Tag: آگاہی

  • پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں: ماہرین

    پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں: ماہرین

    کراچی: طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں، سائیکو تھراپی سے خودکشی کی سوچ کو روکا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال میں ڈپارٹمنٹ آف سائیکیٹری اور پاکستان سائیکیٹری سوسائٹی کے تحت خودکشی سے بچاؤ کا عالمی دن منایا گیا، اس موقع پر منعقدہ سیمینار میں خودکشی اور ذہنی صحت سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔

    سیمینار میں ماہرین نے شرکا کو بتایا کہ محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان میں خودکشی سے مرنے والوں کا باقاعدہ ڈیٹا موجود نہیں ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ 20 سے 29 سال کے افراد میں خودکشی کا رجحان زیادہ ہوتا ہے، سائیکو تھراپی سے خودکشی کی سوچ کو روکا جاسکتا ہے۔ کرونا وائرس سے لوگوں کے مرنے پر شور مچایا گیا تاہم خودکشی بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔

    ماہرین نے کہا کہ خودکشی مخالف شعور کو فروغ دینا چاہیئے۔

    سیمینار میں ماہرین نے ذہنی صحت پر مختلف سرگرمیوں کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پب جی گیم براہ راست کسی شخص کے رویے کو متاثر کرتا ہے، علاوہ ازیں 2 گھنٹے سے زائد اسکرین ٹائم بھی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

  • کرونا وائرس سے متعلق آگاہی کے لیے علمائےکرام ہی مؤثرکردار ادا کرسکتے ہیں،وزیراعظم

    کرونا وائرس سے متعلق آگاہی کے لیے علمائےکرام ہی مؤثرکردار ادا کرسکتے ہیں،وزیراعظم

    اسلام آبا: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متعلق آگاہی کے لیے علمائےکرام ہی مؤثرکردار ادا کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کرونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو کونسل کی سفارشات سے آگاہ کر دیاگیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ علما مساجد سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کریں، آگاہی کے لیے علمائے کرام ہی مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں ہر کسی کوذمہ داری ادا کرنا ہوگی، حکومت کرونا کے تدارک کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر آفت سے مقابلہ ہمیشہ بے مثال رہا ہے، موجودہ صورت حال قومی یکجہتی کا تقاضا کرتی ہے۔

    پاکستان کرونا وائرس کی دلدل میں پھنس گیا تو مشکل صورتحال ہوگی، وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرونا وائرس کی دلدل میں پھنس گیا تو مشکل صورت حال ہوگی ، ہمارے پاس صحت کی سہولیات نہیں ہیں ، نازک صورت حال کا سامنا کرنے والے ہمارے جیسے ممالک کو قرض معافی جیسی سہولت فراہم ہونی چاہیے۔

  • کینسر کا عالمی دن: پاکستان میں کینسر کی شرح میں تشویشناک اضافہ

    کینسر کا عالمی دن: پاکستان میں کینسر کی شرح میں تشویشناک اضافہ

    آج دنیا بھر میں کینسر سے آگاہی کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کا مقصد لوگوں کو اس مرض کے خطرات سے آگاہ کرنا اور اس کی روک تھام اور علاج کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔

    کینسر کے خلاف آگاہی کا عالمی دن منانے کا آغاز یونین فار انٹرنیشنل کینسر کنٹرول نے سنہ 2005 میں کیا تھا۔ عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں میں سے ہر آٹھویں ہلاکت کی وجہ کینسر ہے۔

    دنیا بھر میں ہر سال اندازاً 1 کروڑ سے زائد افراد مختلف اقسام کے کینسر کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ یہ تعداد ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کی وجہ سے ہونے والی مشترکہ اموات سے بھی زائد ہے۔

    یو آئی سی سی کے مطابق سنہ 2030 تک دنیا بھر میں 3 کروڑ سے زائد افراد کینسر کا شکار ہوں گے۔

    پاکستان کینسر کا شکار افراد کے حوالے سے ایشیا کا سرفہرست ملک ہے۔ پاکستان میں کینسر سے جاں بحق ہونے والے افراد کی شرح بہت زیادہ ہے اور اس میں بھی سب سے زیادہ تعداد سینے کے سرطان سے متاثرہ مریضوں کی ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ہر سال چالیس ہزار سے زائد مریض بریسٹ کینسر کے سبب جاں بحق ہوتے ہیں۔

    کینسر کی بے شمار وجوہات ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس کی بنیادی وجہ جینز میں رونما ہونے والے تغیرات ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ غذا میں پائے جانے والے چند عناصر مثلاً ذخیرہ شدہ اجناس میں پائے جانے والے افلاٹوکسن، تابکار اثرات، الیکٹرو میگنیٹک شعاعیں، وائرل انفیکشنز، فضائی، آبی اور غذائی آلودگی، فوڈ کیمیکلز مثلاً کھانے کے رنگ، جینیاتی طور پر تبدیل کی جانے والی غذائیں، سگریٹ نوشی، شیشہ کا نشہ، زہریلا دھواں اور زرعی ادویات وغیرہ کینسر کا سبب بن سکتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق غیر متحرک طرز زندگی گزارنا بھی کینسر کی وجوہات میں سے ایک ہے۔ 30 سال سے کم عمری میں بچوں کی پیدائش اور بچوں کو طویل عرصہ تک اپنا دودھ پلا کر خواتین بریسٹ کینسر کے خطرے میں کمی کر سکتی ہیں۔

  • گھریلو تشدد سے ہلاک خواتین کی یاد میں انوکھا اقدام

    گھریلو تشدد سے ہلاک خواتین کی یاد میں انوکھا اقدام

    انقرہ: ترکی میں گھریلو تشدد کے باعث ہلاک ہونے والی خواتین کی یاد میں سڑک پر ایک منفرد ڈسپلے رکھا گیا جس نے گزرنے والوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔

    ترکی کے شہر استنبول میں ایک سڑک پر جوتوں کی دیوار بنا دی گئی، دیوار پر سجائے گئے جوتوں کے 440 جوڑے، ان 440 خواتین کی یاد میں رکھے گئے جو سنہ 2018 میں اپنے گھر والوں کے ہاتھوں ہلاک ہوئیں۔

    یہ ڈسپلے ایک ترک فنکار وحیت تونا نے کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ڈسپلے کا مقصد یہ ہے کہ سڑک پر سے گزرتے لوگ رک کر اس دیوار کو دیکھیں اور خواتین پر ہونے والے تشدد کے بارے میں سوچیں۔

    ترکی میں تقریباً 38 فیصد خواتین گھریلو تشدد کا شکار ہیں اور ان میں 15 سے لے کر 59 سال تک کی ہر عمر کی عورت شامل ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق سنہ 2018 میں 440 خواتین گھریلو تشدد سے ہلاک ہوئیں، اور رواں برس یہ تعداد بڑھ گئی۔ سنہ 2019 کے صرف پہلے 6 ماہ میں گھریلو تشدد سے مرنے والی خواتین کی تعداد 214 رہی۔

    رواں برس کے آغاز میں اس وقت پورے ملک میں ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوا جب ایک خاتون کے سابق شوہر نے بیٹی کے سامنے انہیں قتل کردیا تھا، اس وقت ہزاروں خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور ملک میں گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے مظاہرے کیے۔

    38 سالہ خاتون کے مرنے سے قبل آخری الفاظ تھے، ’میں مرنا نہیں چاہتی‘۔

    ترک فنکار کو امید ہے کہ ان کا یہ عمل ان آگاہی کی کوششوں کا ایک فائدہ مند حصہ ثابت ہوگا جو ملک بھر میں خواتین پر تشدد کے خلاف کی جارہی ہیں۔

  • نفسیات کو متاثر کرنے والی اعصابی بیماری آٹزم سے آگاہی کا عالمی دن

    نفسیات کو متاثر کرنے والی اعصابی بیماری آٹزم سے آگاہی کا عالمی دن

    آج دنیا بھر میں اعصابی بیماری آٹزم سے آگاہی کا دن منایا جاتا ہے۔ آٹزم سے متاثرہ بچوں میں بولنے، سمجھنے، سیکھنے کی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں۔ تاحال اس مرض کا علاج یا اس کے اسباب دریافت نہیں کیے جاسکے ہیں۔

    آٹزم کا شکار ہونے والے افراد کسی اہم موضوع یا بحث میں کسی خاص نکتے پر اپنی توجہ مرکوز نہیں کر پاتے اور اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کرنے میں بھی مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، حتیٰ کہ انہیں دوسروں کے جذبات سمجھنے میں بھی دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق آٹزم کا شکار افراد کو بات چیت کرنے، زبان سمجھنے اور استعمال کرنے میں دشواری، لوگوں کے ساتھ سماجی تعلقات استوار کرنے اور اپنے رویے اور تخیلات کو استعمال کرنے میں دشواری پیش آسکتی ہے۔

    امریکا کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں اسکول جانے والے 59 میں سے ایک بچہ آٹزم میں مبتلا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک تحقیق سے پتہ چلا کہ وہ افراد جو 50 سال کی عمر مں باپ بنے ان کی آنے والی نسلوں میں آٹزم کا خطرہ بڑھ گیا، ایسے افراد کی اولاد نارمل ہوتی ہے تاہم اولاد کی اولاد آٹزم کا شکار ہوسکتی ہے۔

    تاحال اس مرض کے حتمی نتائج اور اس کا علاج دریافت نہیں کیا جاسکا۔ آٹزم کا شکار افراد دوسروں سے الگ تھلگ رہنا اور اکیلے رہنا پسند کرتے ہیں تاہم کچھ افراد کو دوسروں کے تعاون کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ اکیلے اپنی زندگی نہیں گزار سکتے۔

  • بالی وڈ اداکار ارجن کپور ٹریفک قوانین سے آگہی کے لیے مہم میں شامل

    بالی وڈ اداکار ارجن کپور ٹریفک قوانین سے آگہی کے لیے مہم میں شامل

    نئی دہلی: بالی وڈ اداکار ارجن کپور اپنی شہرت کو سماجی کاموں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اسپیشل ٹریفک پولیس کے ساتھ شہریوں میں ٹریفک قوانین سے آگہی کے لیے ایک مہم میں شرکت کی۔

    اس مہم میں ان کے ساتھ مشہور رائٹر چیتن بھگت بھی شریک تھے۔

    ارجن نے پولیس کے ساتھ مل کر شہریوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں معلومات دیں۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کا خیال رکھیں اور ہیلمٹ، سیٹ بیلٹس کا استعمال کریں تاکہ ان کی اپنی زندگی کو کوئی خطرہ نہ ہو۔

    اس موقع پر ارجن نے اپنے مداحوں سے گفتگو کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

    واضح رہے کہ ارجن کپور آج کل فلم ’ہاف گرل فرینڈ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے رائٹر چیتن بھگت ہیں۔