Tag: آگ

  • گوجرانوالہ: ریلوے اسٹیشن پر لگنے والی آگ 18 گھنٹے بعد بجھا دی گئی

    گوجرانوالہ: ریلوے اسٹیشن پر لگنے والی آگ 18 گھنٹے بعد بجھا دی گئی

    گوجرانوالہ: وزیر آباد ہری پور ریلوے اسٹیشن کے گودام میں لگنے والی آگ پر 18 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گوجرانوالہ میں وزیر آباد ہری پور ریلوے اسٹیشن کے لکڑی کے گودام میں آگ لگ گئی تھی، آگ کے شعلوں پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کو اٹھارہ گھنٹے لگے، گودام میں آگ گزشتہ روز صبح 5 بجے لگی تھی، ریسکیو کی 18 گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا۔

    اندھیرے کے باعث امدادی اداروں کو آگ بجھانے میں سخت مشکلات پیش آئیں، پاک فوج کے جوان بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ آگ وقفے وقفے سے دوبارہ بھڑک اٹھتی تھی جس کے باعث قابو پانے میں دیر لگی۔

    گودام میں لگنے والی آگ سے کروڑوں کی لکڑی جل گئی ہے، ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ آتش زدگی سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

    ریسکیو کا کہنا تھا کہ اندھیرے کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکل پیش آئی، بھڑکنے کے بعد آگ نے پورے گودام کو لپیٹ میں لے لیا، آگ پر قابو پائے جانے کے بعد اب کولنگ کا عمل کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ باغ کے قریب لنڈا بازار میں آگ لگ گئی تھی، جس کے باعث کروڑوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل کر راکھ ہو گئے تھے۔

  • جنگلات میں آتشزدگی: وزیر اعظم کی آسٹریلیا کو مدد کی پیشکش

    جنگلات میں آتشزدگی: وزیر اعظم کی آسٹریلیا کو مدد کی پیشکش

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم کو خط لکھا جس میں انہوں نے آسٹریلوی جنگلات میں لگنے والی آگ سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مدد کی پیشکش کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے خط میں پیشکش کی کہ پاکستان آسٹریلیا کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے، حکومت اور عوام کی جانب سے آسٹریلوی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ آسٹریلوی عوام مشکل پر قابو پالیں گے۔ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے بار بار آگاہ کر رہا ہوں۔ کلائمٹ چینج کے چیلنج کا مقابلہ کوئی ایک ملک نہیں کر سکتا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ یہ بحران ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا مل کر مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

    خیال رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں کچھ عرصہ قبل لگنے والی آگ نے 1 لاکھ اسکوائر کلو میٹر رقبے پر پھیلے جنگلات کو جلا کر راکھ کردیا۔

    المناک آفت میں اب تک 28 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ جنگلات میں رہنے والے 50 کروڑ کے قریب جانور بھی موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔

  • گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

    تفصیلات کے مطابق دلدوز حادثہ گجرات کے علاقے کوٹلہ میں پیش آیا، ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آگ اتنی شدید اور اچانک تھی کہ اہلخانہ کو بچاؤ کا موقع نہ مل سکا۔ اہل علاقہ نے گھر سے دھواں اٹھتے دیکھا تو مرکزی دروازہ توڑ کر گھر والوں کی مدد کرنے کی کوشش کی۔

    حادثے میں 3 خواتین اور 3 مرد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں اہلخانہ کے حوالے کردی جائیں گی۔

    جاں بحق ہونے والوں میں ماں نسیم بی بی، بیٹا کاشف اور فیصل اور 3 بیٹیاں طیب، ضوبیہ اور مدیحہ شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی چلتی گاڑی میں آتشزدگی کے واقعے میں 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

    مذکورہ واقعہ کراچی میں دو منٹ چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں گاڑی اور رکشے میں ٹکر کے بعد آگ لگی، حادثے میں گاڑی میں سوار میاں بیوی 4 بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

  • بچوں کو آگ سے بچانا ماں کا جرم بن گیا

    بچوں کو آگ سے بچانا ماں کا جرم بن گیا

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا میں گھر میں لگنے والی آگ سے ملک کے سابق سربراہان کی تصاویر کو بچانے کی بجائے بچوں کو بچانا ماں کا جرم بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے علاقے اونسوگ میں ماں کو اپنے بچوں کو گھر میں لگنے والی آگ سے بچانے پر جیل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    شمالی کوریا کے قانون کے مطابق ہر گھر کی دیوار پر ماضی کے رہنماؤں کی تصاویر لگانا ضروری ہے اور ان کی برحرمتی کرنا سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔

    مقامی اخبار کے مطابق خاتون کو جرم ثابت ہونے پر سخت مشقت کے ساتھ طویل قید کی سزا کرنا پڑے گا، تفتیش کے دوران خاتون نہ ہی اپنے بچوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جاسکتی ہے اور نہ ہی ان کے لیے دوائی لے سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ 2015 میں ایک انٹرویو کے دوران جون یو سانگ نے بتایا تھا کہ شمالی کوریائی باشندوں نے کیسے آگ اور سیلاب سے اپنے رہنماؤں کی تصاویر کو بچایا اور اس عمل میں کئی شہریوں نے اپنی جان بھی گنوا دی۔

  • کراچی: گاڑی میں آگ لگ گئی، 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    کراچی: گاڑی میں آگ لگ گئی، 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    کراچی: شہرقائد کے علاقے 2 منٹ چورنگی کے قریب گاڑی میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر جاں بحق اور5 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے دو مختلف علاقوں میں گاڑی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ دو منٹ چورنگی کے قریب گاڑی میں لگنے والی آگ نے 6افراد کی زندگیاں نگل لیں، جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔

    ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور 4بچے بھی شامل ہیں، آگ گاڑی اور رکشے میں ٹکر کے بعد لگی۔ پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے واقعہ پر پہنچ گئیں، متعلقہ اداروں نے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    دوسری جانب گلستان جوہر بلاک 18میں چلتی گاڑی میں آگ لگ گئی، آتشزدگی کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑی بھی لپیٹ میں آگئی۔ اطلاع کے باوجود فائربریگیڈ عملہ ابھی تک نہیں پہنچا۔ آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔

    کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران آتشزدگی کے 2 واقعات

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 28 دسمبر کو شہر قائد میں ایک گھنٹے کے دوران آتشزدگی کے دو واقعات پیش آئے تھے، سیفی کالج کے قریب آئل ڈپو میں آگ لگہ جب کہ سہراب گوٹھ میں مسافر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔

  • نامعلوم شخص سڑک پر سوئے ہوئے بے گھر شخص کو آگ لگا کر فرار

    نامعلوم شخص سڑک پر سوئے ہوئے بے گھر شخص کو آگ لگا کر فرار

    ساؤ پاؤلو: برازیل میں آدھی رات کے وقت نامعلوم شخص نے سڑک پر سوئے ہوئے بے گھر شخص کو آگ لگا دی، حملے کا شکار شخص اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔

    یہ ہولناک واقعہ برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں پیش آیا۔ سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بے گھر شخص ایک گتے کے ڈبے میں سڑک کنارے سو رہا ہے، اس دوران ایک نامعلوم شخص اس کے قریب آکر اس پر آتش گیر مادہ پھینک کر فرار ہوجاتا ہے۔

    بے گھر شخص زمین پر رینگ کر آگ سے دور بھاگنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس دوران قریب سے گزرنے والی گاڑیوں سے 2 افراد اتر کر آگ بجھانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔

    حادثے کا شکار شخص کی شناخت کارلوس رابرٹو کے نام سے ہوئی جبکہ اس کی عمر39 سال ہے۔

    کارلوس کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا تاہم اس کا جسم 70 فیصد جھلس چکا تھا اور اسپتال پہنچنے سے قبل ہی اس نے دم توڑ دیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق اس کی پشت، ٹانگیں اور چہرہ تھرڈ ڈگری برن کا شکار ہوا۔

    پولیس کو جائے وقوع سے فیول کے گیلن بھی ملے ہیں، مزید تفتیش کے لیے پولیس علاقے کے مزید سرویلنس کیمرے بھی چیک کر رہی ہے۔

    قریب رہنے والے افراد کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص گزشتہ ایک سال سے یہیں پڑاؤ ڈالے ہوا تھا۔ لوگ آتے جاتے ہوئے اسے کبھی کبھار کچھ کھانے پینے کو دے دیا کرتے تھے۔

  • موچی گیٹ کے گودام میں آتش زدگی، 4 افراد جاں بحق

    موچی گیٹ کے گودام میں آتش زدگی، 4 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے مشہور موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں آتش زدگی کا خوف ناک واقعہ پیش آیا ہے، آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق، جب کہ 21 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات لاہور کے موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والے خوف ناک آگ نے 4 افراد کی زندگیاں نگل لی ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے اکیس افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں 3 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جنھیں آئی سی یو میں داخل کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت مالک،عبدالودود، خداداد اور فیروز خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں لگی آگ پر کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد قابو پا لیا گیا ہے، ریسکیو 1122 کی 5 گاڑیوں نے آگ پر قابو پانے میں حصہ لیا، گودام میں دھواں بھرنے سے دو درجن کے قریب لوگ شدید متاثر ہوئے، جنھیں طبی امداد کے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق آگ لاہور کے علاقے گوالمنڈی موچی گیٹ لیدر گودام کی پہلی منزل پر لگی تھی۔

  • قومی ادارہ برائے امراض قلب کے آپریشن تھیٹر میں آگ

    قومی ادارہ برائے امراض قلب کے آپریشن تھیٹر میں آگ

    کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کی پہلی منزل پر آگ لگ گئی، ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ پہلی منزل پر آپریشن تھیٹر میں لگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب میں آگ لگ گئی، دل کے امراض میں مبتلا مریض اور ان کے تیماردار خوف زدہ ہو کر باہر نکل آئے۔

    ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ پہلی منزل کے آپریشن تھیٹر میں لگی، اسپتال انتظامیہ کے مطابق آپریشن تھیٹر میں موجود افراد کو سیکورٹی گارڈز نے محفوظ طریقے سے باہر نکالا، مریضوں کو نکالتے ہوئے ایک سیکورٹی گارڈ معمولی زخمی بھی ہوا۔

    قومی ادارہ برائے امراض قلب میں دواؤں کی مصنوعی قلت

    اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر کا کہنا تھا فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے سیکنڈ فلور پر لگی آگ پر قابو پا لیا ہے۔ آپریشن تھیٹر میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا، ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی ڈاکٹر حمید اللہ ملک کا کہنا ہے کہ آگ سے آپریشن تھیٹر کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

  • گوجرانوالہ: لنڈا بازار میں آتش زدگی، کروڑوں روپے کا مال راکھ

    گوجرانوالہ: لنڈا بازار میں آتش زدگی، کروڑوں روپے کا مال راکھ

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ باغ کے قریب لنڈا بازار میں آگ لگ گئی، جس کے باعث کروڑوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل کر راکھ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ باغ کے قریب ایک لنڈا بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم آتش زدگی کے باعث 100 سے زائد دکانیں، پتھارے اور اسٹال جل گئے، کروڑوں روپے کا مال راکھ ہو گیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 4 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، اور اب کولنگ جاری ہے، آتش زدگی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، آپریشن میں فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے حصہ لیا، آگ کے باعث دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل گئے ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق آگ بازار کے اوپر گزرنے والے بجلی کے تاروں میں شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث لگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی فش ہاربر پر ہوٹل میں خوف ناک آتش زدگی، 9 لانچیں جل گئیں

    رپورٹس کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی حدود میں لنڈا بازار میں ایک جگہ اچانک آگ بھڑکنے کے بعد اس نے دیگر دوکانوں کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لیا، قریب موجود بجلی کا ٹرانسفارمر اور بجلی کی تاریں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔

    ریسکیو حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ متاثرہ لنڈا بازار ریلوے لائن کے دونوں اطراف واقع ہے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم آتش زدگی کے نتیجے میں معطل ہونی والی ریلوے ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی فش ہاربر میں واقع ہوٹل میں بھی آگ لگ گئی تھی، جس کے باعث بھڑکتے شعلوں نے قریب کھڑی لانچوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا، اور کروڑوں روپے کی مالیت کی 9 کشتیاں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔

  • کراچی فش ہاربر پر ہوٹل میں خوف ناک آتش زدگی، 9 لانچیں جل گئیں

    کراچی فش ہاربر پر ہوٹل میں خوف ناک آتش زدگی، 9 لانچیں جل گئیں

    کراچی: فش ہاربر میں واقع ہوٹل میں آگ لگ گئی، خوف ناک آتش زدگی کے باعث بھڑکتے شعلوں نے قریب کھڑی لانچوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، کروڑوں روپے کی مالیت کی 9 کشتیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی فش ہاربر میں واقع ہو ٹل میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث نو لانچیں جل کر راکھ ہو گئیں، فشریز حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے ہوٹل اور 9 لانچیں مکمل طور پر جل گئی ہیں۔

    آگ بھجانے کے لیے کے پی ٹی، نیوی اور کے ایم سی کے 12 فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے تھے، پاک بحریہ کی امدادی ٹیم اور 4 فائر ٹینڈرز نے بھی آگ بجھانے میں حصہ لیا، شدید کوششوں کے بعد فش ہاربر پر ہوٹل میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب کولنگ جاری ہے، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    فش ہاربر سیکورٹی انچارج کا کہنا تھا کہ جلنے والی لانچیں کروڑوں روپے مالیت کی تھیں، آگ کی شدت بہت زیادہ تھی، جس کے باعث نقصان بہت زیادہ ہوا، کے پی ٹی حکام کو کو کئی بار شکایت کی گئی ہے کہ یہاں سے ہوٹلوں کو ختم کیا جائے لیکن نہیں کیا گیا۔

    فشری سیکورٹی حکام کے مطابق لانچوں پر لگی چربی اور چونا فوراً آگ پکڑتا ہے، اس لیے لانچوں تک آگ پہنچتے ہی آگ میں مزید شدت آ گئی، اور کشتیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔

    ذرایع کے مطابق آگ فش ہاربر پر کالا پانی کے مقام پر برتھ نمبر 5 میں لگی، ہوا تیز ہونے کے باعث آگ برتھ کے آس پاس پھیل گئی اور مزید لانچوں کو اپنی لپیٹ میں لیا، ریسٹورنٹ میں لگی آگ نے قریب موجود تیل کے ڈرموں کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔