Tag: آٹا

  • کس شہر میں آٹا سب سے مہنگا فروخت ہورہا ہے؟

    کس شہر میں آٹا سب سے مہنگا فروخت ہورہا ہے؟

    اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات نے آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

    ادارہ شماریات کے مطابق فیصل آباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 ہزار 333 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے، پنجاب کے دیگر تمام بڑے شہروں میں آٹے کا تھیلا 1 ہزار 295 روپے تک ہے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 ہزار 200 تک میں فروخت ہورہا ہے، خیبر پختونخوا میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 21 سو روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔

    کوئٹہ میں آٹے کا تھیلا 2 ہزار 140، پشاور اور بنوں میں 2 ہزار 100 روپے تک کا دستیاب ہے۔

  • کراچی میں آٹے کی قیمت نے شہریوں کے ہوش اڑا دیے

    کراچی میں آٹے کی قیمت نے شہریوں کے ہوش اڑا دیے

    کراچی سمیت ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا، دس کلو آٹے کی قیمت آسمان سے بات کرنے لگی، غریب شہری کیلئے بچوں کو پیٹ بھر کے کھانا کھلانا مشکل ہوگیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آٹا ایک سو تیس روپے فی کلو فروخت ہونے سے شہریوں کی چیخیں نکل گئیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے آٹے کی قیمت بَلند ترین سطح پر پہنچا کر دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا۔

    ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے مشکلات بڑھنے لگیں تو دوسری جانب گندم کے بحران نے بھی شہریوں کئے ہوش اڑا دیئے۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھی تو چکی مالکان نے بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

    ملک میں آٹے کی قیمت 130روپے کلو تک پہنچ گئی۔ کراچی میں آٹا ملک میں سب سے مہنگا ہے،م ایک کلو کی قیمت125سے130 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں110 روپے سے 116 روپے میں ایک کلو آٹا مل رہا ہے۔ اسلام آباد میں چکی کا آٹا125 روپے میں فروخت ہونے لگا۔

    کوئٹہ میں آٹے کی قیمت120روپے کلو ہوگئی۔ گوجرانوالہ میں چکی کا آٹا 130 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔

    چکی مالکان کا کہنا ہے کہ غلہ منڈیوں میں قلت کے سبب فی من گندم 2 ہزار850 سے بڑھ کر3 ہزار800 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ بجلی کے بھاری بل بھی ادا کر رہے ہیں۔ آٹا مہنگا کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:پیاز ٹماٹر فاسٹ ٹریک پر منگوانے کا فیصلہ،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

    اوپن مارکیٹ میں بیس کلو آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوچکا ہے۔ لاہور میں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت نو سو اسی روپے ہے جو مارکیٹ میں کئی جگہوں پر دستیاب ہی نہیں۔

  • سندھ حکومت آٹے کی قیمت آسمان پر لے گئی، بقیہ شہروں میں قیمتیں کم

    سندھ حکومت آٹے کی قیمت آسمان پر لے گئی، بقیہ شہروں میں قیمتیں کم

    اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات کے حالیہ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں شہریوں کو مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور کیا جارہا ہے، بقیہ شہروں میں قیمتیں کنٹرول میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہیں۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1960 روپے تک ہے، حیدر آباد میں 1940 روپے، سکھر میں 1720 روپے اور لاڑکانہ میں 1800 روپے ہے۔

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1800 روپے اور خضدار میں 1850 روپے کا ہے۔

    صوبہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر شہروں میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 980 روپے ہے جن میں راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور صوبہ خیبر پختونخواہ کا دارالحکومت پشاور شامل ہے۔

  • کراچی: 10 کلو آٹا 400 روپے میں

    کراچی: 10 کلو آٹا 400 روپے میں

    کراچی: سندھ کے دو شہروں کراچی اور حیدر آباد میں اب دس کلو آٹے کی تھیلی 400 روپے میں دستیاب ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے تحت سستے آٹے کی دستیابی کے لیے خصوصی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں، اس سلسلے میں کراچی اور حیدر آباد کے بچت بازاروں کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے۔

    سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تمام اضلاع میں مقررہ مقامات سے 40 روپے فی کلو آٹا دستیاب ہوگا، نیز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ متحرک ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر سندھ حکومت نے کراچی میں 35 بچت بازاروں میں آٹا اسٹال لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جمعرات سے کراچی ڈویژن کے ہر ضلع میں 5 بازاروں میں آٹا اسٹال لگائے جائیں گے۔

    اسٹالز کی تفصیل:

    اتوار بازار گلشن اقبال بلاک A-10 اور بلاک 7، بدھ بازار بلاک 10-A, سنیچر بازار پہلوان گوٹھ اور موسمیات بچت بازار

    خواجہ غریب نواز مارکیٹ اورنگی ٹاؤن، 5 ڈی سرجانی ٹاؤن، ایشیا گراؤنڈ اورنگی، ٹنکی اسٹاپ سرجانی اور عید گاہ گراؤنڈ ٹنکی اسٹاپ سرجانی

    پیر بازار 20 ایف بی ایریا، اتوار بازار 2 کے اسٹاپ نارتھ ناظم آباد، جمعرات بازار ایف سی ایریا اور پیر بازار 5 ڈی نیو کراچی

    بدھ بازار گلشن حدید 2، پپری گراؤنڈ، کاٹھور بازار گڈاپ، جعفر طیار سوسائٹی مراد میمن اور جمعرات بازار ابراہیم حیدری

    کیماڑی کالونی، ماڑی پور عید گاہ گراؤنڈ بچت بازار، بلدیہ ٹریننگ سینٹر سعید آباد، گٹر باغیچہ گراؤنڈ بچت بازار اور مچھر کالونی

    کلفٹن بلاک 1، ہزارہ کالونی بالمقابل نیول ہائٹس صدر، نیا آباد مارکیٹ لیاری، پونا بائی ٹاور گارڈن اور لی مارکیٹ چوک

    اتوار بازار عید گاہ کورنگی 1/2 3, جمعہ بازار عید گاہ گراؤنڈ لانڈھی، منگل بازار شاہ فیصل کالونی 3، سنیچر بازار کالا بورڈ اور بدھ بازار گولڈن گراؤنڈ کورنگی

  • آج آٹے اور چینی کی قیمتیں‌ کم ہوئیں، فواد چوہدری کا دعویٰ

    آج آٹے اور چینی کی قیمتیں‌ کم ہوئیں، فواد چوہدری کا دعویٰ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کر دیا ہے کہ آج ملک میں آٹے اور چینی کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت معاشی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ آٹے کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، صرف سندھ میں آٹا مہنگا ہے، انھوں نے کہا عالمی سطح پر قیمتیں بڑھی ہیں، ہم کسی اور سیارے پر نہیں رہ رہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں کم ہوں گی تویہاں بھی ہوں گی۔

    انھوں نے کہا مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اپوزیشن کے پاس کوئی متبادل حل ہے تو پیش کرے، فواد چوہدری نے مہنگائی کا ایک اور حل پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ اداروں کو چاہیے اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کریں، میڈیا مالکان کو ابھی پیسہ ملا ہے اس لیے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت گھی، گندم، بجلی پر سبسڈی دے رہی ہے، پورا ملک سبسڈی پر نہیں چلایا جاتا، سبسڈی بھی عوام ہی سے لے کر دی جاتی ہے، اس سال حکومت نے 12 ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہے۔

    فواد چوہدری نے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے کہا کہ سارے معاملے حل ہو چکے ہیں، وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات ہوتی رہتی ہے۔

    اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن والے جمہوریت پسند نہیں، ڈیل کی تلاش میں ہیں، پہلے کوشش تھی کہ فوج اور حکومت کے درمیان اختلاف ہو جائے، صبح سے رات تک عمران خان کو برا کہہ کر اپوزیشن اقتدار میں نہیں آ سکتی، ڈیل نہیں ہوئی تو پھر فوج کے خلاف تنقید شروع کر دی گئی۔

    مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے انھوں نے تبصرہ کیا کہ انھوں نے جتنا استعمال ہونا تھا ہو چکے ہیں، فضل الرحمان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، اب رینٹ اے کراؤڈ کا کام شروع کر دیں۔

    قبل ازیں، آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی صورت حال پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعظم کو ملک میں مہنگائی کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر گفتگو بھی کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر ٹیکسز کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزرا اپنے حلقوں میں مصنوعی مہنگائی پر نظر رکھیں، اور ان کے خلاف اقدامات کیے جائیں۔

  • آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ

    آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے مشاورت میں گندم کی قیمت 19 سو 50 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، فیصلے سے آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے خزانہ، خوراک، فوڈ سکیورٹی اور دیگر وزارتوں کے حکام کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں گندم، آٹے کی قیمت اور سرکاری گندم ریلیز کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ملاقات میں معیاری آٹے کی سستے نرخوں پر فراہمی پر مشاورت کی گئی۔ معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی جمشید اقبال چیمہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے مشاورت میں گندم کی قیمت 19 سو 50 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، فیصلے سے آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے ہوگی، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 11 سو روپے تک ہوگی۔

    جمشید اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں فی کلو قیمت 56 روپے اور بنگلہ دیش میں 80 روپے ہے، افغانستان میں آٹے کی قیمتیں اس سے بھی زیادہ ہیں۔ پاکستان میں خطے بلکہ دنیا کے دیگر ممالک سے بھی کم قیمت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جو زیادہ غریب ہیں ہمارے پاس ان کا ڈیٹا ہے، انہیں 43 روپے فی کلو قیمت پر آٹا فراہم کریں گے۔ مرکز اور صوبے گندم اور آٹے کی ایک ہی قیمت رکھیں گے، صوبے اپنی اپنی کابینہ سے حتمی فیصلے لیں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امید ہے اگلے ہفتے سے سرکاری گندم کی ریلیز شروع کر دیں گے، نجی شعبے کو حکومت کے طے شدہ نرخ سے زائد فروخت کی اجازت نہیں۔ حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، سرکاری گندم کی ریلیز کے لیے لبرل پالیسی ہوگی۔ عوام تسلی رکھیں، سستا اور معیاری آٹا فراہم کیا جائے گا۔

  • 60 ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا

    60 ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا

    کراچی: 60 ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا، جو کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں گندم کی قلت ختم کرنے کے لیے بیرون ملک سے مجموعی طور پر گندم کے 9 بحری جہاز بک ہو چکے ہیں۔

    چئیرمین اجناس ایسوسی ایشن پاکستان مزمل چیپل کا کہنا ہے کہ درآمدی گندم آنے سے ملک میں آٹے کی قیمتوں میں کمی ہونے کا امکان ہے، درآمدی گندم کی آمد سے ملک میں اجناس اور گندم کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور قیمت کم ہو جائے گی۔

    انھوں نے بتایا کہ ملک میں رواں سال تقریباً ایک سے ڈیڑھ ملین میٹرک ٹن گندم کی کمی ہے، گندم کی درآمد کے 6 لاکھ ٹن کے معاہدے طے پا چکے ہیں، اور اجناس کے درآمد کنندگان نے گندم کے نو جہاز بک کروائے ہیں۔

    حکومتی اقدامات، گندم کی قیمتیں کم ہوں گئیں

    چیئرمین اجناس ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ گندم کا دوسرا جہاز رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کراچی پہنچے گا۔

    واضح رہے کہ گندم کی درآمد کے ساتھ سندھ اور پنجاب میں گندم کی قیمتیں کم ہونے لگی ہیں، سندھ میں گندم کی قیمت 7 روپے کم ہو کر 46 روپے فی کلو ہو گئی جب کہ پنجاب میں بھی قیمت 6.50 روپے گھٹ کر 48.50 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔

    امپورٹرز نے بتایا تھا کہ گندم کی قیمت بین الاقوامی منڈی میں تقریباً 240 ڈالر فی ٹن ہے۔

  • آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لیے اہم قدم

    آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لیے اہم قدم

    اسلام آباد: آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے ٹریڈنگ کارپوریشن کو 2 لاکھ ٹن گندم کی درآمد کا آرڈر جاری کرنے کی اجازت دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سیکریٹری فوڈ کی جانب سے بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ نجی شعبے سے 5 لاکھ ٹن گندم کی درآمد شروع ہو چکی ہے۔

    سیکریٹری فوڈ نے بتایا کہ نجی شعبے کی درآمد کے سلسلے میں پہلا جہاز رواں ماہ 26 تاریخ کو پاکستان پہنچ جائے گا، نجی اور سرکاری طور پر گندم کی درآمد سے قیمتوں میں استحکام آئے گا۔

    اجلاس میں وزیر اقتصادی امور نے سیکریٹری فوڈ کو گندم کی خریداری کے لیے صوبوں سے رابطے کی ہدایت کی۔

    بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹی سی پی پنجاب کے لیے 7 لاکھ، خیبر پختون خوا کے لیے 3 لاکھ ، پاسکو کے لیے 5 لاکھ ٹن گندم درآمد کر رہا ہے، دوسری طرف ملک میں گندم کے دستیاب ذخائر کا حجم 26.05 ملین ٹن ہے، جب کہ ملکی ضرورت کے لیے مزید 1.41 ملین ٹن گندم درکار ہوگی۔

    دریں اثنا، اجلاس میں نجی شعبے کے ذریعے چینی کی درآمد پر عائد محصولات کی شرح میں کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا، اس سلسلے میں بریفنگ میں کہا گیا کہ چینی کے موجودہ ذخائر 1.2 ملین ٹن ہیں، جو نومبر تک کے لیے کافی ہوں گے۔

    قبل ازیں، سیکریٹری خزانہ کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبوں اور وفاقی انتظامیہ نے قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کیا، کمیٹی نے صوبوں کو گندم، آٹا اور چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کی ہدایت کی۔

    کمیٹی نے کہا کہ گندم، آٹا اور چینی کی سستی قیمتوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے، ضروری اشیا کی بڑھتی قیمتوں کو بھی کنٹرول کیا جائے، اور ذخیرہ اندوزی، اشیا کی اسمگلنگ اور ملاوٹ کو روکا جائے۔ کمیٹی نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت صوبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، پھلوں، دالوں اور سبزیوں کی تھوک و پرچون قیمتوں کا جائزہ لیا جائے، اور پھر کمیٹی کو قیمتوں اور منافع کے اعداد و شمار فراہم کیے جائیں۔

  • فلور ملز مالکان مارکیٹ میں آٹے کی وافر فراہمی کو یقینی بنائیں،عبد العلیم خان

    فلور ملز مالکان مارکیٹ میں آٹے کی وافر فراہمی کو یقینی بنائیں،عبد العلیم خان

    لاہور: وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ فلور ملز مالکان مارکیٹ میں آٹے کی وافر فراہمی کو یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے فلور ملزایسوسی ایشن نے ملاقات کی۔عبدالعلیم خان نے فلورملز مالکان سے رمضان میں رضاکارانہ آٹے کی قیمت میں کمی کی اپیل کی۔

    اس موقع پر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گندم مل مالکان کے جائز تحفظات دور ہوں گے،حقیقت پسندانہ فیصلے کرتے ہوئے مالی بوجھ سے بچنا ہوگا۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ فلور ملز مالکان مارکیٹ میں آٹے کی وافر فراہمی کو یقینی بنائیں، آٹے کی قلت کی خبریں شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بنتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب سے دیگر صوبوں میں گندم جانے کی پالیسی پر نظر ثانی کریں گے، کوئی صوبہ گندم کی خریداری نہیں کرے گا، پنجاب خود دےگا۔

    وزیر خوراک پنجاب نے گندم خریداری کے ہدف میں 5 لاکھ ٹن اضافے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرے،کاروبار کریں،منافع کمائیں لیکن ناجائزکام نہیں ہونا چاہیے۔

    پنجاب سےگندم اسمگل نہیں ہونے دیں گے، عبدالعلیم خان

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پنجاب سےگندم دوسرے صوبوں میں اسمگل نہیں ہونے دیں گے۔

  • ملک میں آٹے کی قلت نہیں، وافر مقدارمیں گندم موجود ہے،خسرو بختیار

    ملک میں آٹے کی قلت نہیں، وافر مقدارمیں گندم موجود ہے،خسرو بختیار

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ ملک میں آٹے کی قلت نہیں، وافر مقدارمیں گندم موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اینکر پرسنز سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان میں اجناس کی ترسیل کی میپنگ کر لی گئی ہے۔

    خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ آٹے کی قلت زیادہ خریدنے کی وجہ سے ہوئی ہے، ملک میں قلت نہیں ہے، جس نے آٹے کا ایک تھیلا لینا تھا وہ 3 خرید کر اسٹور کرچکا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں آٹے کی قلت نہیں، وافر مقدارمیں گندم موجود ہے، سپلائی چین چلتی رہے جس کے لیے آج اجلاس میں اہم فیصلےکیےگئے۔

    انہوں نے کہا کہ گندم کی ترسیل کے انتظامات کر لیے ہیں، اس وقت ہمارے پاس16 لاکھ ٹن گندم پبلک سیکٹرمیں موجود ہے،فلور ملز کوگندم فراہم کر دی جائےگی تو آٹے کے مسائل نہیں ہوں گے، امید ہے ایک دو دن میں صوبائی حکومتیں فلور ملزم کوگندم ریلیز کر دیں گی۔

    گندم اور دالیں وافر مقدار میں موجود ہیں، قلت پیدا نہیں ہوگی، خسرو بختیار

    یاد رہے کہ تین روز قبل وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ گندم اور دالیں وافر مقدار میں موجود ہیں، قلت پیدا نہیں ہوگی۔