Tag: آن لائن سروسز

  • ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے شہریوں کےلیے بڑی خوشخبری

    ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے شہریوں کےلیے بڑی خوشخبری

    کراچی: وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے کہا ہے کہ آن لائن سروسز سے شہری باآسانی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔

    کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں شہریوں کے لیے آن لائن سروسز سے متعلق تقریب کا انعقاد ہوا، تقریب میں وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی، ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ آن لائن انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا سنگ میل ثابت ہوگا۔

    وزیرداخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری اس سروس کے ذریعے باآسانی لائسنس حاصل کریں گے، جدید طرز پولیسنگ سے سندھ پولیس کاچہرہ مزید بہتر و تبدیل ہوگا۔

    اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اِجراکی آن لائن سہولت کا مقصد ٹریفک حادثات کو کم کرنا ہے۔

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا تقریب میں مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ٹریفک نظام آئی ٹی کے تحت کام کررہا ہے۔

  • سعودی عرب: متعدد آن لائن سروسز کا افتتاح

    سعودی عرب: متعدد آن لائن سروسز کا افتتاح

    ریاض: سعودی عرب میں متعدد آن لائن سروسز کا افتتاح کردیا گیا جس سے مقامی و غیر مقامی افراد پاسپورٹ سے متعلق متعدد کام گھر بیٹھے انجام دے سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود نے کئی نئی آن لائن سروسز کا افتتاح کردیا، ان کی بدولت محکمہ پاسپورٹ سے متعلقہ متعدد کام آسان ہوجائیں گے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نئی آن لائن سروسز سے مقیم غیر ملکیوں، وزٹ ویزے پر آنے والوں، غیر ملکیوں کے اہل و عیال اور ان کی کفالت پر موجود افراد کے کام آسان ہوں گے۔

    سروسز کے ذریعے خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک کے باشندے، وزٹ ویزوں پر آنے والے، غیر ملکیوں کے اہل و عیال اور ان کے اقامے پر موجود افراد ابشر اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔

    وہ یہ کارروائی اس کمپیوٹر نمبر کی بنیاد پر انجام دے سکیں گے جو انہیں ان کے پاسپورٹ پر سعودی عرب میں داخل ہوتے وقت ہوائی اڈے، بندرگاہ یا بری سرحدی چوکی پر دیا گیا ہوگا۔

    اندراج کی یہ کارروائی ہویۃ مقیم (اقامہ کارڈ) نمبر کے ذریعے بھی انجام دی جاسکے گی۔

    وزیر داخلہ نے ابشر افراد ایپلی کیشن پر ای ہویہ مقیم کارڈ سروس کا بھی افتتاح کردیا، اس کی بدولت سعودی عرب میں مقیم تمام غیر ملکی اسمارٹ موبائلز پر ای اقامہ کارڈ محفوظ کر سکیں گے۔