Tag: آمدن سے زائد اثاثہ جات

  • آمدن سے زائد اثاثہ جات کی شکایات، وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری  کی نیب میں طلبی

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کی شکایات، وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری کی نیب میں طلبی

    لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی شکایات پر وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید کوطلب کرلیا، ان پرمن پسند افرادکو کروڑوں کے ٹھیکے دلانے کا بھی الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید کوطلب کرلیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر خورشید کو 8 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا۔

    طاہر خورشید پربطور سیکرٹری مواصلات آمدن سے زائد اثاثہ جات کی شکایات ہے اور ان پرمن پسند افرادکو کروڑوں کے ٹھیکے دلانے کا بھی الزام ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے مختلف اداروں سے طاہر خورشید کےاثاثہ جات کی تفصیلات مانگ لیں ہیں ، اس سلسلے میں ایف بی آر، محکمہ ایکسائز، محکمہ ریونیو سمیت متعدداداروں کو خطوط ارسال کردیئے گئے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اثاثوں میں تضاد پر نوٹس جاری کیا تھا ، جس کے بعد وزیراعلیٰ نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کاجواب دیتے ہوئے مطلوبہ دستاویز جمع کرا دیں تھیں۔

    الیکشن کمیشن نےعثمان بزدارکو وراثت میں ملنے والے اثاثوں پر نوٹس بھیجا تھا، ایف بی آر ریٹرنزاورالیکشن کمیشن ریٹرنز میں بھی تضادآرہا تھا، نوٹس ظاہرکیےگئےاثاثوں کےسالانہ گوشوارے میں مبینہ تضاد پر بھیجا گیا تھا۔

  • نیب کا بڑا فیصلہ، شہباز شریف کے بیٹے کو انٹرپول کے ذریعے لایا جائے گا

    نیب کا بڑا فیصلہ، شہباز شریف کے بیٹے کو انٹرپول کے ذریعے لایا جائے گا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحب زادے سلمان شہباز کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے سلمان شہباز کو انٹرپول کے ذریعے برطانیہ سے واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے، وہ شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری اور مفرور ہیں۔

    نیب کا کہنا ہے کہ سلمان شہباز منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری ہو چکے ہیں، عدالت ان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔

    نیب نے نیشنل کرائم ایجنسی سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی سے سلمان شہباز کی واپسی کے لیے مدد لی جائے گی۔

    شہبازشریف کا بیٹا سلمان شہباز اشتہاری قرار ، جائیداد ضبط کرنےکاحکم

    ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ سلمان شہباز کی واپسی کے لیے این سی اے سے درخواست کی جائے گی کہ انھیں برطانوی قانون کے مطابق انٹرپول کے ذریعہ ڈی پورٹ کیا جائے۔

    یاد رہے کہ عدالت نے سلمان شہباز کو چوہدری شوگر ملز، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں متعدد بار تفتیش کے لیے طلب کیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے جس پر انھیں اشتہاری قرار دیا گیا اور ان کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔

  • نیب نے ایک بار پھر شہباز شریف کو طلب کر لیا

    نیب نے ایک بار پھر شہباز شریف کو طلب کر لیا

    لاہور: نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات کے لیے ایک بار پھر طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔

    نیب لاہور نے شہباز شریف کو 22 اپریل دن 12 بجے نیب ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس ارسال کیا ہے۔ نوٹس میں نیب نے شہباز شریف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر مکمل حفاظتی اقدامات اختیار کیے جائیں گے۔

    نیب ذرائع کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور شہباز شریف سے سوالات کے جواب انتہائی ضروری ہیں۔

    یاد رہے کہ نیب نے شہباز شریف کو 17 اپریل کو طلب کیا تھا تاہم انہوں نے پیشی والے دن نیب کے سامنے پیش ہونے کے لیے مہلت مانگ لی تھی۔

    اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے نیب کو دیے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ طبی ماہرین نے انہیں مشورہ دیا کہ کرونا وائرس سے جڑے جان لیوا خطرات کے پیش نظر وہ اپنی نقل وحرکت محدود رکھیں کیونکہ وہ کینسر جیسے مرض سے لڑچکے ہیں۔

  • رانا ثنا اللہ  کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری میں پیش رفت

    رانا ثنا اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری میں پیش رفت

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو 6 مارچ کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق رانا ثنا اللہ کے خلاف آمدن سے زائداثاثہ جات انکوائری میں پیش رفت سامنے آئی ہے، مسلم لیگ ن کے رہنما سے بجلی،گیس، ٹیلی فون، نوکر سمیت دیگر اخراجات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

    نیب نے رانا ثنا اللہ کو تفصیلات 6 مارچ کوساتھ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 5 سال کا ریکارڈ یا کم از کم 3سال کا ریکارڈ جمع کرائیں، ہر سال کتنا بل آیا علیحدہ علیحدہ تفصیل ساتھ لائیں۔

    نیب نے رانا ثنا اللہ کو ہدایت کی کہ بتایا جائے5 سال میں رینٹ کی صورت میں کتنی رقم ادا کی، مکمل تفصیلات لائیں، آپ کے پاس کتنے نوکر ہیں، ان کی تنخواہ کتنی ہے؟گھر کا سالانہ ایوریج کتنا خرچ ہے، کچن،کپٹروں، میڈیکل کی صورت میں 5 سال میں کتنا خرچ کیا؟

    قومی احتساب بیورو کی جانب سے کہا گیا کہ رانا ثنا اللہ کے پاس کسی کلب کی ممبر شپ ہے تو تفصیلات بتائیں، ممبرشب نمبر اور ماہانہ کا خرچ کتنا ہے، یہ بھی بتایا جائے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل 19 فروری کو نیب نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو طلب کر لیا۔

  • احسن اقبال کے بھائی کے گرد نیب کا گھیرا تنگ

    احسن اقبال کے بھائی کے گرد نیب کا گھیرا تنگ

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے بھائی مصطفی کمال کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دیں ، مصطفیٰ کمال کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مختلف ٹھیکےلینےکےالزام میں طلب کرلیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے بھائی مصطفی کمال کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے ، مصطفی کمال کے خلاف تحقیقات نیب راولپنڈی کی جانب سے شروع کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے احسن اقبال کے بھائی کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مختلف ٹھیکے لینے کے الزام میں طلب کیا گیا اور راولپنڈی ڈویلپمینٹ اتھارٹی سے میٹرو کی مد میں دئیے جانے والے ٹھیکوں کی تفصیلات بھی مانگ لی گئیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق احسن اقبال کے بھائی نے میٹرو کے منصوبے میں بھی ٹھیکے کئے تھے ، ان پر ٹھیکوں کی مد میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا بھی الزام ہے۔

    مزید پڑھیں : نیب نے احسن اقبال کے جرم کی تفصیل بتا دی

    یاد رہے نیب راولپنڈی نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا اور وہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔

    نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال کی کرپشن کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے بہ طور وزیر منصوبہ بندی اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا اور نارووال اسپورٹس منصوبے کی لاگت کو غیر قانونی طور پر بڑھایا، ساڑھے 3 کروڑ کے منصوبے کی لاگت 10 کروڑ تک پہنچائی گئی۔

    حاصل ریکارڈ کے مطابق احسن اقبال نے خود سے ہی لاگت بڑھائی، اس کی اجازت سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی سے نہیں لی گئی۔

  • خورشید شاہ کے خلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر

    خورشید شاہ کے خلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر

    سکھر: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایک ارب 23 کروڑ سے زائد کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کے خلاف نیب نے سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر کر دیا، نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ ریفرنس میں 18 لوگوں کے نام شامل ہیں۔

    ذرایع کے مطابق ریفرنس میں خورشید شاہ کی 2 بیگمات، 2 بیٹے فرخ شاہ، زیرک شاہ، خورشید شاہ کے بھتیجے اویس قادر شاہ کے علاوہ رحیم بخش اعوان، نثار احمد پٹھان، عبد الرزاق، محمد اکرم جنید قادر شاہ، محمد شعیب، طفیل احمد، زوہیب میر، ثاقب رضا اور محمد ثاقب کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ریفرنس میں 600 ایکڑ زرعی زمین، متعدد اکاؤنٹس، کراچی اور سکھر میں پلاٹس کا بھی تذکرہ ہے، خیال رہے کہ خورشید شاہ کو دو روز قبل احتساب عدالت نے ریفرنس دائر نہ ہونے پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم احتساب عدالت کے جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث ان کی رہائی عمل میں نہ آ سکی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  احتساب عدالت میں خورشید شاہ کی ضمانت منظور

    پی پی رہنما خورشید شاہ اس وقت امراض قلب کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کے وکلا آج سیشن جج کے پاس ضمانتی مچلکے جمع کرائیں گے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل سکھر کی احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، وکیل صفائی رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کو گرفتار کیے 90 روز گزر گئے، نیب کوئی ثبوت نہ ریفرنس پیش کر سکی۔ خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، استدعا ہے قانون کے مطابق کیس خارج کیا جائے۔

    عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نیب نے ریفرنس فائل کیا ہے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ خورشید شاہ سمیت 18 افراد پرعبوری ریفرنس تیار کیا جا چکا ہے، خورشید شاہ کے خلاف ریفرنس میں 1 ارب 24 کروڑ کے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں، عدالت نے 50 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے خورشید شاہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

  • نیب کو گرفتاری سے روکا جائے، اکرم درانی نے عدالت کا دروازہ کھٹکٹھا دیا

    نیب کو گرفتاری سے روکا جائے، اکرم درانی نے عدالت کا دروازہ کھٹکٹھا دیا

    اسلام آباد: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اکرم درانی کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری کا خدشہ ہے، سابق وفاقی وزیر نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر کے استدعا کی ہے کہ نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے بھیجے گئے سوال نامے کا جواب بھی دے چکا ہوں، لیکن ڈائریکٹر پی ایچ اے کی تعیناتی پر نیب ان کو گرفتار کر سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے، چیف جسٹس ہائی کورٹ کی سربراہی میں ڈویژن بینچ کل اس کیس کی سماعت کرے گا۔

    تازہ ترین:  حکومت اعلان کرے مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی تو ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اکرم درانی

    واضح رہے کہ اکرم درانی حکومت سے مذاکرات کے لیے اپوزیشن کی جانب سے بنائی گئی رہبر کمیٹی کے سربراہ ہیں، آج انھوں نے اسلام آباد میں نیب پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں ہے، کمیٹی بنائی گئی لیکن گالیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

    اکرم درانی کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے واضح اعلان کرے کہ آزادی مارچ میں کوئی رخنہ نہیں ڈالا جائے گا، پھر رابطہ کرے تو ہم جواب دیں گے۔ پیشیوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ جب تک آزادی مارچ رہے گا پیشیاں ہوتی رہیں گی۔

  • خورشید شاہ کا21 ستمبر تک راہداری ریمانڈ منظور

    خورشید شاہ کا21 ستمبر تک راہداری ریمانڈ منظور

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پی پی رہنما خورشید شاہ کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں نیب کی جانب سے خورشید شاہ کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ دینے کی استدعا کی گئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سکھرمیں خورشید شاہ کا کیس چل رہا ہے۔

    معزز جج نے استفسار کیا کہ 7روزکا راہداری ریمانڈ کیوں چاہیے، نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ فلائٹ پرٹکٹ میسر نہیں ہے، احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ سکھر جانے میں کتنا وقت لگتا ہے؟۔ نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ سکھر جانے کے لیے 2 گھنٹے لگتے ہیں۔

    بعدازاں عدالت نے خورشید شاہ کو 21 ستمبر تک سکھر کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    خورشید شاہ کی گرفتاری، سکھر میں شرپسند عناصر کی ہنگامہ آرائی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب راولپنڈی اور سکھر نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پی پی رہنما خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا۔

  • نیب کی تحقیقاتی ٹیم حمزہ شہبازکی آمدکی منتظر ، تاحال پیش نہ ہوئے

    نیب کی تحقیقاتی ٹیم حمزہ شہبازکی آمدکی منتظر ، تاحال پیش نہ ہوئے

    لاہور : اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز تاحال نیب میں پیش نہیں ہوئے، قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو ذاتی حیثیت میں آج طلب کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی 3رکنی تحقیقاتی ٹیم اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازکی آمدکی منتظر ہے ، حمزہ شہباز تاحال نیب میں پیش نہیں ہوئے۔

    نیب نے آمدن سےزائداثاثہ جات،منی لانڈرنگ کیس صبح ساڑھے 9 بجے حمزہ شہباز کو طلب کیا تھا اور حمزہ شہباز کو متعدد دستاویزات ساتھ لانےکا کہا تھا۔

    نیب کی جانب سے حمزہ شہبازکو نیب میں طلبی کا مراسلہ بھی جاری کیا تھا ، مراسلے میں حمزہ شہباز کوصبح ساڑھے 9 بجے نیب میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی، انھیں آمدن سے زائد اثاثے اورمنی لانڈرنگ پر طلب کیا گیا۔

    نیب کی 3 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم حمزہ شہباز سے پوچھ گچھ کرےگی۔

    مزید پڑھیں : حمزہ شہبازکا لاہور ہائی کورٹ بنچ پراچانک عدم اعتماد کا اظہار

    اس سے قبل بھی حمزہ شہباز اسی کیس میں نیب میں پیش ہوچکے ہیں تاہم وہ نیب ٹیم کو مطمئن نہیں کرسکے تھے، جس کے باعث انہیں دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

    یاد رہےکہ  پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے رمضان شوگر ملز، آمدن سے زائد اثاثوں اور صاف پانی کیس میں عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

    گذشتہ روز حمزہ شہباز نے عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کرنے والے لاہور ہائی کورٹ کے بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

    خیال رہے منی لانڈرنگ اور آمدن سےزائد اثاثوں پر شریف فیملی کےخلاف تحقیقات مختلف زاویوں سےجاری ہیں ، شریف خاندان پر الزام ہے کہ 1999 میں اُن کے اثاثہ جات کی مالیت پانچ کروڑ چھتیس لاکھ تھی جبکہ 2019 تک اُن میں سوا تین ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

    واضح رہے کہ 6 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔