Tag: آلائشیں

  • میئر کراچی نے شہریوں سے آلائشیں جگہ جگہ نہ پھینکنے کی درخواست کر دی

    میئر کراچی نے شہریوں سے آلائشیں جگہ جگہ نہ پھینکنے کی درخواست کر دی

    کراچی: میئر کراچی نے شہریوں سے آلائشیں جگہ جگہ نہ پھینکنے کی درخواست کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے شہریوں سے آلائشوں کو جگہ جگہ نہ پھینکنے کی درخواست کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ جامع حکمت عملی بنائی گئی ہے۔

    میئر کراچی نے کہا آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے شہری انتظامیہ کی مدد کریں، ہم نے شہر کے مختلف مقامات پر کلیکشن پوائنٹس بنائے ہیں، چھوٹی گاڑیاں گھروں سے آلائشیں اٹھا کر جی ٹی ایس پھر لینڈ فل سائٹس منتقل کریں گی۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا شہری آلائشوں کو اٹھانے کے لیے ہیلپ لائن 1128 پر شکایات درج کرا سکتے ہیں، سالڈ ویسٹ کا عملہ چند ہی گھنٹے میں آ کر آلائش اٹھا کر لے جائے گا، یہ سارا کام کسی بھی قسم کے چارجز لیے بغیر کیا جا رہا ہے۔


    صدر زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد


    میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے درخواست کی ہے کہ کراچی کو صاف رکھنے میں شہری انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں آج ہفتے کو عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، شہری ملک بھر میں نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور قربان کر رہے ہیں۔

  • کراچی: آلائشوں اور جانوروں کی باقیات کا ڈھیر، شہر تعفن زدہ ہوگیا

    کراچی: آلائشوں اور جانوروں کی باقیات کا ڈھیر، شہر تعفن زدہ ہوگیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید قرباں کے بعد حسب معمول آلائشوں اور گندگی کا ڈھیر لگ گیا، صوبائی وزیر اور مقامی انتظامیہ غائب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں سے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات تاحال نہ اٹھائی جا سکیں، آلائشوں اور قربانی کے جانوروں کی باقیات سے تعفن اٹھنے لگا۔

    کراچی کے علاقے عزیز آباد بلاک 2 اور 8، جناح کالج ناظم آباد، عید گاہ گراؤنڈ میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے، جبکہ لیاقت آباد 10 نمبر، گلستان جوہر، غریب آباد اور سخی حسن پر آلائشوں کا انبار لگ گیا۔

    مختلف پارکوں کے باہر گندگی کے پہاڑ بن گئے، شہریوں کی جانب سے آلائشیں پھینکے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

    سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز منظر نامے سے غائب ہیں، شہر کی صورتحال کے حوالے سے کوئی وزیر بھی دورے پر نہیں نکلا، رہائشی علاقوں میں قربانی کے بعد چونے کا چھڑکاؤ اور اسپرے بھی نہیں ہوسکا۔

    شہر کے مختلف رہائشی علاقوں میں محض آلائشوں کے کلیکشن پوائنٹ بنائے گئے ہیں جہاں سے جانوروں کی باقیات لینڈ فل سائٹ پہنچانے کا کام سست روی کا شکار ہے۔

  • عیدالاضحی پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے لائحہ عمل تیار

    عیدالاضحی پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے لائحہ عمل تیار

    کراچی: بلدیہ وسطی میں عیدالاضحی پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا، عید کے پہلے دن سے عمل درآمد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی اور مون سون کی بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے بلدیہ وسطی کے مرکزی آفس میں اجلاس ہوا، ہنگامی اجلاس میں چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین بلدیہ وسطی سید شاکر علی اور میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی محمد فہیم خان سمیت دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں عیدالاضحی کے موقع صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات اور مون سون کی بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

    بلدیہ وسطی کے چاروں زونز میں ٹریکٹر ٹرالی، ڈمپرز، لوڈرز اور افرادی قوت کے ذریعے آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے انتظامات زیرِ غور آئے۔

    چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بہتر خدمت منتخب نمائندے ہی کرسکتے ہیں، اگرتمام ادارے باہمی کوآرڈینیشن سے خدمات انجام دیں تو کسی بھی صورتحال سے بہ احسن وخوبی نمٹا جاسکتا ہے۔

    چیئرمین بلدیہ وسطی نے عید الضحیٰ کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عید گاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں کے راستوں پر اور اطراف میں صفائی کے ساتھ چونے کے چھڑکاﺅ کیا جائے گا اور بلدیہ وسطی کی جانب سے ضلع وسطی کی ہر یوسی میں خصوصی کیمپس قائم کئے جائیں گے۔

    ریحان ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ آلائشوں کو دفن کرنے کے لئے بلدیہ وسطی کی جانب سے ضلع وسطی میں بلاک ڈی نارتھ ناظم آباد ،جام چاکرو میں خندقیں کھودی گئی ہیں اور ان خندقوں کے ساتھ ڈائی ورژن پمپ کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ بارش کی صورت میں خندقوں سے فوری طور پر پانی نکالا جاسکے۔

  • کراچی: آلائشیں اٹھانے کا کام تاخیر کا شکار، انتظامی اہلکاروں کا رقم کا مطالبہ

    کراچی: آلائشیں اٹھانے کا کام تاخیر کا شکار، انتظامی اہلکاروں کا رقم کا مطالبہ

    کراچی: شہر میں عید کے دوسرے روز بھی آلائشیں اٹھانے کا کام تاخیر کا شکار ہوا اور گلی محلوں میں آلائشیں پڑی رہنے سے سخت تعفن پھیل رہا ہے۔ دوسری جانب کئی علاقوں میں بعض انتظامی اہلکار آلائشیں اٹھانے کے لیے رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سڑکوں پر آلائشوں کی بھر مار ہے۔ عید کے دوسرے روز بھی قربانی کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کا مناسب بندوست نظر نہیں آرہا۔

    عید کے روز قربانی کے بعد کراچی میں جا بجا آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے۔ گلیاں اور شاہراہیں آلائشوں سے اٹ گئیں۔ حسب معمول ایسی صورتحال میں انتظامیہ غائب ہوگئی۔ غلاظت اور تعفن نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔

    eid-post

    عید کے پہلے روز قربانی کے بعد شہر بھر میں آلائشوں کو اب تک ٹھکانے نہیں لگایا جاسکا۔ پوش علاقوں میں انتظامیہ حرکت میں نظر آئی لیکن دیگر علاقوں میں آلائشوں کی بھرمار ہے۔

    کئی علاقوں میں لوگوں کی جانب سے شکایت موصول ہوئی کہ بعض انتظامی اہلکار آلائشیں اٹھانے کے لیے رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    عید کے دوسرے روز بھی دن کے آغاز کے ساتھ ہی قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث آلائشوں میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن انہیں ٹھکانے لگانے کا مناسب بندوبست تاحال نظر نہیں آرہا۔