Tag: آپریشن

  • کچے کا ہزاروں ایکڑ نو گو ایریا کلیئر، ڈاکوؤں کی کمین گاہیں نذر آتش

    کچے کا ہزاروں ایکڑ نو گو ایریا کلیئر، ڈاکوؤں کی کمین گاہیں نذر آتش

    لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے روجھان میں کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اب تک ہزاروں ایکڑ اراضی اور نو گو ایریا کلیئر کردیا گیا، جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں، کمین گاہوں کو مسمار اور نذر آتش کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راجن پور کے قریب روجھان میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن 18 ویں روز بھی جاری ہے۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) راجن پور محمد ناصر سیال کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 ڈاکو گرفتار کیے گئے ہیں جن سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے۔

    ڈی پی او کے مطابق پولیس نے کچہ میانوالی میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ پولیس کا سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

    محمد ناصر سیال کا کہنا ہے کہ اب تک 4 ڈاکو ہلاک اور 5 کو گرفتار کیا گیا ہے، ڈاکوؤں کے 16 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کچے کا ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر کر کے پولیس چوکیاں قائم کی گئیں، چک عمرانی، چک بیلے شاہ اور چک کپڑا کے علاقے کلیئر کروائے گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق اب تک ہزاروں ایکڑ اراضی اور نو گو ایریا کلیئر کروا کر پولیس کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں، کمین گاہوں کو مسمار اور نذر آتش کر دیا گیا۔

  • کچے کے علاقے میں 3 صوبے مل کر آپریشن کریں گے: آئی جی سندھ

    کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کچے کے علاقے میں 3 صوبے مل کر آپریشن کریں گے، کافی عرصے سے کچے میں حالات خراب ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ پہلی بار 3 صوبے کچے کے علاقے میں ایک ساتھ آپریشن کریں گے، آپریشن کچے میں چھپے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہوگا۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے کچے میں حالات خراب ہیں، سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کی مشترکہ حکمت عملی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف مل کر کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جلد پولیس کو مزید اسلحہ فراہم کیا جائے گا، کچے کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران کئی ڈاکو مارے گئے، ہیڈ منی رکھنے کے بعد کئی ڈاکوؤں نے گرفتاری دی۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ عام لوگوں کو مختلف طریقے سے لالچ دے کر بلایا جاتا ہے، لوگوں کو خود سوچنا ہوگا کہ اتنا سستا ٹریکر کوئی ان کو کیوں دے رہا ہے، جب لوگ وہاں پہنچتے ہیں تو پولیس کو ان کی بازیابی کے لیے اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔

  • سرجانی ٹاؤن میں کے ڈی اے کی زمین پر بڑے پیمانے پر قبضے کا انکشاف

    کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کے ڈی اےکی زمین پر بڑے پیمانے پر قبضےکا انکشاف ہوا ہے۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ سرجانی ٹاؤن نے اعلیٰ حکام کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اربوں روپے کے 14 پلاٹوں پر غیرقانونی تعمیرات جاری ہیں۔

    کے ڈی اے حکام نے کہا کہ سرکاری زمین رفاعی مقاصد کے لئے وقف کی گئی تھی،  زمین پر اسکول، کالج، بس ٹرمینل، اسپتال اور پولیس اسٹیشن تعمیر ہونا تھے۔

    حکام نے کہا کہ چودہ پلاٹ ایک لاکھ گز سے زائد زمین پر موجود ہیں جن پر قبضہ ہورہا ہے، پیرکےروزسرجانی ٹاؤن سیکٹر 6 اور اطراف میں آپریشن کیا گیا تھا، جب کے ڈی اے نے زمین کا درجہ معلوم کیا تو قبضے کا انکشاف ہوا۔

    پراجیکٹ ڈائریکٹر سرجانی ٹاؤن محمد شہزاد نے بتایا کہ آپریشن میں مشکلات کے باوجود آپریشن جاری رہے گا۔

    پروجیکٹ ڈائریکٹر سرجانی کا مزید کہنا تھا کہ اخباروں میں اشتہارات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کردیا ہے،  سرجانی میں کے ڈی اے کے آلاٹمنٹ شدہ پلاٹوں پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے۔

  • بنوں: سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کرنے والے 6 دہشتگرد ہلاک

    بنوں: سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کرنے والے 6 دہشتگرد ہلاک

    پشاور: بنوں  میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر  سیکیورٹی اداروں نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر  کامیاب آپریشن کے بعد اس وقت سرچ  آپریشن کا عمل جاری ہے، آپریشن کے بعد کمپاؤنڈ کو کلیر کرایا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ اتوار کے روز بنوں میں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تھا اور اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق بنوں میں اسکول بند ہیں اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ علاقے میں موبائل فون سروس بھی مکمل طور پر بند ہے۔

  • شمالی وزیرستان: فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان: فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد ہلاک

    اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشت گرد اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد مبین عرف مجروح ہلاک ہوگیا۔ مارے گئے دہشت گرد سے ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مبین اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے تھل میں آپریشن کیا تھا جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    ہلاک دہشت گردوں کی شناخت غیور اور بہاؤ الدین کے نام سے ہوئی تھی، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولیاں اور ہتھیار برآمد کیے گئے۔

  • لیاقت آباد میں رات گئے تجاوزات کے خلاف آپریشن، 12 افراد گرفتار

    لیاقت آباد میں رات گئے تجاوزات کے خلاف آپریشن، 12 افراد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں تجاوزات کے خلاف رات گئے آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران سپر مارکیٹ سے لیاقت آباد تک تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا جبکہ مزاحمت پر 12 افراد گرفتار بھی کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد کی سپر مارکیٹ سے دس نمبر تجاوزات کے خلاف کے ایم سی کی انکروچمنٹ ٹیم نے نائٹ آپریشن کیا گیا۔

    آپریشن کے دوران سپر مارکیٹ سے لیاقت آباد تک تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا، سڑک کنارے اور فٹ پاتھ پر موجود کیبن، ریڑھیاں، پتھارے، کھانے پینے کے اسٹالز اور دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔

    آپریشن کے دوران مزاحمت پر 12 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف تھانہ لیاقت آباد سپر مارکیٹ میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمات درج کروائے گئے ہیں، گرفتار افراد کی جانب سے انتظامیہ کے احکامات کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ اطراف کے رہائشیوں کو مشکلات کا بھی سامنا تھا۔

  • شمالی وزیرستان میں آپریشن، کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر ہلاک

    شمالی وزیرستان میں آپریشن، کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر ہلاک

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر صفی اللہ مارا گیا، صفی اللہ این جی او کی 4 خواتین اور ایف ڈبلیو او کے انجینیئرز کی اموات میں مطلوب تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں میر علی میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر صفی اللہ مارا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا، صفی اللہ این جی او کی 4 خواتین اور ایف ڈبلیو او کے انجینیئرز کی اموات میں مطلوب تھا۔

    صفی اللہ دیسی ساختہ بارودی سرنگوں کے حملوں اور اغوا میں بھی مطلوب تھا، آپریشن میں برآمد بھاری مقدار میں گولہ بارود تحویل میں لے لیا گیا۔

    یاد رہے کہ 2 روز قبل بھی شمالی وزیرستان کےعلاقے رزمک میں خفیہ اطلاع پر فورسز نے آپریشن کیا تھا، آپریشن کےدوران فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

  • سیکیورٹی فورسز کا  آپریشن ، 2 انتہائی مطلوب دہشت ہلاک ، ایک جوان شہید

    سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ، 2 انتہائی مطلوب دہشت ہلاک ، ایک جوان شہید

    راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کےدوران2انتہائی مطلوب دہشت گرد مارےگئے جبکہ ایف سی بلوچستان کا ایک جوان بھی شہید ہوا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں خاران کے علاقے ہلمرگ میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران2  انتہائی مطلوب دہشت گردمارےگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلےمیں ایف سی بلوچستان کا ایک جوان بھی شہید ہوا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دوران آپریشن بڑی تعدادمیں اسلحہ،گولیاں ودیگرسامان قبضےمیں لےلیاگیا ، شہیدہونےوالےسپاہی فداالرحمان چترال کےرہائشی تھے۔

    فورسزمادروطن کیخلاف ہرسازش ناکام بنانےکیلئےپرعزم ہیں ، بلوچستان میں قربانیوں سےحاصل امن واستحکام کوہرقیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن فہیم، سپاہی شفیع اور سپاہی نسیم شہید ہوئے تھے۔

  • کویت: فضائی آپریشن کے دوسرے مرحلے میں تاخیر کا امکان

    کویت: فضائی آپریشن کے دوسرے مرحلے میں تاخیر کا امکان

    کویت سٹی: کویت ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن کے دوسرے مرحلے کے آغاز میں تاخیر کے امکانات کی توقع کی جارہی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے سے فضائی آپریشن کے دوسرے مرحلے کے آغاز میں چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں تاہم مذکورہ مرحلے کے آغاز میں تاخیر کا امکان دکھائی دے رہا ہے۔

    کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کام کرنے والی ایئر لائنز بھی، تجارتی پروازوں کی واپسی کے آپریشنل منصوبے کے دوسرے مرحلے میں کام کے آغاز کی منتظر ہیں، توقع ہے کہ مرحلہ 2021 فروری کے اوائل میں شروع ہوگا جس کے بعد فضائی آپریشن 60 فیصد گنجائش کے ساتھ کام کرے گا۔

    اگست 2021 کے اواخر میں اختتام پذیر ہونے والے اس مرحلے میں 20 ہزار مسافروں کی روزانہ گنجائش ہوگی اور روزانہ 200 پروازیں چلائی جائیں گی۔

    ایئر لائنز دوسرے مرحلے کے آغاز کا انتظار کر رہی ہیں تاکہ پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاسکے اور موجودہ صلاحیت سے دوگنی صلاحیت پر دوبارہ آپریشن شروع کیا جائے تاہم ذرائع کے مطابق 2 نئے کرونا کیسز کے انکشاف کے ساتھ ہی اعداد و شمار کے مطابق دوسرے مرحلے کے آغاز میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    ملک میں آنے والی کرونا وائرس کی نئی لہر اور کویت ویکسی نیشن سینٹر میں وزارت صحت کے ذریعہ ویکسی نیشن کے عمل میں اضافے تک فضائی آپریشن کے دوسرے مرحلے میں تاخیر کا خدشہ ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کا انحصار وزارت صحت کی سفارشات اور وزرا کی کونسل کے فیصلوں پر ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے والے مسافروں اور زائرین کی اعلیٰ سطح کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے صحت کے تقاضوں کے لحاظ سے ممالک کے متعدد ہوائی اڈوں کے قوانین پر بھی غور کیا جائے گا۔

    کویت ایئر ویز کے ذرائع کے مطابق کمپنی کارگو پروازوں کے علاوہ کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روزانہ تقریباً 8 سے 10 پروازیں چلائی جاتی ہیں اور موجودہ پروازوں کی تعداد دوگنا کرنے کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافے کی توقع کی جارہی ہے۔

  • انسداد ٹڈی دل مہم: 26 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کنٹرول آپریشن مکمل

    انسداد ٹڈی دل مہم: 26 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کنٹرول آپریشن مکمل

    کراچی: ملک بھر میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے، اب تک 26.22 لاکھ ایکڑ پر کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی) کا کہنا ہے کہ محکمہ فوڈ سیکیورٹی، محکمہ زراعت اور پاکستان آرمی کی مشترکہ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سروے اور کنٹرول آپریشن کر رہی ہیں۔

    سینٹر کے مطابق ملک بھر میں 26.22 لاکھ ایکڑ پر کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے، 18 اضلاع کے متاثرہ علاقوں میں 1 ہزار 26 ٹیمیں مہم میں حصہ لے رہی ہیں، ملک بھر میں اب تک 10.27 کروڑ ایکڑ پر سروے کیا جا چکا ہے۔

    این ایل سی سی کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 2 لاکھ 35 ہزار 454 ایکڑ پر سروے کیا جاچکا ہے۔

    سینٹر کے مطابق صوبہ سندھ میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 1 لاکھ 38 ہزار 41 ایکڑ پر سروے اور 3 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 19 سو 32 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 1 لاکھ 79 ہزار 28 ایکڑ پر سروے کیا گیا۔

    اسی طرح صوبہ بلوچستان میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 6 ہزار 921 ایکڑ پر سروے اور 14 ضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 635 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔