Tag: آلو کی قیمت

  • سعودی عرب: آلو کی قیمت میں حیرت انگیز اضافے کی وجہ سامنے آ گئی

    سعودی عرب: آلو کی قیمت میں حیرت انگیز اضافے کی وجہ سامنے آ گئی

    جدہ: سعودی عرب میں آلو کی قیمت میں حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے، اور مختلف وزن رکھنے والی آلو کی تھیلیوں کی قیمت میں واضح فرق آیا ہے۔

    عکاظ اخبار کے مطابق سعودی عرب میں آلو 130 فی صد مہنگے ہو گئے ہیں اور ڈھائی سے 3 کلوگرام والی آلو کی تھیلی کی قیمت 5 ریال سے بڑھ کر 12 ریال تک پہنچ گئی ہے۔ ڈیڑھ سے 2 کلو گرام والی آلو کی تھیلی کی قیمت 3 ریال تھی، جو اب 8 ریال میں فروخت کی جا رہی ہے۔

    جدہ سبزی منڈی کے تاجروں کے مطابق رواں سیزن میں آلو پیدا کرنے والے علاقوں میں حد سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے زیادہ تر فصلیں تباہ ہو گئیں، اور متعدد علاقوں میں آلوؤں کی فصل کو کافی نقصان پہنچا۔

    سعودی عرب میں آلو کی کاشت کا ایک بڑا علاقہ حائل ریجن ہے جہاں بیش تر فصلیں زیر آب ہیں، منڈی کے ایک تاجر سلمان الرشیدی کے مطابق اس صورت حال میں کھیتوں سے آلو جمع کرنے میں سخت دشواری پیش آ رہی ہے۔

    تاجروں کے مطابق موسم سرما کی آمد پر سبزی مارکیٹ کی صورت حال تبدیل ہو گئی ہے، اور مملکت میں صرف آلو ہی نہیں، دیگر تمام سبزیوں کے نرخ بھی بڑھے ہیں، تاہم آلو کی قیمت ہمیشہ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے۔

    تاجر سلمان الرشیدی نے کہا کہ ہول سیل تاجر آلو کی چھوٹی تھیلی ایک ریال میں فروخت کرتے تھے اور عام گاہک کو ڈھائی تا تین ریال میں فروخت کی جاتی تھی، لیکن اب یہ مہنگی ہو چکی ہے۔

  • ’آلو کی قیمت بدلیں، ورنہ آپ کو بدل دیں گے‘ بھارتی کسانوں کی حکومت کو دھمکی

    ’آلو کی قیمت بدلیں، ورنہ آپ کو بدل دیں گے‘ بھارتی کسانوں کی حکومت کو دھمکی

    علی گڑھ: بھارتی کسانوں نے حکومت کو دھمکی دی ہے کہ آلو کی قیمت بدلیں، ورنہ آپ کو بدل دیں گے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کی یوگی حکومت نے آلو کی قیمت کسانوں کی توقع سے بہت کم طے کر دی ہے، جس کے باعث علی گڑھ کے کسان ناراض ہو گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ علی گڑھ میں اس مرتبہ آلو کی اچھی فصل ہوئی ہے، تاہم کسان مایوس دکھائی دے رہے ہیں، کیوں کہ ریاستی حکومت نے آلو کی قیمت 650 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے طے کر دی ہے جو کسانوں کی توقع سے بہت کم ہے۔

    کسانوں کا کہنا ہے کہ حکومتی قیمت پر آلو فروخت کرنا ان کے لیے خسارے کا سودا ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ اس قیمت کو بدلے، کسانوں نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ آلو کی قیمت نہیں بدلی گئی تو اگلی بار حکومت بدلی جائے گی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اگر حکومت نے کسانوں کو آلو کی فصل کا مناسب ریٹ نہیں دیا تو سماجوادی پارٹی کے رہنما اکھلیش یادو کی وہ بات سچ نکلے گی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ آلو کی قیمت ہی حکومت کو گرائے گی۔

    کسانوں کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں آلو کی قیمت مٹی جیسی ہو گئی ہے، مناسب قیمت نہ ملنے سے کسانوں کے لیے پریشانی پیدا ہو رہی ہے۔

    کسانوں نے اپنی مایوسی کا اظہار میڈیا کے سامنے کرتے ہوئے کہا ہے کہ 650 روپے فی کوئنٹل قیمت ہونے سے کسانوں کو کم از کم 500 سے 600 روپے تک کا خسارہ ہوگا۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان نے آلو کی قیمتوں میں کمی کا نوٹس لے لیا

    وزیرِ اعظم عمران خان نے آلو کی قیمتوں میں کمی کا نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے آلو کی قیمتوں میں کمی کا نوٹس لے لیا، اس سلسلے میں وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اہم ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے آلو کی قیمتوں کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اہم ملاقات کی ہے۔

    [bs-quote quote=”ضرورت پڑی تو پنجاب حکومت کاشت کاروں سے آلو خریدے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وزیر اعظم کی ہدایت”][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو خصوصی اقدامات کی ہدایت کر دی، کہا کہ آلو کے کاشت کاروں کے مسائل 5 دن میں حل کیے جائیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے عثمان بزدار سے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو پنجاب حکومت کاشت کاروں سے آلو خریدے۔

    دریں اثنا وزیرِ اعظم کی ہدایت پر کاشت کاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے اجلاس طلب کر لیا گیا، اجلاس پیر کو منعقد ہوگا، جس کی صدارت وزیرِ خوراک کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، بھرپور توجہ دی جائے، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

    خیال رہے کہ پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اسے بھرپور توجہ دی جائے اور کاشت کاروں کی کاروباری لاگت بڑھنے نہ دی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر کاشت کاروں کو جدید طریقوں کی طرف راغب کیا جائے تو ملکی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ بڑھایا جا سکتا ہے، ماضی میں شعبہ زراعت کو مسلسل نظر انداز کیا گیا۔