Tag: آفت زدہ

  • کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ

    کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ

    کراچی (20 اگست 2025): گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کے بعد ہونے والی تباہی کے بعد کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے شہر قائد کے بارش سے شدید متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت سے کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔

    فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات نے کراچی کو صوبے سے الگ کر کے رکھ دیاہے۔ اگر شہر کا کچرا صاف کر لیا جائے تو چالیس ملی میٹر گنجائش والے نالے بھی سارا پانی نکال سکتے ہیحں۔

    ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا صرف وزیراعظم کو فون کرنے سے ان کی ذمہ داری پوری نہیں ہوگی، ہم سے بھی رابطہ کرنا ہوگا۔

    ایم کیوایم پاکستان کا کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ ،، فاروق ستار نے کہاحکومتی اقدامات نے کراچی کو سندھ سے الگ کرکے رکھ دیا۔شہر کا کچرا صاف کرلیاجائے تو چالیس ملی میٹر کیپسٹی والے نالے ساراپانی نکال سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ کو فون کرنے سے وزیراعظم کی ذمے داری پوری نہیں ہوگی،، ہم سے بھی رابطہ کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کے دعوے کل کی بارش کیساتھ بہہ گئے۔ گزشتہ روز بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں نے رات سڑکوں پر گزاری۔ کراچی میں بارش کے دوران جن لوگوں کے نقصانات ہوئے، وہ کون پورا کریگا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کو مانے۔ لوگوں کی آنکھوں میں کب تک دھول جھونکیں گے۔ وسائل، اختیارات سمیت سب کچھ تمہارے پاس ہے تو کام تو کرو۔ سندھ حکومت کو 22 ہزار ارب روپے ملے، ان کا حساب دیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق مزید دو روز تک بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

    گزشتہ روز ہونے والی بارش میں مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ سڑکوں پر  پانی کھڑا ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    ہزاروں لوگ اپنی گاڑیوں سمیت برساتی پانی میں پھنس گئے جب کہ کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو اذیت ناک تکلیف کا سامنا ہے۔

  • سیلاب سے متاثر ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال آفت زدہ قرار

    سیلاب سے متاثر ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال آفت زدہ قرار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کو آفت زدہ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیز کی جائیں، متعلقہ ضلعی انتظامیہ ہر متاثرہ فرد تک رسائی یقینی بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کا دورہ کروں گا، متاثرہ علاقوں کی بحالی کے خصوصی پیکج کا اعلان کروں گا، متاثرہ خاندانوں کے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ سمیت ملک بھر میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث 15 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اب تک 700 اموات ہوچکی ہیں۔

  • سندھ حکومت نے صوبے کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا

    سندھ حکومت نے صوبے کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا

    کراچی: سندھ حکومت نے صوبے کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ 1958 ایکٹ کے تحت کراچی کے 6 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

    سندھ حکومت کے ریلیف دیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں مون سون سیزن کے دوران تیز بارشوں کی وجہ سے انسانی جانوں اور املاک کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ قومی آفات ایکٹ کے تحت حاصل اختیار کا استعمال کرتے ہوئے سندھ حکومت صوبے کی 4 ڈویژنز میں 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیتی ہے۔

    آفت زدہ قرار دیے گئے علاقوں میں ریونیو ٹیکس معطل رہے گا، ان علاقوں میں فوری طور پر سرکاری ریلیف کا کام شروع کر دیا جائے گا، اور ڈپٹی کمشنرز امدادی کاموں کی نگرانی کریں گے، نوٹیفکیشن میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ آفت زدہ علاقوں میں نقصانات کی تفصیلات حکومت سندھ کو دیں، جب کہ محکمہ ریلیف آفت زدہ علاقوں میں جلد امدادی کارروائیاں شروع کرنے کا پابند ہوگا۔

    کراچی ڈویژن میں‌ ضلع جنوبی، غربی، شرقی، وسطی، کورنگی اور ملیر شامل ہیں۔ حیدرآباد ڈویژن میں حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، جام شورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری اور دادو کے اضلاع شامل ہیں۔ میرپورخاص ڈویژن میں میرپور خاص، عمرپور اور تھرپارکر شامل ہیں۔ جب کہ شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں شہید بے نظیر آباد اور سانگھڑ کے اضلاع شامل ہیں۔

    مذکورہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو آفت زدہ قرار دیے گئے علاقوں میں نقصانات اور ازالے کا فوری تخمینہ لگانے کی ہدایت کر دی گئی۔

    واضح رہے کہ کراچی کے متعدد علاقے تاحال زیر آب ہیں، بارش تھمے 48 گھنٹے گزر چکے ہیں، لیکن تاحال کئی سوسائٹیز سے پانی نہیں نکالا جا سکا، اسکیم 33 کی بیش تر سوسائٹیز زیر آب ہیں، نیا ناظم آباد کے گھروں سے تاحال پانی نہیں نکالا جا سکا، نیو سبزی منڈی کی سڑکیں بھی سیوریج کے پانی سے تالاب بن چکی ہیں۔

    دوسری طرف کراچی میں اب تک 18 افراد ندی، نالوں، انڈر پاسز اور گھروں میں ڈوبنے سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

  • میئر کراچی نے شہر کو آفت زدہ قرار دے دیا

    میئر کراچی نے شہر کو آفت زدہ قرار دے دیا

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے شہر قائد کی موجودہ صورت حال کو آفت زدہ قرار دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق بارش اور عید کے بعد شہر اور شہریوں‌ کو درپیش مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ ہمارے لئے یہ خاصا ٹف ٹائم ہے.

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہمیں تین سال پہلے گلا سڑا سسٹم ملا تھا، آج ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا ہے، کوشش کریں گے کہ ان کا مقابلہ کریں.

    وسیم اختر نے کہا کہ سندھ گورنمنٹ ایسا سسٹم بنائے، جس کو آگے لے جایا جا سکے، 10 سال پہلے کراچی میں کچرا اٹھتا تھا، نالے صاف ہوتے تھے.

    مزید پڑھیں: آرمی چیف کراچی شہر کے مسائل کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کریں، مصطفیٰ کمال

    ایم کیو ایم کے سینئر رہنما نے کہا کہ آج کراچی کی بدترین صورت حال ہے، بلکہ میں کہوں گا کہ کراچی آفت زدہ ہے.

    خیال رہے کہ سیاسی اور انتظامی اختلافات کی وجہ سے شہر کراچی کو آج شدید مسائل کا سامنا ہے، صفائی کی صورت حال ابتر ہے، سڑکیں‌ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، کچرا بھی نہیں اٹھایا گیا.

    ایسے میں پہلے بارش نے شہر میں‌ تباہی مچائی، پھر عید قربان کے بعد آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے، جسے ٹھکانے لگانے میں تاخیر  کا سامنا ہے۔