Tag: آن لائن فراڈ

  • غیر ملکی باشندوں کے ذریعے اربوں روپے کے آن لائن فراڈ میں ملوث سابق چیئرمین فیسکو گرفتار

    غیر ملکی باشندوں کے ذریعے اربوں روپے کے آن لائن فراڈ میں ملوث سابق چیئرمین فیسکو گرفتار

    فیصل آباد(18 جولائی 2025): نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے غیرملکی باشندوں کے ذریعے اربوں روپے کے آن لائن فراڈ گینگ کے سرغنہ سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن فراڈ گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فراڈ میں ملوث سرغنہ سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کو گرفتار کر لیا، ملزم نے چینی گینگ سے مل کر مختلف کمپنیوں کے جعلی کاغذات، ایگریمنٹ اور جعلی پاسپورٹس نمبر تیار کر کے سیکیورٹی اداروں کو بوگس ڈیٹا مہیا کیا تھا۔

    سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بتایا کہ ملزمان نے سیکیورٹی اداروں سے 62 غیر ملکی باشندوں کی موجودگی چھپائی، این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم تحسین اعوان نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا، ملزم کو آج عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

    نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق ملزم تحسین اعوان نے ریکارڈ میں جعلی کمپنیاں ظاہر کیں جن کا وجود ہی نہیں، سیکیورٹی اداروں کو غیر ملکی باشندوں کے جعلی پاسپورٹ نمبر اور غلط معلومات فرہم کیں اور جن کمپنیوں کے نام پر ایگریمنٹ بنائے وہ بھی جعلی نکلے۔

    سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق ملزم تحسین اعوان نے 72 گرفتار غیر ملکیوں میں سے 62 کی موجودگی اداروں سے چھپائی اور غیر ملکیوں کی مہیا کی گئی فہرست میں نو کے ریکارڈ جعلی پائے گئے، ان اقدامات سے تحسین اعوان نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا۔

    سائبر کرائم ایجنسی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارشد علی رضوی کو مقدمے کا تفتیشی افسر مقرر کیا ہے جو آج ملزم تحسین اعوان کو عدالت میں پیش کر کے تفتیش اور ڈیجیٹل مواد کی برآمد گی کے لئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔

    واضح رہے کہ آٹھ جولائی کو سرہالی میں تحسین اعوان کی فیکٹری سے 80 پاکستانی اور ستر سے زائد غیر ملکی باشندے گرفتار کئے تھے، یہ گینگ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اربوں روپے کے انٹرنیشنل آن لائن فراڈ میں ملوث ہے۔

  • اربوں کا آن لائن فراڈ، فیسکو کے سابق چیئرمین تحسین اعوان کا نام پی این آئی لسٹ میں شامل

    اربوں کا آن لائن فراڈ، فیسکو کے سابق چیئرمین تحسین اعوان کا نام پی این آئی لسٹ میں شامل

    فیصل آباد: اربوں کے آن لائن فراڈ میں ملوث فیسکو کے سابق چیئرمین تحسین اعوان کا نام پی این آئی لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سائبر کرائم ایجنسی نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے سابق چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈنٹفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) میں شامل کر دیا ہے۔

    سائبر کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ تحسین اعوان کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ملک تحسین اعوان سابق چیئرمین فیسکو فیصل آباد

    واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے فیصل آباد میں سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کے ڈیرے پر چھاپا مار کر پونزی اسکیم اور سرمایہ کاری کے فراڈ میں ملوث بڑا کال سینٹر پکڑ لیا ہے، کارروائی کے دوران 70 غیر ملکیوں سمیت 149 افراد وہاں کام کرتے ہوئے پائے گئے، جنھیں موقع پر گرفتار کیا گیا۔

    یہ اب تک پاکستان میں آن لائن فراڈ کرنے والے ملزمان کی بہ یک وقت پکڑی گئی سب سے بڑی تعداد ہے۔ چھاپے کے دوران ڈیرے سے کمپیوٹرز، ایل سی ڈیز اور مختلف ڈیوائسز برآمد ہوئی تھیں۔

    سائبر کرائم ایجنسی نے سانگلہ ہل شاہکوٹ روڈ فیصل آباد میں واقع کال سینٹر پر چھاپا ایک حساس ادارے کے ہمراہ مارا تھا، یہ کال سینٹر فیسکو کے سابق چیئرمین ملک تحسین اعوان کی رہائش گاہ پر بنایا گیا تھا جہاں سے عوام کو دھوکا دے کر رقم بٹوری جا رہی تھی۔

    پکڑے گئے افراد میں 131 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں، جن میں نائجیرین 3 مرد اور 5 خواتین، فلپائنی 1 مرد اور 3 خواتین، سری لنکن 1 مرد اور 1 خاتون، بنگلادیشی 6 مرد، زمبابوے کی 1 خاتون، میانمار کی 2 خواتین اور 44 دیگر غیرملکی جب کہ پاکستانی 76 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔

  • ہوشیار، بھارت آن لائن دھوکا دہی کرنے والوں کی جنت بن گیا (ویڈیو رپورٹ)

    ہوشیار، بھارت آن لائن دھوکا دہی کرنے والوں کی جنت بن گیا (ویڈیو رپورٹ)

    بھارت مالیاتی فراڈ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں گزشتہ ایک دہائی کے دوران مالیاتی فراڈ اور سائبر کرائمز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، اور طویل عرصے سے آن لائن دھوکا دہی کرنے والوں کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے جو امریکا سمیت دنیا بھر کے ممالک کو نشانہ بناتے ہیں۔

    مالیاتی سائبر کرائمز بھارت کی سرحدیں پار کر کے دنیا بھر کے لوگوں کو Scam کا نشانہ بنا رہے ہیں، تکنیکی مدد کے حصول کی مد میں معصوم عوام ذاتی تفصیلات جیسا کہ، کریڈٹ کارڈ یا بینک اکاوٴنٹس تک رسائی دے کر دھوکا دہی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

    بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق 2022 میں ایک بھارتی شہری ہتیش مدھو بھائی پٹیل کو 20 سال قید کی سزا سنائی گئی، جس نے 2013 اور 2016 کے درمیان بھارت میں قائم کال سینٹرز کے ذریعے امریکی کلائنٹس کو لاکھوں ڈالر کا دھوکا دیا، دھوکا دہی کے ایسے واقعات کا ایک بڑا حصہ 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں پر مشتمل ہے۔

    جون 2023 میں ایف بی آئی کی کارروائی نے دہلی میں ایک کال سینٹر کا پردہ فاش کیا جس نے امریکی شہریوں کو تقریباً 20 ملین امریکی ڈالر کا دھوکا دیا تھا، امریکا کے فیڈرل بیورو آف انویسٹگیشن کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ امریکی شہریوں کو کال سینٹرز سے منسلک دھوکا دہی میں 10 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا، یہ کال سینٹر اسٹارٹ اپس یا جعلی کسٹمر سروس کال سینٹرز کے طور پر کام کرتے ہیں اور غیر مشتبہ متاثرین کو تکنیکی مدد فراہم کرتے ہیں۔

    کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق بھارتی شہری اس طرح کے فراڈ کے ذریعے حاصل کی گئی رقوم برطانیہ، دبئی اور بھارت کے بینک کھاتوں میں جمع کرواتے ہیں، 8 جنوری 2025 کو کیلیفورنیا میں ایپل کمپنی نے ایپل میچنگ گرانٹس پروگرام میں 185 ملازمین کو برطرف کیا جن میں متعدد بھارتی شہریوں نے Scam کا غلط استعمال کر کے کروڑوں کا غبن کیا، بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق بھارتی ملازمین نے عطیات اور فنڈز ہڑپنے کے لیے غیر منافع بخش تنظیموں کے ساتھ ملی بھگت کی۔

    2022 میں امریکا بھر میں متاثرین سے غیر قانونی طور پر 1.2 ملین ڈالر حاصل کر کے کمپیوٹر فراڈ کرنے کی سازش میں دو بھارتی شہریوں کو 41 ماہ قید کی سزا سنائی گئی، گزشتہ برس سری لنکن پولیس نے 200 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا جن میں زیادہ تر بھارتی شامل تھے جو آن لائن مالیاتی دھوکا دہی میں ملوث تھے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کال سینٹر فراڈ بھارت میں تشویش کا باعث بن چکے ہیں، دھوکا دہی کی کارروائیاں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر افراد کو نشانہ بناتی ہیں، انڈین ٹیک سپورٹ کے نام سے کام کرنے والی متعدد کال سینٹر کمپنیاں امریکا سمیت دیگر ممالک سے فراڈ کے ذریعے پیسہ بٹورتی ہیں، 2022 میں بھارت میں مقیم فراڈ کمپنیوں نے امریکیوں کو 10 بلین ڈالر سے زیادہ کا دھوکا دیا۔

    بھارت کے سائبر کرائم کوآڈرینیشن سینٹر کے مطابق صرف 2024 کے پہلے 4 ماہ میں 7 لاکھ 40 ہزار سے زائد سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، 2024 میں رپورٹ ہونے والے سائبر کرائمز میں تقریباً 85 فی صد آن لائن مالی فراڈ سے متعلق تھے، بھارت میں گزشتہ 8 برسوں کے دوران بینک فراڈ کیسز کی تعداد دوگنی ہو گئی۔

    2024 میں، ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے 13,000 سے زیادہ بینک فراڈ کے واقعات رپورٹ کیے، مالی سال 2024-2025 کی پہلی ششماہی میں بینک دھوکا دہی کی کل مالیت 21,367 کروڑ روپے بتائی گئی، بینک اکاوٴنٹ ٹیک اوور حملوں میں بھارت میں تمام فراڈ کا 55 فی صد حصہ شامل ہے، جو بڑھتے ہوئے خطرے کو ظاہر کرتا ہے۔

    بھارتی مافیا گینگز فیک لنکس کے ذریعے عوام کے موبائل تک رسائی حاصل کر کے ان کا ذاتی ڈیٹا لیک کر کے پیسے کما رہے ہیں، کارڈ اور انٹرنیٹ پیمنٹ فراڈ کے باعث سال 2022 میں 3 ہزار سے زائد کیسزرپورٹ ہوئے جو کہ سال 2024 میں 30 ہزار کے قریب پہنچ گئے۔ ان حالات کے پیش نظر فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مالی فراڈ کے مقدمات میں قانونی چارہ جوئی کو تیز کرے۔ بھارتی ٹھگوں کا امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک کے معصوم عوام کو فراڈ کر کے ان سے پیسے ہتھیانا ایک معمول بن چکا ہے۔

  • صارفین ہوشیار ! پاکستان میں آن لائن فراڈ کا نیا طریقہ آگیا

    صارفین ہوشیار ! پاکستان میں آن لائن فراڈ کا نیا طریقہ آگیا

    پاکستان میں آن لائن فراڈ کا نیا طریقہ آگیا، جس کا نام ‘فشنگ اسکیم’ ہے، تاہم اب کچھ لوگ اس فراڈ سے بچ گئےاور کچھ لوگ اس کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے فراڈ کے نت نئے طریقے آتے جارہے ہیں، کسی انعام کا لالچ دے کریا کسی کمپنی کی پرکشش پیشکش دے کربینک اکاؤنٹس کی تفصیل پوچھی جاتی ہے، کسی ایمرجنسی، یا شادی بیاہ میں رشتہ داریا دوست بن کرپیسے مانگے جاتے ہیں۔

    اب فراڈ کا نیا طریقہ مارکیٹ میں آیا ہے، جسے فشنگ اسکیم کا نام دیا گیا ہے۔

    جس میں ہوتا ہے یہ ہے کہ آپ کو ایک پیغام ملتا ہے، جس میں بتایا جاتا ہے کہ آپ کا ایک کورئیرپارسل ہے لیکن آپ کا ایڈریس نامکمل ہے،مکمل ایڈریس بھیجیں تاکہ پارسل بھیج سکیں۔

    اس طریقے میں پیغام کے ساتھ ہی ایک لنک منسلک ہوتا ہے، جس میں جب آپ جاتے ہیں تو پہلے ایڈریس مانگا جاتا ہے اورپھر دیگر تفصیلات کےعلاوہ اے ٹی ایم یا ڈیبیٹ کارڈ کی تفصیل اوراو ٹی پی مانگا جاتا ہے۔

    جس نے بھی یہ تفصیلات دیں ان کے کارڈ پر یواے ای سے چارسو ریال تک چارج کرنے کی کوشش کی گئی ، کچھ لوگ اس فراڈ سےبچ گئے جب کہ کچھ لوگ اس کا شکار ہوگئے۔

  • شرمین علی کے ساتھ آن لائن فراڈ، اداکارہ نے سر پکڑلیا

    شرمین علی کے ساتھ آن لائن فراڈ، اداکارہ نے سر پکڑلیا

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ اور ماڈل شرمین علی کے ساتھ بھی آن لائن فراڈ ہوگیا، پارسل دیکھ کر سر پکڑ لیا۔

    موجودہ دور میں جس تیزی سے آن لائن خریداری کا رجحان بڑھتا جارہا ہے اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی جعلی ویب سائٹس خود کو آن لائن شاپنگ اسٹور کے طور پر متعارف کرواکے خریداروں کو بے وقوف بنانے میں مصروف ہیں۔

    fraud 01

    کچھ ایسا ہی اداکارہ شرمین علی کے ساتھ بھی ہوا، اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں انہوں نے جیکٹ خریدنے کے نام پر دھوکہ کھانے کے حوالے سے پوری روداد سنائی۔

    انہوں نے بتایا کہ میں ان دنوں انگلینڈ میں تھی تو دوران سفر میں نے ایک ویب سائٹ پر خوبصورت کی جیکٹ دیکھ کر اس کا آرڈر دیا اس کی قیمت 15 ہزار تھی جس کی ڈلیوری کا وقت 10دن تھا۔

    ایک دن میں گھر پر نہیں تھی تو بیٹی کا فون آیا کہ آپ کے نام سے ایک پارسل آیا ہے، ویسے تو پیمنٹ دیئے بغیر پارسل کھولنے کی اجازت نہیں ہے اس لیے می نے کہا کہ پیکٹ کو ٹٹول کر چیک کرو کہ اس میں کیا ہے؟

    fraud 02

    بیٹی نے بتایا کہ جیکٹ ٹائپ کی کوئی چیز ہے تو میں نے اسے کہا کہ پارسل لے کر اس کی پیمنٹ کردو۔ لیکن جب میں نے پارسل کھولا تو دیکھا کہ اس میں کوئی تھرڈ کلاس قسم کی ایک جیکٹ رکھی ہوئی تھی تو میں نے سر پکڑ لیا اور جب دوبارہ اس پیج پر رابطہ کیا تو وہ مجھے بلاک کرچکے تھے۔

  • منافع کے چکر میں نوجوان ’آن لائن ٹریڈرز‘ کا شکار کیسے بنا ؟

    منافع کے چکر میں نوجوان ’آن لائن ٹریڈرز‘ کا شکار کیسے بنا ؟

    کراچی : سوشل میڈیا موجودہ دور میں ہماری روز مرہ کی ضروریات کا حصہ بنتا جارہا ہے، بدقسمتی سے اس کا استعمال اب دھوکہ دہی کیلئے بھی کیا جارہا ہے جس سے بچنے کیلئے سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا چاہیے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان سمیر نے سوشل میڈیا پر ایک ایپ کے ذریعے اپنے لُٹ جانے کا واقعہ ناظرین کو بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے ’آن لائن ٹریڈر‘ کے نام سے ایک آئی ڈی کو فالو کیا ہوا تھا جہاں پر لوگوں کو اپنی جانب راغب کرنے کیلئے روزانہ کسی نہ کسی کو کئی ہزار روپے منافع کی خبریں جاری کی جاتی تھیں۔

    سمیر نے بتایا کہ اس کام کا قانون یہ تھا کہ کم سے کم سو ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا ضروری تھی میں نے بھی آغاز میں سو ڈالر دیئے تو اگلے 24 گھنٹے میں ایک سو بیس ڈالر میرے اکاؤنٹ میں آگئے۔

    نوجوان کا کہنا تھا کہ 5روز تک میں اس آئی ڈی کو مانیٹر کرتا رہا اور پھر 500 ڈالر یعنی ایک لاکھ چالیس ہزار روپے جمع کرائے تو اگلے 24ویں گھنٹے میں مجھے بلاک کردیا گیا اور میری ساری رقم ڈوب گئی۔

    سوشل میڈیا پر دھوکہ بازی سے کیسے بچا جائے؟

    یاد رکھیں کہ سوشل میڈیا پر دھوکے بازوں سے بچنے کا ایک اہم طریقہ یہ ہے کہ ایسے کسی بھی رابطہ کار کے کسی سوال یا بات کا جواب نہ دیا جائے۔ ٹیلیفون اور کبھی ای میل بھیج کر نجی معلومات کے حصول کے لیے رابطہ کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کوئی ایسی ای میل بھی نہ کھولی جائے جو نا معلوم ذرائع کی جانب سے بھیجی گئی ہو۔

    مختلف بینکوں کے ’لوگو‘ کے ذریعے ملنے والے پیغامات سے بھی ہوشیار رہیں اور مکمل طور پر ہوشیار رہیں تاکہ دھوکہ نہ کھاسکیں، دھوکہ باز عناصر یہ طریقہ واردات انسانی نفسیات سے کھیلنے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

  • سعودی عرب: آن لائن دھوکا دہی پر ایک کروڑ ریال کا جرمانہ

    سعودی عرب: آن لائن دھوکا دہی پر ایک کروڑ ریال کا جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں 11 ملین ریال کا فراڈ کرنے والے 2 افراد کو 28 برس قید اور 1 کروڑ ریال جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ دھوکا دہی سے رقم ہتھیانے والے 2 افراد کو 28 برس قید اور ایک کروڑ ریال جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ مالی دھوکہ دہی کی رپورٹ ملنے پر سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی سے پوچھ گچھ کی گئی۔

    ملزمان سعودی عرب کے باہر ایک گروہ کے ساتھ ساز باز کیے ہوئے تھے اور ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر پروگرامنگ کے ذریعے آن لائن وارداتیں کر رہے تھے۔

    ملزمان مالیاتی دھوکہ دہی کے ذریعے 11 ملین ریال سے زیادہ کی رقم ہتھیا چکے تھے۔

    پنلک پراسیکیوشن کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کو پوچھ گچھ کے بعد اسپیشل کورٹ کے حوالے کردیا گیا۔

    عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر دونوں کو 14، 14 سال قید اور 5، 5 ملین ریال جرمانے کی سزا سنائی، دھوکہ دہی میں استعمال ہونے والی ڈیوائسز بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ مالیاتی دھوکہ دہی کے جرائم کو روکنے کے سلسلے میں پرعزم ہیں، کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

  • گوگل میپ کے ذریعے فراڈ سے ہو شیار

    گوگل میپ کے ذریعے فراڈ سے ہو شیار

    ممبئی: بھارت میں ٹھگوں نے آن لائن ہوٹل بکنگ کے نام پر سیاحوں کو ٹھگنا شروع کر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے ریزارٹ کے نام پر راجستھان اور ہریانہ سے آن لائن فراڈ کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، اس سائبر فراڈ میں گوگل میپ سے مدد لی جا رہی ہے۔

    بکنگ کی آڑ میں گاہکوں سے پیشگی رقم وصول کر لی جاتی ہے لیکن جب سیاح ممبئی کے ریزارٹ پہنچتے ہیں، تو ان کی بکنگ کا کوئی ریکارڈ نہیں ملتا۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق ہریانہ یا راجستھان میں بیٹھے سائبر ٹھگوں نے گوگل میپ پر ممبئی کے ریزارٹ کا فون نمبر درج کر رکھا ہے، لوگ جب اس نمبر پر کال کرتے ہیں تو وہ جم، ہال یا کمرے کی بکنگ کے لیے پیشگی رقم وصول کر لیتے ہیں، لیکن جب گاہک ہوٹل پہنچتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ اس ہوٹل میں ان کی کوئی بکنگ موجود نہیں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں ایف آئی آر بھی درج ہو چکی ہے تاہم گوگل پر ٹھگوں کا نمبر اب بھی موجود ہے، اور بکنگ کے نام پر وہ اب بھی لوگوں کو اپنا شکار بنا رہے ہیں۔

    فراڈ کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ریزارٹ نے بورڈ بھی لگا دیا ہے کہ ’یہاں آن لائن بکنگ قبول نہیں کی جاتی!‘ رپورٹ کے مطابق تاحال لوگوں سے ہزاروں روپے ٹھگے جا چکے ہیں۔

  • پاکستان میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے 10کروڑ ڈالر کا آن لائن فراڈ، ایف آئی اے  کا بڑا ایکشن

    پاکستان میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے 10کروڑ ڈالر کا آن لائن فراڈ، ایف آئی اے کا بڑا ایکشن

    کراچی : پاکستان میں آئن لائن اپیلکیشن کے ذریعے 10 کروڑ ڈالر کے فراڈ پر کرپٹو کرنسی ایکسچینج کمپنی کو پہلی بار نوٹس جاری کردئیے گئے، کرپٹو کرنسی کی آڑ میں پاکستانی شہریوں سے 18 ارب سے زائد روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم نے پاکستان میں آن لائن دس کروڑ ڈالر کے فراڈ پر ایکشن لیتے ہوئے کرپٹو کرنسی ایکسچینج کو نوٹس جاری کردیا۔
    .
    ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے بتایا فراڈ کرنے والوں نے رقم کرپٹو کرنسی کے زریعے بیرون ملک منتقل کی ، اس حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم کو 9 آن لائن اپلیکیشن کے زریعے اربوں روپے فراڈ کرنے کی شکایات ملیں۔

    عمران ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں سے اربوں روپے کا فراڈ آن لائن ایپلی کیشنز کے ذریعے کیا گیا اور یہ آن لائن ایپلی کیشنز کرپٹو کرنسی کی عالمی ایکسچینج بائینانس سے جڑی تھیں۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بائینانس کے پاکستان میں جنرل منیجر کو نوٹس جاری کر دیا ہے، اس کے علاوہ ایف آئی اے نے امریکا اور کے مین آئی لینڈ میں بائینانس کے ہیڈکوارٹرز کو بھی نوٹسز بھیجے ہیں۔

    ایف آئی اے کی جانب سے بھیجے گئے نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر کرپٹو کرنسی سے ٹیرر فنانسنگ اور منی لانڈرنگ بھی ہو رہی تھی، پاکستان میں 11 موبائل فون ایپلی کیشنز بائینانس سے رجسٹرڈ تھیں،۔ جن کے ذریعے فراڈ ہوا۔

    سربراہ ایف آئی اے سائبر کرائم نے بتایا 11 موبائل فون ایپلی کیشنز دسمبر میں اچانک بند ہو گئیں، جن پر ہزاروں پاکستانی رجسٹرڈ تھے، ان ہزاروں پاکستانیوں نے ان ایپلی کیشنز پر اربوں روپے لگا رکھے تھے۔

    عمران ریاض کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشنز کے ذریعے ابتدا میں ورچوئل کرنسیز میں کاروبار کی سہولت دی جاتی تھی، بٹ کوائن، ایتھرام، ڈوج کوائن وغیرہ میں سرمایہ کاری بائینانس کے ذریعے ظاہر کی جاتی تھی جبکہ ایپلی کیشنز کے ٹیلی گرام اکاوٴنٹ پر ماہرین کرپٹو کرنسی پر جوا بھی کھلاتے تھے۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ ایک ایپلی کیشن پر 5 سے 30 ہزار کسٹمر اور سرمایہ کاری 100 سے 80 ہزار ڈالر تھی، ایپلی کیشنز کے ذریعے عوام کو مزید افراد کو لانے پر بھاری منافع کا لالچ دیا جاتا تھا۔

    سربراہ سائبر کرائم ونگ نے کہا کہ ایف آئی اے کو بائینانس کے 26 مشتبہ بلاک چین والٹ ملے، جن پر رقوم ٹرانسفر ہوئیں، بینانس نامی کرپٹو کرنسی ایکسچینج سے ایف آئی اے سائبر کرائم سے تمام افراد کا ریکارڈ طلب کیا ہے اور کہا ہے کہ جن افراد نے فراڈ کیا ان کی کرنسی کو بلاک کیا جائے۔

    عمران ریاض کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے پاکستان سے بائینانس کے ذریعے ہونے والی ٹرانزیکشن کی چھان بین کر رہی ہے، بائینانس ٹیرر فائنانسنگ اور منی لانڈرنگ کے لیے آسان راستہ ہے، امید ہے بائینانس ان مالی جرائم کی تحقیقات میں پاکستان سے تعاون کرے گا۔

  • دہلی کے وزیر اعلیٰ کی بیٹی کو ٹھگ لیا گیا

    دہلی کے وزیر اعلیٰ کی بیٹی کو ٹھگ لیا گیا

    نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کی بیٹی آن لائن ٹھگی کا شکار ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوفہ بیچنے کے چکر میں کیجریوال کی بیٹی کو 34 ہزار روپے کی رقم سے ہاتھ دھونے پڑ گئے۔

    وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی تعلیم یافتہ بیٹی ہرشیتا نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا کہ اس کے ساتھ اس طرح کوئی فراڈ کر سکتا ہے، خرید و فروخت کی معروف آن لائن پلیٹ فارم او ایل ایکس پر صوفہ بیچتے ہوئے انھیں چونتیس ہزار روپے سے محروم ہونا پڑا۔

    ہرشیتا نے اپنے گھر کے پرانے صوفے بیچنے کے لیے او ایل ایکس پر اشتہار ڈالا تھا لیکن اس چکر میں وہ ٹھگی کا شکار ہوگئیں، اور ان کے اکاؤنٹ سے دو مرتبہ میں 34 ہزار روپے کٹ گئے۔

    کیجریوال کی بیٹی نے دہلی کے سول لائنز تھانے میں اس کی شکایت درج کرا دی، ہائی پروفائل کیس ہونے کی وجہ سے پولیس نے تندہی کے ساتھ تحقیقات شروع کر دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہرشیتا نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے گھر کا صوفہ بیچنا چاہتی تھیں اور اس کے لیے انھوں نے او ایل ایکس کی سائٹ پر اشتہار ڈالا، اس کی تصویر بھی اَپ لوڈ کی، پھر کسی نے صوفہ خریدنے میں دل چسپی دکھاتے ہوئے رابطہ کیا اور اس کے بعد ایک رقم طے ہو گئی۔

    بیان کے مطابق رقم طے ہونے کے بعد ٹھگ نے ہرشیتا کا اعتماد جیتنے اور اکاؤنٹ نمبر کی تصدیق کے لیے پہلے 2 روپے ہرشیتا کے اکاؤنٹ میں ڈالے، اس کے بعد نامعلوم ٹھگ نے ہرشیتا کو ایک کیو آر (QR) کوڈ بھیجا جس کو اسکین کر کے پیسے اکاؤنٹ میں بھیجے جانے تھے۔

    لیکن ہرشیتا کے اکاؤنٹ میں رقم آنے کی بجائے الٹا اس میں سے رقم کٹ گئی، جب ہرشیتا نے اس کو بتایا تو اس نے کہا کہ غلط کیو آر کوڈ چلا گیا، وہ اس کو دوسرا کیو آر کوڈ بھیج رہا ہے اور اس کو اسکین کرنے کے بعد کاٹی گئی رقم بھی واپس آ جائے گی اور صوفے کی طے رقم بھی اکاؤنٹ میں آ جائے گی۔

    ہرشیتا سائبر ٹھگ کی چال میں دوبارہ آ گئیں اور انھوں نے دوبارہ کیو آر کوڈ اسکین کر لیا جس کے بعد ایک مرتبہ پھر ہرشیتا کے اکاؤنٹ سے پیسے کٹ گئے، اور یوں دو مرتبہ میں ان کے کھاتے سے 34 ہزار روپے کٹے۔