Tag: آن لائن تصدیق

  • پاکستانی طلبہ اپنی تعلیمی اسناد کی صرف 24 گھنٹے میں‌ آن لائن تصدیق کیسے کریں؟

    پاکستانی طلبہ اپنی تعلیمی اسناد کی صرف 24 گھنٹے میں‌ آن لائن تصدیق کیسے کریں؟

    اسلام آباد (27 اگست 2025): پاکستانی طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ وہ تعلیمی اسناد صرف 24 گھنٹے میں آن لائن تصدیق کر سکیں گے۔

    وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کسٹمر کیئر ڈیسک (سی سی ڈی) پورٹل کا افتتاح کیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد طلبہ کو ان کی تعلیمی اسناد کی آن لائن تصدیق اور دیگر خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے تعلیمی خدمات کو ڈیجیٹائز کرنے اور بیورو کریسی کے عمل کو طلبہ کے لیے مزید قابل رسائی اور شفاف بنانے کے لیے ایک قدم قرار دیا۔

    نئے متعارف کرائے جانے والے سی سی ڈی پورٹل کو انٹر بورڈ کمیٹی چیئرمین (آئی بی سی سی) نے ڈیزائن کیا ہے۔ جس سے ملک بھر کے طلبہ اپنی تعلیمی اسناد آن لائن کسٹمر سپورٹ سسٹم کے ذریعہ تصدیق کر سکیں گے۔

    اس حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام علی ملاح کا کہنا ہے کہ طلبہ اب اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل ایک کیو آر کوڈ سسٹم پر مبنی سسٹم کے تحت دیکھ بھی سکیں گے۔

    غلام علی ملاح کا کہنا تھا کہ عوام کی آسانی ہماری پہلی ترجیح ہے۔ اس پورٹل کی پہلے 6 ماہ تک ٹیسٹنگ کی گئی جس کے بعد اب اس کو عوام کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس سروس سے دنیا کے کسی بھی حصے میں مقیم پاکستانی طلبہ اور ان کے والدین بھی مستفید ہو سکیں گے۔ اس کے لیے انہیں کسٹمر کیئر ڈیسک کو ای میل کرنا ہوگا، جس کا جواب 24 گھنٹے میں دیا جائے گا۔ یہ ان کے لیے بہترین سہولت ہے، جو ذاتی طور پر نہیں آ سکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں رہنے والے طلبہ اب اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے ساتھ کوئی بھی شکایات یا درخواست بھی کسی بھی وقت بذریعہ پورٹل کر سکتے ہیں۔ سی سی ڈی کا مقصد ہے کہ وہ پراسیسنگ ٹائم کو کم کر کے طلبہ اور آئی بی سی سی کے درمیان رابطوں کو بہتر بنائے۔

  • اسلحہ لائسنس کی تصدیق ، بڑا فیصلہ کرلیا گیا

    اسلحہ لائسنس کی تصدیق ، بڑا فیصلہ کرلیا گیا

    لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے نادرا کو تمام اسلحہ لائسنس کی آن لائن تصدیق کیلئے کیو آر کوڈ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں اسلحہ لائسنس کی تصدیق کے حوالے سے محکمہ داخلہ کا فیصلہ سامنے آگیا ، جس میں نادرا کو تمام  لائسنسز کی آن لائن تصدیق کیلئے کیو آرکوڈ جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    کیو آر کوڈ کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر اسلحہ لائسنسز کی تصدیق کرسکیں گے۔

    سیکرٹری داخلہ پنجاب کی زیر صدارت اسلحہ لائسنسز ویری فکیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا، سیکرٹری داخلہ نے لائسنس کیساتھ کیو آر کوڈ لگانے کیلئے نادرا کو ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔

    نادرا کو تمام  لائسنسز متعلقہ شخص کے شناختی کارڈ سے لنک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    سیکرٹری داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی اسلحہ لائسنسز سے متعلقہ تمام آرڈرزپر کیو آر کوڈ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد لائسنس کیلئے نااہل ہیں۔