Tag: آندھی

  • ڈی آئی خان : خوفناک آندھی، درخت اور سولر پینلز ٹوٹ کر گر پڑے

    ڈی آئی خان : خوفناک آندھی، درخت اور سولر پینلز ٹوٹ کر گر پڑے

    ڈی آئی خان : تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان میں متعدد درخت اور سولر پینلز اکھڑ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح ڈی آئی خان میں بھی تیز آندھی اور موسلادھار باش ہوئی جس کے باعث متعدد اکھڑ گئے۔

    آندھی اور بارش شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، بجلی کے تمام فیڈرز ٹرپ ہوگئے اور بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی جس کے باعث شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔

    تیز آندھی اور طوفان کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان میں متعدد سائن بورڈ اور درخت گرگئے جبکہ پہاڑپور میں آندھی اور بارش سے سولرپینل ٹوٹ گئے۔

    رپورٹ کے مطابق سرائے نورنگ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، ڈی آئی خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے باعث ناتظامیہ کو متعدد آپریشن روکنا پڑے۔

  • دہلی میں اتوار کی صبح تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، ایئرپورٹ کو نقصان

    دہلی میں اتوار کی صبح تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، ایئرپورٹ کو نقصان

    دہلی: بھارت کے دارالحکومت دہلی میں اتوار کی صبح تیز آندھی، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دہلی میں گرج چمک کے ساتھ دھواں دھار بارش کافی نقصان کا سبب بن گیا ہے، دہلی ایئر پورٹ کی چھت کو بھی نقصان پہنچا۔

    رپورٹس کے مطابق اس طوفانی موسم کے اثرات سے ہمیشہ مصروف رہنے والے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-ون کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے، ایئرپورٹ کی چھت سے اچانک پانی ٹپکنے اور ایک حصے کے متاثر ہونے کے مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔

    رات بھر ہونے والی شدید بارش کے سبب 17 بین الاقوامی پروازوں سمیت کل 49 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، 180 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی اور شمال مغربی دہلی کے بڑے حصوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔

    دہلی میں مون سون کے موسلا دھار اسپیل میں 82 کلو میٹری فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں میں 81 ملی میٹر بارش نے بھارتی دارالحکومت کو ڈبو دیا ہے، نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث انڈر پاسز میں پانی بھرنے سے گاڑیاں تباہ ہو گئیں، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔

    دہلی کے علاقے انکور وہار میں اے سی پی کے آفس میں غازی آباد پولیس کے سب انسپکٹر وریندر مشرا کی اس وقت موت واقع ہو گئی جب تیز بارش کی وجہ سے دفتر کی چھت اچانک ڈھ گئی، جس کے نیچے وہ سو رہے تھے۔

    دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دہلی میں مئی کی اب تک کی سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے، اس سال 25 مئی تک 186.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • پنجاب میں تیز آندھی سے مالی و جانی نقصانات میں اضافہ

    پنجاب میں تیز آندھی سے مالی و جانی نقصانات میں اضافہ

    لاہور: پنجاب میں تیز آندھی سے مالی و جانی نقصانات میں اضافہ ہو گیا ہے، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو ایمرجنسی سروس پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں طوفان سے ہونے والے نقصانات سے متعلق ابتدائی رپورٹس جاری کر دی گئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب بھر میں آندھی و طوفان کے باعث 13 افراد جاں بحق اور 92 زخمی ہوئے ہیں، جب کہ ریسکیو ایمرجنسی سروس پنجاب کے مطابق گزشتہ روز آندھی، طوفان اور موسلا دھار بارشوں کے باعث راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 12 افراد جاں بحق جب کہ 219 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ریسکیو پنجاب ایمرجنسی سروس نے صوبے کے مختلف اضلاع کے حادثات میں زخمیوں اور ہلاکتوں کے اعداد و شمار جمع کیے ہیں، حافظ آباد اور جھنگ میں ایک ایک فرد جاں بحق ہوا، جب کہ لاہور میں 2، لیہ میں ایک، میانوالی اور ملتان میں بھی ایک ایک شہری جاں بحق ہوا۔

    راولپنڈی اور راجن پور میں بھی بارش اور طوفان سے ایک ایک شہری کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، شیخوپورہ میں ایک جب کہ سیالکوٹ میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔


    پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارہ آندھی کی زد سے نکالا، اسد عمر


    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور میں آندھی و طوفان کے باعث 3 شہری جاں بحق ہوئے ہیں، راولپنڈی 1، جہلم 3، شیخوپورہ 1، ننکانہ صاحب1، سیالکوٹ1 اور میانوالی میں بھی 1 شہری جاں بحق ہوا۔

    شہریوں کی موت اور زخمی ہونے کی وجہ دیواریں، چھتیں، درخت اور آسمانی بجلی گرنا بتایا گیا ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفان کے باعث متعدد کچے اور بوسیدہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے، لاہور میں درختوں کے گرنے اور شمسی پینلز کو نقصانات کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ڈی ا یم اے کی جانب سے صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنر اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، اور شہریوں کو خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے بچنے اور بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

  • موسم کی تازہ ترین صورت حال، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

    موسم کی تازہ ترین صورت حال، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

    کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے موسم کی تازہ ترین صورت حال کے ساتھ پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ پیر (رات) سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا، اور جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری / ژالہ باری متوقع ہے۔

    این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں، تاکہ کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔

    پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایات بھی جاری ہوئی ہیں، تاکہ موسم کی وجہ سے راستے بلاک ہونے کی صورت میں بر وقت اقدامات کیے جا سکیں۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مسافروں اور سیاحوں کو موسم کی تازہ ترین صورت حال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔

  • کراچی: آج بھی طوفانی بارش اور آندھی کا امکان

    کراچی: آج بھی طوفانی بارش اور آندھی کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی اور زیریں سندھ میں آج اور کل طوفانی بارشیں متوقع ہیں، اس دوران 70 تا 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن شدت اختیار کر کے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا، 6 گھنٹے میں ڈیپ ڈپریشن سمندری طوفان کی شکل اختیارکرے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن اس وقت کراچی سے 160 کلو میٹر دور ہے، ممکنہ سمندری طوفان کا رخ مکران کی ساحلی پٹی کی جانب ہے۔

    طوفان کے پیش نظر کراچی اور زیریں سندھ میں آج اور کل طوفانی بارشیں متوقع ہیں، اس دوران 70 تا 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ روز اور رات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، بارش اور اربن فلڈ کے خطرے کے پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

  • امریکا پر سیاہ آفت ٹوٹ پڑی

    امریکا پر سیاہ آفت ٹوٹ پڑی

    الاباما: امریکی ریاستوں الاباما اور جارجیا میں آندھی نے وسیع پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاستوں الاباما اور جارجیا میں اچانک پیدا ہونے والے ہوا کے بگولوں کی زد میں آ کر 5 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    قومی موسمیاتی سروس کا کہنا ہے کہ الاباما میں 7 مختلف مقامات پر جمعرات کو آندھی اور بگولوں نے تباہی مچائی، جمعے کو دیگر جنوبی ریاستوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

    الاباما میں کال ہون کاؤنٹی پولیس چیف نے بتایا کہ بگولوں کی زد میں آتے ہوئے کم سے کم 5 اموات ہوئی ہیں، متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں، کئی مکانات، عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    امریکا میں ہزاروں کمسن بچے زیر حراست

    الاباما ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ طوفان نے سیکڑوں گھر تباہ کر دیے ہیں۔

    ریاست الاباما میں تباہی مچانے کے بعد آندھی نے جمعے کی صبح کو جارجیا کے شہر نیونن کا رخ کیا، جہاں اس نے بڑے پیمانے پر گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق یہ آندھی طوفانوں کے ایک خطرناک سسٹم کا حصہ تھا، جو الاباما کے شہر برمنگھم کے جنوب میں منڈلا رہا ہے۔ یہ طوفان ایک لانگ ٹریک سُپر سیل ہے جس نے وسطی الاباما کی کئی کاؤنٹیز میں متعدد آندھیاں پیدا کیں۔

    اس سسٹم نے امریکی ریاست تک پہنچنے سے قبل 100 میل کی رفتار سے سفر کیا تھا، ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ نامساعد موسمی حالات سے تقریباً 55 لاکھ افراد متاثر ہوں گے۔

    رپورٹس کے مطابق آندھی کے باعث پیل ہام شہر میں 30 تا 50 عمارتیں متاثر ہوئیں، مکانات کی چھتیں اڑ گئیں، درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔

  • آندھی کے بعد کی صورت حال، عثمان بزدار بغیر پروٹوکول لاہور میں نکل آئے

    آندھی کے بعد کی صورت حال، عثمان بزدار بغیر پروٹوکول لاہور میں نکل آئے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا، اس دوران انھوں نے بارش اور آندھی سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار لاہور میں آندھی کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے شہر میں بغیر پروٹول کے نکل آئے، انھوں نے پانی کی نکاسی کے انتظامات پر اظہار اطمینان جب کہ بعض مقامات پر پانی کھڑا دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے جیل روڈ، گلبرگ، کینال و مال روڈ اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا، اور واسا، انتظامی افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی، عثمان بزدار نے کہا کہ ایسے دوروں سے حقیقی معنوں میں صورت حال کا علم ہوتا ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ شہریوں کے لیے مون سون سیزن میں بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔

    پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون منظور ہونے سے حقیقی تبدیلی کا خواب پورا ہوگا، وزیراعظم

    خیال رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر طوفانی بارشوں سے جل تھل ایک ہو گیا ہے، صوبے میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو چکا ہے، لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، راولپنڈی اور پشاور میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

    رات گئے سیالکوٹ، چنیوٹ، سرگودھا، جھنگ، بھکر، منچن آباد اور حویلی لکھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، شیخو پورہ میں بارش ہوئی، فیصل آباد میں طوفانی بارش سے مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں بیٹا جاں بحق اور باپ زخمی ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مردان، چارسدہ، بنوں، ڈی آئی خان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    لاہور میں بادلوں نے لیسکو کے فیڈرز کی بھی چھٹی کرا دی، کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، راولپنڈی میں بھی تیز بارش کے بعد بجلی بند ہو گئی۔

  • محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، موسم تبدیل ہونا شروع

    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، موسم تبدیل ہونا شروع

    کراچی: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد سندھ میں موسم تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے، ہوا کا کم دباؤ مشرقی سندھ میں اثر انداز ہونے کا آغاز ہو گیا۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مشرقی سندھ میں ہوا کا کم دباؤ اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے، تھرپارکر اور ملحقہ علاقوں میں بارش شروع ہو گئی۔

    انھوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں آج شام سے بارش کا آغاز ہوگا، شہر میں بارش سے قبل گرد آلود آندھی چلے گی، آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

    سردار سرفراز نے بتایا کہ بارش کا سلسلہ پرسوں صبح تک جاری رہے گا، کراچی میں 50 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، تاہم گرمی کی شدت میں کمی بدھ کی شام سے ہوگی، بدھ کی شام کو ہوا کا کم دباؤ ختم ہونے سے سمندری ہوائیں بحال ہو جائیں گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ شام سے شہر قائد میں آسمان پر بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، مون سون سسٹم نے مضبوطی حاصل کر لی ہے، موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، گزشتہ شام شہر میں تیز ہواؤں کے بعد بوندا باندی بھی ہوئی۔

    کراچی میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے تاہم دوسری طرف حکومتی انتظامات ناکافی نظر آ رہے ہیں، رین ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کے باوجود شہر میں بیش تر نالوں کی صفائی نہ ہو سکی، کراچی میں گجرنالہ، لیاری ندی، تین ہٹی ندی سے متصل آبادی تاحال موجود ہے۔

    شہر میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شام میں مون سون سسٹم سے آندھی اور بارش کا امکان ہے، سمندر میں موجود ہوا کے کم دباؤ سے سمندری ہوائیں معطل ہیں، شمال مغربی ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آج درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فی صد ہے۔

  • پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور موسلادھار بارش

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور موسلادھار بارش

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات گئے آندھی اور تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور، خانیوال، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، منڈی بہاؤالدین سمیت مختلف شہروں میں آندھی اور موسلادھار بارش موسم سہانا ہوگیا۔

    موسلادھار بارش کے لاہور، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اور وسطی علاقوں میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آئندہ ہفتے سے مون سون ہواؤں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

    کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، محکمہ موسمیات

    دوسری جانب شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے والی بوندا باندی کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

  • پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں، لاہور میں تیز آندھی، 10 افراد جاں بحق

    پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں، لاہور میں تیز آندھی، 10 افراد جاں بحق

    لاہور: کراچی کے بعد پنجاب میں بھی موسم کے تیور بگڑ گئے، مختلف شہروں میں تیز آندھی نے تباہی مچا دی، مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تیز آندھی کے باعث لاہور کے علاقے شاد باغ عامر روڈ پر دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق، جب کہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع نے کہا ہے کہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں مکان کی چھت گر گئی جس میں 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں، منصورہ میں چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    لاہور، خانیوال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میاں چنوں، چستیاں اور جلال پور بھٹیاں میں تیز بارش ہوئی، پنجاب میں پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

    ادھر گوجرانوالہ شہر اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے، گیپکو کے 25 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

    لاہور شہر میں تیز آندھی کے باعث بجلی کا نظام معطل ہو گیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں 150 فیڈر ٹرپ کر گئے، متاثرہ علاقوں میں ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن، کیمپس، ٹھوکر نیاز بیگ شامل ہیں، جب کہ فیڈرز ٹرپ ہونے سے بند روڈ، ملتان روڈ اور ساندہ کے علاقوں میں بجلی بند ہو گئی ہے۔

    باغبان پورہ، ہربنس پورہ، باٹا پور، جلو، جی ٹی روڈ، تاج پورہ میں بھی بجلی معطل ہو گئی ہے، چیف ایگزیکٹو لیسکو نے بتایا کہ بجلی کی بحالی کے لیے آپریشن جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: مختلف علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں

    بہاول نگر اور گرد و نواح میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، طوفانی بارش سے متعدد جگہوں پر بوسیدہ چھتیں اور دیواریں گر گئیں۔

    نارووال شہر اور گرد و نواح میں بھی تیز آندھی چلنا شروع ہوگئی ہے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جہانیاں، تلمبہ، حویلی لکھا میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، تلمبہ میں تیز آندھی سے کئی درخت گر گئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

    سکھیکی، پنڈی بھٹیاں اور گرد و نواح میں بھی تیز ہوا کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، چاغی شہر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہو گیا ہے۔

    اوکاڑہ میں مصنوعی جنگل پیپلی پہاڑ پر آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی، ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔