Tag: آن لائن فروخت

  • بھارت نے پاکستانی پرچم کی آن لائن فروخت پرپابندی لگا دی

    بھارت نے پاکستانی پرچم کی آن لائن فروخت پرپابندی لگا دی

    نئی دہلی : بھارت نے پاکستانی پرچم کی آن لائن فروخت پرپابندی لگا دی اور اس حوالے سے آن لائن اور ای کامرس کمپنیز کو نوٹس جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار پاکستانی پرچم سے بھی خوفزدہ ہوگیا اور پاکستانی پرچم کی آن لائن فروخت پرپابندی لگا دی۔

    بھارت کی سنٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی نے آن لائن اور ای کامرس کمپنیز کو نوٹس جاری کردیئے ہیں، جس میں کہا ہے کہ پاکستانی پرچم اور اس کی تصاویر والی اشیا آن لائن پلیٹ فارمزسے ہٹالی جائیں۔

    خفت مٹانے کے لئے مودی سرکار آن لائن کمپنیز کو تنگ کرنے لگی ، نوٹسز سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کو کتنی تکلیف پہنچائی ہے۔

    یاد رہے اس ہفتے کے شروع میں کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز (CAIT) نے وزیر تجارت پیوش گوئل اور امور صارفین کے وزیر پرہلاد جوشی کو خط لکھا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستانی جھنڈوں اور پاکستان کے قومی نشان والی کسی بھی چیز کی آن لائن فروخت پر پابندی لگائی جائے۔ تاجر تنظیم نے ایسی اشیاء کی دستیابی کو توہین آمیز اور ناقابل قبول قرار دیا۔

    دریں اثنا، امکان ہے کہ یہ مسئلہ حکومتی اسٹیک ہولڈرز اور ڈیجیٹل کامرس پلیٹ فارمز کے درمیان آنے والی بات چیت میں نمایاں ہو گا۔

  • موٹر سائیکل چوری سے آن لائن فروخت تک تین مرحلوں میں کام کرنے والا گینگ پکڑا گیا

    موٹر سائیکل چوری سے آن لائن فروخت تک تین مرحلوں میں کام کرنے والا گینگ پکڑا گیا

    کراچی: گلبہار پولیس نے شہر قائد میں موٹر سائیکل چوری سے آن لائن فروخت تک تین مرحلوں میں کام کرنے والا گینگ پکڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلبہار پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک بڑی کارروائی میں موٹر سائیکل چوری میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، یہ گینگ واردات کے لیے تین مرحلوں میں کام کرتا تھا۔

    ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق پہلے مرحلے میں ملزمان کلیئر موٹر سائیکل کے کاغذات حاصل کرتے اور اس کے جعلی کاغذات تیار کرتے تھے، دوسرے مرحلے میں ملزمان اس کمپنی کی موٹر سائیکل چوری کرتے جس کے جعلی کاغذات بنائے جاتے تھے، اور تیسرے مرحلے میں انجن چیسز نمبر ٹیمپرڈ کر کے ویب سائٹ پر آن لائن فروخت کرتے تھے۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کا گروہ کراچی کے مختلف علاقوں میں انتہائی سرگرم تھا، ملزمان نے شہریوں کو درجنوں چوری شدہ موٹر سائیکل ٹیمپر کرنے کے بعد فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے، ملزمان کی شناخت بلاول، شاہ رخ اور رضوان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    سندھ کی جیلوں میں موبائل فون سمیت دیگر چیزوں کے استعمال کا سوال درست ثابت

    ملزمان کے قبضے سے کراچی کے مختلف علاقوں سے چوری کی ہوئی 8 عدد موٹر سائیکل اور 5 عدد چیسز برامد کیے گئے ہیں، ملزم رضوان نے انکشاف کیا کہ وہ موٹر سائیکل کے جعلی کاغذات بناتا تھا اور بعد ازاں آن لائن موٹر سائیکل فروخت کر دیتا تھا۔

    ملزم بلاول نے اعتراف کیا کہ وہ موٹر سائیکل چوری کرنے میں ملوث ہے، اور آن ڈیمانڈ موٹر سائیکل چوری کرتا تھا، جب کہ ملزم شاہ رخ موٹر سائیکل کے انجن چیسز نمبر ٹیمپر کرنے کا ماہر ہے اور ٹیمپر کرنے کے 3 ہزار روپے لیتا ہے۔

    گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ تفتیش کا اغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

  • چھینے گئے موبائل فونز آن لائن فروخت کرنے والے کارندوں کا اہم انکشاف

    چھینے گئے موبائل فونز آن لائن فروخت کرنے والے کارندوں کا اہم انکشاف

    کراچی: شہر قائد میں شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز آن لائن فروخت کرنیوالے 3 کارندے کو گرفتار کرلیا گیا جس نے دوران تفتیش اہم انکشاف کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی عوامی کالونی میں پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز آن لائن فروخت کرنیوالے گینگ کے 3 کارندوں کو گرفتار کیا ہے، ملزمان نے 100 سے زائد قیمتی موبائل فون چھیننے کا انکشاف کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان 30 نومبر کو شہری سے واردات کر کے فرار ہوگئے تھے،گزشتہ روز ملزمان کا گینگ شہری سے لوٹ مار کر کے فرار ہورہا تھا تاہم پولیس پہنچ گئی، پولیس نے حکمت عملی سے ایک ڈاکو کو گرفتار کر لیا تھا، 2 ساتھی فرار ہوگئے تھے۔

    حکام کا بتانا ہے کہ پولیس نے کارروائی کر کے فرار ہونے والے 2 کارندوں کو بھی گرفتار کرلیا، گینگ سے اسلحہ اور شہریوں سے چھیننے ہوئے 5 موبائل فون، 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی۔

    پولیس حکام نے مزید بتایا کہ  ملزمان شہر میں  روزانہ 10 سے 12 وارداتیں کر کے فرار ہوجاتے تھے، ملزمان میں گینگ کا ماسٹر مائنڈ شاہ ویز اور 2 کارندے عمران اور کاشان شامل ہیں۔

  • کراچی : گرفتار ملزمان  نے چھینے ہوئے موبائل فون آن لائن  فروخت کرنے کا انکشاف

    کراچی : گرفتار ملزمان نے چھینے ہوئے موبائل فون آن لائن فروخت کرنے کا انکشاف

    کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث گرفتار ملزمان نے چھینے ہوئے موبائل فون آن لائن فروخت کرنے کا انکشاف کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں زمان ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 4 رکنی گروہ سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ پولیس نےچار ڈاکوؤں کا گروہ گرفتارکرکےتین پستول،چھینے گئے پانچ موبائل فون برآمد کرلئے، ملزمان کوموبائل فون ٹریسنگ کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔

    طارق نواز نے کہا کہ ملزمان کورنگی روڈ،صنعتی ایریا،ملیر ندی پروارداتیں کرتے تھے، تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ چھینےہوئےموبائل فون آن لائن کےذریعےفروخت کرتے تھے اور موبائل فون فروخت کیلئےپوش علاقوں کی لوکیشن استعمال کرتے تھے جبکہ سو سے زائد وارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے۔

    دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن گلشن مزدور بدھ بازار کے قریب پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتارکرلئے، جن کی شناخت غلام مصطفیٰ اورکاشف کےنام سے ہوئی۔

  • کرونا وائرس کی جعلی ویکسین بھی بڑے پیمانے پر فروخت ہونے لگی

    کرونا وائرس کی جعلی ویکسین بھی بڑے پیمانے پر فروخت ہونے لگی

    سڈنی: جعلساز آن لائن فروخت کی جانے والی ویکسین سے متعلق دعویٰ کر رہے ہیں کہ اسے کرونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کے خون سے بنایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی کے سائبر کرائم آبزرویٹری کے محققین نے اپریل کے شروع میں ڈارک ویب پر 20 مارکیٹوں کا جائزہ لیا تاکہ اس بات کا تعین کیا جاسکے کہ سائبر کرمنل کرونا وبا کا کس طرح استحصال کر رہے ہیں۔

    آسٹریلوی محققین کے مطابق جعلی ویکسین 575 ڈالر کی اوسط قیمت کے ساتھ فروخت کی جا رہی تھی لیکن چین سے مبینہ طور پر حاصل کی جانے والی کچھ قیمتیں 15 ہزار 300 ڈالر جن میں سب سے مہنگی 24 ہزار 598 ڈالر میں فروخت کی گئی تھی۔

    ڈارک ویب پر فروخت کی جانے والی دیگر مصنوعات میں ماسک، سینیٹائزر، گاؤن اور دستانے شامل تھے جب کی قیمت 1 ڈالر سے لے کر 17 952 ڈالر تک تھی۔ زیادہ تر فروخت کنندگان نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ مصنوعات امریکا سے بھیج رہے ہیں لیکن تین نے بتایا کہ وہ آسٹریلیا میں مقیم ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 10 اپریل کو عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا تھا کہ ترقی پذیر ممالک میں کرونا وائرس سے منسلک جعلی ادویات کی فروخت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ ان ادویات کے سنگین مضر اثرات ہوسکتے ہیں۔

  • کرونا وائرس: ایپل نے آئی فون کی فروخت محدود کردی

    کرونا وائرس: ایپل نے آئی فون کی فروخت محدود کردی

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے فونز کی آن لائن فروخت محدود کردی ہے، فیصلہ آئی فونز کی پروڈکشن میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔

    ایپل نے چین اور امریکا سمیت متعدد ممالک میں اپنے فونز کی آن لائن فروخت کو محدود کردیا ہے۔ ایپل پہلے ہی چین کے علاوہ دنیا بھر میں اپنے اسٹورز بند کر چکا ہے، ایسا مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے پیش نظر کیے جانے والے لاک ڈاؤن کے بعد کیا گیا ہے۔

    بعض ممالک بشمول چین، ہانگ کانگ، سنگاپور، اور تائیوان میں ویب سائٹ کھولنے پر صارف کو بتایا جاتا ہے کہ ایک آرڈر پر صرف 2 ہی پروڈکٹس بھیجی جاسکیں گی۔

    ایسا اس سے قبل سنہ 2007 میں کیا گیا تھا جب پہلی بار آئی فون لانچ کیا گیا تھا، اس وقت لوگوں نے بڑی تعداد میں فون خرید کر دوبارہ بیچنے شروع کردیے تھے جس کے بعد کمپنی کو اس کی فروخت محدود کرنی پڑی۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ فروخت کو محدود کرنے کا سبب اس کی پروڈکشن میں کمی آنا بھی ہے، چین میں 13 مارچ سے ایپل کے اسٹورز دوبارہ کھل گئے ہیں اور فیکٹریوں میں کام بھی معمول کے مطابق شرع ہوگیا ہے تاہم دنیا بھر میں اس کی فروخت میں بدترین کمی دیکھی جارہی ہے۔

    کمپنی کے مطابق اس قلت کے سبب اسے بلیک مارکیٹ میں بھی بیچے جانے کا خدشہ ہے یہی وجہ ہے کہ اس کی آن لائن فروخت محدود کی گئی ہے۔

  • برطانوی شہزادی یوجین کی شادی، شاہی بیگوں کی آن لائن فروخت

    برطانوی شہزادی یوجین کی شادی، شاہی بیگوں کی آن لائن فروخت

    لندن : برطانوی شہزادی یوجین اور عام شہری جیک بروکس بینک کی شادی میں شریک مہمانوں نے شاہی محل سے تحفے میں ملنے والے ہینڈ بیگز آن لائن فروخت کرنا شروع کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکہ برطانیہ کی پوتی اور ملکہ بننے کی نویں امیدوار شہزادی یوجین اور عام شہری جیک بروکس بینک کی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو تحفے میں دئیے گئے ہینڈ بیگ آن لائن فروخت ہورہے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شاہی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں نے تقریباً ایک درجن ہینڈ بیگ آن لائن ویب سائٹ ’ای بے‘ پر ایک ہزار پاؤنڈ میں فروخت کے لیے لگائے گئے ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے ونڈسر پیلس کی جانب سے پرنسس آف یارک کی عروسی میں شریک 12 سو مہمانوں میں تقسیم کیے گئے تھے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ونڈسر پیلس کی جانب سے بیگز میں فریج میگنیٹ، پانی کی بوتل، چھوٹی ڈبل روٹی، چاکلیٹ کا سکہ اور بغیر آستین والا کوٹ شامل تھا۔

    شاہی محل کی جانب سے شادی میں شریک مہمانوں کو دئیے جانے والے بیگز کو فروخت کرنے کے لیے ویب سائٹ پر دئیے گئے اشتہار پر لکھا تھا کہ ’آج موقع ہے کہ برطانوی شاہی تاریخ کا ایک حصّہ آپ خریدیں‘۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز ونڈسر محل میں منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں 850 نجی مہمانوں نے شرکت کی تھی جنہیں تحفے میں بیگ نہیں دئیے گئے تھے، 850 مہمانوں میں برطانیہ کی مشہور ماڈل کارا ڈیلی ونگنی اور گلوکار روبی ولیم بھی شریک تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ شاہی بیگز شہزادی یوجین کی شادی میں شرکت کرنے والے 2640 عام مہمانوں میں تقسیم کیے گئے تھے، تحفے میں دئیے گئے بیشتر بیگز 1 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز برطانوی شہزادے ہیرے اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے 5 ماہ بعد ملکہ برطانیہ کی پوتی اور شہزادہ اینڈریو کی چھوٹی بیٹی شہزادی یوجین اپنے قریبی دوست اور عام شہری کی دلہن بنیں تھیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پرنسس آف یارک کہلائی جانے والی 28 سالہ شہزادی یوجین دوست جیک بروکس بینک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں تھیں جو ونڈسر محل کے سینٹ جارج چیپل میں منعقد ہوئی تھی۔