Tag: آوارہ کتا

  • آوارہ کتے نے چند منٹ میں 25 افراد کو کاٹ لیا، ویکسین کم پڑ گئی

    آوارہ کتے نے چند منٹ میں 25 افراد کو کاٹ لیا، ویکسین کم پڑ گئی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں آوارہ کتے نے 20 منٹ میں 25 افراد کو کاٹ لیا، 25 میں سے صرف 8 افراد کو ریبیز کی ویکسین مل سکی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر میں ایک آوارہ کتے نے 20 منٹ کے اندر 25 لوگوں کو کاٹ لیا۔

    تمام افراد کو قریبی اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں صرف 8 افراد کو ریبیز کے انجیکشن لگائے گئے، باقی افراد کو اگلے دن آنے کا کہہ کر واپس بھیج دیا گیا جس پر لوگوں نے خاصا شور شرابہ بھی کیا۔

    مقامی تھانے کے انچارج گیان سنگھ کا کہنا ہے کہ جارچہ کے علاقے سبزی منڈی کے پاس ایک آوارہ کتا کافی عرصے سے دیکھا جارہا تھا، پہلے وہ آتے جاتے راہ گیروں پر بھونکتا تھا لیکن آہستہ آہستہ اس نے لوگوں کو کاٹنا شروع کر دیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز کتا مسلسل بھونک رہا تھا جس کے بعد لوگوں نے کتے کو مارنا شروع کردیا۔

    وہ لاٹھیاں لے کر اس کے پیچھے بھاگنے لگے، کتا جان بچانے کے لیے بھاگتا رہا اور راہ میں آنے والے لوگوں کو کاٹتا رہا۔

    بعد ازاں تمام افراد کو اسپتال پہنچایا گیا لیکن ریبیز کی ویکسین صرف 8 افراد کو لگائی جاسکی۔ ویکسین کی عدم دستیابی پر لوگوں نے غم و غصے کا اظہار بھی کیا۔

  • سعودی عرب: عید کی شاپنگ پر جانے والی 7 سالہ بچی پر آوارہ کتوں کا حملہ، شدید زخمی

    سعودی عرب: عید کی شاپنگ پر جانے والی 7 سالہ بچی پر آوارہ کتوں کا حملہ، شدید زخمی

    ریاض: سعودی عرب میں آوارہ کتوں نے 7 سالہ بچی پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کردیا، بچی اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید کی خریداری کے لیے نکلی تھی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں جازان کی عوامی مارکیٹ سے عید کے کپڑے خریدنے کے لیے جانے والی 7 سالہ بچی کو آوارہ کتوں نے حملہ کر کے زخمی کردیا۔

    بچی کے والد ابراہیم زیلع کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی عرفات عید کے کپڑے خریدنے کے لیے مارکیٹ گئی تھی، راستے میں کتوں نے حملہ کر کے اس کی دونوں ٹانگوں کو لہولہان کردیا۔

    ابراہیم زیلع کے مطابق حملے کے وقت بچی بہت زیادہ گھبرا گئی تھی، گھر والوں نے اسے بڑی مشکل سے کتوں سے بچایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہاں آوارہ کتے سب کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، حکام سے اپیل ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری اور مؤثر حل نکالیں۔