Tag: آگاہی مہم

  • نہ سفارش، نہ بحث، کراچی میں ای چالان کا آغاز کب سے ہوگا ؟

    نہ سفارش، نہ بحث، کراچی میں ای چالان کا آغاز کب سے ہوگا ؟

    کراچی: نہ سفارش، نہ بحث، اب چالان ہوگا ثبوت کیساتھ، ٹریفک پولیس کی جانب سے آگاہی مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک اور آؤٹ ڈورایڈور ٹائزرزکے درمیان ملاقات ہوئی، آؤٹ ڈور ایڈور ٹائزرز نے ٹریفک پولیس سے تعاون کا اعلان کردیا۔

    100سے زائد مقامات پر ٹریفک آگاہی اشتہارات چلائے جائیں گے، اسٹریمرز اور سائن بورڈز پر ٹریفک قوانین کا مواد جاری کیا جائے گا۔ ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے شہریوں کو آگاہی دی جائے گی۔

    شہر قائد میں جلد ای چالان کا آغاز کیا جا رہا ہے، فیس لیس سسٹم کے تحت خلاف ورزی پر خود کار چالان جاری ہوگا۔ چالان ڈاک کے ذریعے شہری کے گھر پہنچے گا۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق چالان کی معلومات ٹریفک پولیس ایپ سے بھی حاصل کی جا سکے گی، شہری زحمت سے بچنے کیلئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔

    دوسری جانب سیف سٹی بہاولپور نے ٹریفک نظم و ضبط کو مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلیے 25 جولائی 2025 سے ای چالان نظام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

    جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں خودکار طریقے سے ای چالان جاری کریں گے جس سے قانون نافذ کرنے کے عمل میں شفافیت اور تیزی ممکن ہو سکے گی۔

    ٹریفک پولیس نے متعدد ٹریفک اہلکاروں کے چالان کر دیے

    بہاولپور میں ای چالان کا یہ نظام انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (ITMS) کے تحت فعال کیا گیا ہے جو نہ صرف ٹریفک کی مؤثر نگرانی کرتا ہے بلکہ ڈیفالٹر گاڑیوں پر بھی کڑی نظر رکھتا ہے۔

    جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے مزین یہ نظام ٹریفک پولیس بہاولپور کیلیے ایک مؤثر معاون ثابت ہوگا اور شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو منظم رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ٹریفک آگاہی پیدا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

  • دبئی پولیس کی رمضان کے آغاز پر گداگری کیخلاف آگاہی مہم

    دبئی پولیس کی رمضان کے آغاز پر گداگری کیخلاف آگاہی مہم

    دبئی پولیس نے رمضان المبارک کے آغاز پر ”عقلمندی سے عطیہ دیں ” کے عنوان سے ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کا مقصد عوام کو پیشہ ور گداگروں کے دھوکے سے بچانا اور مستحق افراد کی صحیح طریقے سے مدد کو یقینی بنانا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سڑکوں، مساجد اور عوامی مقامات کے قریب گھومنے والے گداگروں کی جھوٹی کہانیوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔

    دبئی پولیس کے مطابق یہ پیشہ ور گداگر لوگوں کی ہمدردی کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں اور ان کے عطیات کو غلط استعمال کرتے ہیں۔

    پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عطیات صرف مستند فلاحی اداروں کو دیں اور گداگری کی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

    پولیس کے مطابق ذمہ داری سے عطیات دینے سے نہ صرف کمیونٹی محفوظ رہے گی بلکہ اصل مستحق افراد کو ان کا حق مل سکے گا۔

    دوسری جانب دبئی نے ویزا سروسز میں آسانی، رہائش اور دیگر سروسز کے لیے‘سلاما’AI پلیٹ فارم کا آغاز کر دیا۔

    دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) نے ایک نئے مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم‘سلاما’کی نقاب کشائی کی ہے جس کا مقصد سرکاری خدمات کی کارکردگی کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر کے آسان بنانا ہے۔

    پلیٹ فارم کی خدمات کا مقصد افراد کے لیے رہائش کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

    اس کی خصوصیات میں سے ”سلاما”صارفین کو رہائشی اجازت ناموں کی تجدید یا منسوخی، ویزہ سے متعلق پوچھ گچھ کے فوری جوابات حاصل کرنے، اور متعدد سسٹمز پر تشریف لائے بغیر یا سروس سینٹرز کا دورہ کیے بغیر لین دین مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    اسرائیلی جیلوں سے مزید 46 فلسطینی رہا

    یہ اضافہ پلیٹ فارم کو ایک انتہائی موثر اور صارف دوست ٹول بناتا ہے۔ ان کی خدمات کو مستقبل میں کمپنیوں کے لیے بڑھایا جائے گا۔

  • ہیٹ ویو: سندھ میں آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

    ہیٹ ویو: سندھ میں آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر برائے ماحولیات اور ساحلی ترقی اسماعیل راہو کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ بھر میں بڑھتی گرمی اور ہیٹ ویو سے متعلق آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں محکمے کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری حسن اقبال، ڈی جی سیپا نعیم احمد مغل اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں سندھ حکومت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بڑھتی گرمی اور ہیٹ ویو سے متعلق شہریوں میں آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا، صوبائی وزیر نے صنعتوں، فیکٹریوں، اسکولز اور بلدیات سمیت تمام اداروں کو کیمپس قائم کرنے کی ہدایت دے دی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شہری دوپہر کے وقت غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

    اجلاس میں ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملیر ایکسپر یس وے کو دی جانے والی ماحولیاتی منظوری کی تمام شرائط اور طریقہ کار پر عمل ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

    اجلاس میں ڈی جی سیپا نے مذکورہ منصوبے کے جائزے اور جانچ پڑتال پر تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی تعمیر کے بعد تقریباً 19 ہزار سے 33 ہزار تک گاڑیوں کا یومیہ بوجھ نئی تعمیر شدہ سڑک پر منتقل ہو جائے گا۔

    بریفنگ کے مطابق اس منصوبے کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی مجموعی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

  • طیاروں کو نقصان سے بچانے کے لیے سول ایوی ایشن کی آگاہی مہم

    طیاروں کو نقصان سے بچانے کے لیے سول ایوی ایشن کی آگاہی مہم

    کراچی: عید الاضحیٰ کے موقع پر آلائشیں پھینکے جانے کے پیش نظر سول ایوی ایشن نے آگاہی مہم شروع کردی، سی اے اے کا کہنا ہے کہ آلائشوں کے پڑے رہنے سے پرندوں کی آمد بڑھ جاتی ہے جس سے طیاروں کو نقصان کا خطرہ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے طیاروں اور ہوائی سفر کو پرندوں سے محفوظ بنانے کے لیے کوئٹہ، ملتان اور لاہور ایئر پورٹ پر آگاہی مہم شروع کردی۔

    سول ایوی ایشن کی جانب سے اہم شاہراہوں پر بینر آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ شہر میں پمفلٹ کی تقسیم بھی جاری ہے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کچرے کے باعث آنے والے پرندوں سے طیاروں کو نقصان نہ پہنچے، آلائشوں کے پڑے رہنے سے پرندوں کی آمد بڑھ جاتی ہے۔

    سی اے اے نے اپیل کی ہے کہ قومی اثاثوں اور فضائی سفر محفوظ بنانے کے لیے شہریوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، عید الاضحیٰ پر جانوروں کی باقیات اور کچرا مقررہ جگہوں پر ہی پھینکیں۔

    خیال رہے کہ ایئرپورٹ کے اطراف میں رہائشی آبادیوں میں کچرے کی وجہ سے پرندوں کا ایئر پورٹ پر آنا معمول بن گیا ہے، پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے طیاروں کو بے تحاشہ نقصان پہنچتا ہے جس کے بعد طیاروں کی مرمت پر خطیر رقم خرچ ہوتی ہے۔

    عید الضحیٰ کے موقع پر جگہ جگہ آلائشیں پھینکے جانے کے باعث بھی پرندوں کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

  • پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    اسلام آباد: ملک سے منشیات کے خاتمے کے لیے وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان اتفاق، پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم خان وزارت انسداد منشیات پہنچے جہاں وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان منشیات کے خلاف مشترکہ شعوری و آگاہی مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا، منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کیا جائے گا۔

    وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کرکٹ کی بحالی کے لیے وسیم خان کی جانب سے شروع کی گئی اسٹرکچرل ریفارمز اور جدید ماڈل پر لیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کرکٹ کی بحالی میں دور رس نتائج کا پیش خیمہ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے تدبر اور ان کی سوچ کے مطابق کرکٹ کو نئے عالمی اسٹرکچر پر مرتب کرنے پر وسیم خان سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    شہریار آفریدی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر احسان مانی اور وسیم خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب پاکستانی کرکٹ کو نئی زندگی ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کر کے منشیات کی طلب میں کمی کرنا اہم مشن ہے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے ساتھ مل کر قوم کے بچوں اور جوانوں کو منشیات کے استعمال کے برے اثرات سے آگاہ کریں گے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزارت انسداد منشیات کے ساتھ مل کر کام کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے فرائض کی ادائیگی میں پاکستان کرکٹ بورڈ، وزارت انسداد منشیات کے شانہ بشانہ کام کرے گا۔

  • ڈینگی سے متعلق آگاہی کے لیے مؤثرمہم چلائی جا رہی ہے، یاسمین راشد

    ڈینگی سے متعلق آگاہی کے لیے مؤثرمہم چلائی جا رہی ہے، یاسمین راشد

    لاہور: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد راولپنڈی میں ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں انسداد ڈینگی مہم کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈینگی مہم کی تمام ترسرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ڈینگی سےمتعلق آگاہی کے لیے مؤثر مہم چلائی جا رہی ہے۔

    صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد راولپنڈی میں ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈینگی پرقابوپانے کے لیے موثراقدامات کی ہدایت

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انسداد ڈینگی کے لیے وضع پلان پر100فیصد عمل یقینی بنایا جائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے سدباب کے لیے صوبے میں ادارے فعال کردار ادا کریں، کوتاہی جہاں نظر آئی وہاں پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    محکمہ صحت پنجاب کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی بخار کے مریض سامنے آنے لگے ہیں، سب سے زیادہ ڈینگی مریض اسلام آباد کے نواحی علاقے گلشن اقبال میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 100 ہے۔

  • آئی جی سندھ کلیم امام نے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا حکم دے دیا

    آئی جی سندھ کلیم امام نے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا حکم دے دیا

    کراچی: آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلےمیں کراچی کی 3 معروف سڑکوں کوماڈل روڈ بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام نے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا حکم دے دیا۔

    آئی جی سندھ کلیم امام نے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیرشیخ کوخط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں شہرکی 3 معروف سڑکوں کوماڈل روڈ بنایا جائے۔

    سید کلیم امام نے خط میں کہا کہ ماڈل سڑکیں شارع فیصل، آئی آئی چند ریگرروڈ اورمیٹروپول سے 2 تلوار تک بنائی جائیں، ماڈل سڑکوں پرقائم پٹرول پمپس پربھی کڑی نگاہ رکھی جائے۔

    آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام نے ہدایت کی کہ ہیلمٹ کے بغیرسفرکرنے والے موٹرسائیکل سواروں کوفیول فراہم نہ کیا جائے۔

    آئی جی سندھ نے ڈاکٹرامیرشیخ کو ہدایت کی کہ سڑکوں کی بندش کے لیے لگائے جانے والے کنٹینرز کے لیے ضابطہ اخلاق بنا دیا گیا، کنٹینرزپرزحمت کے لیے معذرت واضح طورپرلکھوایا جائے۔

    پولیس اہلکاروں نے ٹریفک قانون توڑا تو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، کراچی پولیس چیف


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی پولیس چیف امیرشیخ نے خبردار کیا تھا کہ پولیس اہلکار کو ہیلمٹ پہننا ہوگا اور لائسنس بھی ہمراہ رکھنا ہوگا، پولیس افسر نے ٹریفک قانون توڑا تو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • کانگو وائرس: علامات اور احتیاطی تدابیر

    کانگو وائرس: علامات اور احتیاطی تدابیر

    کراچی / لاہور / کوئٹہ: عید الاضحیٰ کی آمد قریب آتے ہی گانگو وائرس نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے، طبی ماہرین نے مویشی منڈی جانے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کانگو وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔

    تفصیلات کے مطابق عید قرباں کی منڈیاں سجتے ہی موذی مرض کانگو وائرس کے خطرات بھی بہت بڑھ گئے ہیں ایک طرف ڈاکٹرز نے مویشی منڈی جانے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مارکیٹ پہنچنے سے قبل اور وہاں گھومنے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    دوسری جانب صوبائی حکومتوں کو منڈی انتظامیہ کی جانب سے انسداد کانگو کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، صوبائی حکومتوں کی جانب سے آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے گئے جبکہ کانگو وائرس ختم کرنے کے لیے اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔

    کانگو وائرس کیا ہے؟

    کانگو وائرس کوئی نئی بیماری نہیں۔ پاکستان میں سال 2002 میں کانگو وائرس سے ایک لیڈی ڈاکٹر اور 4 بچوں سمیت 7 افراد لقمہ اجل بنے۔ یہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی وبائی بیماری ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق کانگو نامی کیڑا بھیڑ، بکری، گائے، بھینس اور اونٹ کی جلد پر پایا جاتا ہے جو جانور کی کھال سے چپک کر خون چوستا رہتا ہے۔ یہ کیڑا اگر انسان کو کاٹ لے یا متاثرہ جانور ذبح کرتے ہوئے انسان کو کٹ لگ جائے تو اس بات کے امکانات کافی حد تک بڑھ جاتے ہیں کہ یہ وائرس انسان میں منتقل ہوجائے۔

    اس کیڑے کے کاٹنے کے بعد وائرس انسانی جسم میں داخل ہوکر تیزی سے سرایت کرجاتا ہے جس کے باعث متاثرہ شخص پھیپھڑے متاثر ہوجاتے ہیں۔ بعد ازاں جگر اور گردے بھی کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور مریض موت کے منہ میں چلاجاتا ہے۔

    کانگو وائرس کی علامات:

    کانگو وائرس کا مریض تیز بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

    اسے سر درد، متلی، قے، بھوک میں کمی، نقاہت، کمزوری اور غنودگی، منہ میں چھالے، اور آنکھوں میں سوجن ہوجاتی ہے۔

    تیز بخار سے جسم میں سفید خلیوں کی تعداد انتہائی کم ہوجاتی ہے جس سے خون جمنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ متاثرہ شخص کے جسم کے مختلف حصوں سے خون نکلنے لگتا ہے، جگر اور گردے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور یوں مریض موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر مرض کا بروقت علاج کروا لیا جائے تو متاثرہ شخص دوبارہ صحت مند ہوسکتا ہے تاہم علاج کے لیے پابندی ضروری ہے۔

    احتیاطی تدابیر:

    کانگو سے بچاؤ اور اس پر قابو پانا تھوڑا مشکل ہے کیوں کہ جانوروں میں اس کی علامات بظاہر نظر نہیں آتیں تاہم ان میں چیچڑیوں کو ختم کرنے کے لیے کیمیائی ادویات کا اسپرے کیا جائے۔

    کانگو سے متاثرہ مریض سے ہاتھ نہ ملائیں۔

    مریض کی دیکھ بھال کرتے وقت دستانے پہنیں۔

    مریض کی عیادت کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں۔

    لمبی آستینوں والی اور ہلکے کپڑے کی قمیض پہنیں۔

    مویشی منڈی میں بچوں کو نہ لے کر جائیں۔

    مویشی منڈی میں موجود جانوروں کے فضلے سے اٹھنے والا تعفن بھی اس مرض میں مبتلا کر سکتا ہے لہٰذا اس سے بھی دور رہیں۔

    کپڑوں اور جلد پر چیچڑیوں سے بچاؤ کا لوشن لگائیں۔

    جانوروں کی خریداری کے لیے فل آستین کپڑے پہن کر جائیں کیونکہ بیمار جانوروں کی کھال اورمنہ سے مختلف اقسام کے حشرت الارض چپکے ہوئے ہوتے ہیں جن کے کاٹنے سے مختلف انسان مختلف امراض میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

    جانوروں کی نقل و حمل کے وقت دستانے اور دیگر حفاظتی لباس پہنیں۔ خصوصاً مذبح خانوں، قصائی اور گھر میں ذبیحہ کرنے والے افراد لازمی احتیاطی تدابیراختیار کریں۔

    مذبح خانوں میں جانوروں کے طبی معائنہ کے لیے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کا ہونا بہت ضروری ہے جو ایسے جانوروں کی نشاندہی کر سکیں۔

  • جعلی نوٹوں کیخلاف آگاہی مہم جلد شروع کی جائیگی،سعید احمد

    جعلی نوٹوں کیخلاف آگاہی مہم جلد شروع کی جائیگی،سعید احمد

    لاہور:اسٹیٹ بینک کے قائم مقام گورنر سعید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کا اسٹیٹ بنک سے قرضے لینے کا رجحان کم ہوا ہے، عالمی اداروں سے کم شرح سود پر قرض لے کر مہنگے مقامی قرضے اتارے جا رہے ہیں۔

    جعلی نوٹوں کیخلاف آگاہی مہم جلد شروع کی جائے گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام گورنر اسٹیٹ بنک سعید احمد کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کررہے ہیں جس سے جعلی اور بوسیدہ نوٹ ختم کئے جاسکیں، اس حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کا اسٹیٹ بنک سے قرضے لینے کا رحجان کم ہوا ہے، جس کی وجہ عالمی قرضوں کی شرح سود کم ہونا ہے، اب عالمی اداروں سے کم شرح سود پر قرض لے کر مہنگے مقامی قرضے اتارے جا رہے ہیں۔

    اس موقع پر پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے ایم ڈی مصباح تونیو نے کہا کہ پلاسٹک چپ والے ای پاسپورٹ متعارف کرائے جا رہے ہیں جس سے جعل سازی میں کمی آئی گی۔

    پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ پریس سے چھپنے والے بیلٹ پیپرز پر کوئی انگلی نہیں اٹھائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ہالوگرام کرنسی نوٹ متعارف کرائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرنسی نوٹ برطانیہ اور امریکہ سمیت کسی بھی ملک کے مقابلے میں معیار کے لحاظ سے کم نہیں ہیں۔