Tag: آمد

  • کویت آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی سفارش

    کویت آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی سفارش

    کویت سٹی: کویت میں کرونا وائرس کیسز میں کمی کے بعد اس کے حوالے سے عائد پابندیوں پر نرمی پر غور کیا جارہا ہے، فی الحال پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں وزارتی کرونا ایمرجنسی کمیٹی کو ایک سفارش پیش کی گئی ہے جس میں ملک میں آنے والے تمام مسافروں کی آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط کو ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سفارش میں ملک میں داخلے کے بعد ویکسین شدہ افراد پر ایک ہفتے کا ہوم قرنطینہ نافذ کرنا بھی شامل ہے، تاہم اس قرنطینہ کو پی سی آر ٹیسٹ کروا کر ختم کیا جا سکتا ہے۔

    ملک میں داخل ہونے والے غیر ویکسین شدہ افراد پر 7 سے 10 دن کا ہوم قرنطینہ نافذ کیا جائے، قرنطینہ کے آخری دن منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ اس قرنطینہ کو ختم کر سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس تجویز پر وزارتی کرونا ایمرجنسی کمیٹی کی میز پر بحث کی جائے گی اور اسے جلد ہی بحث اور منظوری کے لیے وزرا کی کونسل میں پیش کیا جائے گا۔

    سفر کے دوران تیسری بوسٹر خوراک حاصل کرنے کی شرط کو منسوخ کرنے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تجویز کرونا ایمرجنسی کمیٹی کے سامنے بھی پیش کی گئی ہے تاہم ابتدائی اشارے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ فی الحال اس فیصلے کو منسوخ نہیں کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب واپسی کے لیے 2 اہم شرائط مقرر

    سعودی عرب واپسی کے لیے 2 اہم شرائط مقرر

    ریاض: سعودی حکام نے سعودی عرب آمد کے لیے 2 شرائط مقرر کی گئی ہیں جن کا تعلق کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہے، یہ شرائط سعودی عرب پہنچنے والے مقامی افراد اور غیر ملکی شہریوں پر لاگو ہوں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مملکت آتے وقت سعودی شہریوں سمیت جی سی سی ممالک اور غیر ملکیوں پر کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر حفاظتی ضوابط لاگو کیے جائیں گے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے اور متعدد ملکوں میں کووڈ 19 کی دوسری لہر اور کرونا ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے سال رواں کے آخر تک سفری پابندیاں برقرار رہیں گی۔

    وزارت داخلہ کے مطابق جی سی سی ممالک کے شہریوں اور خروج و عودہ، ملازمت، اقامہ یا وزٹ ویزا ہولڈر غیر ملکیوں کو بھی سعودی عرب آنے کی اجازت کرونا ضوابط کی پابندی کے ساتھ مشروط ہوگی۔

    بیان میں کہا گیا کہ ہر آنے والے کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کرونا وائرس سے پاک ہے، اس حوالے سے سرٹیفکیٹ بیرون مملکت رجسٹرڈ ادارے ہی کا قابل قبول ہوگا۔ سعودی عرب پہنچنے سے 48 گھنٹے سے زیادہ پرانا ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔

    حکام کے مطابق سعودی عرب آمد کے لیے 2 شرائط مقرر کی گئی ہیں۔ پہلی شرط یہ ہے کہ جی سی سی کا شہری یا غیر ملکی کرونا وائرس سے پاک ہو، اس کے لیے اسے پی سی آر کروانا ہوگا۔ پی سی آر کی رپورٹ سعودی عرب پہنچنے سے 48 گھنٹے تک کی ہو، اگر زیادہ وقت گزر گیا تو رپورٹ غیر مؤثر ہوگی۔

    دوسری شرط یہ ہے کہ پی سی آر کی رپورٹ متعلقہ ملک کے ایسے میڈیکل سینٹر سے جاری کردہ ہو جو سعودی عرب میں رجسٹرڈ ہو۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی شہید پائلٹ سجادگل کی رہائش آمد

    وزیراعلیٰ پنجاب کی شہید پائلٹ سجادگل کی رہائش آمد

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پی آئی اے طیارے حادثے میں شہید پائلٹ سجادگل کی رہائش گاہ پر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار طیارے حادثےمیں شہید پائلٹ سجادگل کی رہائش گاہ ڈیفنس پہنچے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے شہید پائلٹ کے اہلِ خانہ سے دکھ کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پائلٹ سجادگل نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا رتبہ پایا،ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی طیارہ حادثہ ایک قومی سانحہ ہے جس پر قوم افسردہ ہے،شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،ہماری ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ المناک حادثے میں بچھڑنے والوں کا دکھ ان کے پیارے ہی جانتے ہیں،پنجاب حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

    کیپٹن سجاد گل کی میت گزشتہ روز ڈیفنس میں ان کی رہائش گاہ پر لائی گئی، جس کے بعد ان کی نماز جنازہ جامع مسجد ڈبلیو بلاک میں ادا کی گئی۔کیپٹن سجاد گل کو قبرستان میانی صاحب میں سپرد خاک کیا گیا۔

    یاد رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ لینڈنگ کے دوران ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

  • کروناوائرس: تفتان سرحد سے کل سیکڑوں زائرین سکھر پہنچیں گے

    کروناوائرس: تفتان سرحد سے کل سیکڑوں زائرین سکھر پہنچیں گے

    سکھر: حکومتِ سندھ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان سے کل مزید 696زائرین سکھر پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تفتان سرحد سے زائرین کی سکھر آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ زائرین آج شام 6بجے تفتان سے روانہ ہورہے ہیں جو کل سکھر پہنچ جائیں گے۔ ممکنہ طور پر نئے آنے والے زائرین کی تعداد 696 ہوگی۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انتظامات سے متعلق کمشنر سکھر کو ہدایت جاری کردی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایران سے واپس آنے والے 179زائرین گلگت بلتستان کے علاقے جگلوٹ پہنچے ہیں۔

    تین روز قبل ایران سے آنے والے زائرین کو بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان بارڈر سے لے کر مزید 4 بسیں سکھر کی لیبر کالونی پہنچیں جن میں درجنوں مسافر سوار تھے، زائرین میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔

    کروناوائرس: ایران سے مزید 619 زائرین کی آمد متوقع

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین کو لیبر کالونی میں قائم آئسولیشن یونٹ میں 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور اسکریننگ بھی کی جائے گی اس دوران انہیں کسی سے ملنے پر پابندی ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاک ایران ‘‘تفتان سرحد‘‘ پر ابھی بھی درجنوں زائرین موجود ہیں۔ جبکہ متعدد زائرین کی ایران میں موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں۔ بلوچستان حکومت تمام زائرین کو ان کے صوبوں تک پہنچانے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

  • کراچی میں سردی لوٹ آئی

    کراچی میں سردی لوٹ آئی

    کراچی: شہرقائد میں سردی کی پہلی لہر نے ہی کراچی کو ٹھنڈاٹھار کردیا، علی الصبح درجہ حرارت 19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی نے اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا، صبح سویرے شہر میں ٹھنڈ پڑی، موسم سرما کی آمد سے گرم کپڑوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں علی الصبح درجہ حرارت19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

    سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد نمی کے تناسب میں واضح کمی واقع ہوئی، ہوا میں نمی کا تناسب39فیصد ہے، شہر کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، صبح وشام کے اوقات میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم سرد اور خشک ہوگا۔

    تین روز قبل ہی محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ سمندری طوفان ماہا کراچی سے 675 کلوميٹر دور ہے، کراچی ميں7 نومبر سے جزوی سردی کی لہر داخل ہورہی ہے، سردی کی اس لہر کے دوران درجہ حرارت18 سے 20 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    کراچی کے شہری سردی کی واپسی پر خوش ہيں، جبکہ ٹھنڈ بڑھنے سے خشک ميوہ جات، سوپ اور مچھلی بيچنے والوں کی بھی چاندی ہوجائے گی۔

  • نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں ننھے مہمان کی آمد، اسپیکر نے گود میں اٹھائے رکھا

    نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں ننھے مہمان کی آمد، اسپیکر نے گود میں اٹھائے رکھا

    ولنگٹن : نیوزی لینڈ کی اسمبلی بحث کے دوران بچے کے رونے پر اسپیکر اسے جھولا اور لوریاں دیتے اور دودھ بھی پلاتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ پارلیمنٹ کی اعلیٰ ترین نشست پرننھے مہمان کی انٹری نے سب کو اپنی طرف متوجہ کردیا،اسپیکرنے ڈیڑھ ماہ کے بچے کو گود میں بیٹھا کر اجلاس کی صدارت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے اسپیکرنے ڈیڑھ ماہ کے بچے کو گود میں اٹھائے اجلاس کی صدارت کی، بحث کے دوران بچے کے رونے پر اسپیکر اسے جھولا اور لوریاں بھی دیتے رہے اور دودھ بھی پلاتے رہے۔

    اسپیکر نے اسمبلی میں‌ جاری بحث کے دوران شیر خوار بچے کو جھولا جھولانے اور لوریاں دینے کی تصاویر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے سیاست دان تماٹی کوفی بچے کو اپنے ساتھ پارلیمنٹ میں لے آیاتھا جس پرساتھی اراکین نے خوشی کا اظہار کیا۔

    ہلکی پھلکی کمنٹری کے دوران اسپیکر نے کہا کہ اس نشست پرعام طور پر پریزائیڈنگ آفسر براجمان ہوتا ہے لیکن آج یہاں ایک وی آئی پی بھی موجود ہے،اسپیکرنے بچے کے والد کو مبارکباد بھی دی۔

  • ایرانی وزیرخارجہ کی سویڈن آمد پر مظاہرے، متعدد افراد گرفتار

    ایرانی وزیرخارجہ کی سویڈن آمد پر مظاہرے، متعدد افراد گرفتار

    اسٹاک ہوم : ایرانی وزیرخارجہ کے دورہ سویڈن کے موقع پر سول سوسائٹی کی طرف سے سخت احتجاج کیا گیا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کے اسٹاک ہوم پہنچنے پربڑی تعداد میں لوگ ایران کے خلاف نعرے لگاتے سڑکوں پرنکل آئے۔مظاہرین نے اسٹاک ہوم میں ایرانی وزیرخارجہ اور حکومتی نمائندوں کے درمیان ہونے والے اجلاس کے مقام کی طرف جانے کی کوشش کی جس پر پولیس کو حرکت میں آنا پڑا۔

    پولیس اور مظاہرین کے درمیان پرتشد جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔ کم سے کم تین مظاہرین کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیاگیا ہے۔ پرتشدد مظاہروں کے بعد 62 افراد کو مظاہرے کے مقام سے منتشر کیا گیا۔

    یہ مظاہرین دارالحکومت اسٹاک ہوم کے وسطی علاقے سولنا میں جمع تھے اور ایرانی وزیرخارجہ کی آمد کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔سماجی کارکنوں نے سویڈیش پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والے تصادم کی تصاویر اور فوٹیج سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں۔

    اسٹاک ہوم پولیس کی ترجمان ایوا نیلسن نے کہا کہ لوگوں کو احتجاج کی اجازت دی گئی مگرجب انہوں نے پرامن احتجاج کی حدود کو پامال کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف پولیس کو حرکت میں آنا پڑا۔

    سویڈن کی اپوزیشن جماعتوں اور ارکان پارلیمنٹ نے بھی ایرانی وزیرخارجہ کی اسٹاک ہوم آمد کے خلاف احتجاج کے ساتھ جواد ظریف کا استقبال کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

  • جیرڈ کشنر کی مشرق وسطیٰ امن منصوبے پر گفتگو کیلئے مصر آمد

    جیرڈ کشنر کی مشرق وسطیٰ امن منصوبے پر گفتگو کیلئے مصر آمد

    قاہرہ: جیرڈ کشنر دورہ مصر کے دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے مسئلہ فلسطین حل کے لیے مجوزہ امریکی منصوبے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور ان کے مشیر جیرڈ کوشنر مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران اردن کے بعد مصر پہنچ گئے، جہاں وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے فلسطینیوں اور اسرائیل کے

    درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے مجوزہ امریکی منصوبے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    غیرملکی خبررساں ادارےکا کہناتھا کہ قبل ازیں جیرڈ کوشنر مختصر دورے پر اردن سے اسرائیل پہنچے تھے جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے ملاقات کی تھی۔

    اس سے قبل انہوں نے عمان میں اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے بھی ملاقات کی تھی اور ان کے سامنے امریکا کے مشرق وسطیٰ کے لیے مجوزہ امن منصوبے سے متعلق تجاویز پیش کی تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز شاہ عبداللہ دوم نے مصری صدر کے مشیر اور ان کے دامادسے ملاقات میں کہا تھا کہ اردن فلسطین، اسرائیل تنازع کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کےمطابق اس موقع پر دونوں رہ نماؤں نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جاری تنازع کے پر امن حل کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کی اچانک حامی نوجوان کی شادی میں‌ شرکت، دلہا دلہن حیران

    ڈونلڈ ٹرمپ کی اچانک حامی نوجوان کی شادی میں‌ شرکت، دلہا دلہن حیران

    واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ریاست نیو جرسی میں منعقدہ ایک شادی کی تقریب میں جا پہنچے، جنہیں دیکھ کر دلہا دلہن سمیت تمام افراد حیران رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ جوعوامی نوعیت کی محفلوں اور تقریبات میں کم ہی دکھائی دیتے ہیں کچھ روز قبل اچانک ریاست نیو جرسی کے شہر بڈمنسٹر میں واقع گالف کلب میں منعقدہ ایک حامی نوجوان کی شادی کی تقریب میں جا پہنچے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دلہا مونگیلی نے وائیٹ ہاؤس میں متعدد اہم شخصیات کو اپنی شادی کے دعوت نامے ارسال کیے تھے، ان میں صدر ٹرمپ بھی شامل تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صدر کی شرکت پر دلہا اور دلہن سمیت دیگر شرکاءکو بھی خوش گوار حیرت ہوئی۔

    شادی کی تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شرکت کی ایک فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جس میں انہیں دلہا اور دلہن کے ساتھ کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔

    اس موقع پر صدر ٹرمپ نے ٹائی کے بغیر سیاہ پینٹ اور کوٹ زیب تن کیا ہوا تھا،صدر ٹرمپ نے دلہا اور دلہن سے معانقہ کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تقریب عروسی میں شریک شرکاء نے صدر ٹرمپ کو شادی میں دیکھ کر امریکا زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

  • قطری حکام حج کے خواہشمند شہریوں کی سعودیہ آمد آسان بنائیں، سعودی عرب

    قطری حکام حج کے خواہشمند شہریوں کی سعودیہ آمد آسان بنائیں، سعودی عرب

    ریاض:سعودی عرب کی حج اور عمرے کی وزارت نے قطر میں متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہش مند قطری شہریوں کی مملکت آمد کو آسان بنائے اور اس حوالے سے قطری حکومت کی جانب سے عائد رکاوٹوں کو ختم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج نے جاری بیان میں باور کرایا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت قطر سے معتمرین اور عازمین حج کی آمد کو آسان بنانے کے لیے اسی طرح تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی خواہش مند ہے جس طرح عموما پوری دنیا کے عازمین حج کے واسطے خواہش رکھتے ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ رواں سال 1440 ہجری کے لیے دنیا بھر سے 17 لاکھ سے زیادہ عازمین حج کی آمد پر اتفاق ہوا ہے جب کہ اس سال کے دوران دنیا بھر سے 80 لاکھ کے قریب مسلمانوں نے عمرہ ادا کیا۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے قطر کی وزارت اوقاف و اسلامی امور کی جانب سے ان دعووں کو مسترد کر دیا کہ سعودی حکومت عمرے اور حج کے خواہش مند قطری عازمین کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے اور قطری حج و عمرہ آپریٹرز کو مملکت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی ہے، بیان کے مطابق یہ دعوے حقیقت کے برخلاف ہے۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے کئی ویب سائٹس لنکس متعارف کروائے تا کہ قطری شہری اور قطر میں مقیم غیر ملکی حج کے سلسلے میں اپنے قیام کے مقامات کی بکنگ اور مطلوب خدمات کا کنٹریکٹ کر سکیں، یہ لوگ قطری فضائی کمپنی کے سوا کسی بھی فضائی کمپنی سے آ سکتے ہیں۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں سال دیگر اسلامی ممالک کی طرح قطر میں بھی حج کے امور کے ذمے داران کو دعوت دی کہ وہ مملکت آ کر قطری عازمین حج کی آمد کے انتظامات کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا اس سلسلے میں ان کے ساتھ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں قطری شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کی آمد سے متعلق تمام تر امور زیر بحث آئے۔ تاہم قطری وفد حج کے معاہدے پر دستخط کے بغیر واپس روانہ ہو گیا۔

    اس کے بعد قطری حکام نے قطری حج ٹور کمپنیوں کو مملکت میں حجاج کو خدمات فراہم کرنے والوں کے ساتھ سمجھوتے طے کرنے کے لیے سعودی عرب آنے کا موقع نہیں دیا، سعودی وزارت حج نے زور دیا کہ مملکت حج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو یکسر مسترد کر چکی ہے۔

    وزارت نے اپنے بیان میں باور کرایا کہ حج اور عمرے کے مناسک کی ادائیگی کے لیے قطر سے سعودی عرب آنے والے تمام برادران کا خیر مقدم جاری رہے گا۔ وزارت اس بات کی خواہش مند ہے کہ یہ لوگ پوری دنیا کے بقیہ تمام حجاج اور معتمرین کی طرح مکمل سہولت اور آسانی کے ساتھ اپنے مناسک ادا کریں۔