Tag: آفتاب احمد

  • امجد صابری کاقتل ایم کیو ایم  پرڈالنے کی تیاری ہوگئی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

    امجد صابری کاقتل ایم کیو ایم پرڈالنے کی تیاری ہوگئی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاہے کہ صرف آپریشن کے لئے کراچی میں اجلاس بلائے جاتے ہیں مگر عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے کبھی کوئی اجلاس نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار نے  ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ شہر میں ہونے والے واقعات اتفاقیہ نہیں  بلکہ کہیں سے ان کا سوئچ دوبارہ آن کر دیا گیا ہے‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’امجد صابری کے قتل کو بھی ایم کیو ایم پر ڈالنے کی تیاریاں مکمل کرکے بڑے پیمانے پر کارکنوں کو گرفتار کرنے حکمت عملی بنا لی گئی ہے‘‘۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے سوال کیا کہ کیا اسلام آباد والے صرف آپریشن کے لئے آتے ہیں؟ کیاحکمرانوں کی  نظر میں کراچی کے عوام اور مسائل کی کوئی اہمیت نہیں ہے؟‘‘۔

    ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ’’ کراچی آپریشن ہمارے مطالبہ پر شروع کیا گیا تھا اور ہم نے امن کی بحالی کے لئے ہر سطح پر اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھاہوا ہے باوجود اُس کے میرے کوارڈینیٹر آفتاب احمد سمیت کئی کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کردیا گیا اور 125 کارکنوں کو گرفتار کر کے لاپتہ کردیا گیا ہے جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا‘‘۔

    حکومتِ سندھ پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ’’صوبائی حکومت بلدیاتی اداروں کو فنڈ جاری نہیں کرتی، شہر کے لئے پیپلزپارٹی حکومت سے کسی قسم کی تواقعات نہیں ہیں‘‘۔ کراچی کے عوام کے تحفظات بڑھتے جارہے ہیں ، اب بھی وقت ہے کہ وفاقی اور صوبائی  دونوں حکومتوں کو خوابوں کی دنیا سے باہر آنا پڑے گا ۔

    رہنماء ایم کیو ایم نے کہا کہ کراچی کے عوام کے بڑھتے ہوئے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے اور شہریوں کی داد رسی کرنے سے معاملہ ٹھنڈا ہوسکتا ہے، ایم کیو ایم ایک دفعہ پھر حکومت سے مخاطب ہوکر اہلیانِ کراچی کے مسائل کو حل کروانے کی کوشش کررہی ہے‘‘۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال اتنی ناقص ہوگئی ہے کہ فنکار تک اپنی جانوں کے تحفظ کی بھیک مانگ رہے ہیں، انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں و فنکاروں کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔

  • متحدہ کارکن آفتاب احمد کی موت : رینجرزکے چاراہلکارمعطل

    متحدہ کارکن آفتاب احمد کی موت : رینجرزکے چاراہلکارمعطل

    کراچی : ایم کیو ایم کے کارکن آفتاب احمد کی دوران حراست ہلاکت کے معاملے پرچار رینجرز اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ افسوسناک ہے، مکمل تحقیقات ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے کو آرڈینیٹر آفتاب احمد کی گزشتہ تین مئی کو دوران حراست انتقال پر رینجرز نے چار اہلکاروں کو تحقیقات کے بعد معطل کردیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ واقعہ افسوسناک ہے، مکمل انکوائری کی جائے گی، ان کا کہناتھا کہ قیام امن میں رینجرز کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کے کو آرڈینیٹر آفتاب احمد کو یکم مئی کو فیڈرل بی ایریا سے گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں عدالت نے انہیں نوے روز کیلئے جسمانی ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کیا تھا۔

    منگل تین مئی کی صبح انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج انتقال کر گئے تھے۔

    ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے عہدیداران نے رینجرزاہلکاروں کے خلاف کارروائی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ امیدہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حکم کے مطابق آفتاب احمد کی شہادت پر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔

     

  • ڈاکٹرفاروق ستارکا کوآرڈینیٹر آفتاب احمد گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل

    ڈاکٹرفاروق ستارکا کوآرڈینیٹر آفتاب احمد گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نےحراست میں لے لیا، آفتاب احمد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کو فیڈرل بی ایریا سے ان کی رہائش گاہ کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ فی الحال ان کی گرفتاری کی وجوہات سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

    آفتاب حسین 1990ء سے ایم کیو ایم سے وابستہ ہیں اور سال 2002 سے ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

    ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق آفتاب حسین کو ان کے گھر سے سادہ لباس اہلکاروں نے حراست میں لیا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے آفتاب احمد کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آفتاب کئی سالوں سے ان کے ساتھ اپنی ذمے داریاں انجام دے رہا تھا۔ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ وہ ایک شریف انسان ہے اور اپنا بزنس بھی چلا رہا تھا۔