Tag: آٹے کا بحران

  • کراچی میں آٹے کا بحران سنگین ہونے کا خطرہ

    کراچی میں آٹے کا بحران سنگین ہونے کا خطرہ

    کراچی : شہر قائد میں آٹے کا بحران سنگین ہونے کے ساتھ قیمتوں میں اضافہ کا خطرہ ہے، چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عبدالروف کا کہنا ہے کہ کراچی میں گندم ختم ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ سے کراچی گندم لانے پر پابندی کے باعث شہر میں آٹے کا بحران سنگین ہونے کا خطرہ ہے۔

    محکمہ خوراک سندھ نے فلور ملز سے گندم لانے والے 50 سے زائد ٹرالر روک دیئے ، گندم تحویل میں لیے جانے کیخلاف لانڈھی گودام کے گیٹ پر دھرنا دے دیا۔

    چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عبدالروف کا کہنا ہے کہ کراچی میں گندم ختم ہوچکی ہے شہر میں آٹے کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

    عبدالروف نے مزید کہا ہے کہ ناقص پالیسیوں اورگندم کی نقل و حرکت پر پابندی سے آٹا مہنگا ہوجائے گا، گندم کی نئی فصل آنے کے بعد گندم کی فی کلو قیمت 10روپے کمی سے110روپے ہوگئی تھی۔

    چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اندرون سندھ سے گندم کراچی نہ پہنچی تو شہر میں آٹے کے بحران کیساتھ قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

  • پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کا ہڑتال کا اعلان،   آٹے کے بحران کا خدشہ

    پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کا ہڑتال کا اعلان، آٹے کے بحران کا خدشہ

    راولپنڈی : فلورملزایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کا اعلان کے بعد جڑواں شہروں میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب اورفلارملز کے تنازع میں عوام پس گئے، پنجاب فلار ملزایسوسی ایشن نے آج سےغیرمعینہ مدت تک کیلئے ہڑتال کا اعلان کردیا ، جس سے آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نے آج سے سرکاری گندم اٹھانے سے انکار کردیا اور کہا منگل سے مارکیٹ میں سستا آٹا فراہم نہیں کیا جائے گا۔

    ان کا کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں گندم کی نقل و حرکت پر پابندی نہیں ہونی چاہیے، ملز کی انسپکشن طے شدہ ایس او پیز کے تحت کی جائے اور ٹرکنگ اسٹیشن ختم کرکے دکانوں پر سیل پوائنٹ قائم کئے جائیں۔

    راولپنڈی فلورملزایسوسی ایشن نے کہا کہ آٹے کو ضروری اجناس کی کیٹیگری سے نکالا جائے،حکومت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں لیکن کوئی زبانی آرڈر نہیں مانیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ملز مالکان کو بھاری جرمانوں اور مقدمات سے ہراساں کیا جارہا ہے، وزیر اعظم ، وزیراعلٰی محکمہ خوراک کے نامناسب رویے کا نوٹس لیں۔

    فلورملزایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ حکومت اس وقت ہمیں 34 سو ٹن گندم فراہم کررہی ہے، گندم کی فراہمی رُک گئی تو بحران پیدا ہوسکتا ہے۔

  • آٹے کا بحران : ڈاکو سستے آٹے کے اسٹالز لوٹنے لگے

    سکھر : سستے آٹے کے اسٹالز ڈاکوؤں کے نشانے پر آگئے، آٹے کے سستے اسٹال پر دو روز میں ڈاکو 45 ہزار روپے نقدی اور 20 آٹے کے کٹے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا، ملٹری روڈ پر پبلک اسکول کے قریب سستے آٹے کے اسٹالز پر ڈاکو دو مختلف وارداتوں میں 45 ہزار روپے نقدی اور 20 آٹے کے کٹے لوٹ کر لے گئے۔

    ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سکھر وشن داس نے بتایا کہ پہلی واردات میں تین ڈاکو آٹے کے اسٹال سے اسلحہ کے زور پر 45 ہزار نقدی لوٹ کر لے گئے جبکہ دوسری واردات میں اسٹال سے 8 ملزمان آٹے کے 20 کٹے چھین کر لے گئے۔

    آٹے کے دونوں عارضی اسٹالز پر نجی فلور مل کمپنی کے ملازم آٹے کی فروخت کیلئے تعینات تھے۔

    ڈی ایف سی کے مطابق دونوں وارداتوں کی اطلاع تحریری طور پر ڈی جی فوڈ کو دی ہے جبکہ ملٹری روڈ سے سے آٹے کا سستا اسٹال ختم کرکے پولیس لائن کے قریب لگایا جائے گا۔

    ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وزن داس کا کہنا ہے کہ دونوں وارداتوں کی ڈپٹی کمشنر کو اطلاع دی گئی ہے ہر اسٹال پر ایک پولیس اہلکار کو تعینات کیا جائے گا۔

  • پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں،عثمان بزدار

    پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں،عثمان بزدار

    ڈیرہ غازی خان: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بہاولپور سے ڈی جی خان پہنچے جہاں انہوں نے صفائی کے انتظامات، ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں، حکومت کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں، پنجاب میں فارورڈ بلاک ہے نہ پریشرگروپ،اتحادی بھی ساتھ ہیں۔

    آٹے کے بحران سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے، عوام کی سہولت کے لیے شہروں، تحصیلوں میں آٹے کے سیل پوائنٹس بڑھا دیے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے35 فیصد فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جنوبی پنجاب کے فنڈز کسی اور علاقے پرخرچ نہیں ہوسکیں گے، علاقےکی ترقی،عوام کے مسائل کے حل کے لیے مل کرکام کر رہے ہیں۔

    کمزور حکومت کا شورو واویلا صرف میڈیا کی حد تک ہے، جہانگیر ترین

    اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ کمزور حکومت کا شورو واویلا صرف میڈیا کی حد تک ہے، پی ٹی آئی حکومت کو اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں ، حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔

  • سندھ میں آٹے کا بحران کیوں ہوا اور کب ختم ہوگا؟ وزیر اعلیٰ نے بتا دیا

    سندھ میں آٹے کا بحران کیوں ہوا اور کب ختم ہوگا؟ وزیر اعلیٰ نے بتا دیا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے گندم سپلائی میں تاخیر ہوئی، منگل اور بدھ تک آٹے کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ تک آٹے کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا، پاسکو نے 3 لاکھ ٹن گندم سندھ کے لیے الاٹ کی تھی۔ یہ گندم پنجاب اور بلوچستان سے لائی جارہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے گندم سپلائی میں تاخیر ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ 70 ہزار گندم کی بوریاں آج کراچی پہنچ چکی ہیں۔ کل تک مزید 50 ہزار بوریاں پہنچ جائیں گی۔ حکومت سندھ نے این ایل سی سے معاہدہ کیا ہے۔ این ایل سی کی 200 گاڑیاں گندم لانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کامزید کہنا تھا کہ گندم کراچی اور حیدر آباد میں فلور ملز کو دی جارہی ہیں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں آٹے کا بحران بدستور جاری ہے، چکی پر فی کلو آٹا 70 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ 20 کلو کا تھیلا بھی نایاب ہے۔

  • آٹے کے مصنوعی بحران پر ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے: فردوس عاشق اعوان

    آٹے کے مصنوعی بحران پر ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے: فردوس عاشق اعوان

    سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آٹے کے مصنوعی بحران پر ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے، مہنگا بیچنے والوں کے خلاف ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہ آٹے کی سپلائی اور قیمتوں پر منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پنجاب میں آٹے کے مصنوعی بحران کا معاملہ دیکھنے کا ٹاسک ملا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ منفی پروپیگنڈے کی روک تھام ضروری ہے، سندھ حکومت نے بروقت گندم کی خریداری نہیں کی۔ ملک بھر میں خوراک کی فراہمی وفاقی حکومت کا فرض ہے۔ وفاقی حکومت نے سندھ کو 4 لاکھ ٹن گندم دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ 4 میں سے 1 لاکھ ٹن گندم سندھ نے اٹھائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت فلور ملز تک گندم پہنچانے میں ناکام رہی ہے، سندھ حکومت کو چاہیئے گندم کی سپلائی کے عمل کو تیز کرے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر فاسٹ ٹریک میکنزم متعارف کروایا جا رہا ہے۔ قیمتیں جان بوجھ کر بڑھانے والوں کا سدباب ضروری ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سیل پوائنٹس کے ذریعے قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات کریں گے۔ پنجاب حکومت نے آٹے کی مہنگے داموں فروخت پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ حکومت 814 فلور ملز کو گندم پر سبسڈی دے رہی ہے۔ ملز مالکان کو مہنگا آٹا فروخت کرنے سے روکنے کی ضرورت ہے، مہنگائی میں جان بوجھ کر حصہ بننے والی مافیا کو شکست دینا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ آٹے کے مصنوعی بحران پر ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے، 20 کلو کا تھیلا 805 روپے سے زائد فروخت پر ایکشن ہوگا۔ مہنگا بیچنے والوں کے خلاف ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو نہیں چھوڑوں گا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ واویلا کرنے والا سیاسی یتیموں کا ایک ٹولہ ملک میں ایک تاثر دے رہا ہے۔ تاثر دیا جا رہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرے گی۔ حکومت اپنے اتحادیوں سے مل کر 5 سال پورے کرے گی۔ حکومت کی ایم کیو ایم سمیت اتحادیوں سے بات چیت آگے بڑھ رہی ہے، انشا اللہ جلد خوشخبری دیں گے۔