Tag: آپریشن وعدہ صادق 3

  • ایران کا دوسرا حملہ : اسرائیل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا

    ایران کا دوسرا حملہ : اسرائیل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا

    تل ابیب : ایران نے اسرائیل پر ایک بار پھر حملہ کرتےہوئے میزائل داغ دیئے، تل ابیب اور یروشلم میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران نے ‘آپریشن وعدہ صادق 3’ کی ایک اور کارروائی میں اسرائیل پر میزائلوں کی برسات کردی۔ اسرائیل میں ایک بار پھر سائرن بج اٹھے۔

    ہفتے کی علی الصبح اسرائیل پر ایک اور میزائل حملہ کیا گیا اس دوران ایک میزائل تل ابیب کے عین وسط میں کامیابی سے ہدف پر آکر گرا۔

    اسرائیل میں مختلف مقامات پر گولہ باری سے آگ اور دھوئیں کے بادل چھا گئے، اسرائیلی حکام کی جانب سے عوام کو دوبارہ بنکرز میں جانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

    اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ایران سے اسرائیل کی جانب سے مسلسل میزائل داغے جارہے ہیں لہٰذا اسرائیلی عوام محفوظ پناہ گاہوں اور بنکرز میں رہیں۔

    آئی ڈی ایف کے مطابق اسرائیلی دفاعی نظام سے ایرانی میزائلوں کو ناکارہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں،
    واضح ہدایت کے بعد ہی عوام بنکرز اور محفوظ مقامات سے باہر آئیں۔

    missile attack

    اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے اپنی فضائی حدود میں آنے والے 3ڈرونز کو مار گرایا ہے۔

    ایران نے اسرائیلی حملے کا بھرپور اور براہ راست فوجی جواب دیا ہے، جس میں اس نے نہ صرف واضح پیغام دیا بلکہ زمینی سطح پر تباہی بھی پھیلائی۔

    اسرائیل اور امریکہ کی مشترکہ دفاعی کوششوں کے باوجود کچھ ایرانی میزائل ہدف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

    علاوہ ازیں غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بھی تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں اور فوجی و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملوں میں 6 سائنسدانوں سمیت 78 افراد شہید ہوئے۔