Tag: آگ

  • کراچی:گارمنٹ فیکٹری میں لگی آگ پر 11 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا

    کراچی:گارمنٹ فیکٹری میں لگی آگ پر 11 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا

    کراچی: شہر قائد میں گارمنٹ فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 11 گھنٹے کے بعد قابو پا لیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں صبح 10 بجے گارمنٹ فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 11 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں لگنے والی آگ بجھانے میں شہر بھر کے فائرٹینڈرز نے حصہ لیا،نیوی کی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے بھی آگ پر قابو پانے میں حصہ لیا۔

    فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات مکمل کولنگ کے عمل کے بعد پتہ چل سکے گی۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ میں پلاسٹک کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی، جس کی اطلاع ملتے ہی ایک فائر ٹینڈر اور واٹر باؤزر نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔

    فائر بریگیڈ حکام کی جانب سے کی جانے والی بروقت کارروائی سے کچھ گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔

  • سینیٹائیزر اسپرے سے موٹر سائیکل کو آگ لگ گئی، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    سینیٹائیزر اسپرے سے موٹر سائیکل کو آگ لگ گئی، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    گجرات: بھارتی شہر احمد آباد میں سینیٹائیزر اسپرے سے موٹر سائیکل کو آگ لگنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد میں کرونا وائرس کے حوالے سے چلائی جانے والی آگاہی مہم کے دوران اس وقت حادثہ پیش آیا، جب ایک حکومتی اہلکار نے موٹرسائیکل پر سینیٹائیزر اسپرے کیا جس سے اس میں آگ لگ گئی۔

    واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ احمد آباد میں ایک کمپلیکس کے باہر لگے چیک پوائنٹ پر رکنے والے شخص کی بائیک پر سینیٹائیزر اسپرے کرنے سے آگ لگ گئی جس نے موٹر سائیکل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    آگ لگنے کے بعد موٹر سائیکل سوار نے اپنی بائیک سڑک پر پھینک دی جس کے بعد اسپرے کرنے والے اہلکار نے موٹرسائیکل کو کھینچ کر دور کر دیا۔ ویڈیو میں وہاں موجود دوسرے اہلکار کو پانی سے آگ بجھاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

  • ماں نے ننھے بچے کو گاڑی میں بند کر کے اسے آگ لگا دی

    ماں نے ننھے بچے کو گاڑی میں بند کر کے اسے آگ لگا دی

    کولمبیا: امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے ایک علاقے میں شقی القلب ماں نے اپنے ننھے بچے کو گاڑی میں بند کر کے گاڑی کو آگ لگا دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کیرولینا کے علاقے کولمبیا میں 23 سالہ خاتون کیلن ایلس واٹسن نے اپنے 14 ماہ کے بیٹے کو کار میں بند کر کے اسے آگ لگا دی، پولیس نے اسے اقدام قتل کے جرم میں گرفتار کر لیا۔

    کولمبیا پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون نے کار کو قصداً آگ لگائی جب کہ اس وقت اس کا بیٹا بھی اندر موجود تھا، پولیس نے خاتون کو گرفتار کر کے اقدام قتل، فرسٹ اور تھرڈ ڈگری آتش زنی، بدسلوکی، اور بچے کو جسمانی طور پر شدید چوٹ پہنچانے کے الزامات میں جیل بھجوا دیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو پیش آیا تھا، اس وقت چار راہ گیروں نے کار کو آگ لگتے دیکھ کر فوراً 911 پر کال کی اور بچے کو کار سے نکالنے میں مدد کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ شدید طور پر جل گیا ہے، اور جارجیا کے اسپتال میں اس کی حالت تشویش ناک ہے۔

    چوروں کی حیرت انگیز حکمت عملی، نقاب کی جگہ تربور ‘اوڑھ’ لیے

    واقعے میں بچے کی ماں واٹسن بھی معمولی جل گئی تھی، تاہم طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے جیل بھجوا دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس بات کا ثبوت ملا کہ آگ قصداً لگائی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق ماں کی جانب سے کار کو آگ لگانے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ کیلن ایلس واٹسن کے ساتھ اسکول میں پڑھنے والی ایک خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ میرے لیے صدمے سے کم نہیں تھا، میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ کوئی سمجھ دار شخص ایک بچے کے ساتھ ایسا کر سکتا ہے۔

  • ہینڈ سینی ٹائزر سے ہاتھوں کے جلنے کی خبروں میں کتنی صداقت ہے؟

    ہینڈ سینی ٹائزر سے ہاتھوں کے جلنے کی خبروں میں کتنی صداقت ہے؟

    سوشل میڈیا پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لگائے جانے والے سینی ٹائزر کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ آگ پکڑ سکتے ہیں لہٰذا انہیں لگا کر چولہے کے پاس نہ جایا جائے۔

    کچھ جھلسے ہوئے ہاتھوں کی ایسی تصاویر بھی شیئر کی گئیں جن میں کہا گیا کہ مذکورہ شخص سینی ٹائزر لگانے کے بعد چولہے کے پاس گیا جس سے اس کے ہاتھوں میں آگ لگ گئی۔

    سعودی ویب سائٹ پر شائع شدہ ایک رپورٹ کے مطابق سینی ٹائزر میں الکوحل کی تعداد اگر 50 سے 70 فیصد ہو تو بھی ایک فیصد ہی اس بات کا امکان ہوتا ہے کہ یہ آگ پکڑ سکے۔

    اسلام آباد میں ہیلتھ سروسس اکیڈمی کے ایسوسی ایٹڈ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد خان کے مطابق ہاتھ میں سینی ٹائزر لگانے کے بعد اس میں موجود الکوحل 20 سے 30 سیکنڈ بعد ہوا میں اڑ جاتا ہے جس کے بعد اس بات کا امکان بہت کم رہ جاتا ہے کہ کسی کو آگ لگے۔

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سینی ٹائزر ہی چولہے کے پاس لگائے تو ممکن ہے کہ آگ لگ جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہر طرح کے سینی ٹائزر میں آئیسو پرو پائل الکوحل موجود ہوتا ہے جس کی مقدار کم یا زیادہ ہو سکتی ہے۔

    چیف فائر آفیسر ظفر اقبال کے مطابق انہوں نے آج تک ایسے کسی کیس کے بارے میں نہیں سنا نہ اس طرح کے کسی کیس کو ڈیل کیا ہے۔

  • مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

    مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

    ممبئی: بھارتی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ پر ٹیک آف کے دوران ایک طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی، تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔

    مذکورہ واقعہ احمد آباد ایئرپورٹ پر گو ایئر کے اے 320 ایئر کرافٹ میں پیش آیا، فلائٹ نمبر جی ایٹ 802 احمد آباد سے بنگلور جارہی تھی جب ٹیک آف کی تیاری کرتے ہوئے طیارے کے ایک انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔

    طیارہ کمپنی کے ترجمان کے مطابق ٹیک آف کے وقت طیارے کو بیرونی طور پر کسی شے سے نقصان پہنچا جو حادثے کی وجہ بنا۔

    ان کے مطابق آگ معمولی نوعیت کی تھی جس پر فوری قابو پا لیا گیا، طیارے میں موجود تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا اور ان کے ہنگامی اخراج کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو ٹو کر کے رن وے سے اتارا جارہا ہے جس کے بعد تمام مسافروں کو جہاز سے اتار لیا جائے گا۔ متبادل طیارے کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے جو کچھ ہی دیر میں مسافروں کو لے کر منزل کی جانب روانہ ہوجائے گا۔

  • بنگالی بستی میں آگ لگ گئی

    بنگالی بستی میں آگ لگ گئی

    نئی دہلی: بھارت میں بنگالی بستی آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آگئی۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ بھارتی ریاست دلہی میں پیش آیا۔ بنگالی بستی میں آگ تیزی سے ہر طرف پھل رہی ہے۔ فائر فائٹرز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔

    ابتدائی طور پر کہا جارہا ہے کہ 12 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ آگ کیسے لگی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ یہ کچی بستی بنگالیوں نے آباد کررکھی تھی جہاں سیکڑوں بنگالی رہائش پذیر تھے۔ لکڑیوں سے تعمیر کیے گئے عارضی کیمپ بھی جل کر خاک ہوگئے۔

    متعلقہ ادارے کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے فوراً بعد ہی انتظامیہ حرکت میں آئی اور ریسکیو عملے کو جائے وقوعہ پر بھیجا گیا۔ امید کی جارہی ہے کہ جلد آگ پرقابو پا لیاجائے گا۔ اس حادثے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    پولیس نے تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے۔

  • سکھر: فلیٹ میں آتش زدگی سے دو بچوں سمیت 4 جاں بحق

    سکھر: فلیٹ میں آتش زدگی سے دو بچوں سمیت 4 جاں بحق

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے علاقے غریب آباد میں چار منزلہ عمارت میں واقع فلیٹ میں آگ لگ گئی، جس کے باعث 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سکھر کے علاقے غریب آباد کے بیری چوک پر واقع عمارت کی دکانوں میں آتش زدگی کے باعث فلیٹ میں موجود 4 افراد جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں باپ اور 2 بچے شامل ہیں، زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق فلیٹ کے نیچے بنی دکان میں آگ لگی تھی جس نے پہلی منزل پر واقع فلیٹ کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق دکانوں میں لگی آگ کا دھواں ان کے اوپر بنے فلیٹ میں بھر گیا تھا، جس کے باعث فلیٹ میں موجود محمد جاوید اور ان کے دو بیٹے محمد علیان اور محمد عمر دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے، دھوئیں کے باعث حیدر علی بھی موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا۔

    ریسکیو کے مطابق آتش زدگی کے باعث زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون سمیت تین افراد شامل ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    آگ لگنے کی وجہ ابتدائی طور پر دکان کے اندر شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، آتش زدگی سے دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا ہے۔

  • ملیر ٹنکی مارکیٹ کے قریب دکانوں میں آگ، کروڑوں کا مال جل گیا

    ملیر ٹنکی مارکیٹ کے قریب دکانوں میں آگ، کروڑوں کا مال جل گیا

    کراچی: ملیر ٹنکی مارکیٹ کے قریب دکانوں میں آگ لگ گئی، جس کے باعث کروڑوں روپے کا مال جل کر راکھ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح ملیر ٹنکی کی مارکیٹ میں آتش زدگی کے باعث کروڑوں روپے کا مال جل گیا، متاثرہ تاجروں نے حکومت سے ازالے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مارکیٹ میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، آگ لگنے کے بعد ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان نے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا تھا، ایم ڈی نے کہا کہ لانڈھی اور صفورا ہائیڈرنٹس سے بھی متعدد ٹینکروں کے ذریعے سیکڑوں گیلن پانی آتش زدگی کے مقام پر پہنچایا گیا۔

    ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ انھوں نے فائر ٹینڈرز کو پانی کی فراہمی کے جاری آپریشن کی خود نگرانی کی۔ تاہم دوسری طرف مارکیٹ کے متاثرہ تاجروں نے کہا ہے کہ فائر بریگیڈ کا عملہ ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے پہنچا۔

    تین ہٹی آتش زدگی، متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد کھلے آسمان تلے موجود

    تاجروں کا کہنا تھا کہ پہلی گاڑی جو موقع پر پہنچی اس میں بھی پانی فوری ختم ہو گیا، ملیر فائر اسٹیشن میں تمام گاڑیاں خراب کھڑی ہیں، دیگر اسٹیشنز سے گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں۔

    متاثرہ تاجروں نے کہا کہ 14 دکانوں میں کروڑوں کا مال جل گیا، حکومت اس نقصان کا ازالہ کرے، چیف جسٹس بھی اس صورت حال کا نوٹس لیں۔

    یاد رہے کہ 21 جنوری کو بھی کراچی کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے واقع جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے باعث 150 جھونپڑیاں جل کر راکھ ہو گئی تھیں، متاثرین کی بحالی کے لیے تاحال مستقل انتظام نہیں کیا جا سکا ہے۔

  • سرگودھا موٹروے پر وین میں آتشزدگی، 11 افراد جاں بحق

    سرگودھا موٹروے پر وین میں آتشزدگی، 11 افراد جاں بحق

    سرگودھا: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاہور جانے والی وین میں آگ لگنے سے 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھیرہ کے قریب موٹروے پر اسلام آباد سے لاہور جانے والی وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی زد میں آکر خواتین سمیت 11 مسافر جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

    نیو کراچی، چلتی ہائی روف میں آگ، مزید 2 بچے دم توڑ گئے

    اس سے قبل رواں سال 11 جنوری کو کراچی کے علاقے نیو کراچی میں چلتی گاڑی میں آگ لگنے سے چار بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے

    ساہیوال: مسافر وین میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق، 7 زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں مسافر وین میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے تھے۔

  • تین ہٹی آتش زدگی، متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد کھلے آسمان تلے موجود

    تین ہٹی آتش زدگی، متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد کھلے آسمان تلے موجود

    کراچی: شہر قائد کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے آتش زدگی سے متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد تاحال کھلے آسمان تلے بیھٹی ہوئی ہے، متاثرہ کچی آبادی میں چوری کا نیا دھندہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تین ہٹی کے قریب جھگیوں میں آگ لگنے سے متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد ابھی بھی کھلے آسمان تلے بے آسرا بیٹھی ہوئی ہے، متاثرین کا مطالبہ ہے کہ ان کے لیے سر چھپانے کا بندوبست کیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متاثرین کا کہنا ہے کہ سخت سردی میں انھیں اپنے بچوں کے ساتھ شدید پریشانی کا سامنا ہے، سر چھپانے کے لیے کچھ جھونپڑیاں بنا کر دی گئی ہیں لیکن وہ نا کافی ہیں، حکومت فوری طور پر ہمارے سر چھپانے کا بندوبست کرے۔

    یو اے ای کی کراچی میں جلنے والی جھگیوں کے متاثرین کے لیے امداد

    دوسری طرف محفوظ ٹھکانے نہ ہونے کے باعث تین ہٹی کی متاثرہ کچی آبادی میں چوری کا نیا دھندہ شروع ہو گیا ہے، امدادی سامان اسٹاک کر کے مارکیٹ میں بیچے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، متاثرین نے شکوہ کیا کہ سامان انھیں دینے کی بہ جائے مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

    متاثرین نے شہریوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ امدادی سامان خود لا کر تقسیم کریں۔ خیال رہے کہ منگل کے روز کراچی کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے واقع جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے باعث 150 جھونپڑیاں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔