Tag: آکسفورڈ شائر

  • ویڈیو: آسمانی بجلی گرنے سے آکسفورڈ میں بائیو گیس ٹینک پھٹنے کے بعد ہولناک منظر

    ویڈیو: آسمانی بجلی گرنے سے آکسفورڈ میں بائیو گیس ٹینک پھٹنے کے بعد ہولناک منظر

    لندن: برطانیہ میں آکسفورڈ شائر کے ویسٹ پلانٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے بائیو گیس ٹینک ہولناک دھماکے سے پھٹ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ری سائیکلنگ پلانٹ میں زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، آکسفورڈ شائرمیں رات کے وقت لگنے والی آگ نے آسمان کو روشن کر دیا۔

    آسمانی بجلی گرنے سے بائیو گیس ٹینک پھٹ گیا تھا جس سے پورا علاقہ دھماکوں سے گونج اٹھا، اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، لوگوں نے آگ کا گولہ فضا میں دور سے بلند ہوتے دیکھا۔

    دھماکے کے بعد ایک ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی، وٹنی، بریڈفورڈ، چپنگ مارٹن اور ملٹن انڈروائچووڈ کے علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

    متاثرہ پلانٹ ضائع شدہ خوراک کو بائیو گیس میں تبدیل کرنے کا کام کرتا تھا، اور سالانہ 50 ہزار ٹن سے زیادہ ٹھوس اور مائع ویسٹ کو پروسس کرتا ہے۔

    پلانٹ کے ترجمان نے بتایا کہ آکسفورڈ شائر کے قریب یارنٹن میں واقع کیسنگٹن پلانٹ میں ایک ڈائجسٹر ٹینک پر آسمانی بجلی گر گئی تھی، جس سے اس کے بائیو گیس ٹینک میں دھماکا ہوا، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

  • آکسفورڈ شائر میں بھی ٹیئر 4 کے نفاذ کا اعلان

    آکسفورڈ شائر میں بھی ٹیئر 4 کے نفاذ کا اعلان

    آکسفورڈ: برطانیہ کی کاؤنٹی آکسفورڈ شائر میں بھی ٹیئر 4 کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا، سیکریٹری ہیلتھ نے شہریوں کو کرسمس پر محتاط رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانیہ کی کاؤنٹی آکسفورڈ شائر میں بھی ٹیئر 4 فور کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا، ٹیئر 4 باکسنگ ڈے ہفتہ سے شروع ہوگا۔

    سیکریٹری ہیلتھ کے مطابق کرونا وائرس بہت تیزی سے پھل رہا ہے اور اس کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں، سیکریٹری ہیلتھ نے شہریوں کو کرسمس پر محتاط رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔

    سیکریٹری کا کہنا ہے کہ حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد لندن اور جنوبی انگلینڈ میں ٹیئر 4 کی سخت پابندیاں لاگو ہو چکی ہیں جن کے تحت لوگوں کے اپنے اپنے علاقوں سے باہر نکلنے پر پابندی ہے۔

    اس کے علاوہ ٹیئر 4 سے نیچے کے ٹیئر کے کسی بھی علاقے سے ٹیئر 4 علاقوں میں داخلے پر پابندی ہے۔

    دوسری جانب ویلز اس وقت مکمل طور پر لاک ڈاؤن کی زد میں ہے جبکہ اسکاٹ لینڈ میں 26 دسمبر کی شب لاک ڈاؤن لاگو کر دیا جائے گا۔

    اب تک یورپ میں فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، ڈنمارک، بیلجیئم، آسٹریا، بلغاریہ اور جمہوریہ آئر لینڈ نے برطانیہ آنے جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس کے علاوہ کینیڈا، ترکی، ہانگ کانگ، ایران، اسرائیل، کویت اور مراکش سمیت چند جنوبی امریکی ممالک نے بھی برطانیہ آنے جانے والی پروازوں پر پابندیاں لگا دی ہیں۔