Tag: آل سٹی تاجر اتحاد

  • صدر آل سٹی تاجر اتحاد اور صوبائی وزیر سعید غنی آمنے سامنے

    صدر آل سٹی تاجر اتحاد اور صوبائی وزیر سعید غنی آمنے سامنے

    کراچی: شہر قائد کے تاجروں اور حکومت سندھ کے درمیان لاک ڈاؤن کے دوران دکانیں کھولنے کے معاملے پر تنازعہ حل نہیں ہو سکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو میں تاجر تنظیم کے سربراہ اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے۔

    آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی نے شکوہ کیا کہ دکانوں کھولنے سے متعلق سندھ حکومت کے ساتھ ایس او پی طے ہو گئے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی بات ہو گئی تھی، ہمیں اطلاع ملی وزیر اعلیٰ سندھ ایس او پی وزیر اعظم کو بھجوا رہے ہیں، اور ہم سے 48 گھنٹے کے انتظار کا کہا گیا جو ہم نے کیا لیکن یہ انتظار ختم نہ ہو سکا۔

    تاجروں نے یکم رمضان سے تمام مارکیٹس کھولنے کا اعلان کردیا

    شرجیل گوپلانی نے کہا کہ 48 گھنٹے گزرنے کے بعد ہماری کوشش کے باوجود حکومت سندھ نے ہم سے رابطہ نہیں کیا۔

    صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ تاجروں سے اچھے ماحول میں بات چیت ہو رہی تھی، لیکن لگتا ہے کہ ہمارے دوستوں کو کچھ جلدی تھی، وزیر اعلیٰ سندھ سے ان کی ملاقات ہوئی، اس کے بعد ہماری تاجروں سے پھر بات چیت ہوئی، وزیر اعلیٰ نے واضح کہا تھا کہ حکومت سندھ اپنے طور پر فیصلہ نہیں کرے گی، وزیر اعظم کو بھی اس سے آگاہ کیا جائے گا لیکن دوستوں نے جلدی بازی کی اور دکانیں کھول دیں۔

    صدر آل سٹی تاجر اتحاد نے کہا کہ حکومت سندھ کی طرف سے دکانیں کھولنے والے تاجروں کے خلاف مقدمے میں 6 دفعات لگا دی گئی ہیں، تاجروں کو تنبیہ کے بعد چھوڑ دینا چاہیے تھا، اس معاملے پر ہم سے بات کرنی چاہیے تھی لیکن نہیں کی گئی۔

    تاجر یکم رمضان کو دکانیں نہیں کھولیں گے، سعید غنی

    انھوں نے کہا کہ جب 2 سے 3 دن حکومت سندھ رابطہ نہیں کرے گی تو ہم کیا کریں گے، ایک ماہ 6 دن ہو چکے ہیں ہمارے پاس پیسے ختم ہو چکے ہیں، اپنے ملازمین کو دینے کے لیے پیسے نہیں، ہم 8 دن سے صرف انتظار ہی کر رہے ہیں، اب مذاکرات سے آگے چلیں اور کوئی نتیجہ بھی دیں۔

    خیال رہے کہ سندھ تاجر اتحاد کی جانب سے جیل بھرو تحریک کی دھمکی بھی دی جاچکی ہے، تاجروں نے رمضان میں کاروبار کھولنے کا اعلان کیا ہے جب کہ سندھ حکومت نے واضح کہہ دیا ہے کہ کاروبار نہیں کھولے جائیں گے۔ گزشتہ روز کراچی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس نے آل سٹی تاجر اتحاد کے رہنما حماد پونا والا اور جاوید قریشی سمیت 6 تاجروں کو گرفتار کیا تھا، پولیس نے آئرن مارکیٹ میں کھلنے والی دکانیں بھی سیل کر دی تھیں۔

  • کراچی : آل سٹی تاجر اتحاد کا کل سے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان

    کراچی : آل سٹی تاجر اتحاد کا کل سے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان

    کراچی: شہر قائد میں آل سٹی تاجراتحاد نے کل سے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا ، حمادپونا کا کہنا تھا کہ کل آل سٹی تاجر اتحاد رجسٹرڈ سے منسلک مارکیٹیں کھولی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آل سٹی تاجر اتحاد نے کل سے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا ، صدرآل سٹی تاجراتحاد آج اپنا دفتر احتیاطی تدابیر کیساتھ کھول کر ڈیمو دیں گے۔

    حماد پونا والا کا کہنا تھا کہ کل آل سٹی تاجر اتحاد رجسٹرڈ سے منسلک مارکیٹیں کھولی جائیں گی۔

    بعد ازاں آئرن مارکیٹ کےتاجروں نےمارکیٹ کھول دی تھی اور دکانداروں نے تالےکھول کر کام کا آغازکردیا۔

    یاد رہے تاجرتنظیموں کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا، جس میں مارکیٹیں کھولنےکااعلان بھی کیاجاسکتاہے، صدر سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ حکومت نےمارکیٹیں کھولنےسےروکاتو لائحہ عمل طےکریں گے۔

  • سندھ حکومت دکانیں کھولنا چاہتی ہے تو وفاق کو اس پر اعتراض نہیں،گورنر سندھ

    سندھ حکومت دکانیں کھولنا چاہتی ہے تو وفاق کو اس پر اعتراض نہیں،گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت دکانیں کھولنا چاہتی ہے تو وفاق کو اس پر اعتراض نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آل سٹی تاجر اتحاد کے وفد نے ملاقات کی جس میں مارکیٹوں کی بندش، چھوٹے تاجروں کی مشکلات سے متعلق بات چیت کی گئی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے چھوٹے تاجروں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے، مارکیٹس کھولنے کے مطالبہ کا حامی ہوں۔انہوں نے مزید کہا سندھ حکومت دکانیں کھولنا چاہتی ہے تو وفاق کو اس پر اعتراض نہیں ہے۔

    صدر آل سٹی تاجر اتاد حماد پونے والا نے گورنر سندھ سے ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ سے ملاقات کامیاب رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران اسماعیل نے یقین دہانی کروائی کہ وزیر اعلی کو وفاق سے اجازت ایک گھنٹے میں دلوا دوں گا۔

    حماد پونے والا کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی ایس او پیز گورنر کو فراہم کردی ہیں،تمام صوبوں میں کاروبار کھل گیا سندھ میں ظلم کیوں کیا جا رہا ہے۔