نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش آندھی اور طوفان کا الرٹ جاری کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے بیشتر علاقے اس وقت مون سون کی لپیٹ میں ہیں اور شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو گئی ہے۔
اب این ڈی ایم اے نے ایک الرٹ جاری کیا ہے جس میں اگلے 12 گھنٹوں کے دوران ملک بیشتر علاقوں میں بارش، آندھی اور طوفان آنے اور شمالی علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 12 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، میانوالی، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے، جب کہ بلوچستان کے ضلع لورالائی، بارکھان، زیارت، کوئٹہ، سبی اور چمن میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
الرٹ میں شدید بارشوں اور طوفان کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہرکیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں سے گلیشیئر پھٹنے کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے ہنزہ، شگر، گانجھے اور چترال کے دریاؤں کے قریب رہائشی افراد کو محتاط رہنے اور اس کے ساتھ ہی کے پی اور گلگت بلتستان کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو حساس علاقوں کی نگرانی کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا۔ اس لیے مذکورہ علاقوں کے رہائشی محتاط رہیں۔ شہری تیز بارش اور طوفان کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کےکھمبوں اور بل بورڈز سے بھی دور رہیں۔
موسم سے متعلق خبریں
واضح رہے کہ اس وقت بھی پنجاب، کے پی، بلوچستان اور شمالی علاقہ جات کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں آج 8 گھنٹوں میں بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
لاہور میں 8 گھنٹے بارش کا تاریخی اسپیل، نیا ریکارڈ بن گیا
دوسری جانب این ڈی ایم اے کے جاری اعداد وشمار کے مطابق 26 جولائی سے اب تک ملک بھر میں بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث 87 افراد کی جانیں جا چکی ہیں۔