Tag: آن لائن گیم

  • آن لائن گیم ہارنے پر نوجوان نے اپنے گلے پر بلیڈ پھیر دیا

    آن لائن گیم ہارنے پر نوجوان نے اپنے گلے پر بلیڈ پھیر دیا

    اڑیسہ: بھارتی ریاست اڑیسہ کے ایک علاقے میں آن لائن گیم ہارنے پر نوجوان نے دل برداشتہ ہو کر اپنے گلے پر بلیڈ پھیر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اڑیسہ کے گاؤں جرنگ میں جمعہ کے روز ایک 24 سالہ نوجوان سومیا رنجن نائک نے بار بار آن لائن گیم میں ہارنے پر نہایت خوف ناک انتہائی قدم اٹھا لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سومیا رنجن نائک آن لائن موبائل گیم کھیل رہا تھا، جس میں وہ تین بار ہار گیا، جس پر اس نے اپنا گلا تیز دھار بلیڈ سے کاٹ لیا، نوجوان کو شہر کٹک کے ایک اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

    لڑکے نے 50 روپے کی بریانی کے لیے مقتول کو 60 بار چاقو مارا

    ابتدائی طور پر نوجوان کو اس کے والدین انگول سرکاری اسپتال لے گئے تھے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا۔

  • ورڈل کو آف لائن بھی کھیلا جاسکتا ہے

    ورڈل کو آف لائن بھی کھیلا جاسکتا ہے

    آپ نے حال ہی میں مقبول ہونے والے آن لائن گیم ورڈل کو ضرور کھیلا ہوگا یا کم از کم اپنی سوشل فیڈ پر اس کے اسکور ضرور دیکھے ہوں گے جو لوگ پوسٹ کرتے ہیں۔

    دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ اس گیم میں 5 حروف پر مشتمل لفظ کو بوجھنے کی کوشش کرتے ہیں اور آدھی رات کے بعد نئی گیم دستیاب ہوتی ہے۔

    اس گیم کو جنوری کے آخر میں نیویارک ٹائمز نے خرید لیا تھا اور اخبار کی ویب سائٹ پر منتقل کردیا جہاں وہ اب بھی مفت ہے مگر کب تک، یہ کہنا مشکل ہے۔

    لوگوں میں یہ خدشہ ہے کہ مستقبل قریب میں یہ نیویارک ٹائمز کے پیمنٹ بیسڈ پے وال کا حصہ بن سکتی ہے، مگر آپ اسے ہمیشہ کے لیے مفت استعمال کرسکتے ہیں اور بس گیم کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔

    ایک ٹویٹر صارف نے بتایا تھا کہ کس طرح ورڈل ویب براؤزر پر کام کرتی ہے اور تکنیکی طور پر اسے کھیلنے کے لیے انٹرنیٹ کی بھی ضرورت نہیں، کیونکہ گیم کے مستقبل کے تمام الفاظ پہلے سے ویب پیج میں شامل ہیں۔

    اگر آپ ہمیشہ کے لیے اس گیم کو مفت کھیلنا چاہتے ہیں تو اسے کمپیوٹر یا اسمارٹ فون پر بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

    کمپیوٹر پر ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ

    سب سے پہلے ویب براؤزر پر ورڈل کی آفیشل ویب سائٹ پر جائیں۔ وہاں ویب پیج پر کسی بھی جگہ رائٹ کلک کرنے پر نظر آنے والے مینیو میں سے سیو دی پیج ٹو یور کمپیوٹر پر کلک کردیں۔

    اس آپشن پر کلک کرنے پر سیو ایز لکھا آئے گا اور ورلڈ ویب پیج کو ایچ ٹی ایم ایل فائل کے طور پر ڈاؤن لوڈ کرلیں۔

    اس کے بعد بس اپ کو ڈاؤن لوڈ ایچ ٹی ایم ایل فائل کو اوپن کرنا ہوگا اور آپ کو اس گیم تک آف لائن رسائی دستیاب ہوگی۔ مگر آپ سابقہ اسٹریکس سے ضرور محروم ہوجائیں گے کیونکہ یہ پہلی گیم سے آغاز ہوگا۔

    اینڈرائیڈ پر ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ

    اینڈرائیڈ فون یا ٹیبلیٹ پر بھی آپ ویب پیج کو بالکل ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کی طرح ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

    یعنی کروم پر ورڈل ویب سائٹ اوپن کریں، وہان اوپری دائیں کونے پر تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کریں اور وہاں ڈاؤن لوڈ آئیکون کا انتخاب کریں۔

    کروم کے نچلے حصے میں نوٹیفکیشن نظر آئے گا کہ ورڈل ویب پیج آپ کی ڈیوائس پر ڈاؤن لوڈ ہوگیا۔

    ورڈل کو آف لائن کھیلنے کے لیے براؤزر پر تھری ڈاٹ مینیو پر جائیں اور وہاں ڈاؤن لوڈ پر کلک کریں، جہاں آپ کو ورڈل ویب پیج نظر آئے گا، اس طرح اگر مستقبل قریب میں اس گیم کو کھیلنے کے لیے سبسکرپشن لازمی ہوجائے تو بھی آپ اسے مفت کھیل سکتے ہیں۔

    آئی او ایس پر ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ

    آئی فون یا آئی پیڈ پر اس کے لیے آپ کو مائیکرو سافٹ ایج ویب براؤزر کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا جو ایپ اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔

    اسے انسٹال کرنے کے بعد آئی فونز کے آفیشل براؤزر سفاری پر ورڈل کی ویب سائٹ اوپن کریں اور شیئر بٹن پر کلک کریں۔

    اس کے بعد ویب پیج یو آر ایل پر آپشنز پر کلک کریں اور ویب آرکائیو سلیکٹ کرکے ڈن کے بٹن کا انتخاب کریں اور پھر سیو ٹو فائلز پر کلک کر کے فولڈر میں سیو کردیں۔

    اس طرح ورڈل ویب پیج فائلز ایپ میں محفوظ ہوجائے گا مگر اسے استعمال کرنے کے لیے مائیکرو سافٹ ایج کی ضرورت ہوگی سفاری یا کروم کام نہیں کریں گے۔

    اس مقصد کے لیے ورڈل ویب پیج کے آئیکون کو دبا کر رکھیں تاکہ کوئیک ایکشنز مینیو آجائے، وہاں شیئر کے آپشن پر کلک کرکے ایج کا انتخاب کریں۔

    پھر مائیکرو سافٹ ایج کو اوپن کریں اور اس طرح گیم آف لائن پیج کے طور پر اس پر اوپن ہوجائے گی۔

  • یہ انکشاف جاننے کے بعد آپ ورڈل گیم ضرور کھیلنا چاہیں گے

    یہ انکشاف جاننے کے بعد آپ ورڈل گیم ضرور کھیلنا چاہیں گے

    آپ نے حال ہی میں مقبول ہونے والے آن لائن گیم ورڈل کو ضرور کھیلا ہوگا یا کم از کم اپنی سوشل فیڈ پر اس کے اسکور ضرور دیکھے ہوں گے جو لوگ پوسٹ کرتے ہیں۔

    اب ماہرین نے اس گیم کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ گیم روزمرہ کی بنیادوں پر کھیلنا ذہنی صحت کے لیے بہت مفید ہے، اس سے مزاج پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

    بنیادی طور پر یہ ایک ورڈ گیم ہے جس میں 5 بلاکس پر مبنی 6 خالی قطارتیں ہوتی ہیں اور آپ کو 6 بار اس میں 5 حروف پر مبنی درست لفظ کو تحریر کرنا ہوتا ہے۔

    جو لفظ درست ہوگا وہ سبز رنگ میں نظر آئے، اگر لفظ درست ہوگا مگر ترتیب میں غلط ٹائپ ہوگا تو وہ زرد ہوگا، جبکہ غلط حروف گرے رنگ کے ہوں گے۔

    تو کم از کم کوششوں میں لفظ کا اندازہ لگانے کو زیادہ بہتر تصور کیا جاتا ہے اور ہر دن ایک پزل دستیاب ہوتا ہے، اگر وہ کافی نہیں تو اس کی نقل پر مبنی متعدد ایپس بھی دستیاب ہیں۔

    اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی ویکسنر میڈیکل سینٹر کے نیورولوجسٹ ڈاکٹر ڈوگلس شیکرے کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ورڈل جیسی کسی ورڈ گیم کو کھیلنا دماغی صحت کے لیے بہتر ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی مسئلہ حل کرنے والی ورزش سے خود کو چیلنج کرنا اہم ہوتا ہے، بزلز اور گیمز دماغ کے بنیادی حصوں جیسے منطق، زبان، بصری تصورات، توجہ اور لچک کو متحرک کرنے کے لیے اہم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس طرح عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی صحت کی تنزلی کی روک تھام میں بھی بہت زیادہ مدد ملتی ہے، درحقیقت دماغ کو جتنا زیادہ استعمال کیا جائے گا وہ اتنا ہی بہتر ہوگا، تو اس کی ورزش اسے صحت مند رکھنے کا اچھا ذریعہ ہے۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ورڈل جیسی گیمز دماغی مسائل کے شکار افراد کے لیے بھی ممکنہ طور پر فائدہ مند ہوسکتی ہیں۔

    اسی طرح اوریگن یونیورسٹی کے نیورو سائنسز پروفیسر ماہر الرچ مائر نے بتایا کہ جو لوگ ذہنی طور پر خود کو کمتر محسوس کرتے ہیں وہ ورڈل جیسی ورڈ گیمز سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ہر سرگرمی پرلطف ہونے کے ساتھ ہمارے لیے اچھی ہوتی ہے، بالخصوص جب اس کا موازنہ ٹی وی دیکھنے یا دیگر مسائل کے باعث پریشان رہنے سے کیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ورڈل کے ذریعے لوگوں کا جڑنا اس گیم کی ایک اور مثبت خصوصیت ہے، کیونکہ سماجی تعلقات کو اچھی ذہنی صحت اور سوچنے کے عمل سے منسلک کیا جاتا ہے۔

    اگر آپ کو ورڈ گیمز پسند نہیں تو ایسی سرگرمیوں کی کمی نہیں جو اسی طرح کے فوائد فراہم کرتی ہیں، مثال کے طور پر جسمانی ورزش بھی دماغی افعال پر مثبت اثرات کرتی ہے۔

    ورزش کے ساتھ ساتھ ماہرین سماجی طور پر گھلنے ملنے کو بھی دماغ کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہیں جبکہ دیگر پہلیاں، گیمز، مسائل حل کرنے والی سرگرمیاں، رقص، گانا، موسیقی کے آلات بجانا اور کھیلوں سے بھی دماغ کو فائدہ ہوتا ہے۔

  • فورٹ نائٹ کھیلنے والوں کے لیے خوشخبری

    فورٹ نائٹ کھیلنے والوں کے لیے خوشخبری

    مقبول آن لائن ویڈیو گیم فورٹ نائٹ کا چیپٹر 3 صارفین کے لیے پیش کردیا گیا، تیسرے چیپٹر میں کئی تبدیلیاں پیش کی گئی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر میں مقبول گیم فورٹ نائٹ کا چیپٹر 3 کو جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا جس میں چند بڑی تبدیلیوں کو بیٹل رائل میں متعارف کرایا گیا ہے۔

    گیم کو تیار کرنے والی کمپنی ایپک نے چیپٹر 3 کے پہلے سیزن کو جاری کیا جس کا نام فلپڈ رکھا گیا ہے اور سب سے بڑی ڈرامائی تبدیلی برف سے ڈھکے جزیرے کی ہے جس میں موسم کے کنڈیشنز کا فیچر بھی ہے۔

    جو صارفین نئے بیٹل پاس کو منتخب کریں گے وہ گیم کے نئے حصے کے کرداروں جیسے اسپائیڈر مین اور دی راک وغیرہ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

    اسی طرح گیم پلے کے بنیادی حصوں کو بھی کافی حد تک بدلا گیا ہے اور چیپٹر 3 میں 2 نئی مشینیں سلائیڈنگ اور سوئنگنگ سے بھی لیس کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس سے گیم زیادہ تیز اور زیادہ ورٹیکل ہوجائے گی بالخصوص ہائی لیول پلیئرز کے لیے۔

    جو افراد گیم کے کریٹیو موڈ میں وقت گزارتے ہیں ان کے لیے بیٹل پاس کا ایک آپشن بھی دستیاب ہوگا۔

    ایپک نے کچھ عناصر کا تسلسل برقرار رکھا ہے اور کمپنی کے مطابق نئے چیپٹر میں کیمپس کو لایا جارہا ہے جہاں کھلاڑی اپنے اسکواڈ کے زخموں کا علاج اور اشیا کو اسٹور کرسکیں گے۔

    صارفین ایک نئے وکٹری کراؤن کو نئے ہتھیاروں اور اشیا سے جیت سکیں گے۔

  • گیم میں دوستی پھر شادی کا جھانسہ، لڑکی مبینہ زیادتی کا شکار

    گیم میں دوستی پھر شادی کا جھانسہ، لڑکی مبینہ زیادتی کا شکار

    لاہور : نوجوانوں نے پب جی گیم کے دوران لڑکی سے دوستی کی اور پھر شادی کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جنسی زیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، تھانہ نارتھ کینٹ کی حدود میں تین نوجوانوں نے لڑکی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مبینہ زیادتی کے مقدمے میں تین نوجوان حارث، حسن اور وحید کو نامزد کیا گیا۔

    متن کے مطابق حارث نامی نوجوان کی پب جی کے دوران کراچی سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے دوستی ہوئی جس کے بعد حارث نے لڑکی کو شادی کے بہانے لاہور بلایا۔

    حارث نے لڑکی کے لاہور پہنچنے پر اسے نجی ہوٹل میں تین روز تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر اسے چھوڑ کر چلا گیا جب لڑکی واپس جانے کےلیے ریلوے اسٹیشن پہنچی تو وہاں اس کی حسن اور وحید سے ملاقات ہوگئی۔

    دونوں ملزمان نے لڑکی کو لاہور میں ہی نوکری کا جھانسہ دیا اور ایک گھر میں لے جاکر اپنی جنسی حوس پوری کی، مقدمے کے متن کے مطابق کراچی سے آئی لڑکی نے بھاگ کر جان بچائی۔

  • عاصم اظہر کا پب جی کے مداحوں کے لیے تحفہ

    عاصم اظہر کا پب جی کے مداحوں کے لیے تحفہ

    کراچی: معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے پب جی موبائل پاکستان کے ساتھ آن لائن گیم پب جی کے لیے گانا ریلیز کردیا، پب جی کے مداحوں کی جانب سے ان کا گانا بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے پب جی موبائل پاکستان کے ساتھ آن لائن گیم پب جی کا گانا کھیلتا جا ریلیز کردیا۔

    عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے اس گانے کی ویڈیو شیئر کی۔

    ان کے اس گانے کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے اور یوٹیوب پر اسے صرف 3 گھنٹے میں 96 ہزار بار دیکھا گیا۔

    پب جی کے اس گانے میں عاصم اظہر کے ساتھ یوٹیوبر ڈکی بھائی بھی موجود ہیں۔

    دوسری جانب پب جی موبائل پاکستان نے انسٹاگرام پر اس گانے کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اسے خصوصی طور پر پاکستان میں پب جی موبائل فینز کے لیے جاری کیا گیا۔

  • 17 سالہ نوجوان نے پب جی گیم پر 16 لاکھ روپے خرچ کر ڈالے

    17 سالہ نوجوان نے پب جی گیم پر 16 لاکھ روپے خرچ کر ڈالے

    چندی گڑھ: بھارت میں ایک 17 سالہ نوجوان نے مشہور آن لائن گیم پب جی میں اپنے والدین کے 16 لاکھ روپے خرچ کر ڈالے، والدین اپنی عمر بھر کی جمع پونجی یوں ضائع ہونے پر سخت دلگرفتہ ہیں۔

    مذکورہ واقعہ بھارتی ریاست پنجاب میں پیش آیا جہاں 17 سالہ نوجوان اپنی والدہ کا موبائل یہ کہہ کر استعمال کرتا رہا کہ اس کی پڑھائی نہایت مشکل اور وقت طلب ہے۔ وہ گھنٹوں موبائل فون استعمال کرتا اور اس دوران پب جی گیم کھیلتا رہتا۔

    اس دوران اس نے اپنے والدین کے 3 بینک اکاؤنٹس تک بھی رسائی حاصل کرلی اور گیم میں مختلف خریداریاں اور اپ گریڈیشن حاصل کرنے کے لیے 16 لاکھ بھارتی روپے خرچ کر ڈالے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان گیم میں نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے دوستوں کے لیے بھی اپ گریڈیشنز حاصل کرتا رہا۔

    کئی دن بعد جب والدین نے اپنے بینک اکاؤنٹس چیک کیے تو انہیں علم ہوا کہ وہ اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    بیٹا اس دوران والدین کے اکاؤنٹس سے ٹرانزکشنز کرتا رہا اور اس حوالے سے موبائل پر آنے والے تمام میسجز بھی ڈیلیٹ کرتا رہا جس کی وجہ سے والدین کو کانوں کان خبر نہ ہوئی۔

    وہ رقم کو ایک سے دوسرے اکاؤنٹ میں بھی منتقل کرتا رہا تاکہ پکڑا نہ جاسکے۔

    لڑکے کے والد سرکاری ملازم ہیں جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ رقم اپنے بیٹے کے مستقبل کے لیے جوڑی تھی۔ چونکہ یہ کسی دھوکہ دہی کا معاملہ نہیں لہٰذا پولیس اس معاملے میں ان کی مدد کرنے سے قاصر ہے۔