Tag: آف شور ٹریڈنگ کی اجازت

  • بڑی خوش خبری، پاکستان میں ‘انٹرنیٹ سب کے لیے’ مہم کا آغاز

    بڑی خوش خبری، پاکستان میں ‘انٹرنیٹ سب کے لیے’ مہم کا آغاز

    اسلام آباد: نجی سیلولر کمپنی نے پاکستان میں "انٹرنیٹ سب کے لیے” مہم کا آغاز کر دیا، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان سے سیلولر کمپنی وی آن اور جاز کے سی او او نے اہم ملاقات کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان سے نجی سیلولر کمپنی وی آن اور جاز کے چیف آپریٹنگ آفیسر سرجی ہریرو نے ملاقات کی، جس میں چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ اور سربراہ ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس بھی موجود تھیں، وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ سیلولر کمپنی کی طویل وابستگی کو سراہا۔

    سی او او جاز نے وزیر اعظم عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پاکستان میں "انٹرنیٹ سب کے لیے” مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت سوشل میڈیا، جاز کیش اور سیٹیزن پورٹل کے استعمال کے لیے سستے ٹیرف فراہم کر دیے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں مواصلات اور توانائی میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں، حکومت بھی آزادانہ سرمایہ کاری کی پالیسی کے ساتھ کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے، بین الاقوامی اداروں نے کاروبار میں آسانی کے لیے حکومتی اقدامات کو تسلیم کیا ہے، ہم نے نوجوانوں کو معاشی ترقی کا حصہ بنانے کے لیے ڈیجیٹل پاکستان منصوبہ بھی شروع کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل پالیسی کے تحت پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کا حجم 20 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، آئی ٹی کے ماہر نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے ملکی معاشی ترقی میں ٹیلی کام سیکٹر کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔

    کمپنی کے سی او او سرجی ہریرو نے ٹیلی کام کمپنیوں کو مساوی اور شفاف ماحول فراہم کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ جاز پاکستان نے انٹرنیٹ سب کے لئے مہم کا آغاز کیا ہے، سوشل میڈیا، جاز کیش اور سیٹیزن پورٹل کے استعمال کے لیے سستے ٹیرف فراہم کیے گئے ہیں، سروس کی فراہمی سے شہریوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کی معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔

    سرجی ہریرو نے جعلی خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات کی بھی تعریف کی، اور کہا غیر یقینی صورت حال اور خوف پیدا کرنے والی جعلی خبریں سرمایہ کاری کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی پاکستان میں 9 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہی ہے، اور اب تک 60 ملین صارفین کو خدمات فراہم کر چکی ہے۔

  • پاکستانیوں کی کتنی رقم بیرون ملک ہے، اس کا علم نہیں، گورنراسٹیٹ بینک

    پاکستانیوں کی کتنی رقم بیرون ملک ہے، اس کا علم نہیں، گورنراسٹیٹ بینک

    کراچی : اسٹیٹ بینک کے گورنر طارق باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کی کتنی رقم بیرون ملک میں ہے اس کا علم نہیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کو آف شور ٹریڈنگ کی اجازت دینے پر بھی غور کررہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اے آر وائی نیوز کے نمائندے رضوان عامر کے مطابق جب گورنر اسٹیٹ بینک سے سوال کیا گیا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق پاکستانیوں کے دو سو ارب ڈالر جو سوئٹزر لینڈ کے بنکوں میں موجود ہیں کیا وہ واپس لائی جائے گی؟ یا اس کی واپسی کیلئے کیا اقدامات کیے گئے؟

    اس کے جواب میں طارق باجوہ نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رقم کا معلوم نہیں کہ وہ کتنی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو آف شور ٹریڈنگ کی اجازت دینے پر بھی غور کررہے ہیں، اس سلسلے میں ان کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    آف شور ٹریڈنگ کو قانونی شکل دینے کیلئے ان کو باقاعدہ اجازت نامہ دیا جائے گا، ان کی ٹرانزیکشن پر بھی نظر رکھی جائے گی اور ان سے ٹیکس بھی وصول کیا جائے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ روپے کی قدر سے متعلق رپورٹ اسٹیٹ بینک نے وزارت خزانہ کو ارسال کردی ہے، اب یہ وزارت خزانہ پر منحصر ہے کہ وہ اس رپورٹ کو منظر عام پر لاتی ہے یا نہیں۔


    مزید پڑھیں: روپے کی قدر میں کمی، تحقیقاتی رپورٹ جمع کروانے کا حکم


    امریکہ میں ایچ بی ایل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جو جرمانے کی بات سامنے آئی ہے اس کو تیکنیکی غلطی سمجھا جائے۔


    مزید پڑھیں: خواتین کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کی اسکیم متعارف


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔