Tag: ائیرکوالٹی انڈیکس

  • لاہور میں  ہوا کا رخ تبدیل ہونے کے بعد ائیرکوالٹی انڈیکس نیچے آگیا

    لاہور میں ہوا کا رخ تبدیل ہونے کے بعد ائیرکوالٹی انڈیکس نیچے آگیا

    لاہور : صوبائی دارلحکومت میں ہوا کی سمت بدلنے کے بعد ائیر کوالٹی انڈیکس میں معمولی بہتری ہوئی ہے تاہم شہر اب بھی آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور مسلسل زہریلی فضا کی لپیٹ میں ہے تاہم ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے پر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

    صبح کے وقت لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر تھا، اسموگ کی اوسط شرح گزشتہ روزکی نسبت کم ہے مگر صورت حال تاحال تشویشناک قراردی جا رہی ہے۔

    صبح کے اوقات میں اسموگ کی اوسط شرح پانچ سو سے زائد ریکارڈ کی گئی، فضائی آلودگی سے ڈی ایچ اے کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس سات سو ستتر ریکارڈ کیا گیا۔

    آج بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے، نئی دہلی کا آلودگی انڈیکس چارسو بارہ اور لاہور کا دو سو تئیس ریکارڈ کیا گیا۔

    لاہور کی آلودہ فضا میں سانس لینے والوں کو بہت مشکل کا سامنا ہے تاہم پنجاب حکومت کا فضائی آلودگی کیخلاف سخت آپریشن جاری ہے۔ کنٹرول روم سےمسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور عوام سے گھروں پر رہنے کے ساتھ ساتھ غیرضروری باہرنہ نکلنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    گذشتہ روز امریکی خلائی ادارے ناسا نے ہواؤں کا رخ دکھانے والا نقشہ جاری کیا تھا ، جس پر سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا تھا کہ بھارت سےملحقہ پاکستانی شہر ہواؤں کارخ بدلنے سےمتاثر ہو رہے، اسموگ سےمتعلق صورتحال گرین ایپ پر جاری کی جارہی ہیں۔

    سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ لاہور میں اسموگ کے باعث ایک ہفتے کیلئے پلے گروپ سے پرائمری تک سرکاری اور نجی اسکول بند کر دیئے گئے ہیں، بھارت سےآنے والی ہواؤں کے باعث ایئر کوالٹی انڈیکس 1900 تک گیا، اور یہ مسئلہ بھارت سے بات کیے بغیر حل نہیں ہوسکتا، جبکہ موسم کی صورتحال دیکھ کر فوری مصنوعی بارش کا تجربہ کیا جائے گا۔

    مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ ماحولیات کےتحفظ کاادرےمیں قائم "وار روم”24 گھنٹے کام کر رہا ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، بزرگ، بیمار اور بچے احتیاط کریں۔

  • فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ،  لاہور آج بھی  دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست

    فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ، لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست

    لاہور :فضائی آلودگی کے لحاظ سے آج بھی لاہور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں اسموگ کے بادل چھائے ہوئے ہیں ، جس کے باعث شہر کا ائیرکوالٹی انڈیکس کی شرح خطرناک حدتک پہنچ گئی ہے۔

    فضائی آلودگی کے لحاظ آج بھی لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا، جہاں مجموعی ایئرکوالٹی انڈیکس کی شرح498 تک جاپہنچی ، جبکہ بھارت کے شہر دہلی کا 279 شرح کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ لاہورمیں اسموگ سےآنکھوں میں جلن،گلےکی خراش کی شکایت ہورہی ہے۔

    درجہ بندی کے مطابق 151سے200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے، 201سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہے، 301سے زائد درجہ ، خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

    فضائی آلودگی ہوا میں موجود وہ مادے یا ذرات ہوتے ہیں جو کہ انسانی سرگرمیوں کی بدولت فضا کا حصہ بنتے ہیں۔

    فضائی آلودگی گیسوں کی زیادتی، زہریلی گیسوں، تابکاری شعاعوں، کیمیائی مادوں، ٹھوس ذرات، مائع قطرات، گرد و غبار اور دھویں وغیرہ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اور یہ انسانی صحت اور ماحول دونوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتے ہیں۔

    خیال رہے سرما کی آمد کیساتھ ہی لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے حدنگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثرہے۔

    شدیددھند کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور سے شیخو پورہ تک بند کرنا پڑی ، موٹروے پولیس نےشہریوں کو محتاط ڈرائیونگ، فوگ لائٹس کے استعمال اورغیرضروری سفرنہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔