Tag: آکسیجن سلنڈر

  • خاتون کو اسپتال لے جانے والی ایمبولینس کا آکسیجن سلنڈر پھٹ گیا، ویڈیو وائرل

    خاتون کو اسپتال لے جانے والی ایمبولینس کا آکسیجن سلنڈر پھٹ گیا، ویڈیو وائرل

    بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع جلگاؤں میں ایک حاملہ خاتون کو اسپتال منتقل کرنے کے دوران ایمبولینس کا آکسیجن سلنڈر پھٹ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایمبولینس میں آگ لگی ہوئی ہے اور شعلے کئی فٹ بلندی تک بلند ہورہے ہیں۔

    آکسیجن سلنڈر پھٹنے کا دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریب کے کچھ گھروں کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔

    حادثے سے قبل ایمبولینس ڈرائیور نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انجن سے دھواں نکلتے دیکھا تو فوری طور پر ایمبولینس روک دی اور گاڑی سے اتر کر دور چلا گیا۔

    ڈرائیور نے حاملہ خاتون اور تیمارداروں کو بھی فوری طور پر ایمبولینس سے نیچے اتار دیا تھا، جیسے ہی تمام افراد ایمبولینس سے دور ہوئے آکسیجن سلنڈر دھماکے سے پھٹ پڑا۔ بروقت ایمبولینس سے اترنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    اس سے قبل بھارت میں حیدرآباد کے پرانے شہر میں بے رحم شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو آگ لگادی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنڈلہ گوڑہ ہاشم آباد کے فیاض قریشی (25) سال اور قمر بیگم (23) کی شادی کو چند سال ہی ہوئے تھے۔

    شوہر اپنی بیوی پر شک کرتا تھا، جس کے باعث اکثر دونوں میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز دونوں کے درمیان اسی بات پر لڑائی ہوئی، شوہر نے طیش میں آکر خنجر سے بیوی کو قتل کردیا اس کے بعد پیٹرول چھڑک کر لاش کو بھی جلا ڈالا۔

    یوکرین نے ملک بھر میں فضائی حملوں کا الرٹ جاری کر دیا

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

  • 83 سالہ شخص آکسیجن سلنڈر پہن کر کرکٹ کھیلنے لگا

    83 سالہ شخص آکسیجن سلنڈر پہن کر کرکٹ کھیلنے لگا

    کرکٹ کی تاریخ کے دوران کرکٹرز نے ناقابل یقین لگن کا مظاہرہ کیا ہے، اور قابل ذکر کارنامے انجام دیے لیکن اس کھیل سے عقیدت کی ایسی بھی کہانیاں جڑی ہیں جو شائقین کو بالکل حیران کر دیتی ہیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسے ہی ایک غیر معمولی واقعے سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک معمر کرکٹر کو اپنی پیٹھ پر آکسیجن سلنڈر اٹھائے کھیل کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    اگرچہ کرکٹ سے جنون نئی بات نہیں لیکن بیماری میں کرکٹ کھیلنا بلاشبہ ایک بالکل نئی بات ہے، اسکاٹ لینڈ میں 83 سالہ بزرگ ایلکس اسٹیل بیمار ہونے کے باجود کلب میچ کھیلنے گراؤنڈ پہنچ جاتے ہیں۔

    اسکاٹ لینڈ کے کرکٹر ایلکس سٹیل کے لیے کرکٹ زندگی گزارنے کا ایک طریقہ ہے، انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں 1967 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے 83 سالہ بوڑھے کو حال ہی میں کلب کی سطح پر کھیلتے ہوئے اپنی کمر پر آکسیجن سلنڈر کے ساتھ اسٹمپ کے پیچھے دیکھا گیا۔

    ایلکس اسٹیل نے آکسیجن سلنڈر پہن کر وکٹ کیپنگ کی، میچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’کچھ لوگ بوڑھا ہونے پر کرکٹ چھوڑ دیتے ہیں، اور لیجنڈز بوڑھا ہونا روک دیتے ہیں جب وہ کرکٹ کھیلتے ہیں۔‘

    ویڈیو دیکھنے کے بعد صارفین بزرگ شہری کی خوب تعریف کررہے ہیں اوران کا مزید حوصلہ بھی بڑھا رہے ہیں۔ دراصل ایلکس اسٹیل سانس کے انفیکشن میں مبتلا ہیں، ان کی زندگی میں تب ایک اہم موڑ آیا تھا جب انھیں 2020 میں ایڈیوپیتھک پلمونری فائبروسس نامی بیماری کی تشخیص ہوئی۔

    ڈاکٹروں نے ان سے کہا تھا کہ ان کی زندگی اب ایک سے پانچ سال تک رہ گئی ہے، اس سے زیادہ وہ جی نہیں پائیں گے، لیکن ایلکس نے اپنا جذبہ جوان رکھا ہے اور تشخیص کے تین سال بعد بھی کلب کرکٹ میں آکسیجن سلنڈر کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔

  • بھارت: کرونا مریض کے ساتھ رونگٹے کھڑے کر دینے والا واقعہ

    بھارت: کرونا مریض کے ساتھ رونگٹے کھڑے کر دینے والا واقعہ

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اتر پردیش میں کرونا کے پھیلاؤ کی صورت حال بد تر ہو گئی ہے، اسپتال مریضوں سے بھر گئے، کرونا میں مبتلا ایک معمر مریض آکسیجن سلنڈر کے ساتھ ایک سے دوسرے اسپتال جاتا رہا لیکن کوئی جگہ نہ ملی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر لکھنؤ میں رونگٹے کھڑے کر دینے والا واقعہ پیش آیا، ایک بیٹا کرونا انفیکشن سے متاثرہ 70 سالہ والد کو آکسیجن سلنڈر کے ساتھ لیے اسپتال اسپتال پھرتا رہا لیکن انھیں کسی اسپتال نے داخل نہیں کیا۔

    رپورٹس کے مطابق کسی اسپتال میں جگہ نہ ملنے کے بعد علی گنج کے رہائشی سشیل کمار کو ان کا بیٹا واپس گھر لے آیا، جہاں وہ خود والد کی تیمار داری کر رہا ہے۔

    سشیل کمار ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے بھی مریض ہیں، بدھ کو انھیں اچانک سانس لینے میں مشکل پیش آنے لگی، مقامی اسپتال لے جائے جانے پر ڈاکٹرز نے کرونا ٹیسٹ کے بغیر انھیں دیکھنے سے انکار کر دیا، جب کہ ان کا آکسیجن لیول گر رہا تھا، جب ٹیسٹ ہوا تو وہ کرونا پازیٹو نکلے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جس اسپتال میں مریض کا ریگولر علاج ہو رہا تھا، اس نے بزرگ شہری کو داخل کرنے سے انکار کردیا کہ کوئی بستر خالی نہیں ہے، جس پر بیٹا آکسیجن سلنڈر کار میں رکھ کر انھیں شہر کے دیگر اسپتالوں پر گھمانے لگا، لیکن کہیں جگہ نہ ملی۔

    سشیل کمارے کے بیٹے نے فون پر بھی کئی ڈاکٹرز سے منتیں کیں لیکن کوئی مدد نہ ملی، والد کو اسپتال در اسپتال گھمانے کے دوران آکسیجن سلنڈر بھی ختم ہونے لگا، جس پر اسے ایک آکسیجن سینٹر سے مہنگے داموں آکسیجن سلنڈر بھی خریدنا پڑا۔

    کرونا مریض کے بیٹے اشیش کا کہنا تھا کہ وہ اب گھر پر ہی والد کی دیکھ بھال کر رہا ہے، اور اس واقعے نے ان کی پوری فیملی کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔