Tag: آٹا قیمت

  • گندم کی قیمت میں کمی لیکن ملز مالکان نے آٹے کی قیمت کم نہیں کی

    لاہور: ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم 4 ہزار روپے فی من پر آ گئی ہے، لیکن آٹا ملوں نے آٹے کی قیمت کم نہیں کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں 15 کلو آٹے کا تھیلا دکانوں پر 1800 اور 1900 روپے پر فروخت ہو رہا ہے، جب کہ گندم کی قیمت چار ہزار روپے فی من ہو گئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ مل مالکان نے آٹے کی قیمت کم نہیں کی، چکی آٹا کی قیمت بھی کم نہ ہو سکی، چکی مالکان 150 روپے کلو آٹا بیچ رہے ہیں۔

    روٹی اور نان کا وزن بھی کم کر دیا گیا، روٹی 14، نان 25 روپے کا ہو گیا، ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر عمل میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق چکن کی فی کلو قیمت آج پھر 16 روپے کلو بڑھا دی گئی ہے، اور نئی قیمت 501 روپے کلو ہو گئی۔ دوسری طرف لاہور میں پیاز کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ پیاز درآمد نہ ہونے کے باعث قیمتوں میں کمی نہیں آ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان میں بھی عوام آٹا کی قیمت سے پریشان ہیں، صوبے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2900 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، اور 50 کلو آٹے کا تھیلا 7100 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

    100 کلو آٹے کا تھیلا 14 ہزار 200 روپے تک جا پہنچا، جب کہ 20 کلو سرکاری آٹے کا تھیلا 1510 روپے کا ہو گیا ہے۔

  • گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے مہنگائی کی ایک نئی سطح سامنے آ گئی

    گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے مہنگائی کی ایک نئی سطح سامنے آ گئی

    کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے مہنگائی کی ایک نئی سطح سامنے آ گئی ہے، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم ہو گئی ہے تاہم اس کے آفٹر شاکس تا حال جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مارکیٹ ذرایع نے کہا ہے کہ گندم کی 100 کلو گرام کی بوری اوپن مارکیٹ میں 400 روپے اضافے کے بعد 5200 روپے کی ہو گئی ہے، گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے آٹے کی قیمتوں کو آگ لگ گئی ہے۔

    مارکیٹ ذرایع نے کہا ہے کہ چکی والوں کے لیے گندم کی 100 کلو گرام کی بوری 500 روپے اضافے کے بعد 5500 روپے تک پہنچ گئی، جب کہ سندھ حکومت نے آٹے کے ایکس مل پرائس 43 روپے فی کلو مقرر کیے ہوئے ہیں۔ شہر میں فائن آٹا 58 سے 60 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، فائن آٹے کی قیمت میں 4 سے 6 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے، چکی آٹے میں بھی 4 سے 6 روپے فی کلو اضافہ کیا جا چکا ہے، جس کے بعد چکی آٹا 64 سے 66 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

    مارکیٹ ذرایع نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے گندم کی ترسیل ایک ہفتے سے بند ہے، چکی والوں کے پاس گندم کا اسٹاک ختم ہونے کے قریب ہے، فلور ملز کے پاس بھی گندم کے ذخائر کم رہ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ خوراک، سندھ حکومت اور انتظامیہ 4 دسمبر کو سرکاری قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کر کے اپنی ذمہ داری سے سبک دوش ہو چکی ہے، جب کہ منافع خور مافیا سرگرم ہے، سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری گندم کی فراہمی کے لیے کوئی لائحۂ عمل تیار نہیں کیا گیا، ادھر مارکیٹ ذرایع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گندم کی فراہمی جلد ممکن نہ بنائی گئی تو فائن آٹے اور چکی کے آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ایک ہفتے تک جاری رہنے والی ہڑتال گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ساتھ کام یاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا تھا۔ ہڑتال کے باعث ملک بھر میں سامان کی ترسیل مکمل بند رہی، کارخانوں اور بندرگاہوں پر تقریباً 45000 درآمدی اور برآمدی کنٹینرز رکے رہے، پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ معطل رہی، جس سے 15 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا، کینو، آلو اور پیاز کے 1400 کنٹینرز بندرگاہوں تک نہ پہنچ سکے، ایکسپورث آرڈرز منسوخ اور بھارت کی جانب منتقل ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوا۔ ہڑتال نے ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے کی جانے والی سال بھر کی کوششوں پر پانی پھیر دیا۔