Tag: آندھرا پردیش

  • نیند کے آگے بے بس چور کو ڈکیتی کے دوران سونا مہنگا پڑ گیا

    نیند کے آگے بے بس چور کو ڈکیتی کے دوران سونا مہنگا پڑ گیا

    آندھرا پردیش: بھارتی ریاست میں ایک چور کو دوران ڈکیتی نیند کے آگے بے بس ہونے کے بعد سونا مہنگا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست آندھرا پردیش میں پولیس نے ایک ایسے چور کو گرفتار کر لیا ہے جو ڈکیتی کے دوران گھر میں سو گیا تھا، سوری بابو کا خیال تھا کہ وہ کچھ دیر جھپکی لے کر اٹھ جائے گا اور لوٹے مال کے ساتھ نکل جائے گا۔

    دفاتر میں نیند کے غلبے کے باعث کام کے دوران ملازمین کا سونا تو آپ نے سنا ہوگا لیکن ڈکیتی کے دوران نیند کا غلبہ ہونے کے دوران اگر چور سو جائے تو اس کا کیا نتیجہ برآمد ہو سکتا ہے، ضلع ایسٹ گوڈاوری میں 21 سالہ چور سوری بابو نے گھر سے مال جمع کرنے کے بعد سوچا کہ تھوڑی دیر سونے کے بعد اٹھ جائے گا، لیکن سوتے حالت میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    معلوم ہوا کہ چور ایئرکنڈیشنر کی ٹھنڈک میں نیند کے غلبے کے آگے مزاحمت نہیں کر سکا تھا اور سو گیا۔

    پولیس کے مطابق گوکاورم سے تعلق رکھنے والے چور نے ایک پیٹرول پمپ کے مالک کے گھر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی تھی، چور کو جب گرفتار کیا گیا تو اس نے ماسک بھی پہن رکھا تھا لیکن کرونا وائرس والا نہیں، یہ بھی معلوم ہوا کہ چور نے کئی دن تک باقاعدہ گھر کی ریکی کی تھی۔

    بتایا گیا کہ چور نے اپنے مالی حالات بہتر بنانے کے لیے منصوبہ بنایا تھا، 12 ستمبر کو وہ صبح سویرے چار بجے کھلے دروازے میں داخل ہوا، اور سیدھا گھر کے مالک ستی وینکٹ ریڈی کے کمرے میں گیا، جو اس وقت سو رہا تھا۔ دل چسپ بات یہ تھی کہ گھر کے مالک نے اس دن رقم الماری میں رکھنے کی بجائے باہر میز ہی پر رکھ دی تھی، کام بہت آسان ہو گیا تھا لیکن قسمت دیکھیے کہ سوری بابو کو نیند آ گئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ چور نے بتایا وہ تھکا ہوا تھا اور کمرا بھی بہت ٹھنڈا تھا تو وہ نیند کے آگے بے بس ہو گیا، اس نے سوچا کہ جھپکی لے کر اٹھ جائے گا اور یہ سوچ کر وہ گھر کے مالک کا کوٹ اوڑھ کر سو گیا، لیکن اس سے قبل کہ وہ جاگتا، مالک مکان پہلے جاگ گیا۔

    مالک مکان نے کمرے میں ایک چور کو دیکھا تو خاموشی سے باہر نکلا اور دروازہ بند کر کے پولیس کو طلب کر لیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ بابو حلوائی کی دکان پر کام کرتا تھا اور اس پر قرضہ چڑھ گیا تھا، اس نے سوچا کہ اب چور بننے کے علاوہ وہ ان حالات سے باہر نہیں نکل سکے گا۔ اس نے دیکھا کہ پیٹرول پمپ کا مالک روز رقم لے کر گھر جاتا ہے، اس نے اس کا پیچھا کیا اور رقم چرانے کا منصوبہ بنا لیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ بابو پیشہ ور چور نہیں تھا۔

  • کئی دنوں تک بھوکا پیاسا پب جی کھیلنے والا نوجوان ہلاک

    کئی دنوں تک بھوکا پیاسا پب جی کھیلنے والا نوجوان ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں آن لائن گیم پب جی نے 16 سالہ نوجوان کی جان لے لی، نوجوان کئی روز تک لگاتار بغیر کھائے پیے پب جی کھیلتا رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آندھرا پردیش میں 16 سالہ نوجوان پب جی کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا، پولیس کے مطابق نوجوان کئی دن سے بغیر کچھ کھائے پیے لگاتار پب جی کھیلتا رہا۔

    پانی نہ پینے کی وجہ سے نوجوان شدید ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوگیا جس کے بعد گھر والے اسے اسپتال لے گئے۔ نوجوان کو ڈائریا بھی شروع ہوگیا اور شدید ڈائریا کی وجہ سے اس کی سرجری کرنی پڑی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکی اور نوجوان چل بسا۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ پب جی ایک لت بن چکا ہے اور جرائم پیشہ عناصر اسے اپنے مقاصد کے لیے بھی استعمال کر رہے ہیں۔

    ان کے مطابق سی آئی ڈی طلبہ، نوجوانوں اور والدین کو سائبر کرائم سے آگاہ کرنے کے ایک ماہ کی آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ممبئی میں بھی پب جی کے عادی 22 سالہ نوجوان نے پھندا لگا کر خودکشی کر لی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ نکھل پونا میں ایک نجی فرم میں ملازمت کرتا تھا اور بی اے فائنل کے امتحانات دینے کے لیے واپس آبائی علاقے آیا تھا تاہم کرونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ گھنٹوں پب جی گیم کھیلتا رہتا تھا۔

  • بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں سیاحوں‌ کی کشتی کو حادثہ، 12 ہلاک، 35 لاپتا

    بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں سیاحوں‌ کی کشتی کو حادثہ، 12 ہلاک، 35 لاپتا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں سیاحوں کو لے جانے والی کشتی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 35 لاپتا ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں 12 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 35 افراد لاپتا ہیں، ماہی گیروں نے لائف جیکٹس کی مدد سے 14 افراد کو ریسکیو کرلیا۔

    آندھرا پردیش کی وزیر اعلیٰ ایم سچیترا کے مطابق کشتی میں 61 افراد سوار تھے جن میں 50 مسافر اور 11 کریو ممبر شامل تھے، تمام افراد بھارتی شہری ہیں، افسوسناک حادثہ گوداوری دریا میں پیش آیا۔

    رپورٹ کے مطابق 35 لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، کشتی مسافروں کو لے کر سنگاناپالی سے پاپی کونڈالو کے سیاحتی مقام پر جارہی تھی کہ حادثہ پیش آیا۔

    مزید پڑھیں: بھارت: مسافر کشتی ڈوبنے سے 19 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ

    دریا میں حالیہ سیلاب کے بعد کشتیوں کو مذکورہ دریا سے جانے سے روک دیا گیا تھا، یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ماہی گیر کشتی کو اس مقام سے لے جانے میں کس طرح کامیاب رہے۔

    وزیراعلیٰ سچتیرا کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی جو بھی ذمہ دار ہوا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ رواں برس مئی میں بھی سیاحوں کی کشتی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل ایک کشتی میں گیس سلنڈر پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں کشتی جل کر خاکستر ہوگئی تھی تاہم 80 سیاحوں کو باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا تھا۔

  • بھارت میں 74 سالہ خاتون کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش

    بھارت میں 74 سالہ خاتون کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش

    نئی دہلی: بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں 74 سالہ خاتون نے دو جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں 74 سالہ خاتون منگیاما نے دو جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے، پیدا ہونے والی دونوں بچیاں صحت مند ہیں۔

    رپورٹ کے خاتون کو چھوٹے بچوں سے لگاؤ تھا اور جب انہوں نے 55 سالہ پڑوسی خاتون کے ہاں ننھے مہمان کی آمد کی خبر سنی تو انہیں بھی بچوں کی خواہش ہوئی۔

    خاتون نے کہا کہ وہ اپنے احساسات کو لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی، دونوں بچیاں میری ہیں اور 6 سال کا ہمارا انتظار ختم ہوگیا ہے، اب کوئی مجھے بانچھ پن کا طعنہ نہیں دے گا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کی ڈیلیوری ڈاکٹر ایس اوما شنکر کی سربراہی میں بھارت کے شہر گنتر میں ہوئی اور اے وی ایف کے ذریعے ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں: سرگودھا میں خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش

    ڈاکٹر اوما شنکر کا کہنا ہے کہ منگیاما جب نومبر میں میرے پاس آئی تو میں حیران تھی لیکن میں نے اسے ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل دسمبر 2006 میں خاتون بوسادا دی لارا نے 66 سال 358 دن میں دو جڑواں بچوں کو جنم دیا تھا۔

    دی لارا کے ہاں دونوں بچے آپریشن سے پیدا ہوئے تھے اور ان کا وزن 1.6 کلو گرام تھا۔

    یاد رہے کہ بھارتی خاتون اومکاری پنور کے ہاں 2008 میں 70 سال کی عمر میں دو بچوں کو کی پیدائش ہوئی تھی لیکن ان کے پاس اس بات کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

  • بھارت میں ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی

    بھارت میں ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی

    نئی دہلی : بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ٹرین کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق ایسٹ کوسٹ ریلوے کے سربراہ جے پی مشرا کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ وزیاناگرم ضلعے میں کونیرو اسٹیشن کے قریب اس وقت پیش آیا جب انجن اور سات بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    ٹرین کے پٹری سے اترنے کی وجہ یاحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔تاہم امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ یہ حادثہ گزشتہ رات پیش آیا جب ایک ٹرین جگدالپور سے پھونیشور کی جانب جا رہی تھی۔

    مزید پڑھیں: بھارتی ریاست کانپور میں ٹرین حادثہ،142 افراد ہلاک

    یاد رہےکہ گزشتہ سال نومبر میں بھارت کی ریاست کانپور میں مسافر ٹرین حادثے کے نتیجے میں کم از کم 142 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہےکہ مارچ 2015 میں بھی اتر پردیش میں ہی پیش آنے والے ایک حادثے میں 39 افراد ہلاک اور 150 زخمی ہوگئے تھے۔

  • طوفان "ہُد ہُد” بھارتی ساحلوں سے ٹکرا گیا، متعدد ہلاک

    طوفان "ہُد ہُد” بھارتی ساحلوں سے ٹکرا گیا، متعدد ہلاک

    آندھرا پردیش: خلیج بنگال سے اٹھنے والا سمندری طوفان ہدہد بھارت کے شمالی ساحلوں سے ٹکرا گیا۔ جس سے شدید نقصان ہوا ہے۔ آندھرا پردیش میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔

    بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان بڑی تباہی پھیلا سکتا ہے۔ کئی گھنٹوں تک طوفان زمین پر اثر دکھاتا رہے گا۔ طوفان ہد ہد میں دو سو کلومیٹر زائد رفتار سےطوفانی ہوائیں چلتی رہیں۔

    ساتھ بارش بھی ہوتی رہی، آندھراپردیش اور اڑیسہ میں سیکڑوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ اور بجلی کا نظام تہنس نہس ہو گیا۔ خدشہ ہے کہ طوفان سے اونچی لہریں اٹھیں گی اور نچلے علاقے سیلاب کی زد میں آ جائیں گے۔

    دونوں ریاستوں کے تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچادیا گیا اور مزید تین لاکھ لوگوں کو انخلاء کی ہدایات کی گئی ہیں۔ انیس سو ننانوے میں اُڑیسہ میں آنے والے سُپر سائیکلون سے دس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • بھارت: ٹرین میں آتشزدگی، 23 افراد ہلاک

    بھارت: ٹرین میں آتشزدگی، 23 افراد ہلاک

    بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ٹرین کی بوگی میں آگ لگنے سے دو بچوں سمیت تئیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے, ٹرین بنگلور سے پتا پرجارہی تھی۔

    بھارتی حکام کے مطابق حادثہ ہفتے کی صبح ریاست آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں پیش آیا، ٹرین میں بہترافراد سوار تھے، آگ انجن سے چار بوگی پیچھے موجود ایئركنڈيشڈ کوچ میں لگی اور بہت تیزی سے پھیل گئی۔

    ڈبے کے کوچ اٹنڈينٹ نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن وہ آگ پر قابو پانے میں ناکام رہے، زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جائے حادثہ پر امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

    ٹرین میں آگ لگنے کے بعد متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔