Tag: آنکھوں کے سیاہ حلقے

  • آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کا آسان علاج

    آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کا آسان علاج

    ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی شخصیت خصوصاً اس کا چہرہ پر کشش اور جاذب نظر ہو اس سلسلے میں خواتین بہت زیادہ حساس ہوتی ہیں۔

    اسی لیے خواتین اپنے حسن کو نکھارنے کے لیے نت نئے طریقے اور نسخے آزماتی ہیں، کبھی کسی کریم کا استعمال کرتی ہیں، تو کبھی کسی ٹوٹکے کا۔

    خوبصورت چہرہ اور اس پر سیاہ حلقے چاند پر داغ کی مانند ہوتے ہیں، جہاں سیاہ حلقے آپ کے خوبصورت چہرے کی چمک کو کم کرتے ہیں وہیں یہ آپ کے خود اعتمادی کو بھی متاثر کرتے ہیں لیکن چند گھریلو ٹوٹکوں کو اپنا کر آپ آسانی سے سیاہ حلقوں سے چھٹکارا پا سکتی ہیں۔

    سیاہ حلقے

    آنکھوں کے سیاہ حلقوں کی بہت سی وجوہات ہیں، جن میں سب سے بڑی وجہ نیند کا پورا نہ ہونا ہے۔ اس کے علاوہ موبائل کا بے جا استعمال اور صبح سے شام تک کمپیوٹر کی اسکرین پر نظریں جما کے رکھنا بھی آنکھوں کے ان حلقوں کا باعث بنتا ہے۔

    سیاہ حلقے کیوں ہوتے ہیں؟:

    سب سے پہلے ان وجوہات کو جاننا ضروری ہے جن کی وجہ سے آپ کے خوبصورت چہرے پر سیاہ دھبے نمایاں ہوتے ہیں، ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سیاہ حلقوں کی سب سے بڑی وجہ نیند کی کمی ہے، کسی بھی وجہ سے مسلسل نیند نہ لینے کی وجہ سے آپ کی آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے نمودار ہوتے ہیں۔”

    اس کے علاوہ بہت سے لوگوں میں سیاہ حلقے موروثی ہوتے ہیں، خشک جلد اور غیر صحت بخش خوراک کے ساتھ ساتھ بڑھتی عمر بھی سیاہ حلقوں کی بڑی وجہ ہوسکتی ہے۔

     نیند پوری لیں اور یوگا کریں :

    سیاہ حلقوں کو دور کرنے کے بہت سے گھریلو ٹوٹکے ہیں لیکن چاہے وہ مرد ہو یا عورت، سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ پوری نیند لیں اور نارمل ورزش کے ساتھ یوگا بھی کرتے رہیں، اس عمل سے جسم میں خون کا بہاؤ ہموار اور جسم کو توانائی ملتی ہے۔

    سیاہ حلقوں کا آسان علاج:

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاہ آنکھوں کے علاج کے لیے رات کو سونے سے قبل بادام کا تیل لگائیں، یہ وٹامن ای سے بھرپور ہوتا ہے جو سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں مدد کرتا ہے۔”

    کھیرے کے کٹے ہوئے ٹکڑے آنکھوں پر رکھنے سے آنکھوں کو ٹھنڈک ملتی ہے، کھیرے کو اینٹی آکسیڈنٹس کا پاور ہاؤس بھی کہا جاتا ہے۔ کھیرے میں وٹامن سی اور وٹامن کے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو آنکھوں کے نیچے کی جلد کو سکون دیتا ہے اور خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے۔

    آلو اور ایلو ویرا بھی استعمال کریں :

    آلو کے ٹکڑے بھی آنکھوں پر لگائے جا سکتے ہیں۔ یہ آنکھوں کے نیچے جلد کو ہائیڈریٹ کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن سی اور وٹامن اے بھی وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایلو ویرا جیل کا استعمال بھی فائدہ مند ہے۔ رات کو سونے سے پہلے ایلو ویرا جیل لگائیں، اس سے جلد نرم ہو جائے گی اور سیاہ حلقے بھی ختم ہو جائیں گے۔

    اس کے علاوہ ٹھنڈا دودھ سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے، آنکھوں کے نیچے کی جلد کو ٹھنڈے دودھ سے مساج کرنے سے سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔

    موبائل اور کمپیوٹر اسکرین :

    آج موبائل، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر بہت عام چیزیں بن چکے ہیں، گھر سے دفتر تک گھنٹوں ان سے نمٹنا پڑتا ہے۔ ایسے میں یہ بات سامنے آرہی ہے کہ موبائل اور کمپیوٹر اسکرین کو زیادہ دیر تک دیکھنے کی وجہ سے آنکھوں کے نیچے کی جلد خشک ہونے لگی ہے۔

    موبائل یا ٹی وی اسکرین کا وقت متعین کریں اور کچھ دیر کے لیے موبائل اور کمپیوٹر اسکرین سے دور رہیں، اس کے علاوہ مناسب مقدار میں پانی پی کر جسم کو ہائیڈریٹ رکھیں اور تازہ پھلوں کا بھی استعمال کریں۔

  • آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کا آسان ٹوٹکا

    آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کا آسان ٹوٹکا

    آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے چہرے کی خوبصورتی کو ماند کردیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ سیاہ حلقوں کو ختم کرنے کے لیے طرح طرح کے ٹوٹکے آزمائے جاتے ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں سیاہ حلقے ختم کرنے کا نہایت آسان اور آزمودہ طریقہ بتایا گیا جسے آپ بھی آزما سکتے ہیں۔

    اس کے لیے دو چمچ کچے دودھ میں ایک چمچ عرق گلاب ملائیں اور اس میں کاٹن پیڈ بھگو کر فریج میں رکھ دیں۔

    ٹھنڈا ہونے کے بعد کاٹن پیڈ نچوڑیں اور 10 سے 15 منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھیں۔ یہ ٹوٹکا روزانہ آزمانے سے 10 دن میں سیاہ حلقوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔

  • آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کے لیے تجاویز

    آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کے لیے تجاویز

    آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے آپ کی شخصیت کا ایک برا تاثر چھوڑتے ہیں۔ یہ آپ کی غیر صحت مند طرز زندگی کو ظاہر کرتے ہیں۔ مرد و خواتین دونوں ہی اس سے متاثر ہوتے ہیں۔

    ایک عام خیال یہ ہے کہ یہ عموماً نیند کی کمی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ یہ خیال کسی حد تک درست بھی ہے، لیکن اس کے علاہ بھی اس کی کئی وجوہات ہیں۔ آئیے پہلے ان وجوہات کو جانتے ہیں۔

    نیند کی کمی

    ہر شخص کے لیے 8 گھنٹے کی نیند از حد ضروری ہے۔ اگر نیند پوری نہیں ہوگی تو سب سے پہلے آنکھوں کے نیچے حلقے ظاہر ہونا شروع ہوتے ہیں۔ اس کے بعد یہ آپ کی دماغی صحت کو متاثر کرنا شروع کرتی ہے اور آپ چڑچڑاہٹ اور تھکن کا شکار ہوجاتے ہیں۔

    ان تمام مسائل سے بچنے کا حل یہ ہے کہ تمام کام وقت پر مکمل کیے جائیں اور جلدی سویا اور جلدی اٹھا جائے تاکہ نیند پوری ہوسکے۔

    ذہنی تناؤ

    مستقل ذہنی تناؤ میں مبتلا رہنے کے باعث آپ کی نیند بھی متاثر ہوتی ہے اور یہ آپ کی آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں کا سبب بھی بنتا ہے۔

    پانی کی کمی

    آنکھوں کے نیچے حلقوں کی ایک اہم وجہ پانی کی کمی ہے۔ دن میں 8 گلاس پانی پینا مختلف جسمانی مسائل سے محفوظ رکھتا ہے۔

    ہارمونز میں تبدیلی

    جسم میں مختلف اقسام کی ہارمونل تبدیلیاں بعض اوقت جسم پر منفی اثرات بھی مرتب کرتی ہیں جن میں سے ایک آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے ہونا ہے۔

    سیاہ حلقے ختم کرنے کے لیے تجاویز

    آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے ختم کرنے کے لیے سب سے پہلے تو نیند پوری کریں۔

    جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں۔

    کمپیوٹر، موبائل اور ٹی وی کا استعمال کم کریں۔ ان سے نکلنے والی نیلی روشنی آنکھوں کے لیے بے حد نقصان دہ ہے۔

    متوازن غذا کا استعمال کریں۔ آنکھوں کے لیے مفید غذائیں جیسے گاجر، کھیرا وغیرہ کا استعمال بڑھا دیں۔

    آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کے لیے کھیرا سب سے بہترین نسخہ ہے۔ کھیرے کے ٹکڑے کاٹ کر آنکھوں پر رکھیں۔ اس سے نہ صرف آنکھوں کے حلقے ختم ہوں گے بلکہ آنکھوں کی چمک میں بھی اضافہ ہوگا۔

    ایک اور ترکیب ٹی بیگز استعمال کرنے کی ہے۔ ٹی بیگز کو پانی میں بھگو کر فریج میں رکھ دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر آنکھوں پر رکھیں۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے آپ کو واضح فرق نظر آئے گا۔

    آفس میں کمپیوٹر پر کام کرنے کے دوران ہر 20 منٹ بعد 20 سیکنڈ کے لیے اسکرین سے نظر ہٹا کر 20 فٹ دور دیکھیں۔ یہ آنکھوں کے تمام مسائل کے ایک بہترین ورزش ہے۔

    فرصت کے اوقات میں دونوں ہتھیلیوں کو رگڑ کر گرم کریں اور انہیں اپنی آنکھوں پر رکھیں۔ اس سے آپ کی آنکھوں کی تھکن دور ہوجائے گی۔