Tag: آن لائن

  • پاکستانی سفارتحانوں سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند

    پاکستانی سفارتحانوں سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند

    ریاض: دنیا بھر میں پاکستانی سفارتحانوں سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند کردیا گیا، پاکستان کے لیے ویزے اب آن لائن جاری ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ سمیت دنیا بھر کے پاکستانی مشنز نے وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر 31 جنوری سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند کر دیا ہے۔

    ریاض میں پاکستانی سفارتخانے اور جدہ میں قونصلیٹ کی جانب سے جاری بیان میں تمام درخواست گزاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ آن لائن ویزا پورٹل پر ویزے کے لیے اپلائی کریں۔

    قونصلیٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے ویزے کے لیے آن لائن درخواستیں دی جا سکیں گی اور ایک ہفتے میں ویزا پراسس ہوجائے گا، اگر کوئی اعتراض ہوا تو درخواست گزار کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے 152 ممالک کے لیے آن لائن ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے آن لائن ویزے کے لیے کوئی بھی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے۔

  • سعودی عرب: شہریوں کو گھر بیٹھے ڈاکٹر اور دواؤں کی سہولت میسر

    سعودی عرب: شہریوں کو گھر بیٹھے ڈاکٹر اور دواؤں کی سہولت میسر

    ریاض: سعودی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ مملکت کے تمام شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے آن لائن خدمات کا دائرہ کار وسیع کیا جارہا ہے، تمام شہریوں کو گھر بیٹھے ڈاکٹر کی خدمات حاصل ہوسکیں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر صحت توفیق الربیعہ نے انٹرنیشنل ڈیجیٹل ہیلتھ کانفرنس اور نمائش کے آن لائن افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت صحت نے موعد ایپ شروع کی ہے، اس کے ذریعے مریض معائنے اور علاج کے لیے تاریخ اور وقت حاصل کر پاتے ہیں۔

    سعودی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ سعودی عرب کی پہلی ترجیح ہے، صحت خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔

    انہوں نے ڈیجیٹل ہیلتھ پروگراموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری وزارت نے جو ایپ متعارف کروائی ہے وہ آن لائن صحت نگہداشت کے حوالے سے بے حد مؤثر ہے۔

    وزیر صحت نے بتایا کہ وزارت نے آن لائن دواؤں کی فراہمی کا نظام بھی رائج کیا ہے، وزارت نے اسے وصفتی (میرا نسخہ) کا نام دیا ہے، یہ پروگرام سعودی عرب میں کافی پسند کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آن لائن کلینکس پروگرام کورونا وائرس کی وبا کے زمانے میں شروع کیا تھا، جلد ہی اس پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس کے ذریعے مریض ڈاکٹروں سے منظم شکل میں رابطے کر سکیں گے، اس میں مریض سے متعلق تمام معلومات یا اس کے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹس ڈاکٹر کو مہیا ہوں گی، انہیں دیکھ کر ڈاکٹر مرض کی تشخیص کریں گے۔

    وزیر صحت نے مزید بتایا کہ وزارت صحت تمام ایپس کو ایک ایپ میں ضم کرنے کے لیے کوشاں ہے، پروگرام یہ ہے کہ وزارت کی ساری ایپس صحتی ایپ میں ضم کر دی جائیں۔ اس کے ذریعے مملکت بھر میں تمام شہریوں کو صحت خدمات حاصل ہوں گی، سنہ 2021 کے آغاز میں اس کا اجرا متوقع ہے۔

  • سول ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں اور ملازمین کی شکایات کا ازالہ

    سول ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں اور ملازمین کی شکایات کا ازالہ

    کراچی: سول ایوی ایشن کی جانب سے آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے تنویر اشرف نے فیس بک پر مسافروں اور ملازمین کی شکایات سنیں اور ان کے ازالے کے لیے احکامات جاری کیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سول ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں کے لیے سفری اقدامات جاری ہیں، ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے کی زیر صدارت آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

    ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے تنویر اشرف نے فیس بک پر مسافروں کی شکایات سنیں، انہوں نے مسافروں اور ملازمین کی شکایات کے ازالے کے لیے افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

    ایڈیشنل ڈی جی کا کہنا ہے کہ آن لائن کچہری میں مسافروں نے کمنٹس پر اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

    خیال رہے کہ سول ایوی ایشن کرونا وائرس کے آغاز سے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

    اس حوالے سے سول ایوی ایشن نے فضائی مسافروں اور عملے کے لیے ایس او پیز بھی جاری کیے ہیں اور ان پر سختی سے عملدر آمد کی ہدایت کی ہے۔

  • کورونا ٹیسٹ  ، عوام کو بڑی  سہولت مل گئی

    کورونا ٹیسٹ ، عوام کو بڑی سہولت مل گئی

    لاہور : پنجاب میں عوام کی سہولت کے لیے کورونا ٹیسٹ رپورٹ آن لائن کر دی گئی جبکہ ٹیسٹ نتائج بذریعہ موبائل ایس ایم ایس بھجوانا شروع کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس ٹیسٹنگ صلاحیت کے حوالے سے پنجاب میں ایک اور بڑا اقدام کرتے ہوئے ٹیسٹ نتائج بذریعہ موبائل ایس ایم ایس بھجوانا شروع کر دیے گئے۔

    پنجاب میں عوام کی سہولت کے لیے کورونا ٹیسٹ رپورٹ آن لائن کر دی گئی ہے ، پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرنےریکارڈمدت میں منصوبہ مکمل کیا، نجی لیب کی طرز پر سرکاری لیبارٹریوں کی رپورٹ آن لائن دیکھی جاسکے گی۔

    سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ نتائج آنے پر صارف کےفراہم نمبر پر ایس ایم ایس رپورٹ سے آگاہ کیا جارہا ہے، ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد نتائج سےآگاہ کیا جا چکا ہے اور اب تک کیے گئے تمام ٹیسٹ نتائج آن لائن کر دیے گئے ہیں۔

    کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے آغاز سے اب تک کے تمام نتائج آن لائن دیکھنے کی سہولت بھی دے رہے ہیں، ٹیسٹ نتائج دیکھنے کے لیے لنک بذریعہ ایس ایم ایس بھجوایا جاتا ہے، عوام سے گزارش ہے کہ کسی بھی دشواری کی صورت میں ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔

    مزید پڑھیں : پنجاب میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد 60 فیصد کم ہونے کا انکشاف

    گذشتہ روز پنجاب میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد60 فیصد کم ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا رپورٹ میں بتایا گیاتھا کہ پنجاب میں کورونا ٹیسٹنگ کیلئے سرکاری سطح پر 18 اور16نجی لیبارٹریزفعال ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کےمطابق پاکستان میں یومیہ ٹیسٹنگ50 ہزار تک ہونی چاہیے اور پاکستان کے تمام صوبوں میں اوسطاً 25 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

    سیکرٹری صحت محمد عثمان کا کہنا تھا کہ سرکاری لیبارٹریوں میں صرف کوروناعلامات پرٹیسٹ کئےجارہے ہیں، اسپتالوں میں تشویشناک،علامات والے مریضوں میں کمی ہوئی ہے۔

  • سعودی عرب: ڈرائیونگ لائسنس کی توسیع کروانے والوں کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب: ڈرائیونگ لائسنس کی توسیع کروانے والوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس میں طبی معائنے کے بغیر آن لائن توسیع بھی کروائی جا سکتی ہے، یہ اقدام کرونا وائرس کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کے حوالے سے ضروری وضاحتیں جاری کی ہیں، محکمہ ٹریفک نے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ ایک سال کے ڈرائیونگ لائسنس فیس 40 ریال ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے بغیر ابشر کے ذریعے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کروائی جاسکتی ہے، یہ سہولت کرونا وائرس کے خطرات کو مد نظر رکھ کر دی گئی ہے۔

    ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے ضروری ہے کہ تمام ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا کر دیے گئے ہوں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک جرمانوں پر اعتراض ریکارڈ کروایا جاسکتا ہے، اور یہ کام اسمارٹ موبائل پر ابشر ویب کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا مزید کہنا ہے کہ ٹریفک جرمانوں پر اعتراض جرمانے ادا کرنے سے قبل کیا جا سکتا ہے بعد میں نہیں، اعتراض کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ ٹریفک خلاف ورزی کے اندراج سے 30 روز کے اندر اعتراض ریکارڈ کروا دیا جائے۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران بچوں کا آن لائن رہنا کتنا خطرناک؟ رپورٹ ملاحظہ کریں

    نیویارک: دنیا بھر میں کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں لاک ڈاؤن کی صورت حال کے دوران بچے بھی اپنی سرگرمیوں سے محروم ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے بچے زیادہ تر وقت اب آن لائن گزارنے لگے ہیں۔

    اس سلسلے میں یونی سیف نے ایک الارمنگ رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بچوں کا آن لائن رہنا کتنا خطرناک ہے؟ یونی سیف نے رپورٹ میں کہا کہ اسکولوں کی بندش سے دنیا میں ڈیڑھ ارب سے زیادہ بچے اور نوجوان متاثر ہیں، اور پڑھائی کے لیے بچے انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔

    یونیسیف نے ایک اہم خطرے کی طرف توجہ دلائی ہے کہ بچوں کو آن لائن ہراساں کیا جا سکتا ہے، موجودہ نازک صورت حال میں سائبر کرمنل بچوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں، قابل اعتراض مواد کی رسائی بھی بچوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

    یونی سیف نے تجویز دی کہ بچوں کو بچانے کے لیے سیفٹی فیچرز اپنائے جائیں، بچوں کو بتایا جائے کہ انٹرنیٹ بہتر انداز میں استعمال کیسے استعمال کیا جائے۔

    لاک ڈاؤن میں ’زوم‘ ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے چونکا دینے والی خبر

    تشدد کے خاتمے کے پروگرام گلوبل پارٹنر شپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ہاورڈ ٹیلر نے کہا کہ کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے اسکرین ٹائم اس حد تک بڑھا دیا ہے کہ اس کی نظیر نہیں ملتی، اسکولوں کی بندش اور دیگر پابندیوں کا مطلب ہے کہ اکثر فیملیز کو اپنے بچوں کی تعلیم، تفریح اور باہر کی دنیا سے مربوط کرنے کے لیے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سلوشنز پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ سب بچوں کو آن لائن اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کا علم، مہارت اور ذرایع دستیاب نہیں، جس سے انھیں شدید خطرہ لاحق ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے 1.5 بلین بچے اور نوجوان متاثر ہو چکے ہیں جن میں اکثر طلبہ دوستوں سے رابطے اور کلاسز آن لائن لے رہے ہیں۔

  • سعودی وزرا کی گھروں سے کام کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    سعودی وزرا کی گھروں سے کام کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    ریاض: کرونا وائرس کے بعد کرفیو اور لاک ڈاؤن لگنے اور نقل و حرکت کو محدود کرنے کی وجہ سے سعودی وزرا نے بھی گھروں سے کام کرنا شروع کردیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں وزرا کرونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاری کردہ سرکاری ہدایات پر خود بھی عمل کر رہے ہیں اور گھروں سے کام کر رہے ہیں۔

    وزرا نے شہریوں کو مثال پیش کرنے کے لیے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصاویر جاری کی ہیں جس میں وہ آن لائن کام کرتے نظر آرہے ہیں۔

    وزیر افرادی قوت انجینیئر احمد الراجحی، وزیر مواصلات عبداللہ السواحہ اور وزیر تجارت ماجد القصبی کی جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی وزارتوں کی کارکردگی کا آن لائن جائزہ لے رہے ہیں۔

    وزارت تعلیم نے سرکاری ویب سائٹ پر وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ مختلف صوبوں میں تعلیمی اداروں کے سربراہوں سے آن لائن بات چیت کر رہے ہیں۔

    وزرا، اعلیٰ عہدیداروں اور بعض بڑے سرمایہ کاروں نے بھی آن لائن ڈیوٹی کی تصاویر جاری کر کے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ آن لائن کام کرنے والوں کے ساتھ وہ خود بھی شامل ہیں اور وہ ان کے شانہ بشانہ آن لائن کام کر رہے ہیں۔

  • کرونا وائرس: ایپل نے آئی فون کی فروخت محدود کردی

    کرونا وائرس: ایپل نے آئی فون کی فروخت محدود کردی

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے فونز کی آن لائن فروخت محدود کردی ہے، فیصلہ آئی فونز کی پروڈکشن میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔

    ایپل نے چین اور امریکا سمیت متعدد ممالک میں اپنے فونز کی آن لائن فروخت کو محدود کردیا ہے۔ ایپل پہلے ہی چین کے علاوہ دنیا بھر میں اپنے اسٹورز بند کر چکا ہے، ایسا مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے پیش نظر کیے جانے والے لاک ڈاؤن کے بعد کیا گیا ہے۔

    بعض ممالک بشمول چین، ہانگ کانگ، سنگاپور، اور تائیوان میں ویب سائٹ کھولنے پر صارف کو بتایا جاتا ہے کہ ایک آرڈر پر صرف 2 ہی پروڈکٹس بھیجی جاسکیں گی۔

    ایسا اس سے قبل سنہ 2007 میں کیا گیا تھا جب پہلی بار آئی فون لانچ کیا گیا تھا، اس وقت لوگوں نے بڑی تعداد میں فون خرید کر دوبارہ بیچنے شروع کردیے تھے جس کے بعد کمپنی کو اس کی فروخت محدود کرنی پڑی۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ فروخت کو محدود کرنے کا سبب اس کی پروڈکشن میں کمی آنا بھی ہے، چین میں 13 مارچ سے ایپل کے اسٹورز دوبارہ کھل گئے ہیں اور فیکٹریوں میں کام بھی معمول کے مطابق شرع ہوگیا ہے تاہم دنیا بھر میں اس کی فروخت میں بدترین کمی دیکھی جارہی ہے۔

    کمپنی کے مطابق اس قلت کے سبب اسے بلیک مارکیٹ میں بھی بیچے جانے کا خدشہ ہے یہی وجہ ہے کہ اس کی آن لائن فروخت محدود کی گئی ہے۔

  • حج کے خواہاں قطری باشندوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن شروع

    حج کے خواہاں قطری باشندوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن شروع

    ریاض : سعودی حکام نے جاری بیان میں کہا ہے کہ قطری حکومت آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم نہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے قطرکے عازمین حج کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت کے لیے سابقہ تمام روابط بند ہونے کے بعد نئی آن لائن رجسٹریشن سروس قائم کردی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قطری حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے ملک کے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائی سے محروم نہ کرے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اورشہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے متعقلہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 1440ھ کے حج سیزن کے موقع پر حسب سابق قطری بھائیوں کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کریں۔

    اس حوالے سے وزارت حج نے ایک نئی آن لائن ویب سائیٹ قائم کی ہے جس پر حج کے خواہاں قطری شہری اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت قطر سے آنےوالے عازمین حج کی ہرممکن مدد کو یقینی بنانے کے ساتھ دنیا بھر سے آئے اللہ کے مہمانوں کو مناسک حج کے دوران مکمل مدد فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کے مطابق بیان میں واضح کیا گیا ہےکہ سعودی عرب قطری شہریوں کے فریضہ حج میں کسی قسم کی رکاوٹ کو گورا نہیں کرے گا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ قطری حکومت کو چاہیے کہ وہ حج جیسے عظیم فریضے کو سیاسی رنگ نہ دے اور اپنے ملک کے باشندوں کو حج کی ادائی کے لیے مکمل آزادی فراہم کرے۔

  • سعودی عرب کا بغیررجسٹریشن آنے والے قطری معتمرین کا خیرمقدم

    سعودی عرب کا بغیررجسٹریشن آنے والے قطری معتمرین کا خیرمقدم

    ریاض : سعودیہ اور قطر کے درمیان کشیدگی کے باوجود سعودی عرب نے قطری عازمین عمرہ کا بغیر رجسٹریشن جدہ ہوائی اڈے پر آمد کا خیرمقدم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے قطر سے آن لائن رجسٹریشن کے بغیر براہ راست عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے راستے آنے والے قطری شہریوں کا خیر مقدم کیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھاکہ حکومت کا کہنا ہے کہ قطری شہریوں کی عمرہ کی ادائی کے لیے کسی قسم کی آن لائن رجسٹریشن کی ضرورت نہیں۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں قطری حکومت نے حج وعمرہ کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے مختص ویب سائیٹ بند کردی تھی جس کے بعد قطری عازمین عمرہ کو رجسٹریشن کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ کی طرف سے جاری ایک وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قطری بھائیوں کو عمرہ کے موقع پر ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کی ہدایت کی ہے۔

    سعودی قیادت کی طرف سے متعلقہ حکام کو کہا گیا ہے کہ وہ قطر سے آئن لائن رجسٹریشن کے بغیر آنے والے قطری بھائیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عمرہ کی ادائی میں انہیں کسی قسم مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    ادھر سعودی حج اور عمرہ کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے نیا لنک جاری کیا گیا ہے۔ قطری عازمین عمرہ اس لنک کے ذریعے عمرہ رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ قطری حکومت نے عمرہ رجسٹریشن کے لیے پہلے سے موجود آن لائن رجسٹریشن ویب سائیٹ تک اپنے شہریوں کی رسائی روک دی تھی جس کے نتیجے میں قطری عمرہ زائرین کو رجسٹریشن میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔