Tag: آپریٹنگ سسٹم

  • گوگل نے اینڈرائڈ 13 کا بیٹا ورژن متعارف کروا دیا

    گوگل نے اینڈرائڈ 13 کا بیٹا ورژن متعارف کروا دیا

    انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے موبائل فون آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ 13 کا بیٹا ورژن جاری کردیا جس میں پہلے سے موجود فیچرز کو مزید کارآمد بنایا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے موبائل فون آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ 13 کا بیٹا ورژن جاری کردیا، جسے آئندہ ماہ مکمل طور پر متعارف کروایا جائے گا۔

    گوگل کے اس حیرت انگیز آپریٹنگ سسٹم پر ایپل فون قابل عمل نہیں ہے لیکن اس کے علاوہ تقریباً تمام موبائل فونز آپریٹ ہورہے ہیں، تاہم ابھی تک زیادہ تر موبائل فونز ایںڈرائڈ 12 کے ذریعے چل رہے تھے۔

    گوگل کمپنی نے اینڈرائڈ 13 کے لیے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس نئے سسٹم میں سیکیورٹی اینڈ پرائیویسی فیچرز کو مزید بہتر اور کارآمد بنایا گیا ہے جبکہ اس میں گرافکس ڈیزائن اور کلرز کے ساتھ اس کے استعمال کو بھی آسان بنایا گیا ہے، تاکہ صارفین اس کے بہترین فیچرز سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ اینڈرائڈ 13 میں گوگل والٹ کی سیکیورٹی کو مزید سخت اور بہتر بنایا گیا ہے، جس میں صارفین بلا کسی خوف کے اپنی حساس معلومات کو محفوظ رکھتے ہیں، اس فیچر میں جو ذاتی معلومات محفوظ کی جاتی ہیں ان میں زیادہ تر دستاویزات، بینک اکاؤنٹس، فون نمبرز اور شناختی کارڈز کا ریکارڈ شامل ہے۔

    اینڈرائڈ 13 میں ایپس سے متعلق سروسز کو بھی بہتر بنایا گیا ہے اور یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں لوگ انگریزی کے علاوہ دیگر مقامی زبانوں کو بھی ایپس میں لاگ ان ہونے کے لیے استعمال کرسکیں گے۔

    اس نئے آپریٹنگ سسٹم کا ایک حیرت انگیز فیچر یہ ہے کہ اس میں سرچ ہسٹری بھی ازخود ڈیلیٹ ہوجائے گی تاہم صارفین چاہیں تواپنی معلومات کو محدود یا محفوظ بھی رکھ سکتے ہیں۔

    اینڈرائڈ 13 بِیٹا ورژن کو گوگل پکسل کے علاوہ لنوو، نوکیا، ون پلس، اوپو، رئیل می، ٹیکنو، ویوو، شیاؤمی اور زیڈ ٹی ای موبائلز استعمال کرنے والے صارفین بھی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کے بعد اسے ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

  • اب ان اسمارٹ فونز پر واٹس ایپ نہیں‌ چلے گا!!

    اب ان اسمارٹ فونز پر واٹس ایپ نہیں‌ چلے گا!!

    دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے مخصوص اسمارٹ فونز کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمپنی نے یکم نومبر سے پرانے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے مزید فونز کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    واٹس ایپ نے اپنے ایف اے کیو پیج میں بتایا ہے کہ آئی او ایس 9 پر کام کرنے والے آئی فونز کے لیے سپورٹ ختم کی جا رہی ہے، یعنی صارفین کو آئی فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے آئی او ایس 10 یا اس سے آگے کے آپریٹنگ سسٹمز کی ضرورت ہوگی۔

    یاد رہے کہ واٹس ایپ نے 2020 کے اختتام پر کروڑوں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس فونز کے لیے سپورٹ ختم کر دی تھی، اس موقع پر آئی او ایس 9 سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے آئی فونز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کی کی گئی تھی، جب کہ اینڈرائیڈ 4.0.3 سے پہلے کے فونز میں واٹس ایپ سپورٹ ختم کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ آئی فون ایس ای ،آئی فون 5، 5 ایس اور 5 سی ، 6 ایس اور 6 ایس پلس میں اب تک آئی او ایس 9 آپریٹنگ سسٹم ہے، انھیں واٹس ایپ کو استعمال کرنے کے لیے آپریٹنگ سسٹم کو آئی او ایس 10 یا اس کے بعد کے ورژنز سے اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔

    اسی طرح اینڈرائیڈ 4.0.4 یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے فونز بھی یکم نومبر سے واٹس ایپ سپورٹ سے محروم ہو جائیں گے، چناں چہ صارفین کو واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے اینڈرائیڈ 4.1 یا اس سے آگے کے آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے فونز کی ضرورت ہوگی۔

    تاہم یکم نومبر سے پرانے آئی فونز اور اینڈرائیڈ فونز پر سپورٹ ختم ہونے سے صارفین فوری طور پر واٹس ایپ سے محروم نہیں ہوں گے، وہ کچھ فیچرز استعمال کر سکیں گے، مگر وہ ڈیوائسز کو واٹس ایپ ویب سے کنکٹ نہیں کر سکیں گے۔

  • ونڈوز کا نیا ورژن متعارف کروانے کی تیاری

    ونڈوز کا نیا ورژن متعارف کروانے کی تیاری

    دنیا کے مقبول ترین آپریٹنگ سسٹم ونڈوز کا نیا ورژن سامنے آنے کو ہے، یہ کمپنی کی جانب سے ایک دہائی کے دوران ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ ہوگی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا نے کہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایک دہائی کے دوران ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

    انہوں نے ایک ارب 30 کروڑ سے زائد افراد کی ڈیوائسز پر کام کرنے والے آپریٹنگ سسٹم کے نئے ورژن کو متعارف کرانے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کے نئے ورژن کو بہت جلد متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

    سی ای او کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ چند ماہ سے اسے استعمال کررہا ہوں اور میں نئی نسل کے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے حوالے سے بہت زیادہ پرجوش ہوں۔

    ونڈوز کے نئے ورژن کے بارے میں کچھ زیادہ معلومات نہیں مگر افواہوں کے مطابق نئے ورژن کا کوڈ نام کوبلٹ رکھا گیا ہے جو آپریٹنگ سسٹم کے ڈیزائن کو جدید بنائے گا۔

    مائیکرو سافٹ کی جانب سے آخری بار 2015 میں ونڈوز 10 کی شکل میں نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا تھا جس نے ونڈوز 8.1 کی جگہ لی تھی۔

    ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ نیا آپریٹنگ سسٹم کب تک متعارف کروایا جائے گا مگر مختلف رپورٹس کے مطابق 2021 کے آخر تک اس کی ابتدائی شکل جاری ہوسکتی ہے۔

  • ہواوے کے صارفین کے لیے اہم اعلان

    ہواوے کے صارفین کے لیے اہم اعلان

    ٹیلی کمیونیکیشنز ایکوپمنٹ کمپنی ہواوے نے اپنے فونز میں آپریٹنگ سسٹم ہارمونی او ایس کو جگہ دینے کا اعلان کردیا ہے، ہواوے نے یہ آپریٹنگ سسٹم سنہ 2019 میں متعارف کروایا تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ہواوے کے کنزیومر بزنس گروپ کے صدر ڈاکٹر وانگ چینگ لو نے تصدیق کی ہے کہ جون 2021 سے متعدد ڈیوائسز ہارمونی او ایس 2.0 پر منتقل ہوجائیں گی۔

    چین میں ایک ایونٹ کے دوران انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سنہ 2021 کے آخر تک 30 کروڑ اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس اور دیگر انٹرنیٹ آف تھنگز ڈیوائسز میں ہارمونی او ایس موجود ہوگا۔

    یاد رہے کہ مئی 2019 میں امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ہواوے کو گوگل ایپس اور سروسز تک رسائی حاصل نہیں رہی تھی۔ اس کے بعد کمپنی نے 2019 میں اپنے آپریٹنگ سسٹم ہارمونی او ایس متعارف کرایا تھا مگر اسے اب تک اسمارٹ فونز کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

    خیال کیا جارہا ہے کہ پی 50 سیریز کے فلیگ شپ ہواوے کے اولین فونز ہوسکتے ہیں جن میں اینڈرائیڈ کی جگہ ہارمونی او ایس پری انسٹال ہوگا۔

    یہ فونز پہلے مارچ میں متعارف کروائے جانے تھے مگر اب اس نئے اعلان سے عندیہ ملتا ہے کہ پی 50 سیریز کے فونز جون میں پیش کیے جائیں گے۔

    اس سے قبل مختلف رپورٹس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ ہواوے کے ای ایم یو آئی پر کام کرنے والی ڈیوائسز کو ہارمونی او ایس 2.0 پر سوئچ کیا جائے گا۔ تاہم اب ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن کے مطابق صرف کیرین پراسیسر والے فونز ہی نئے آپریٹنگ سسٹم پر سوئچ ہوں گے۔

  • گاڑی کی چابی بھی آئی فون کا حصہ بن گئی

    گاڑی کی چابی بھی آئی فون کا حصہ بن گئی

    کیلی فورنیا: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے آپریٹنگ سسٹم کا نیا ورژن آئی او ایس 14 لانچ کردیا جس میں متعدد نئے فیچرز شامل ہیں، انہی میں ایک فیچر کار کی چابی کا بھی ہے۔

    ایپل ٹیم کی آن لائن منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس میں آئی او ایس 14 سمیت نئے فیچرز کے اجرا کا اعلان کیا گیا۔ انہی میں سے ایک فیچر کار کی (چابی) کا بھی ہے۔

    وائر لیس کار کی چابی کے اس فیچر کے ذریعے کار کو لاک، ان لاک اور اسٹارٹ کیا جاسکے گا، کار کی کا یہ فیچر اگلے سال آنے والی بی ایم ڈبلیو 5 سیریز کے ساتھ استعمال کیا جاسکے گا۔

    اس چابی کو دوستوں کے ساتھ بھی شیئر کیا جاسکے گا لیکن اس کے لیے مذکورہ شخص کا پروفائل بنانا ہوگا، ساتھ ہی ایک محدود مدت بھی طے کی جاسکے گی کہ مذکورہ شخص کب تک اس چابی کو استعمال کرسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ آئی فونز کے آپریٹنگ سسٹم کے نئے ورژن میں کئی ظاہری تبدیلیوں کے علاوہ نئے فیچرز بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔

    اس میں زبانوں کو ترجمہ کرنے والی نئی ایپ بھی پیش کی گئی ہے جس میں انگریزی، عربی، جرمن، منڈارین، فرنچ، اطالوی، ہسپانوی، کورین، جاپانی، روسی اور پرتگالی زبان کا ترجمہ کیا جا سکے گا۔