Tag: آلہ تیار

  • جامعہ کراچی: دل کے دورے کا پتا لگانے والا آلہ تیار

    جامعہ کراچی: دل کے دورے کا پتا لگانے والا آلہ تیار

    کراچی : ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن ریسرچ (پی سی ایم ڈی) اور جامعہ کراچی کے طالب علموں نے دل کے دورے کا پتا لگانے کے آلے کی ابتدائی شکل تیار کرلی ، اس آلے کی مدد سے دل کے مریضوں کو بروقت اسپتال پہنچایا جاسکے گا۔

    اس بات کا اعلان کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے بین الاقوامی مرکز میں ایک لیکچر کے دوران کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ریسرچ گروپ 8 طالب علموں پر مشتمل ہے جو ڈاکٹر شبانہ عثمان کی زیر نگرانی آلے کی تیاری میں مصروف ہے تاہم اس مشین کی ابتدائی شکل تیار کی جاچکی ہے۔

    ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ ’’عام طور پر امراضِ قلب میں مبتلا افراد کو فوری طور پر مناسب طبیّ امداد کی ضرورت ہوتی ہے تاہم تاخیر کی صورت میں وہ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں‘‘۔

    پڑھیں: ’’ سال 2016: شعبہ صحت میں کیا کچھ ہوا؟ ‘‘

    اُن کا کہنا تھا کہ  اس پروجیکٹ کی بنیاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹرکے طالب علموں نے ڈالی اور قومی مقابلے میں اول انعام اور اسناد بھی حاصل کیں، اس ٹیم میں صبا مجید، مہوش سبحان، مہوش تنویر، عائشہ عزیز، سعد احمد شیخ، ماہا شاہد، مریم عسکانی اور کنول افتخار شامل ہیں۔

    کیمیائی و حیاتیاتی علوم کے سربراہ نے کہا کہ ’’عالمی ادارہ صحت کے 2014 میں شائع ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کل اموات میں سے 9.87 فیصد افراد امراض قلب کے باعث جاں بحق ہوئے‘‘۔

    مزید پڑھیں: ’’ سلمان احمد کو پولیو کے خاتمے کی امید ‘‘

    انہوں نے کہا کہ امراض قلب میں مبتلا افراد کو کسی حادثاتی صورت میں فوری اسپتال لے جانے کی ضرورت ہوتی ہے اور ایسی صورت میں تاخیر جانی نقصان کا سبب بن جاتی ہے تاہم یہ آلہ اس ضمن میں معاون و مددگار ثابت ہوسکتا ہے جو بر وقت مریضوں کو دل کی بگڑتی ہوئی صورت حال سے آگاہ کرتا ہے۔

    یہ آلہ جو ایک سرکٹ پر مشتمل ہے مسلسل دل کی حرکت کو جانچتا ہے، اس آلے میں ای سی جی سرکٹ یونٹ بھی نصب کیا گیا ہے جس کے ذریعے کسی بھی شخص کی دل کی دھڑکنوں پر نظر رکھی جاتی ہے۔

  • ایڈز کی جانچ کیلئے آلہ تیار

    ایڈز کی جانچ کیلئے آلہ تیار

    امریکہ : امریکی ماہرین نے ایڈز کی جانچ کیلئے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے، جو صرف پندرہ منٹ میں ایچ آئی وی ایڈز کی تشخیص کرسکتا ہے۔

    دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا جان لیوا مرض ایڈز کی تشخیص کیلئے امریکی ماہرین نے ایسی ڈیوائس تیار کی ہے، جو پندرہ منٹ میں ایڈز کی تشخیص کر کے نتائج بتاتی ہے ۔

    ڈونگل نامی ڈیوائس کو کسی بھی اسمارٹ فون، ٹیبلٹ اور دوسرے الیکٹرانک آلات کے ساتھ منسلک کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    ڈیوائس میں پلاسٹک کلیکٹر پر اُنگلی سے خون کا قطرہ رکھا جاتا ہے ، پھر اسمارٹ فون پر ایپلی کیشن کے ذریعے ڈونگل کا ایک بٹن دبانا ہوتا ہے۔ جس کے پندرہ منٹ بعد ہی ٹیسٹ کا نتیجہ اسمارٹ فون پرآجاتا ہے۔