگی عطا کرے ننھی پری کرو۔‘

    فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا کہ ’انشاء اللہ وہ بہت صحت یاب ہوجائے گی۔‘

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی کا ذکر آیا تو وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے تھے۔

    ڈین جونز نے ہچکیاں لیتے ہوئے کہا تھا کہ آصف علی کی بیٹی بہت بیمار ہے۔۔۔ بہت شدید بیمار۔۔۔۔ یہ کہہ کر وہ روتے ہوئے پریس کانفرنس سے اٹھ گئے۔

    جس نے بھی یہ مناظر دیکھے، وہ ایک غیر ملکی کوچ کے پاکستان کے کھلاڑی اور ان کی بیٹی کے لیے ایسے جذبات دیکھ کر خود پر قابو نہیں رکھ سکا۔