اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) حکام نے ماہانہ 50 ہزار روپے آمدن پر انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کی تیاریاں جاری ہے، حکام نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے نیا ٹیکس لگانے پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی اور کم آمدن والے طبقے پر ٹیکس لگانے کا معاملہ زیر غور نہیں آئے گا۔
ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ ماہانہ 50 ہزار روپے آمدن والوں کیلئے انکم ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی ، سالانہ 6لاکھ کمانے والوں کیلئے ٹیکس چھوٹ ختم نہیں کی جارہی۔
حکام نے کہا ہے کہ ٹیکس استثنیٰ واپس لینے سے متعلق کوئی پالیسی یا تجویز زیر غور نہیں، عالمی بینک نے موجودہ 6 لاکھ کی حد میں کمی کی تجویز نہیں دی۔
حکام کے مطابق زرعی شعبے سے حاصل آمدن پر ٹیکس کا نفاذ بھی صوبائی معاملہ ہے۔