Tag: آگ

  • الجزائر کے جنگلات میں آگ سے جانی نقصان بڑھ گیا

    الجزائر کے جنگلات میں آگ سے جانی نقصان بڑھ گیا

    الجزائر: شمالی افریقی ملک الجزائر کے جنگلات میں لگی آگ میں انسانی جانوں کا نقصان بڑھ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الجزائر کے جنگلات میں لگی آگ کے نتیجے میں اموات کی تعداد 65 تک پہنچ گئی، جن میں 28 فوجی اور 37 شہری شامل ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگلات میں بھڑکتی آگ بجھانے کی کوششوں میں اٹھائیس فوجی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، الجزائر سرکاری ٹی وی کے مطابق آگ سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں دارالحکومت الجزائر سے تقریباً 100 کلومیٹر مسافت پر واقع صوبہ تزی اوزو سرفہرست ہے۔

    الجزائر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملک کے 18 صوبوں میں 71 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے، تزی اوزو میں 22 مقامات پر، شمال مشرقی ساحلی پٹی کے صوبوں بیجایا اور تاریف میں 13 مقامات اور صوبہ جیجل میں 11 مقامات پر لگی آگ کے خلاف جدوجہد جا رہی ہے۔

    الجزائری وزیر داخلہ کامل بلجود نے بتایا تھا کہ آگ پیر 9 اگست کو بھڑکی تھی، انھوں نے اس کی ذمہ داری ایسے افراد پر ڈالی تھی جو مجرمانہ ذہنیت کے حامل ہیں، اور آگ بھڑکانے میں دل چسپی رکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں جنگلوں میں آگ بدستور بے قابو ہے، یورپ، امریکا اور شمالی افریقا کے بعض ممالک میں جنگلاتی آگ سے شدید جانی و مالی نقصان ہو چکا ہے، مختلف بستیوں کو خالی کرایا جا رہا ہے تا کہ انسانوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔

  • ہیڈ لائٹ سے شعلے اگلنے والی گاڑی

    ہیڈ لائٹ سے شعلے اگلنے والی گاڑی

    ماسکو: ایک روسی کار مکینک نے ایک گاڑی کو ہیڈ لائٹ سے شعلے اگلنے والی گاڑی میں تبدیل کردیا، سوشل میڈیا پر اس گاڑی کی ویڈیو بے حد مقبول ہورہی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک روسی کار مکینک نے، جو کاروں کو مختلف شکلوں میں تبدیل کرنے کا جنونی ہے، ایک ہوٹ روڈ (پرانی کلاسک کار) میں اس طرح تبدیلی کی کہ اس کی ہیڈ لائٹس سے آگ کے شعلے کئی میٹر تک شوٹ کرسکتے ہیں۔

    وہان میکلیان اس سے قبل کاروں میں کئی تبدیلیاں کرچکا ہے جن میں ایک کار کو ٹائر کے بجائے 8 ٹانگوں پر چلانا بھی شامل ہے۔

    اس کا کہنا ہے کہ اس نے ایک واز 2016 زیخولی کو جسے عام طور پر لاڈا 1600 کہا جاتا ہے، شعلہ برساتی ڈریگن کار بنادیا۔

    میکلیان نے ریڈ اٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کار کی ہیڈ لائٹ سے آگ کے شعلے جیٹ فائر کی طرح 20 فٹ تک پہنچ رہے ہیں۔

    اس کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے مزید نئے اور اچھوتے منصوبوں پر بھی کام کر رہا ہے۔

  • کیڑوں کو بھگانے کے لیے آگ جلانے والی خاتون کے ساتھ کیا ہوا؟

    کیڑوں کو بھگانے کے لیے آگ جلانے والی خاتون کے ساتھ کیا ہوا؟

    امریکا میں ایک خاتون نے کار میں موجود کیڑوں کو بھگانے کے لیے آگ جلائی تو وہ خود بھی جل گئیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست مشی گن میں 31 سالہ خاتون کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    خاتون کو گاڑی میں بیڈ بگز نامی کیڑے دکھائی دیے تو انہوں نے خوفزدہ ہو کر الکوحل چھڑکا اور آگ لگا دی، لیکن اس کوشش میں وہ خود بھی جھلس گئیں۔

    اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑی کی گاڑی بھی وہاں پہنچ گئی جبکہ خاتون کو فوری طور پر اسپتال کیا گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں آتش زدگی

    دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں آتش زدگی

    گلگلت بلتستان کے شہر چلاس میں دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں لگی آگ کو تاحال نہ بھجایا جاسکا، آتش زدگی سے سینکڑوں درخت جل کر خاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں آتش زدگی سے سینکڑوں درخت جل گئے، گوہر آباد، ہڈور اور کھنبری کے گھنے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوچکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات اب تک سامنے نہیں آسکیں، مقامی افراد کو مطالبہ ہے کہ حکومت فوری آگ بجھانے کا انتظام کرے۔

    اس سے قبل چترال میں 9 ہزار فٹ بلندی پر پہاڑوں میں جنگلات میں لگی آگ پر گزشتہ روز 5 دن بعد قابو پایا جاسکا۔ خوفناک آتش زدگی کے باعث لاتعداد قیمتی درخت جل کر راکھ ہو گئے۔

    وادی کیلاش کے علاقے بیریئر کے پہاڑوں پر جنگلات میں آگ 9 جون کو لگی تھی جس نے 85 ایکڑ (680) کنال رقبے پر محیط درختوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔

    ضلعی فاریسٹ افسر چترال فرہاد علی کے مطابق ریسکیو عملے کے ساتھ مقامی لوگوں نے بھی آگ بجھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

  • کیلی فورنیا کے جنگلات میں پھر سے آگ بھڑک اٹھی

    کیلی فورنیا کے جنگلات میں پھر سے آگ بھڑک اٹھی

    واشنگٹن: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں ایک بار پھر سے آگ بھڑک اٹھی، مسلسل ہونے والی آتشزدگی سے ریاست کے جنگلات کا 4 فیصد حصہ جل کر خاک ہوچکا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست جنوبی کیلیفورنیا کے کانیون آبی درے میں جنگلات میں ایک بار پھر سے آگ بھڑک اٹھی ہے، آگ سے فائر بریگیڈ کے 2 کارکن زخمی ہوگئے۔

    آتشزدگی سے 7 مربع کلو میٹر کا رقبہ متاثر ہوا ہے جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    یہ ریاست گزشتہ چند برسوں سے وسیع پیمانے پر جنگلات میں آتشزدگی سے دو چار ہے تاہم اس برس آتشزدگی کے غیر معمولی اور ہولناک واقعات رونما ہوئے جن میں 30 افراد ہلاک ہوگئے۔

    سنہ 2019 کے اختتام سے ہونے والی آتشزدگیوں نے جنگلات کا 17 لاکھ ایکڑ تک کا رقبہ جلا کر خاکستر کردیا جو کیلی فورنیا کے جنگلات کا 4 فیصد حصہ ہے۔

    یونیورسٹی آف سڈنی کے ماہرین ماحولیات کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ سے، ستمبر 2019 سے جنوری 2020 تک اندازاً 48 کروڑ ممالیہ جانور، پرندے اور رینگنے والے جانور ہلاک ہوچکے ہیں اور اس تعداد میں اضافہ جاری ہے۔

  • حجام نے بالوں کو آگ لگا دی، پھر کیا ہوا؟

    حجام نے بالوں کو آگ لگا دی، پھر کیا ہوا؟

    پیرس: آج کل بال سنوارنے کی ایک تکنیک بے حد مقبول ہورہی ہے جس میں ہیئر اسٹائلسٹ بالوں کو آگ لگا کر انہیں اسٹائل دیتا ہے، فرانس میں ایسی ہی تکنیک ہیئر اسٹائلسٹ کو مہنگی پڑ گئی جس میں آگ سے گاہک کا ماتھا جل گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے گزشتہ ہفتے لینیون کے ایک چھوٹے قصبے میں واقع سیلون میں جانے کے بعد ایک شکایت درج کروائی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کے مطابق سیلون میں اسٹائلسٹ نے اس کے بالوں میں پہلے تو ایک جیل لگایا پھر ایک لائٹر اٹھایا اور اچانک اس کے بالوں کے پاس لے جا کر اسے جلا دیا۔

    اس سیلون میں بالوں کی تراش خراش کے لیے مصر کی ایک خاص تکنیک آزمائی جاتی تھی جس میں بالوں کو آگ لگا کر انہیں سنوارا جاتا ہے، تاہم اس حرکت کے بعد مذکورہ شخص کا ماتھا جل گیا۔

    پولیس افسر کے مطابق ہم اس کہانی سے بہت حیران ہوئے اور ہمیں سمجھ نہیں آیا کہ اس اسٹائلسٹ نے کیوں بالوں کو آگ لگائی، تاہم تحقیقات کے بعد علم ہوا کہ یہ ایک مصری تکنیک ہے جو حال ہی میں فرانس میں بھی آزمائی جا رہی ہے۔

    مذکورہ ہیئر اسٹائلسٹ کو اس تکنیک میں مہارت حاصل نہیں تھی، سیلون کا مالک ایک مکینک تھا جس کے پاس اس کام کے حوالے سے کوئی ڈپلومہ نہیں تھا نہ ہی اس کے تینوں ملازمین کے پاس ایسی کوئی دستاویز تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کاروبار اور ٹیکس میں غبن کے ملوث پائے جانے کے بعد سیلون کو بند کر دیا گیا ہے۔

  • جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی: ایرانی حکام

    جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی: ایرانی حکام

    تہران: ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم تنصیب کے ایک اہم حصے کو کافی نقصان پہنچا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایرانی ادارہ برائے جوہری توانائی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ایران کی نطنز نیو کلیئر سائٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری کا نتیجہ تھی۔

    ترجمان بہروز کمالوندی کے مطابق ایرانی سیکیورٹی فورسز مناسب وقت پر دھماکوں کی وجوہات افشا کریں گی۔

    اس سے قبل جولائی میں ایران کے اعلیٰ سیکیورٹی ادارے نے کہا تھا کہ نیو کلیئرسائٹ میں لگنے والی آگ کی وجہ کا تعین کر لیا گیا ہے لیکن واقعے کی معلومات بعد میں منظر عام پر لائی جائیں گی۔

    ایرانی حکام کے مطابق آگ لگنے سے جوہری تنصیب کو زیادہ نقصان پہنچا ہے جس کے باعث یورینیم افزوگی کے لیے سینٹری فیوجز کی تیاری سست روی کا شکار ہو سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ 6 جولائی کو ایران کی زیر زمین نطنز جوہری تنصیب میں آگ لگ گئی تھی، آگ کی وجہ سے مرکز کے ایک اہم حصے کو کافی نقصان پہنچا۔

    بہروز کمالوندی نے بتایا تھا کہ اس واقعے سے کافی نقصان پہنچا ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

    ایران کا یہ زیر زمین نطنز فیول انریچمنٹ پلانٹ یورینیم افزودہ کرنے والا سب سے بڑا پلانٹ ہے، ایران میں کئی جوہری تنصیبات ہیں جو اقوام متحدہ کے جوہری ادارے کی نگرانی میں کام کرتے ہیں اور نطنز جوہری تنصیب بھی انہی میں سے ایک ہے۔

  • علامہ اقبال ایکسپریس میں آگ کیسے لگی؟ فرانزک رپورٹ آگئی

    علامہ اقبال ایکسپریس میں آگ کیسے لگی؟ فرانزک رپورٹ آگئی

    لاہور: پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے علامہ اقبال ایکسپریس میں آتشزدگی کے واقعے سے متعلق رپورٹ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں جمع کر ا دی۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس میں آگ لگنے سے متعلق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے رپورٹ ریلوے ہیڈ کوارٹر کو جمع کرا دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک ایجنسی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ کے باعث3 بوگیاں متاثر ہوئیں،2 مکمل خاکستر ہوئیں،بوگیوں کی سیٹیں،پنکھے،لائٹس،الماریاں مکمل طور پر جل گئیں۔

    پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کرائم سین یونٹ گوجرانوالہ کی جانب سے ٹرین سے شواہد جمع کیےگئے،تینوں بوگیوں سے راکھ،جلا ہوا مٹیریل اور دیگر باقیات کو بطور ٹیسٹنگ لیاگیا، تینوں بوگیوں کے مختلف حصوں سے 249 تصاویر کو بطور شواہد لیاگیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرین میں آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں،جائے وقوعہ سے لیے گئے شواہد میں آتشگیر مواد نہیں ملا، حادثے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

    پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا کہ ٹرین کی پاور آن ہونے سے شارٹ سرکٹ آگ کا باعث ہوسکتی ہے۔

    علامہ اقبال ایکسپریس میں آتشزدگی پر 6 ریلوے ملازمین معطل

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 4 جون کو ڈی ایس لاہور نے علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیوں میں آتشزدگی کے واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے چھ ریلوے ملازمین کو معطل کر دیا تھا۔

  • بجلی کی تاروں سے پرندہ ٹکرا گیا، ہائی وے پر آمد و رفت معطل

    بجلی کی تاروں سے پرندہ ٹکرا گیا، ہائی وے پر آمد و رفت معطل

    کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں ایک پرندے کے بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، حکام نے آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔

    مذکورہ واقعہ اونٹاریو کے شہر برمپٹن میں پیش آیا، شہر کے فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ انہیں 2 ہائی ویز کے سنگم پر گھاس میں آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

    آگ کی وجہ سے ایک ہائی وے کو دونوں اطراف سے آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا، متعلقہ حکام آگ بجھانے کا کام کر رہے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے نتیجے میں علم ہوا کہ آتشزدگی کا واقعہ ایک پرندے کی وجہ سے پیش آیا جو بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا تھا۔

    چنگاری زمین پر گرتے ہی گھاس نے فوراً آگ پکڑ لی اور بارشیں نہ ہونے اور گھاس کے خشک ہونے کے سبب تیزی سے آگ پھیلتی چلی گئی۔

    حکام کے مطابق خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • جامشورو گرڈ اسٹیشن میں آتش زدگی، کراچی کی بجلی بھی متاثر

    جامشورو گرڈ اسٹیشن میں آتش زدگی، کراچی کی بجلی بھی متاثر

    کراچی: سندھ کے شہر جامشورو میں گزشتہ رات تھرمل پاور ہاؤس کے قریب 500 کے وی گرڈ اسٹیشن کے 132 کے وی سوئچ یارڈ میں آگ لگنے سے کراچی کو بھی بجلی فراہمی معطل ہو گئی، تاہم آگ پر قابو پانے کے بعد بجلی تعطل ختم کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان این ٹی ڈی سی (نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی) کا کہنا تھا کہ 500 کے وی جامشورو گرڈ اسٹیشن کے ایک سوئچ یارڈ میں تکنیکی فالٹ کی وجہ سے آگ لگی، جس کی وجہ سے جامشورو، کوٹری، حیدرآباد، مانجھند، نوری آباد اور دیگر علاقوں میں بجلی معطل ہوئی، تاہم کراچی کو بجلی کی سپلائی متاثر نہیں ہوئی، ہماری طرف سے کراچی کو بجلی کی سپلائی بحال رہی۔

    دوسری طرف کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نیشنل گرڈ کے جامشورو گرڈ اسٹیشن میں آگ لگنے کے باعث کراچی کی بجلی بھی متاثر ہوئی، کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے آنے والی بجلی میں کمی کا سامنا کرنا پڑا، نیشنل گرڈ سے 650 میگا واٹ کی جگہ 450 میگا واٹ سپلائی کی گئی، اس کمی کے باعث لوڈ مینجمنٹ کرنی پڑی۔

    اسمارٹ لاک ڈاؤن کے علاقے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار

    ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ این ٹی ڈی سی اور حیسکو کی ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا ہے، 2 گھنٹوں میں این ٹی ڈی سی کا پورا 500 اور 220 کے وی کا سرکٹ بحال کیا گیا، واقعے کی ابتدائی ٹیکنیکل رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے، اس دوران وفاقی وزیر عمر ایوب بحالی آپریشن کی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔

    ادھر کے الیکٹرک نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی میں آنے والے تعطل کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے، نیشنل گرڈ سے 650 میگا واٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے، جس کی وجہ سے کراچی کی بجلی کی صورت حال میں قدرے بہتری آئی ہے، اور رہائشی علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جا رہی۔

    کے الیکٹرک ترجمان نے کہا کہ بجلی سے متعلق شکایت کے لیے 118 کال سینٹر، 8119 پر ایس ایم ایس یا کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کیا جائے۔